آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

’نواز شریف اور مریم نواز طبی معائنے کے لیے اڈیالہ جیل منتقل‘

ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کی گرفتاری کے بعد ایک خصوصی طیارہ انھیں لاہور سے لے کر اسلام آباد پہنچ گیا اور وہاں سے انھیں طبی معائنے کے لیے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ بی بی سی اردو کی لائیو کوریج۔

لائیو کوریج

ذیشان حیدر، حسن زیدی، رضا ہمدانی ذیشان علی، حمیرا کنول

  1. بریکنگ, نواز کی سزا اور وطن واپسی: بی بی سی اردو کا خصوصی ضمیمہ

    سابق وزیراعظم نواز شریف کی گذشتہ ہفتے احتساب عدالت میں سزا کے بعد پاکستان واپسی کے فیصلے تک تفصیلی کوریج کے لیے بی بی سی اردو کاخصوصی ضمیمہ دیکھیے۔

  2. بریکنگ, ’دعا ہے پیروں پر چل کر جائیں ڈنڈا ڈولی نہ ہو‘

  3. بریکنگ, لوہاری گیٹ پر موبائل سروس معطل

    لوہاری گیٹ میں موجود بی بی سی کی نامہ نگار فرحت جاوید کے مطابق موبائل سروس کی معطلی کا آغاز ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ حکومت پنجاب کے اعلامیہ کے مطابق یہ معطلی شہر کے چند علاقوں میں دوپہر تین بجے سے 11 بجے تک ہونی تھی۔

  4. نواز شریف نے سر پہ کفن باندھ لیا ہے، ابھی یا کبھی نہیں: عاصمہ شیرازی

    Linkپاکستانی صحافی اور اینکر پرسن عاصمہ شیرازی کا کہنا ہے ہے کہ نواز شریف سمجھ چکے ہیں کہ ان کی سیاسی بقا پاکستان واپس جانے میں ہے اور انہیں ابھی یا کبھی نہیں کی صورتحال کا سامنا ہے۔

  5. لاہور کے تاریخی لوہاری گیٹ پر مسلم لیگ کے کارکنان کی تیاریاں

    لوہاری گیٹ پر موجود بی بی سی اردو کی نامہ نگار فرحت جاوید کے مطابق پارٹی کے کارکنان اپنے قائد محمد نواز شریف کے استقبال کے لیے جمع ہونا شروع ہو گئے اور اپنے ساتھ جھنڈے، سکارف اور شیر والے کھلونے بھی ساتھ لائے ہیں۔

  6. لاہور ایئر پورٹ کی جانب راستے پر سکیورٹی اہلکار مامور

  7. لاہور ایئرپورٹ: سکیورٹی سخت لیکن راستے کھلے ہیں

    لاہور ایئر پورٹ پر موجود بی بی سی اردو کے نامہ نگار عمردراز ننگیانہ کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ تک پہنچنے کا راستہ کھلا ہوا ہے تاہم ائیر پورٹ کے داخلی راستوں پر سکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ پولیس کی قیدیوں والی گاڑیاں اور ایدھی کی ایمبولینسز بھی موقع پر موجود ہیں۔

    نامہ نگار کے مطابق فی الحال پولیس کو ایئرپورٹ کے اطراف کی سڑکیں بند کرنے کے احکامات نہیں ملے۔ لاہور کینٹ سے ایئرپورٹ کے جانے والے راستوں پر کسی قسم کی رکاوٹ نہیں دکھائی دی تاہم ایئرپورٹ کے پاس کچھ کنٹیزر کھڑے دکھائی دیے ہیں۔ ایئرپورٹ جانے والے راستوں پر تقریبا پانچ چھ کلومیٹر کے فاصلے سڑک کنارے کنٹینرز کھڑے ہیں جنھیں متوقع طور پر راستے بند کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

  8. بریکنگ, شہباز شریف کا کارکنوں کے نام پیغام

    مسلم لیگ ن نواز شریف اور مریم نواز کے لاہور میں بڑے پیمانے پر استقبال کے لیے پُرعزم نظر آتی ہے۔ جمعرات کو نواز شریف کے چھوٹے بھائی اور صوبہ پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ نگران حکومت کے تمام حربوں کے باوجود مسلم لیگ ن نواز شریف کا پرامن طریقے سے استقبال کرے گی اور وہ لوہاری مسجد سے استقبالی جلوس کی قیادت کریں گے۔

    جمعے کو بھی شہباز شریف نے سوشل میڈیا پر کارکنوں کے نام پیغام جاری کیا

  9. لندن سے ابوظہبی کا سفر

  10. ابو ظہبی میں آمد

    جمعے کی صبح نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی پرواز ابوظہبی پہنچی تو ان دونوں کو لیگی اراکین ایئرپورٹ سے باہر لے گئے۔

    طیارے پر موجود بی بی سی کے نمائندے طاہر عمران کے مطابق جب طیارہ ابوظہبی میں اترا تو اطراف میں سخت سکیورٹی تھی اور وہاں موجود افراد کو تصاویر اور ویڈیو لینے سے منع کیا جا رہا تھا۔

  11. ’یہ قربانی پاکستان کے مستقبل کے لیے دے رہا ہوں‘

    پاکستان کے سابق وزیرِاعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے اور جو کچھ ان کے بس میں تھا وہ انھوں نے کر دیا۔ انھوں نے یہ بات لندن سے پاکستان واپسی کے سفر کے دوران جمعے کی صبح ابوظہبی پہنچنے پر جاری کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں کہی

