آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

کورونا: ’جمعرات سے احساس پروگرام کا آغاز، 20 لاکھ خاندانوں کی مالی امداد‘

پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ جاری ہے اور ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد چار ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ اموات کی تعداد 60 ہے۔

لائیو کوریج

  1. بریکنگ, وزیر اعظم کی زیر صدارت کورونا پر قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس جاری

    سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کورونا وائرس کے حوالے سے قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔ اجلاس میں ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے اقدامات، طبی عملے کو حفاظتی سامان مہیا کرنے سمیت دیگر اہم امور کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

  2. صدر پاکستان کا لاہور میں کورونا کرائسز منیجمنٹ سیل کا دورہ

  3. پنجاب میں 29000 سے زائد ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں: یاسمین راشد

    پنجاب کی وزیر صحت یاسمین راشد نے ٹوئٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک صوبے میں 29158 کورونا کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کیے جانے والے ٹیسٹوں میں 10995 سرکاری لیبارٹریوں، 7332 نیشنل ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ اور 10831 نجی لیبارٹریوں سے کروائے گئے ہیں۔

  4. بریکنگ, پنجاب میں کورونا کے مزید 78 متاثرین، صوبے میں کل تعداد 2108, ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 4200 تک پہنچ گئی

    پنجاب کے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے ترجمان نے صوبے میں مزید 78 نئے کورونا وائرس کے متاثرین کی تصدیق کی ہے۔ جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی کل تعداد 2108 ہو گئی ہے۔

    جبکہ ملک میں کورونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 4200 تک پہنچ گئی ہے۔

    صوبائی محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق ان متاثرین میں 744 افراد رائے ونڈ کے تبلیغی مرکز سے منسلک، 744ہی عام شہری، 695 زائرین اور 58 قیدی شامل ہیں۔

    ملتان میں 457، ڈی جی خان میں 220، فیصل آباد میں 18زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ رائے ونڈ مرکز میں 455، سرگودھا 16، وہاڑی 14، شیخوپورہ اور جہلم میں 10، 10، منڈی بہاوالدین میں تین، راولپنڈی میں چھ تبلیغی ارکان میں وائرس کی تصدیق کی گئی۔

    اسی طرح دیگر شہروں میں موجود رائےونڈ سے منسلک مبلغین میں سے حافظ آباد میں 31، رحیم یار خان میں 15، لیہ میں 17، گجرات میں نو، بہاولنگر میں آٹھ، سیالکوٹ میں چھ، خوشاب میں چا ، ننکانہ میں دوجبکہ راجن پور اور بھکر میں ایک ایک، تبلیغی ارکان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

    جبکہ عام شہریوں میں سے سب سے زیادہ لاہور میں کورونا وائرس کے 340 مصدقہ مریض ہیں۔

    جبکہ گجرات میں 98، راولپنڈی 63، گوجرانوالہ 39، جہلم 30، فیصل آباد 21، سیالکوٹ 19، ڈی جی خان 18، منڈی بہاوالدین 15، ننکانہ اور وہاڑی میں 13،13، میانوالی 10، قصور اور بہاولنگر میں نو، نو، چنیوٹ میں آٹھ، حافظ آباد، ناروال اور سرگودھا میں چھ، چھ، ملتان میں چار، رحیم یار خان، بہاولپور اور لودھراں میں تین تین جبکہ خوشاب، لیہ ور اوکاڑہ میں ایک ایک مریض شامل ہیں۔

  5. وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کورونا وائرس اور شب برات کے حوالے سے پیغام

    سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے بھی صوبے میں 50 نئے مریضوں اور دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

    شب برات کے حوالے سے بدھ کی دوپہر صوبے کے عوام نے نام پیغام دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ شب برات مغفرت اور رحمت کی رات ہے۔ رب العزت ہماری دھرتی کو شاد آباد رکھے اور مصیبتوں سے نجات عطا فرمائے۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ’عوام سے گزارش کرتا ہوں کہ شب برات پر اپنے گھروں میں رہتے ہوئے بزرگوں اور ملک و قوم کے لیے دعا کریں۔ آج کی با برکت رات اپنے پیاروں کی مغفرت کے لیے اپنے گھروں میں ہی بیٹھ کر دعا کریں۔‘

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مذہبی علما سے بھی درخواست کی کہ وہ ٹی وی چینلز کے ذریعے شب برات کی فضیلت پر بات کریں ۔

