پاکستان میں سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ملک میں پیر کی صبح کووڈ 19 کے نئے مریضوں کے اضافے کے بعد مصدقہ متاثرین کی تعداد 1625 تک پہنچ گئی ہے۔
ملک میں اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 18 ہے جبکہ 32 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا پاکستانی صوبہ پنجاب سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ بھی ہے جہاں 593 متاثرین موجود ہیں جبکہ چھ ہلاکتیں بھی ہو چکی ہیں۔
پنجاب میں ڈیرہ غازی خان، ملتان، فیصل آباد اور رائیونڈ میں بنائے گئے قرنطینہ مراکز میں اس وقت 318 مریض موجود ہیں۔
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور اب وہاں 116 مریض ہیں۔ لاہور میں اس وائرس سے دو ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔
صوبہ سندھ جہاں وبا کے آغاز میں زیادہ مریض سامنے آئے تھے اب متاثرین کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے تاہم وہاں بھی تعداد 500 سے بڑھ چکی ہے۔
سندھ میں موجود 508 متاثرین میں سے کراچی میں اب متاثرین کی تعداد 220 سے بڑھ چکی ہے جن میں سے 170 سے زیادہ مقامی منتقلی کے معاملے ہیں۔
اس کے علاوہ تین متاثرین کا تعلق حیدرآباد جبکہ ایک کا دادو سے ہے۔
ان کے علاوہ صوبے میں ایران سے آنے والے 273 زائرین میں بھی کورونا کا وائرس پایا گیا ہے اور انھیں سکھر اور لاڑکانہ میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا میں بھی پیر کو مزید تین مریض سامنے آئے جس کے بعد وہاں تعداد 195 ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں 144، گلگت بلتستان میں 128، اسلام آباد میں 51 اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں چھ متاثرین موجود ہیں۔