آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
’کورونا متاثرین کی نگرانی کے لیے آئی ایس آئی کے نظام کا استعمال‘
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اس وبا سے 224 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔ تاہم ملک میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کے باوجود لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں سڑکوں پر پہلے کی نسبت زیادہ ٹریفک نظر آ رہا ہے۔
لائیو کوریج
کورونا کے خلاف ڈاکٹرز ہی واحد دفاع ہیں: مرتضی وہاب
سندھ حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز اور نرسز کورونا کے خلاف لڑائی میں نہ صرف صف اول کے سپاہی ہیں بلکہ یہ طبی عملہ ہی اس لڑائی میں ہمارا واحد دفاع ہے۔ لہذا ہمیں ان کی بات سننی چاہیے اور اس پر عمل کرنا چاہیے کیونکہ یہ ہمارے، ہمارے پیاروں اور بزرگوں کے بھلے کے لیے ہیں۔
مرتضی وہاب نے ٹویٹ میں یہ پیغام دیتے ہوئے عوام سے احتیاطی تدابیر اپنانے پر زور دیا۔
واضح رہے گذشتہ روز کراچی میں ڈاکٹرز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک میں سخت لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
دنیا میں کووڈ-19 کے متاثرین کہاں کہاں ہیں؟
دنیا بھر میں کووڈ-19 نامی کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد اور اس سے ہونے والی ہلاکتوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ نقشے کی مدد سے جانیے کہ دنیا بھر میں کورونا کے متاثرین کی تعداد کیا ہے اور کون سے ملک اس سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
مکمل خبر پڑھیے: دنیا میں کووڈ-19 کے متاثرین کہاں کہاں ہیں؟
بلوچستان میں امدادی راشن کی تقسیم کے دوران سماجی فاصلے پر عملددرآمد
وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں امدادی راشن کی تقسیم کے دوران سماجی فاصلے کی پابندی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انھوں نے ٹویٹ کی جس میں امدادی راشن کی تقسیم کے دوران افراد کو ایک دوسرے سے فاصلے پر بٹھایا گیا تھا۔
بریکنگ, پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 763 نئے مریض، 13 ہلاکتیں
سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں بدھ کی شب تک ملک بھر میں 763 نئے متاثرین میں کووڈ-19 کی تصدیق کی گئی جبکہ 13 افراد ہلاک ہوئے۔
ملک بھر میں مزید 187 افراد صحت یاب ہوئے۔
بدھ کے روز سب سے زیادہ 320 مریض سندھ میں سامنے آئے، پنجاب میں 262 افراد میں وائرس کی تصدیق کی گئی۔
خیبرپختونخواہ میں 108 افراد، بلوچستان میں 57 نئے مریضوں کی تصدیق کی گئی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نو افراد جبکہ گلگت بلتستان میں 7 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔
تاہم پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کوئی مصدقہ مریض سامنے نہیں آیا۔
بدھ کی شب ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 10503 ہو گئی ہے جبکہ ملک میں اموات کی کل تعداد 222 تک پہنچ گئی ہے۔
ملک میں کووڈ 19 وائرس سے کل 2337 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔
کسی متوسط گھر کے متاثرہ شخص کو ہسپتال میں آئسولیٹ کیا جائے گا: حکومت بلوچستان
بلوچستان حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر کسی چھوٹے گھر میں کوئی فرد کورونا سے متاثر ہوا تو اسے گھر میں خود ساختہ تنہائی اختیار کرنے نہیں دی جائے گی بلکہ بلکہ اسے ہسپتال میں آئیسو لیشن کی سہولت دی جائے گی۔
یہ بات محکمہ صحت کے حکام نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس کو بتائی گئی۔
کمشنر کوئٹہ نے اجلاس کو مختلف مکاتب فکر کے علما اور تاجر تنظیموں کے نمائندوں سے ہونے والی ملاقات کی پیش رفت سے متعلق بھی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کوئٹہ شہر کی 590 مساجد میں نماز تراویح کا اہتمام ہو گا اور اس ضمن میں علما نے تراویح کے انعقاد کے لیے 20 نکاتی ضابطہ کار پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اجلاس میں عوام کو ماسک کے استعمال کا پابند کرنے اور مجمع کی صورت میں فوری کارروائی کی ہدایت کی گئی اور اس امر سے اتفاق کیا گیا کہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال عوام کی جانب سے کسی قسم کی بے احتیاطی کی متحمل نہیں ہو سکتی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کا ہلال احمر پاکستان کے کورونا ہسپتال کا دورہ