    صوبے میں کورونا کے متعلق اقدامات پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ہم صوبے میں کورونا کے ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت کو بڑھانے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں، لاک ڈاؤن کو مزید سخت کرنے کی ہدایت دی ہے تاہم عوام احتیاط کریں۔‘

    پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ’اگر ہم اپنی مدد آپ نہیں کریں گے تو ہماری مدد کوئی نہیں کرے گا۔ ہم سماجی فاصلہ اختیار کرتے ہوئے ہی کورونا وائرس سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ ایک بار پھر عوام سے گزارش ہے کہ سماجی دوری اختیار کریں اور گھروں میں رہیں۔‘

  6. بریکنگ, کورونا وائرس: سندھ میں 50 نئے متاثرین،دو ہلاکتیں، کل متاثرین 1036

    سندھ میں بدھ کی صبح کورونا کے 50 نئے متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی کل تعداد 1036 ہو گئی ہے۔ سندھ حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب نے ٹویٹ کرتے ہوئے نئے متاثرین کی تصدیق کی۔

    جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے کل متاثرین کی تعداد 4122، ہلاکتیں 60 جبکہ صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 478 ہو گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں کل 10981 افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جن میں سے 1036 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ جبکہ 280 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11 افراد صحت یاب ہوئے جبکہ صوبے میں مجموعی طور پر وائرس سے 20 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

  7. صوبائی حکومت لاک ڈاؤن کو یقینی بنانے کے لیے مزید اقدامات کرے، بلوچستان ہائی کورٹ, محمد کاظم، بی بی سی اردو، کوئٹہ

    بلوچستان ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ صوبے کی عوام لاک ڈاﺅن کا غلط انداز میں فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ صوبائی حکومت کو لاک ڈاﺅن کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرنے چاہیے۔

    بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس نذیر احمد لانگو پر مشتمل بنچ نے کورنا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے پیش نظر نافذ کیے جانے والے حکومتی اقدامات اور اس سے متعلق دیگر معاملات کے حوالے سے کیس کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری مراکز دفاتر اور سکول بند ہیں لیکن مشاہدے میں آیا ہے کہ لوگ لاک ڈاﺅن کے دوران تعطیلات سے غلط انداز میں لطف اندوز ہو رہے ہیں جو کہ خطرناک ہے۔

    اعلیٰ عدالت کا کہنا تھا کہ اس کے تدارک کے لیے حکومت کو مزید سخت انتظامات کرنے کی ضرورت ہے۔

    عدالت نے تمام کمشنروں، ڈپٹی کمشنروں، ڈی آئی جیز اور ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ اضلاع میں باقاعدہ لاک ڈاﺅن کے نفاذ کو یقینی بنائیں۔ اس مقصدکے لیے آئی جی متعلقہ ڈی آئی جیز اور ایس پیز سے مانیٹرنگ کی غرض سے مسلسل رابطے میں رہیں۔

    عدالت نے پرائیویٹ سکولوں کی فیسوں کی ادائیگی کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ سکول بند ہیں لیکن پھر بھی نجی سکول والدین کو فیسوں کی ادائیگی کے لیے نوٹس بھجوا رہے ہیں۔

    عدالت نے کہا کہ صوبائی وزیر محکمہ تعلیم اور بلوچستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن معاملے سے متعلق پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن سے رابطہ کریں۔ عدالت کا کہنا تھا اس سلسلے میں نجی سکولز انتظامیہ سے بھی توقع ہے کہ وہ ممکنہ حد تک فیسوں میں کمی کر کے والدین کو رعایت دیں گے۔

  8. جب تک سماجی فاصلہ نہیں رکھا جائے گا وائرس ختم نہیں ہو گا، چینی وفد

    صوبے میں کورونا وائرس کے بڑھتے پھیلاؤ کے پیش نظر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چین کے ڈاکٹروں کے نو رکنی اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی ہے۔

    ملاقات میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرہ پیچوہو، سیکریٹری صحت زاہد عباسی، جوائنٹ ایگزیکیوٹو ڈائریکٹر این آئی ایچ اسلام آباد بریگڈیر شکیل قاسم، این آئی ایچ کے ڈاکٹر عاصم اور ڈاکٹر سادیہ نے شرکت کی جبکہ چینی ڈاکٹروں کے وفد کی سربراہی ڈاکٹر ما منگھی کر رہے تھے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کورونا وائرس پر قابو پانے پر چین کے طبی عملے کو سراہتے ہوئے ان کے ماہرانہ مدد بھی طلب کی۔

