آیت اللہ خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای نئے سپریم لیڈر منتخب: ایرانی سرکاری میڈیا

ایران میں سرکاری خبر رساں ایجنسیوں نے مجتبیٰ خامنہ ای کو اسلامی جمہوریہ ایران کے رہنما اور اپنے والد کے جانشین کے طور پر منتخب کرنے کا اعلان کیا۔ یہ فیصلہ ایران کی اعلیٰ ترین مذہبی و سیاسی اتھارٹی کے انتخابی عمل کے بعد سامنے آیا ہے،

خلاصہ

  • ایران کے سرکاری ٹی وی نے نئے رہبر اعلیٰ کے نام کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا سپریم لیڈر منتخب کیا گیا ہے۔
  • ایران اسرائیل امریکہ جنگ اور مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔
  • امریکہ نے ایران کے ساتھ جنگ کے دوران اپنے ساتویں فوجی کی ہلاکت کا اعلان کر دیا ہے۔
  • متحدہ عرب امارات نے اتوار کے روز 16 بیلسٹک میزائل اور 113 ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
  • اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حملوں کی تازہ لہر میں ایران کی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کی فضائیہ کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا ہے۔
  • تہران میں تیل کے ڈپو کے پھٹنے سے تیزابی بارش کا خطرہ، یہ رجحان جلد کو کیمیکل جلنے اور پھیپھڑوں کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے: ہلال احمر
  • ایران کو ’بہت زیادہ شدت سے نشانہ‘ بنایا جائے گا، فوج نئے اہداف پر غور کر رہی ہے: صدر ٹرمپ کا انتباہ

لائیو کوریج

  1. ایرانی صدر کی پڑوسی ممالک سے معذرت، لیکن کیا وہ ایرانی قیادت کی ایما پر بات کر رہے ہیں؟, جان سمپسن، بی بی سی

    خلیجی ریاستوں پر حملوں پر ایران کے صدر کی طرف سے معذرت اور یہ وعدہ کہ اگر ان کی سرزمین سے ایران پر حملے نہ کیے گئے تو انھیں نشانہ نہ بنایا جائے، یہ زیتون کی شاخ کی طرح نظر آتا ہے۔

    لیکن کیا ایرانی صدر اپنی قیادت کے توسط سے یہ بات کر رہے ہیں؟

    اگرچہ وہ منتخب صدر ہیں، لیکن اُنھیں مجتبیٰ خامنہ ای جیسے سخت گیر رہنما جو اب مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے بیٹے ہیں یا اسلامی انقلابی گارڈز کور کے زندہ بچ جانے والے کمانڈروں جیسا اختیارات حاصل نہیں ہیں۔

    صدر مسعود پزشکیان جو دل کے سرجن رہے ہیں، انھیں 2024 میں ایک معتدل رہنما کے طور پر منتخب کیا گیا تھا، لیکن وہ ایرانی قیادت کی درجہ بندی سے باہر رہے ہیں۔

    کیا وہ امریکیوں کو یہ دکھانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ جب یہ جنگ ختم ہو تو وہ اس کے ساتھ کام کر سکتے ہیں؟

    جہاں تک سخت گیر ایرانی رہنماؤؤ کا تعلق ہے، یہ سوچنا مشکل ہے کہ وہ اس مرحلے پر مفاہمت کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں۔

    اُنھوں نے برسوں سے امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کی منصوبہ بندی کی ہے اور ان کی تعلیم شیعہ اسلام کی روح کے مطابق ہے، جو عقیدے کے لیے خود قربانی پر زور دیتا ہے۔

    قیادت میں حقیقی طاقت رکھنے والے افراد یقیناً مزاحمت جاری رکھنے کے ساتھ ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ اگر وہ صرف اسرائیلی اور امریکی حملے سے بچ سکتے ہیں تو یہ فتح کی ایک شکل ہوگی۔

