آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

آسیہ بی بی کی بریت: تحریک لبیک کا احتجاج اور حکومت کا موقف، کب کیا ہوا؟

پاکستان کی سپریم کورٹ کی جانب سے توہین رسالت کے جرم میں سزائے موت پانے والی مسیحی خاتون آسیہ بی بی کی بریت کی اپیل کی منظوری اور اس کے بعد مذہبی جماعت تحریک لبیک کے احتجاج پر بی بی سی اردو کی خصوصی کوریج۔

لائیو کوریج

  1. بریکنگ, ’کون سا ملک کام کر سکے گا اگر ۔۔۔‘

    وزیر اعظم عمران خان نے مختصر خطاب میں کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ اگر فیصلہ اپنی پسند کا نہ آیے تو اس قسم کے زبان استعمال کی جائے کہ جج واجب القتل ہیں۔

    انھوں نے ملک بھر میں جاری مظاہروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سڑکیں بند کرنے اور مظاہروں سے لوگوں کو روزی کمانے کے لیے مشکلات ہوں گی۔

    ’کون سا ملک کام کر سکے گا اگر لوگ کہیں گے کہ ججوں کو مار دو اور فوج کے خلاف کھڑے ہو جاؤ۔‘

  2. بریکنگ, ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرے گی: وزیر اعظم پاکستان

    عمران خان نے کہا کہ یہ ملک دشمن عناصر کہتے ہیں کہ فوج میں بغاوت ہو جائے، ججوں کو قتل کر دیں۔ ریاست سے نہ ٹکرائیں۔

    انھوں نے کہا کہ اس ملک کی خاطر آپ اپنی سیاست چمکانے کے لیے اس ملک کو نقصان نہ پہنچائیں۔ ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرے گی، کوئی توڑ پھوڑ نہیں ہونے دیں گے، ریاست کو وہاں نہ لے کر جائیں جہاں وہ کوئی ایکشن لے۔

  3. بریکنگ, ’ریاست کو مجبور نہ کیا جائے‘

    وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ ریاست کو مجبور نہ کیا جائے کہ اس کو کارروائی کرنی پڑے۔

  4. بریکنگ,

    عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان جب عظیم ملک بنے گا تو وہ مدینہ کی ریاست کے اصول پر چل کر بنے گا

  5. بریکنگ, عمران خان کا قوم سے خطاب

    وزیراعظم عمران نے قوم سے ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر ایک چھوٹے سے طبقے نے جس قسم کی زبان استعمال کی ہے اس پر میں آپ سے بات چیت کرنا چاہتا ہوں، انھوں نے کہا کہ یہ کہنا کہ ججز واجب القتل ہیں اور آرمی چیف غیر مسلم ہیں، اور جنرلز کو کہا جا رہا ہے کہ آرمی چیف کے خلاف بغاوت کرو۔

  6. بریکنگ, آسیہ بی بی کی رہائی انصاف کا خون ہے: مفتی نعیم

    کراچی میں جامعہ بنوریہ کے مفتی محمد نعیم نے میڈیا کو دیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’آسیہ کی رہائی کا مسلمانوں کے جذبات پر کیا اثر ہوگا حکومت اور عدلیہ کو شاید اس کا ادراک نہیں۔‘۔

    انھوں نے کہ کہ آسیہ بی بی کی رہائی انصاف کا خون ہے۔

  7. ایم ٹو اسلام آباد لاہور موٹر وے بند

    موٹروے پولیس کے مطابق ایم ٹو اسلام آباد لاہور موٹر وے درج ذیل مقامات پر بند ہے۔

    1. کوٹ مومن

    2. مخدوم

    3. پنڈی بھٹیاں

    4. کوٹ سرور

    5. خانقاہ ڈوگراں

    6. ہرن مینار

    7. شیخوپورہ

    8. کالا شاہ کاکو

    9.کوٹ عبدالمالک

    10. فیض پور

    11. بابو صابو

    12. ٹھوکر نیاز بیگ

  8. بریکنگ, ملک بھر کے پرائیویٹ سکولوں میں چھٹی کا اعلان

    آل پاکستان پرائیوٹ سکولز فیڈریشن نے جمعرات کو ملک بھر کے پرائیویٹ سکولوں میں چھٹی کا اعلان کردیا۔ یکم نومبر کو ملک بھر کے تمام نجی سکولز بند رہیں گے۔