  12. نواز شریف کو کہاں سے گرفتار کیا جائے؟

    نیب کے پاس نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری کے وارنٹ موجود ہیں۔ انھیں لاہور پہنچتے ہی گرفتار کیا جانا ہے۔

    تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کہ انھیں جہاز کے اندر سے یا ایئر پورٹ کے باہر سے گرفتار کیا جائے گا جہاں ممکنہ طور پر ان کے حامی بھی موجود ہوں گے۔ مقامی ذارئع ابلاغ کے مطابق نیب پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل نے نیب کے چیئرمین کو لکھے ایک خط میں نواز شریف اور مریم نواز کے گرفتاری کے بعد لاہور سے راولپنڈی اڈیالہ جیل منتقل کرنے کے لیے ہیلی کاپٹرز طلب کے تھے اور یہ اب فراہم کر دیے گئے ہیں۔

    مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک ہیلی کاپٹر لاہور ایئر پورٹ اور ایک اسلام آباد ایئر پورٹ پر موجود ہو گا تاہم ابھی تک سرکاری طور پر اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کی گرفتاری کے بعد انھیں عدالت کے سامنے پیش کرنا ضروری ہے کیونکہ عدالت کے حکم نامے کے بغیر جیل حکام انھیں قید نہیں کر سکتے۔

    نواز شریف اور مریم نواز کی لاہور آمد جمعے کی شام کا وقت ہے اور تب تک عدالت کا وقت ختم ہو چکا ہوتا ہے۔ اس صورت میں ممکنہ طور پر نیب دونوں ملزمان کو اپنی حراست میں رکھے گا اور اگلے روز عدالت میں پیش کرے گا۔ عدالت میں پیشی کے لیے یہ تجویز کیا گیا ہے کہ جج صاحب سے جیل کے اندر عدالت لگانے کی درخواست کی جائے۔

  13. ’جماعت کے سینکڑوں کارکنوں کی گرفتاریاں‘

    بدھ کو نواز شریف نے واپسی کا اعلان کرتے ہوئے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ انھیں سزا دینے کا فیصلہ عدالت میں نہیں کہیں اور ہوا، تاہم اب جیل جانا پڑے یا پھانسی دے دی جائے ان کے قدم نہیں رکیں گے۔

    سابق وزیرِاعظم نواز شریف کی واپسی کا سفر شروع ہونے سے چند گھنٹے پہلے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی جمعے کو وطن آمد سے قبل ان کی جماعت کے سینکڑوں کارکنوں کی گرفتاریاں قبل از انتخاب دھاندلی اور عام انتخابات کو داغدار کرنے کی کوشش ہے۔

  14. لاہور میں انتظامات

    لاہور میں انتظامیہ نے کنٹینرز منگوائے ہیں جن کے بارے میں مسلم لیگ نون نے دعویٰ کیا ہے کہ ایئر پورٹ جانے والے کارکنوں کو روکنے کے لیے کنٹینرز منگوائے گئے ہیں جبکہ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق نگران حکومت کا کہنا ہے کہ کنٹینرز اہم عمارتوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے منگوائے گئے ہیں۔

    دوسری جانب مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق نگران وزیرِ داخلہ علی ظفر نے بھی کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کو لاہور آمد کے فوراً بعد عدالتی حکم کے تحت حراست میں لے لیا جائے گا اور انھیں ہوائی اڈے سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

  15. ’میں نے اپنے بچوں سے کہا ہے کہ وہ ظلم کے سامنے ڈٹے رہیں‘

    نواز شریف اور مریم نواز جمعرات کی شام لندن کے ہیتھرو ائیر پورٹ سے اتحاد ایئرویز کی پرواز سے ابو ظہبی روانہ ہوئے تھے۔

    مریم نواز کا لندن سے روانگی سے قبل بچوں کو الوداع کہتے وقت کی تصویر ٹویٹ کی اور لکھا: ’میں نے اپنے بچوں سے کہا ہے کہ وہ ظلم کے سامنے ڈٹے رہیں۔ لیکن بچے تو بچے ہیں۔ الوداع کہنا مشکل ہوتا ہے حتی کے بڑوں کے لیے بھی۔`

    مریم نواز نے اپنے بیٹے جنید کی گرفتاری سے متعلق ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ لندن میں پی ٹی آئی کے کارکن ہر بار جنید کے سامنے آنے پر انہیں گالی دیتے تھے۔ اس حرکت پر کوئی بھی مشتعل ہو سکتا ہے۔

  16. آج شام سوا چھ بجے پاکستان آمد ہو گی

    نوازشریف اپنی صاحبزادی کے ساتھ جمعے کی شام لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچیں گے جہاں ان کی جماعت پاکستان مسلم لیگ ن نے دونوں رہنماؤں کے استقبال کے لیے کارکنان کو لاہور آنے کی کال دے رکھی ہے۔

  17. جمعرات کی شب پاکستان کے لیے روانگی

    نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں بالترتیب 11 اور 8 برس کی سزا سنائے جانے کے بعد جمعرات کی شب پاکستان واپس روانہ ہوئے جہاں ان کی گرفتاری کے انتظامات کیے گئے ہیں۔