  2. مشرقِ وسطیٰ میں جاری لڑائی آٹھویں روز میں داخل: اب تک ہم کیا جانتے ہیں؟

    تصویر

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    اسرائیل اور ایران کی جانب سے ایک دوسرے پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور مشرقِ وسطیٰ میں جاری یہ لڑائی آٹھویں روز میں داخل ہو گئی ہے۔

    امریکہ اور اسرائیل نے دارالحکومت تہران سمیت ایران میں مختلف مقامات کو نشانہ بنایا جبکہ ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل کے ساتھ ساتھ قطر، عمان، کویت، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں امریکی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔

    28 فروری کو امریکہ اور اسرائیلی حملے میں ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای اور پاسدارانِ انقلاب کے کئی رہنما مارے گئے۔

    اقوامِ متحدہ میں ایرانی سفیر کے مطابق ملک میں ہونے والے حملوں میں اب تک کم از کم 1332 شہری مارے گئے ہیں۔

    لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں کم از کم 217 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل میں اب تک 10 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔

    متحدہ عرب امارات نے تین افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

    ایرانی شہریوں نے بی بی سی کو بتایا کہ تہران میں بمباری کا سلسلہ جاری ہے اور جمعے کی شب مھر آباد ایئر پورٹ کے قریب آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے گئے۔

    اسرائیل میں یروشلم اور تل ابیب میں فضائی حملے کے سائرن بجائے گئے۔

    صدر ٹرمپ نے انتباہ کیا ہے کہ اب ایران کو مزید شدت سے نشانہ بنایا جائے گا اور فوج ایران میں نئے اہداف کو نشانہ بنائے گی۔

    دوسری جانب ایران کے صدر نے پڑوسی ممالک سے معذرت کرتے ہوئے اُن پر حملے نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اگر ان ممالک سے ایران پر حملے نہ ہوئے تو ایران بھی ان پر حملے نہیں کرے گا۔

    پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سعودی وزیرِ دفاع خالد بن سلمان سے ملاقات کی ہے جس میں فریقین نے گذشتہ برس طے پانے والے دفاعی معاہدے کے تحت ایرانی حملوں کو روکنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

  3. متحدہ عرب امارات کا 15 بیلسٹک میزائل اور 119 ڈرونز گرانے کا دعویٰ

    متحدہ عرب امارات کا کہنا ہے کہ اس نے سنیچر کو 15 بیلسٹک میزائلوں اور 119 ڈرونز کو مار گرایا ہے۔

    متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی نظام نے مجموعی طور پر 16 بیلسٹک میزائلوں کی نشاندہی کی جن میں سے 15 کو روک لیا گیا جبکہ ایک سمندر میں گر گیا۔

    وزارت کے مطابق فضائی نظام نے 119 ڈرونز کو بھی روکا جبکہ دو متحدہ عرب امارات کے علاقے میں گرے۔

    بیلسٹک میزائل راکٹ سے چلنے والے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیار ہیں، جن کی تیاری میں لاکھوں ڈالرز کی لاگت آتی ہے۔

    امارات کے مطابق ایک ہفتے سے جاری جنگ کے دوران اب تک ملک پر ڈرون حملوں سے تین افراد ہلاک جبکہ 112 زخمی ہوئے ہیں۔

  4. ایران کو ’بہت زیادہ شدت سے نشانہ‘ بنایا جائے گا، فوج نئے اہداف پر غور کر رہی ہے: صدر ٹرمپ کا انتباہ

    تصویر

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے ایران کو ’بہت زیادہ شدت سے نشانہ‘ بنایا جائے گا اور فوج نئے اہداف پر غور کر رہی ہے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری کیے گئے بیان میں امریکی صدر نے ایرانی صدر کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے ’معافی مانگی ہے اور اپنے مشرق وسطیٰ کے پڑوسیوں کے سامنے ہتھیار ڈال دیے ہیں جبکہ وعدہ کیا ہے کہ وہ اب ان پر حملہ نہیں کرے گا۔‘

    صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایرانی صدر نے یہ وعدہ صرف امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کی وجہ سے کیا ہے۔

    ایرانی صدر کی جانب سے پڑوسی ممالک پر حملے نہ کرنے کے اعلان کے باوجود دبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے قریب ایک ڈرون گرا جبکہ قطر کا بھی یہ کہنا ہے کہ اس نے ایک میزائل کو روکا ہے۔

    بعدازاں ٹرمپ نے ایک اور پوسٹ میں کہا کہ آج ایران کو بہت زیادہ نقصان پہنچے گا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’ایران میں مکمل تباہی اور یقینی موت کے بارے میں سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔ ایسے علاقوں اور افراد کو نشانہ بنایا جائے گا جنھیں اب تک ہدف نہیں بنایا گیا۔‘

  5. دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کچھ پروازوں کی لینڈنگ اور ٹیک آف, نک بیک، نامہ نگار برائے یورپ

    دبئی ایئرپورٹ

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آج کچھ پروازیں لینڈنگ اور ٹیک آف کر رہی ہیں۔

    متحدہ عرب امارات کے حکام نے اس سے قبل کوئی وضاحت دیے بغیر فلائٹس معطل کر دی تھیں۔

    واضح رہے کہ بی بی سی نے دبئی ایئرپورٹ پر ایک پروجیکٹائل اور دھماکے کی فوٹیج کی تصدیق کی ہے۔

    تاہم دبئی حکومت کے میڈیا آفس کے ایکس اکاؤنٹ نے پوسٹ کیا ہے کہ سنیچر کے روز ایئرپورٹ پر کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ ’دبئی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ملبہ گرنے کے نتیجے میں ہونے والے ایک معمولی واقعے پر کامیابی سے قابو پا لیا گیا اور کوئی زخمی نہیں ہوا۔ حکام نے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسی بھی واقعے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرتی خبروں کی بھی تردید کی ہے۔‘

    دبئی ایئرپورٹ سے کچھ پروازیں روانہ تو ہو رہی ہیں لیکن تاخیر کے ساتھ۔

    ایمریٹس کی پرواز EK001 لندن ہیتھرو کے لیے مقامی وقت کے مطابق 07:00 بجے ٹرمینل تھری سے روانہ ہونے والی تھی لیکن اب وہ کئی گھنٹوں کی تاخیر کے بعد روانہ ہو رہی ہے۔

  6. امریکی تیل کمپنیوں نے عراق سے اپنا عملہ نکالنا شروع کر دیا

    عراق

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    مشرق وسطیٰ میں غیر ملکی تیل کمپنیوں نے عراق میں آئل فیلڈز سے اپنے عملے کو نکالنا شروع کر دیا ہے۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کی جانب سے جمع کی گئی فوٹیج میں عملے کو صفوان کی سرحد سے گزر کر کویت جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    امریکی آئل فرم ’ہالیبرتون‘ کے ایک سکیورٹی گارڈ محمد طعم نے روئٹرر کو بتایا کہ ’عراق میں سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر غیر ملکی عملہ کویت کے لیے روانہ ہو گیا ہے اور وہاں سے وہ دیکھیں گے کہ وہ کہاں جائیں گے۔‘

    ایک اور امریکی آئل فرم ایچ کے این (HKN) انرجی نے عراق میں ’غیر قانونی گروہوں‘ کے حملے کی رپورٹس کے بعد جمعے کو عراقی کردستان میں ایک سائٹ پر پیداوار روک دی ہے۔

  7. ایرانی میڈیا نے آبناَئے ہرمز میں جلتے ہوئے آئل ٹینکر کی تصویر جاری کر دی

    تصویر

    ،تصویر کا ذریعہIRNA

    ایرانی میڈیا نے آبنائے ہرمز میں جلتے ہوئے جہاز کی یہ تصویر شیئر کی ہے۔

    پاسداران انقلاب گارڈز نے اس سے سے قبل ایک بیان جاری کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ اس نے خلیج میں ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا تھا جو آبنائے ہرمز سے گزر رہا تھا۔