    چین کے ماہر ڈاکٹروں کے وفد نے وزیر اعلیٰسندھ کو اجلاس میں حفاظتی اقدامات اور وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے متعلق چند مشورے دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو گھروں کی کھڑکیاں کھول کر قدرتی ہوا لینے چاہیے، جبکہ راشن کی تقسیم میں بھی ہجھوم نہیں ہونا چاہئے۔

    چینی وفد کا کہنا تھا کہ جب تک عوام سماجی دوری اور نظم و ضبط کا مظاہرہ نہیں کریں گے وائرس ختم نہیں ہوگا۔

  9. کورونا کے خلاف حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے: صدر عارف علوی

    پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی کا صوبہ پنجاب کے گورنر چودھری محمد سرور سے ملاقات میں کہنا تھا کہ کورونا کے پھیلاو کو روکنے کے لیے حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور قوم مل کر کورونا کی وبا کو شکست دیں گے۔

    گورنر ہاوس میں ہونے والی ملاقات میں گورنر پنجاب نے صدر مملکت کو کورونا متاثرین کو ریلیف پہنچانے والے اقدامات سمیت ٹیلی میڈیسن سنٹر کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔

  10. کورونا وائرس: گلگت بلتسان میں 28 مریض صحت یاب

    گلگت بلستان صوبائی حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق بدھ کی صبح تک خطے میں28 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ جس کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 166 رہ گئی ہے۔

    فیض اللہ فراق کے مطابق ابتک گلگت بلتستان میں کل 212 متاثرین ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’گلگت بلستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد کم ہو رہی ہے اور لاک ڈاون کے اچھے اثرات بر آمد ہو رہے ہیں۔‘

    فیض اللہ فراق کے مطابق سکردو میں ٹیسٹنگ لیب نے کام بھی شروع کر دیا ہے۔ جس کے بعد مقامی سطح پر روزانہ ایک سو ٹیسٹ کر رہے ہیں۔ لاک ڈاون 14 اپریل تک جاری رہے گا۔ جس کے بعد دوبارہ فیصلہ کیا جائے گا کہ لاک ڈاون جاری رکھنا ہے یا اس میں کچھ کمی لانی ہے۔

  11. پنجاب میں ماچس بنانے والی صنعت کو بھی استثنیٰ حاصل

    پنجاب حکومت نے صوبے میں ماچس بنانے والے صنعتوں کو بھی لاک ڈاؤن کے دوران دفعہ 144 سے استثنٰی دیتے ہوئے کام کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

    صوبائی حکومت کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ماچس بنانے والی تمام فیکٹریاں کورونا وائرس کے پیش نظر حفظان صحت کے اصولوں ہر عمل کرتے ہوئے کام کر سکتی ہیں۔

  12. چین نے کس طرح کورونا وائرس پر قابو پایا؟ صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی کی گفتگو

    پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ چین نے کس طرح کورونا وائرس کو قابو کیا۔

    انھوں نے قرنطینہ کے دوران نفسیاتی صحت کا خیال کس طرح رکھا جائے کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

  13. بلوچستان میں ینگ ڈاکٹرز اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب

    بلوچستان میں حکومت اور ینگ ڈاکٹرز کے درمیان گئے رات مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ڈاکٹروں نے ہسپتالوں میں مختلف سروسز کے بائیکاٹ کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے ان کو فوری طور پر بحال کر دیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بھی مذاکرات کی کامیابی پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم سب کو مل کر بڑے مقصد کو حاصل کرنا ہے اور مل کر اس چیلنج کا مقابلہ کرنا ہے۔‘

    ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر یاسر اچکزئی نے صوبائی وزیر زمرک خان اچکزئی کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس کا اعلان کیا۔

    قبل ازیں حکومتی ٹیم کے ساتھ مذاکرات کے لیے کوئٹہ شہر کے مختلف تھانوں میں زیر حراست ڈاکٹروں کو رہا کر دیا گیا۔ کوئٹہ کے سول ہسپتال میں پریس کانفرنس کے دوران ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے شکایتوں کے انبار لگا دیئے گئے۔