    چیرمین آل پرائیوٹ اسکولز کے مطابق ملک کے کشیدہ حالات کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے اور سکیورٹی وجوہات کے باعث تمام طالب علم، اساتذہ اور سٹاف گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  9. بریکنگ, آسیہ بی بی کو تین سے چار روز میں رہا کیے جانے کا امکان

    توہین مذہب کے مقدمے میں سپریم کورٹ سے رہائی پانے والی آسیہ بی بی کے وکیل سیف الملوک نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے یہ امکان ظاہر کیا ہے کہ ان کی موکلہ کو اگلے تین چار روز میں رہا کردیا جائے گا۔

    اُنھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی مصدقہ نقل لاہور ہائی کورٹ کو بھجوائی جائے گی جہاں سے یہ کاپی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ننکانہ صاحب کو بھجوائی جائے گی۔

    اُنھوں نے کہا کہ چونکہ آسیہ بی بی کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ننکانہ صاخب کے حکم پر ہی جیل بھیجا گیا تھا اس لیے اُنھی کے حکام پر جیل کے حکام آسیہ بی بی کو رہا کریں گے۔

    آسیہ بی بی کی رہائی کے بعد ان کے مستقبل کے بارے میں سیف الملوک کا کہنا تھا کہ ان کا کام صرف مقدمہ لڑنے کی حد تک کا تھا۔

  10. گوجرہ تا فیصل آباد موٹر وے مکمل طور پر بند

    موٹروے پولیس کے مطابق ایم فور موٹر وے گوجرہ تا فیصل آباد ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہے۔

  11. کراچی: ’ دھرنا مناسب فیصلے کے بعد ہی ختم کیا جائے گا‘

    کراچی میں بی بی سی کی نامہ نگار سحر بلوچ کے مطابق تحریکِ لبیک پاکستان کی جانب سے شہر میں فی الوقت حب ریور، ٹاور، لیاری ایکسپریس وے، لیاری، اسٹار گیٹ، نمائش، صدر، تبت سینٹر، حسن اسکوائر، اورنگی، کورنگی، نیو کراچی، سہراب گوٹھ اور ملیر میں دھرنا دیا جا رہا ہے۔

    تحریکِ لبیک کے کراچی میں موجود ترجمان کے مطابق انتظامیہ سے اس وقت بات چیت جاری ہے لیکن دھرنا مناسب فیصلے کے بعد ہی ختم کیا جائے گا۔

  12. موٹر وے پولیس کا عوام کے نام پیغام

  13. بریکنگ, جماعت اسلامی کا بھی ملک گیر احتجاج کا اعلان

    امیر جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف جمعے کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ امیر جماعتِ اسلامی سراج الح کا کہنا ہے کہ عدالت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔

  14. بی بی سی کے نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق کوئٹہ میں منان چوک پر احتجاج کیا جا رہا ہے۔

  15. آسیہ بی بی کیس: فیصلے سے پہلے اور بعد کمرہ عدالت میں کیا ہوا؟

    آسیہ بی بی کا مقدمہ چونکہ بین الاقوامی شہرت اختیار کر چکا تھا اس لیے اس کی اپیل پر آنے والے فیصلے کو سننے کے لیے مقامی میڈیا کے علاوہ بین الاقوامی میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کی ایک قابلِ ذکر تعداد بھی عدالت جانے کے لیے قطاروں میں لگی ہوئی تھی۔

  16. بریکنگ, وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب

    وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اب سے کچھ دیر بعد قوم سے خطاب کریں گے۔

  17. سندھ بھر میں دفعہ 144نافذ

    کراچی میں بی بی سی کی نامہ نگار سحر بلوچ کے مطابق پرانا کلفٹن پل احتجاج کے باعث ٹریفک کے لیے بند ہے جبکہ لیاری ایکسپریس وے بھی احتجاج کی وجہ سے بند ہے۔

    جبکہ مذہبی جماعتوں کی جانب سے ہونے والے مظاہروں کے نتیجے میں سندھ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔

    محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفیکیشن کے مطابق صوبے میں چار سے زائد افراد کے اجتماع پر 14 دن کی پابندی لگا دی گئی ہے۔

  18. جماعۃ الدعوۃ کا جمعے کو احتجاج کا اعلان

    امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان حافظ محمد سعید نے آسیہ بی بی کیس سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جمعے کو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