    پاسداران انقلاب گارڈز کے مطابق وہ آئل ٹینکرز اور تجارتی جہاز ’جو دُشمن ممالک کے حمایتی ہیں،‘ انھیں آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    دوسری جانب بی بی سی اس ویڈیو کی تصدیق کی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ڈرون حملہ کیا گیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کی گئی ویڈیو میں ٹرمینل کے قریب ایک دھماکہ اور اوپر دھوا٘ں نظر آتا ہے۔ فوٹیج میں، ایک شخص کو ’ایک اور ڈرون‘ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔ دھماکے سے قبل ایک سرسراہٹ کی آواز سنائی دیتی ہے۔

  8. اسرائیلی فوج کا تہران اور اصفہان میں بڑے پیمانے پر نئے حملوں کا اعلان

    تصویر

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے تہران اور اصفہان میں ایرانی حکومت کے ’انفراسٹرکچر‘ کے خلاف نئے حملوں کی ’بڑے پیمانے پر لہر‘ شروع کر دی ہے۔

    اسرائیلی فوج نے اس خبر کا اعلان چند منٹ قبل ایکس نیٹ ورک پر اپنے فارسی زبان کے اکاؤنٹ پر کیا۔

    ان نئے حملوں کا اعلان اس وقت کیا جا رہا ہے جب تہران میں گذشتہ رات شدید بم دھماکے ہوئے اور دارالحکومت کے مغرب میں واقع مہرآباد ایئرپورٹ پر زبردست دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔

    اسرائیلی فوج نے اس سے قبل ایک آپریشن کی تکمیل کا اعلان کیا تھا جس میں اس کے بقول ’80 سے زائد لڑاکا طیاروں نے تہران اور وسطی ایران میں اسلامی جمہوریہ حکومت کے فوجی ڈھانچے کو نشانہ بنایا تھا۔‘

  9. ’خوف تھا کہ کسی بھی وقت فضائی حملے کی زد میں آ سکتے ہیں:‘ لبنان میں بے گھر ہونے والے خاندانوں کی مشکلات

    تصویر

    جمعے کو جنوبی بیروت کے مضافاتی علاقوں داحیہ میں بڑے پیمانے پر انخلا کیا گیا جہاں اسرائیل حملے کر رہا ہے۔

    بی بی سی عربی نے بے گھر خاندانوں سے بات کی۔

    فاطمہ نامی شہری کا کہنا تھا کہ ’میں کیا کہوں؟ ہمیں اب نہیں معلوم کہ اپنے ساتھ کیا لے جانا ہے، کیا کرنا ہے یا ہم اپنے بچوں کو لے کر کیسے بھاگیں گے۔‘

    ’کبھی کبھی میں بیٹھ کر اپنے گھر کے بارے میں سوچتی ہوں۔ کیا یہ ممکن ہے کہ میں اسے دوبارہ کبھی نہ دیکھ سکوں؟ میں نے پچھلی جنگ کے بعد سے ابھی تک اس کی مرمت مکمل نہیں کی ہے۔‘

    فاطمہ کا کہنا تھا کہ ’پچھلی بار جب ہم بے گھر ہوئے تھے تو ہم بلی کو اپنے ساتھ لے گئے تھے۔ ہم نے اسے ایک ہوٹل میں رکھا اور اس کے لیے پیسے ادا کیے، جب کہ ہم خود ایک سکول میں بے گھر ہوئے تھے۔ لیکن اس بار ہم اسے باہر نہیں لے جا سکے۔‘

    بے گھر ہونے والی زہرہ کہتی ہیں کہ ہم چار لوگ کار میں سوتے ہیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’ہمارے لیے اپنے گھروں سے اس طرح نکلنا ایک صدمہ تھا۔ ہر طرف ٹریفک تھی جس سے دم گھٹ رہا تھا۔ ہم یہ سوچتے تھے کہ ہم کسی بھی وقت فضائی حملے کا شکار ہو سکتے ہیں۔ کوئی سمجھ نہیں سکتا کہ کیا ہونے والا ہے۔‘