    ڈاکٹریاسر کا کہنا تھا کہ ’ہمارے جائز مطالبات کوتوجہ نہیں ملی۔ ہمیں فرنٹ لائن سولجرز کا خطاب تو دیا جا رہا لیکن ہم اور ہماری فیملی سے ہماری حالت کا پوچھیں۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ جس طرح ہمیں ڈنڈوں سے مارا گیا یہ انسانیت کی تذلیل ہے۔ جمہوری حکومت میں ایسے اقدامات کا ہونا لمحہ فکریہ ہے۔ انھوں نے حکومتی رویے پر شکایت کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک ڈاکٹروں کو مناسب حفاظتی کٹس نہیں ملی ہیں لیکن ہمیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ مسائل حل ہوں گے۔

    جبکہ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز نے پہلے فراہم کی جانے والی کٹس کو غیر معیاری قرار دیا تھا جس پر انکوائری ہوگی۔انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت، فوج اور چین کی طرف سے امدادی سامان آرہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کے چار مطالبات تسلیم کیے گئے ہیں۔

  14. پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں مزید نو افراد میں کورونا کی تشخیص, ایم اے جرال، صحافی، مظفر آباد

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں مزید نو افراد میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ جس کے بعد خطے میں وائرس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 28 ہو گئی ہے۔

    میرپور ڈویژن کے کمشنر محمد رقیب خان کے مطابق اس خطے میں کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ایک ڈاکٹر اور محکمہ صحت کے ایک آفسر سمیت 9افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔جس کے بعد خطے میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 25ہو گئی ہے۔

    ان کے مطابق ضلع بھمبر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے علاوہ ان کے محکمے کے ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور ایک کمپیوٹر آپریٹر کے علاوہ تین مقامی افراد شامل ہیں.

    ان کا کہنا تھا کہ بھمبر سے کورونا وائرس متاثر ہونے والے باقی تین افراد میں دو نے لاہور جبکہ ایک نے گجرات سے کچھ دن قبل سفر کیا تھا۔

    محمد رقیب خان کے مطابق میرپور سے متاثر ہونے والے تین افراد کا تعلق یتیم بچوں کے لیے قائم ایک رفاعی ادارے سے ہے جن کے سربراہ دو دن قبل وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے حکام کے مطابق کورونا وائرس سے سب زیادہ متاثر ضلع بھمبر ہے جہاں مریضوں کی تعداد 12 ہے۔

  15. کورونا سے پاکستان میں ایک کروڑ افراد کے بیروزگار ہونے کا خدشہ

  16. بریکنگ, صوبہ خیبر پختونخوا میں 27 نئے مریض، ایک ہلاکت کی تصدیق

    پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیرِ صحت تیمور چھگڑا کے مطابق صوبے میں گذشتہ روز 27 نئے مریض آنے کے بعد کل تعداد 527 ہو گئی ہے۔

    انھوں نے صوبے میں کل ایک ہلاکت کی بھی تصدیق کی ہے۔ انھوں نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ اب تک صوبے میں 70 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔

  17. بریکنگ, پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 198 نئے مریض، کل تعداد 4062 ہو گئی

    پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 198 نئے کورونا وائرس متاثرین سامنے آنے کے بعد ملک میں کل 4062 افراد میں کووڈ 19 کی تشخیص ہو چکی ہے۔

    صوبوں کے جانب سے دیے گئے اعداد و شمار کے مطابق منگل کے روز پاکستان کے صوبہ پنجاب میں متاثرین کی کل تعداد دو ہزار جبکہ پاکستان میں چار ہزار سے تجاوز کر گئی تھی۔

    اب تک ملک میں 58 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ 458 افراد اس بیماری سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

  18. ایک پاکستانی ڈاکٹر کے خود ساختہ تنہائی میں گزرے شب و روز

  19. ایک پاکستانی ڈاکٹر نے خود ساختہ تنہائی کیسے کاٹی

  20. پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 26 کیس، تعداد 2030 ہو گئی

    پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 26 کیس سامنے آنے کے بعد صوبے میں متاثرین کی کل تعداد 2030 ہو گئی ہے۔

    نئے مریضوں میں مقامی منتقلی کا ایک مریض بھی ہے جس نے بیرون ملک سفر نہیں کیا اور نہ کسی مصدقہ متاثر سے رابطے میں آیا۔

    کورونا وائرس اب تک پنجاب کے 28 اضلاع میں پھیل چکا ہے اور یہ ملک میں سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے۔

    پاکستان میں اس وقت کورونا وائرس کے متاثرین کی کل تعداد 4035 ہے جبکہ 55 افراد اس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