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے راولپنڈی میں ہلال احمر پاکستان کی طرف سے کورونا کے لیے قائم کردہ ہسپتال کا دورہ کیا۔
اس موقع پر چیئرمین ہلال احمر پاکستان ابرار الحق نے وزیر اعظم کو موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہلال احمر کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیرِ اعظم کو ہسپتال میں موجود دیگر سہولتوں مثلاًآپریشن تھیٹر، ایکس رے ، الٹرا ساؤنڈ، لیبارٹری اور فارمیسی کی سہولت پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ہلال احمر کی جانب سے قائم کیے گئے اس ہسپتال میں سومریضوں کے علاج کی گنجائش ہے۔
دس بستروں پر مشتمل انتہائی نگداشتیونٹ میں آٹھ وینٹی لیٹر موجود ہیں
بعد ازاں وزیرِ اعظم نے ہسپتال میں کورونا مریضوں کے لئے قائم کیے گئے وارڈز کا بھی دورہ کیا اور سہولیات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، معاونین خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ڈاکٹر ظفر مرزا اور ممبر قومی اسمبلی عامر محمود کیانی بھی موجود تھے۔
بریکنگ, خیبر پختونخوا میں کُل 83 ، پنجاب میں کُل 56 اموات, پاکستان میں مصدقہ متاثرین کی مجموعی تعداد 10500 سے بڑھ گئی
صوبہ خیبر پختون خوا کی وزارت صحت کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں مصدقہ متاثرین کی تعداد اب 1453 تک پہنچ گئی ہے۔
وزارت کی جانب سے جاری کی گئی ٹویٹ میں بتایا گیا ہے کہ 22 اپریل کو کل 86 نئے متاثرین کی شناخت سامنے آئی لیکن کل اضافہ 107 کا کیا گیا کیونکہ چند پرانے مریضوں کی شناخت کی تصدیق اب ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والی کی تعداد بھی بڑھ کر 83 ہو گئی جبکہ صوبے میں کل صحتیاب ہونے والوں کی تعداد اب 414 ہو گئی ہے۔
دوسری جانب صوبہ پنجاب کے وزیر اعلی عثمان بزدار کی رات گئے ٹویٹ میں بتایا گیا کہ صوبے میں مصدقہ متاثرین میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اب کل تعداد 4590 ہو گئی ہے جبکہ کل اموات اب 56 ہو گئی ہیں۔ صحتیاب ہونے والوں کی بھی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے اور اب کل 790 افراد کورونا وائرس کو شکست دے چکے ہیں۔
کورونا وائرس:پاکستان کی میزبانی میں سارک ممالک کے لیے ویڈیو کانفرنس
پاکستان کی تجویز کے مطابق 23 اپریل کو جنوبی ایشیائی ممالک کی تنظیم سارک کورونا وائرس کی وبا سے مقابلہ کرنے کے حوالے سے ایک ویڈیو کانفرنس منعقد کی جائے گی۔
پاکستان کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا پاکستانی دستے کی قیادت کریں گے۔
سارک تنظیم کے جنرل سیکریٹری ایسالا روان ویراکون بھی اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اس اجلاس میں سارک ممبران اپنے اپنے ملکوں میں کورونا سے مقابلے کے اقدامات کے بارے میں بتائیں گے اور ساتھ ساتھ اس موضوع پر بھی گفتگو کریں گے کہ اس بحران سے نپٹنے کے لیے مشترکہ طور پر کیا کوششیں کی جائیں۔
ویڈیو کافرنس پاکستان کی جانب سے کوشش ہے کہ اس کی مدد سے خطے کے ممالک کے درمیان ہم آہنگی پیدا ہو اور مل جل کر فیصلے لیے جائیں تاکہ اس وبا کا مقابلہ کیا جا سکے اور اس کی وجہ سے پیدا ہونے والے سماجی و معاشی اثرات کا حل ڈھونڈا جائے۔
یاد رہے کہ سارک ممالک کا آخری مشترکہ اجلاس نیپال میں 2014 میں ہوا تھا۔ 19واں سارک سمٹ 2016 میں پاکستان میں منعقد ہونا تھا لیکن پاکستان اور انڈیا کے درمیان کیشدگی کے باعث وہ نہ ہو سکا۔
کورونا وائرس کے خطرے کے باعث پاکستانی کرکٹ ٹیم کا دورہ ہالینڈ غیرمعینہ مدت تک ملتوی
کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستانی ٹیم کے دورہ ہالینڈ کو کرکٹ ہالینڈ کے حکام سے مشورے کے بعد غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ ہالینڈ کی حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر یکم ستمبر تک ملک میں کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کو اس سال جولائی میں ہالینڈ کے خلاف تین ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے تھے۔
اسی دورے کے ساتھ ساتھ پاکستانی ٹیم کو انگلینڈ اور آئرلینڈ کا دورہ بھی کرنا ہے جو فی الحال برقرار ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ ان دونوں ملکوں کے کرکٹ حکام سے رابطے میں ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہالینڈ بہت متاثر ہوا ہے اور وہاں کافی اموات ہوئی ہیں لہذا وہ یہ سمجھتے ہیں کہ انسانی زندگیاں کسی بھی کرکٹ میچ سے زیادہ اہم ہیں۔
اسد شفیق: یہ ثابت کرنے کی ضرورت نہیں کہ دلیر ہوں یا نہیں
بریکنگ, عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ کی فون پر گفتگو، امریکی صدر کی ریپڈ ٹیسٹنگ مشین اور وینٹی لیٹرز دینے کی پیشکش
پاکستانی وزیر اعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان فون پر گفتگو ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے عالمی معیشت پر کورونا وائرس کی وبا سے پھیلنے والے اثرات اور ان سے نمٹنے کے لیے لائحہ عمل کے بارے میں بات کی۔
وزیر اعظم نے امریکہ میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والے بھاری جانی نقصان پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔ انھوں نے صدر ٹرمپ کو وائرس سے مقابلہ کرنے کی پاکستانی حکمت عملی اور اقدامات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ عوام نہ صرف وائرس بلکہ غربت و افلاس سے بھی شدید متاثر ہیں جس سے مقابلہ کرنے کے لیے پاکستانی حکومت نے آٹھارب ڈالر کے امدادی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔
عمران خان نے صدر ٹرمپ کو عالمی مالیاتی ادارے میں پاکستان کے لیے امریکی حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کو مالی طور پر مدد کی ضرورت ہے تاکہ وہ اس عالمی وبا سے مقابلہ کر سکے۔
عمران خان نے علاقائی معاملات پر بھی گفتگو کی اور پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالی اور اعادہ کیا کہ پاکستان ایک پر امن افغانستان کا خواہشمند ہے اور وہاں امن قائم کرنے کے ہر قدم کی حمایت کرتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے عمران خان کی کال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اعادہ کیا کہ امریکہ پاکستان کی کووڈ 19 سے مقابلہ کرنے میں ہر ممکن کوشش کرے گا اور پاکستان کو وینٹی لیٹرز اور معاشی امداد بھی فراہم کرے گا۔
جب صدر ٹرمپ کو دوران گفتگو علم ہوا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے ٹیسٹ دیا ہے تو امریکی صدر نے انھیں ’رپیڈ ٹیسٹنگ مشین‘ یعنی تیزی سے نتیجہ دینے والی مشین کی آفر بھی کی جس پر وزیر اعظم نے صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔
بریکنگ, ’وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ نیگیٹو آیا ہے‘
وزیر اعظم عمران خان کے فوکل پرسن برائے کورونا وائرس ڈاکٹر فیصل سلطان نے تصدیق کی ہے کہ وزیر اعظم کا کووڈ 19 ٹیسٹ نیگیٹو آیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نے چند روز قبل ممتاز سماجی شخصیت فیصل ایدھی سے ملاقات کی تھی جو بعد میں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے اور ان کی ٹیسٹ مثبت آیا، جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان کا بھی کورونا ٹیسٹ لیا جائے گا۔
بریکنگ, پاکستان میں لاک ڈاؤن میں مزید سختی کی جائے، ڈاکٹرز کا مطلبہ
پاکستان میں ڈاکٹروں کی تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر ملک بھر کے لاک ڈاؤن میں سختی لائی جائے اور لوگوں کو گھروں تک محدود رکھا جائے۔
کراچی میں بدھ کی شام ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر تنظیموں نے صدر پاکستان سے بھی درخواست کی کہ وہ ماہ رمضان میں تراویح اور نماز کے اجتماعات کی اجازت کے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔
پاکستان اسلامک میڈیکل ایسو سی ایشن کے صدر ڈاکٹر عاطف حفیظ صدیقی کا کہنا تھا کہ کورونا کے مریضوں میں تین روز میں تین ہزار اضافہ ہوا ہے اور شہر کے ہسپتال جیسے انڈس، اوجھا اور آغا خان ہپستالوں میں مریضوں کے لیے جگہ نہیں ہے جبکہ ایکسپو سینٹر کا فیلڈ ہسپتال بھی 80 فیصد بھرا ہوا ہے۔
ڈاکٹر عاطف کا کہنا تھا کہ کہ جس تیزی سے یہ بڑھ رہا ہے ہمیں سوچنا پڑے گا، عوام کو گھروں سے نہ نکل کر ہمارا ساتھ دینا ہوگا۔
’ہم سمجھتے ہیں کہ بزنس کمیونٹی پریشان ہے لیکن زندگی واپس نہیں آسکتی اگر صحت ہوگی تو کام کریں گے۔‘
کراچی میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کے سینٹر انڈس ہسپتال کے سی ای او ڈااکٹر عبدالباری کا کہنا تھا کہ وہ مساجد بند کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ’مساجد سے اذان ہونی چاہیئے تاہم صرف منتظمین وہاں نماز پڑھیں اور تراویح سنت ہے، عوام سے درخواست ہے کہ ان کی ادائیگی گھروں میں کریں۔‘
پاکستان پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کے رہنما ڈاکٹر قیصر سجاد کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر میں ڈاکٹرز پریشان ہیں اور کئی لوگ ابھی تک اس بیماری کو سازش یا چال سمجھ رہے ہیں۔
’سڑکوں پر گاڑیاں رواں ہیں، دکانیں کھلی ہیں، ہم اس لیے جمع ہوئے ہیں کہ بتائیں کہ ہسپتالوں میں جگہ نہیں ہے۔ پاکستان میں صحت کا شعبہ بہت کمزور ہے۔ حکمران دیگر بیماریاں کنٹرول نہیں کرپارہے تھے کورونا کا مقابلہ کیسے کریں گے۔‘
ڈاکٹر قیصر کا کہنا تھا کہ علما نے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے اور کورونا سے نمٹنے کے لیے جو ایس او پیز بنائی گئی ہیں ان پر مساجد میں کیسے عمل ہوگا؟
’جب تک معلوم ہوگا کہ فلاں مسجد میں اس کی خلاف ورزی ہوئی تب تک دیر ہوجائے گی۔ لہذا ہم چاہتے ہیں کہ حکومتی رٹ نظر آئے اور علما سے گزارش ہے کہ اپنا فیصلے واپس لیں۔‘
بریکنگ, بلوچستان میں 57، گلگت بلتستان میں مزید سات افراد میں کورونا وائرس
پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں 22 اپریل کو کورونا وائرس سے متاثر مزید 57 افراد کی شناخت ہوئی جس کے بعد صوبے میں اب تک کل مریضوں کی تعداد 552 ہو گئی ہے۔
بلوچستان حکام کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ میں بتایا گا کہ ابھی بھی 7650 ایسے افراد ہیں جن پر شبہ ہے کہ انھوں بھی کووڈ 19 کا مرض لاحق ہو گیا ہے لیکن اس سلسلے میں ابھی جانچ جاری ہے۔
صوبائی انتظامیہ کے مطابق 22 اپریل کو مزید 329 ٹیسٹس کیے گئے ہیں جس کے بعد بلوچستان میں کل ٹیسٹس کی تعداد 6130 ہو چکی ہے۔
اپریل 22 کو مزید دو مریضوں کی موت بھی واقع ہوئی جس کے بعد بلوچستان میں مجموعی طور پر آٹھ ہلاکتیں ہو چکی ہیں اور صحتیاب مریضوں کی تعداد 168 تک پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب گلگت بلستان میں صوبائی حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق مزید سات افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد کل مریضوں کی تعداد 290 ہوچکی ہے۔
فیض اللہ فراق کے مطابق محکمہ صحت کے حکام نے حکومت کو بتایا ہے کہ وائرس کی یہمنتقلی مقامی طور پر ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ تین مریض صحت یاب ہوئے ہیں اس کے بعد خطے میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 201 ہو گئی ہے اور اس وقت زیر علاج مریضوں کی تعداد 86 ہے۔
گلگت بلستان میں کورونا وائرس سے ابتک تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
گرودوارہ ننکانہ صاحب میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ڈس انفیکٹنٹ کے سپرے
پاکستان کے مخلتف شہروں کے گرودوارؤں میں کورونا وائرس کی وبا سے بچاؤ کے لیے دعاؤں اور عبادات کا سلسلہ جاری ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ان مذہبی مقامات کو ڈس انفیکٹ کرنے کا عمل بھی ساتھ ساتھ ہو رہا ہے۔
گرودوارہ پنجا صاحب اور جنم استھان ننکانہ صاحب میں گرودوارہ کی صفائی کے لیے ڈس انفیکٹ کرنے کا تیسرا مرحلہ عمل میں آیا۔
کورونا سے متاثرہ مریض کی موجودگی، شاہ اللہ دتہ کے علاقے کو سیل کرنے کا حکم