  10. بیروت کے جنوبی مضافات میں تباہ حال عمارتیں اور ملبے کے ڈھیر

    ہمیں بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں سے تصاویر موصول ہو رہی ہیں، جہاں اسرائیل طیاروں نے بمباری کی ہے۔

    ایکس پر جاری ایک بیان میں اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل فضائیہ نے نے دحیہ ضلع میں حزب اللہ اور پاسداران انقلاب کے کمانڈ سینٹرز سمیت ’دہشت گردی کے اہداف‘ کو نشانہ بنایا ہے۔

    اسرائیل کی جانب سے بڑے پیمانے پر انخلا کے احکامات جاری کیے جانے کے بعد ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔

    بیروت میں ایک عارضی پناہ سے ایک خاتون نے بی بی سی کو بتایا کہ یقیناً ہر کوئی خوفزدہ ہے، لیکن ہمیں ہمیشہ اُمید رکھنی چاہیے۔

    تصویر

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    تصویر

    ،تصویر کا ذریعہReuters

  11. ایران کی پڑوسیوں سے معذرت کے ساتھ ساتھ تنقید, ساشا شلچر، بی بی سی ورلڈ سروس

    مشرقِ وسطیٰ کے جن ممالک میں امریکی فوجی اڈے ہیں، وہ اس بات پر قائم ہیں کہ اُنھوں نے ان اڈوں کو ایران کے خلاف حملوں کے لیے استعمل کرنے کی اجازت نہیں دی۔

    کئی خلیجی ممالک نے واشنگٹن کو بمباری کی مہم شروع کرنے سے باز رکھنے کی بھی کوشش کی۔

    لیکن اس کے باوجود ایران نے شدید ردعمل دیا اور اپنے پڑوسیوں، یہاں تک کہ امریکہ اور ایران کے مابین ثالثی کی کوششیں کرنے والے ملک عمان کو بھی نشانہ بنایا۔

    اب ایران کے سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والی تقریر میں صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ وہ پڑوسی ممالک پر حملہ نہیں کریں گے جب تک کہ وہاں سے حملہ نہیں کیا جاتا۔

    اُنھوں نے ایران کے پڑوسی ممالک سے معافی بھی مانگی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ایران مزاحمت جاری رکھے گا۔

    ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ’ایران کے دُشمنوں کو اس کے سرینڈر کی خواہش ان کی قبروں تک لے جائے گی۔‘

    دوسری جانب قطر کی وزارت دفاع نے بتایا ہے کہ اس نے ایک میزائل کو روکا ہے۔

  12. خلیج میں ایک تیل بردار جہاز کو نشانہ بنایا ہے: پاسداران انقلاب

    ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے خلیج میں ایک تیل بردار جہاز کو نشانہ بنایا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب کے مطابق یہ جہاز، جس کا تجارتی نام ’پرائما‘ ہے، آبنائے ہرمز سے گزرتے وقت بار بار دیے گئے انتباہات کو نظرانداز کر رہا تھا۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ جہاز کو ایک ڈرون حملے میں نشانہ بنایا گیا۔ پاسداران انقلاب نے مزید کہا کہ وہ ان تیل بردار جہازوں اور تجارتی بحری جہازوں کو گزرنے کی اجازت نہیں دے گا جو ’دشمن ممالک کے اتحادی‘ ہیں۔

    آبنائے ہرمز دنیا کی توانائی کی ترسیل کے سب سے اہم راستوں میں سے ایک ہے، جہاں سے دنیا کے تقریباً پانچویں حصے کا تیل اور گیس کی سپلائی ہوتی ہے۔

    مشرقِ وسطیٰ کی جنگ کے باعث یہ راستہ تقریباً بند ہو چکا ہے۔ ایران نے اس ہفتے خبردار کیا تھا کہ وہ گزرنے کی کوشش کرنے والے جہازوں کو ’آگ لگا دے گا۔‘