اسلام آباد انتظامیہ نے ضلعی ہیلتھ آفیسر کی سفارش پر اسلام آباد کے نزدیکی علاقے ڈیرہ لمبردار سید زکی حیدر نقوی میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریض کی موجودگی پر اس علاقے اور اس کے ساتھ ملحق شاہ اللہ دتہ کو سیل کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پولیس، رینجرز اور پاک فوج سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ مذکورہ علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر آمد و رفت کے لیے بند کر دیں۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں لاک ڈاؤن کے معاملے پر کل جماعتی اجلاس, رمضان میں نماز ادائیگی کے لیے ضابطہ اخلاق پر اتفاق
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیےلگائے جانے والے لاک ڈاؤن کے حوالے سے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان کی میزبانی میں خطے کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کی کل جماعتی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
نامہ نگار ایم اے جرال کے مطابق اجلاس کے شرکا نے حکومت کی جانب سے لگائے گئے لاک ڈاؤن کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیاکہ تمام مکاتب فکر احتیاطی تدابیرکے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق ماہ رمضان میں مساجد میں نماز کی صف بندی کی ترتیب میں تبدیلی کے لیے علما سے مشاورت کے بعد ضابطہ اخلاق طے کیا گیا۔
اس کے علاوہ پاکستان کے دیگر صوبوں سمیت اس خطے کے اضلاع کے درمیان نقل و حرکت کو قابو میں رکھنے کے حوالے سے حکومت نے جو ضابطہ اخلاق طے ہوا ہے اس سےمکمل اتفاق کیا گیا ہے۔
اجلاس میں انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں کورونا کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا اور اس کا ذمہ دار انڈین حکومت کی پالیسیوں کو قرار دیا گیا۔
اجلاس میں انڈین فوج کی جانب سے پاکستانی فوج پر لگائے گئے اس الزام کی سختی سے مذمت کی گئی کہ پاکستان اپنے زیر انتظام کشمیر میں کورونا کے مریض بھیج رہا ہے۔
کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مینیجر کورونا وائرس کا شکار، ہسپتال میں زیر علاجش
وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے سول ایوی ایشن کی میٹنگ میں ادارے کی جانب سے کورونا وائرس کی وبا کے خلاف کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم قومی سطح پر اپنے فرائض کو موثر انداز میں نبھا رہی ہے.
سی اے اے کی جانب سے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ جناح انٹرنیشنل اایئر پورٹ کراچی کے ائیر پورٹ مینیجر اور چیف آپریٹنگ آفیسر عمران خان اپنی خدمات سر انجام دیتے ہوئے کورونا وائرس کا شکار ہو گئے اور اب ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
ایئر پورٹ منیجر گزشتہ کئی روز سے ایئر پورٹ پر مسافروں کی وطن واپسی پر اسکریننگ کے عمل میں مصروف تھے اور اس دوران کورونا وائرس کا شکار ہوئے۔ ان کے ساتھ کام کرنے والے دس مزید افراد کو بھی قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے۔
پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا این سی او سی کا دورہ, پاکستان کی کورونا سے نپٹنے کی حکمت عملی سے آگاہ کیا گیا
پاکستان کی بری افواج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا دورہ کیا جہاں انھیں کورونا وائرس کی وبا کے خلاف پاکستان کی جانب سے لیے گئے اقدامات کے بارے میں بتایا گیا۔
فوج کے سربراہ کو بتایا گیا کہ پاکستان ’ٹی ٹی کیو‘ یعنی ٹیسٹنگ، ٹریسنگ اور قرنطینہ پر مبنی سہ نکاتی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ اس حکمت عملی کا مقصد ہے کہ وبا کے پھیلاؤ کی شناخت کی جائے، ان مخصوص علاقوں میں خاص توجہ دی جائے جہاں بڑی تعداد میں متاثرین ملک رہے ہیں اور اس کی مدد سے سمجھداری کے ساتھ لاک ڈاؤن کیا جائے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے این سی او سی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے نے نہایت کم وقت اور قلیل وسائل کے باوجود عمدہ کام کیا ہے۔