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بعد میں کہا کہ ضرورت پڑنے پر امریکی بحریہ جہازوں کو اس راستے سے گزارنے کے لیے سکیورٹی حصار فراہم کر سکتی ہے۔

  13. تہران اور اصفہان پر نئے حملوں کا آغاز کر دیا گیا: اسرائیلی فوج

    X/@Vahid

    ،تصویر کا ذریعہX/@Vahid

    اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ایران کے دارالحکومت تہران اور اصفہان میں ایرانی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کے لیے ’وسیع حملوں کی نئی لہر‘ شروع کر دی ہے۔

    یہ آج کا پہلا بیان ہے جو آئی ڈی ایف نے اپنے انگریزی ٹیلیگرام چینل پر ایران پر حملوں کے حوالے سے جاری کیا ہے۔

  14. پڑوسی ممالک پر حملہ نہیں کریں گے جب تک کہ وہاں سے حملہ نہیں کیا جاتا: ایران

    مسعود پزشکیان

    ،تصویر کا ذریعہIRNA

    ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے سرکاری ٹیلی وژن پر ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ایران پڑوسی ممالک پر حملہ نہیں کرے گا ’جب تک کہ پہلے حملہ نہ کیا جائے۔‘

    انھوں نے پڑوسی ممالک سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم کسی ملک پر حملہ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے‘ اور علاقائی تعاون کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ’امن اور سکون قائم کیا جا سکے۔‘

    صدر مسعود پزشکیان نے مزید بتایا کہ قیادت کی جانب سے مسلح افواج کو ہدایت دی گئی ہے کہ ’اب سے پڑوسی ممالک پر حملہ نہ کیا جائے، جب تک کہ (وہاں سے) پہلے حملہ نہ ہو۔‘

    انھوں نے خبردار کیا کہ جو قوتیں اس موقع کو ایران پر حملے کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہیں، انھیں ’سامراجیت کی کٹھ پتلی‘ نہیں بننا چاہیے۔ ان کے مطابق اسرائیل یا امریکہ کی حمایت ’عزت اور آزادی کا راستہ نہیں ہے۔‘

  15. ایرانی حملوں کے بعد دبئی آنے اور جانے والی تمام پروازیں معطل

    Emirates

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ایرانی حملوں کے بعد دبئی آنے اور جانے والی تمام پروازیں تاحکم ثانی معطل کر دی گئی ہیں۔ایئرلائن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ نہ جائیں۔

    ایمرٹس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مسافروں کی حفاظت اور عملے کی سلامتی اولین ترجیح ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ 28 فروری سے 31 مارچ تک سفر کرنے والے مسافر اپنی پروازیں 30 اپریل تک دوبارہ بُک کر سکتے ہیں یا ریفنڈ حاصل کر سکتے ہیں۔

    ایئرلائن نے مزید کہا ہے کہ تمام سٹی چیک اِن پوائنٹس دبئی میں عارضی طور پر بند کر دیے گئے ہیں اور مسافروں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنی رابطہ معلومات درست رکھیں تاکہ تازہ اپ ڈیٹس بروقت حاصل کر سکیں۔

  16. متعدد رکن ممالک پر ایرانی حملوں کا جائزہ لینے کے لیے عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس طلب

    Arab League

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    عرب لیگ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کل ایک ہنگامی اجلاس منعقد کریں گے جس میں ’متعدد عرب ممالک کی سرزمین پر ایران کے حملوں‘ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    حسام ذکی نے کہا کہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ہونے والا یہ اجلاس کویت، سعودی عرب، قطر، عمان، اردن اور مصر کی درخواست پر منعقد کیا جا رہا ہے۔

    ایک ہفتہ قبل جنگ کے آغاز کے بعد سے ایران نے خلیج فارس کے متعدد ممالک پر حملے کیے ہیں۔

  17. متحدہ عرب امارات اور کویت میں امریکی تنصیبات پر بڑے پیمانے پر میزائل و ڈرون حملے کیے: پاسداران انقلاب

    پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور کویت میں امریکی تنصیبات پر بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے ہیں، جن میں ریڈار سسٹمز، ایندھن ذخیرہ کرنے کی سہولیات اور رن ویز کو نشانہ بنایا گیا۔

    سنیچر کو جاری بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے تازہ فیز میں نئی جنریشن کے میزائل اور ڈرونز استعمال کیے گئے، اور ان حملوں کا ہدف امریکی پوزیشنز تھیں۔

    ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق اہم ترین ہدف یو اے ای کا الظفرہ ایئربیس تھا، جہاں درست نشانہ لگانے والے میزائل اور ڈرونز نے جدید ریڈار سسٹم، ایم کیو-9 ڈرونز کے ہینگرز اور امریکی جاسوس طیاروں (یو-2) سے متعلقہ سہولیات کو تباہ کیا۔

    پاسدارانِ انقلاب نے مزید کہا کہ کویت کے علی السالم ایئربیس پر بھی کروز اور بیلسٹک میزائلوں سے شدید حملے کیے گئے، جن میں ریڈار سسٹمز، ایندھن ذخیرہ کرنے کی تنصیبات اور امریکی طیاروں کے استعمال کے لیے دو رن ویز کو نقصان پہنچا۔

    اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ’80 سے زیادہ لڑاکا طیاروں‘ نے سنیچر کے روز تہران اور وسطی ایران میں فوجی مقامات، میزائل لانچنگ پیڈز اور دیگر اہداف پر حملے کیے۔

    اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ایران کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کے لیے ’ایک اضافی مرحلے کے فضائی حملے‘ مکمل کر لیے ہیں۔ فوج کے مطابق ان کارروائیوں میں 80 سے زائد اسرائیلی فضائیہ کے لڑاکا طیارے شریک تھے۔

    اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان حملوں میں کئی فوجی مقامات کو نشانہ بنایا گیا، جن میں پاسدارانِ انقلاب کی مرکزی فوجی یونیورسٹی امام حسین یونیورسٹی بھی شامل ہے، جہاں افسران کی تربیت کی جاتی تھی۔

    مزید بتایا گیا کہ ایرانی میزائل یونٹ کے ایک ذخیرہ گاہ اور ایک زیرِ زمین بیلسٹک میزائل مرکز کو بھی نشانہ بنایا گیا، جہاں سیکڑوں اہلکار موجود تھے۔

  18. ایران سے داغے گئے میزائل اور ڈرون حملوں کا جواب دے رہے ہیں: متحدہ عرب امارات

    UAE

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دبئی اور بحرین کے دارالحکومت منامہ میں آج صبح دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔ منامہ میں سائرن بجائے گئے اور بحرینی وزارتِ داخلہ نے اپنے ایک پیغام میں شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ ’قریبی محفوظ مقام پر چلے جائیں۔‘

    متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام اس وقت ایران کی جانب سے داغے گئے میزائل اور ڈرون حملوں کا جواب دے رہے ہیں۔

    وزارت کے مطابق عوام کو سنائی دینے والی آوازیں دراصل انہی میزائل اور ڈرونز کو روکنے اور تباہ کرنے کے عمل کی ہیں۔

    حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جاری کردہ حفاظتی اور سکیورٹی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

  19. ایران عقلمندی سے کام لے اور کسی غلط فہمی سے گریز کرے: سعودی عرب

    سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان نے سنیچر کے روز ایران پر زور دیا کہ وہ ’عقلمندی سے کام لے اور کسی غلط فہمی سے گریز کرے‘۔

    یہ درخواست اس وقت سامنے آئی ہے جب ایران نے جنگ کے آغاز کے بعد سے سعودی عرب کو بار بار میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

    پاکستانی فوج کے سربراہ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کے بعد سعودی وزیر دفاع نے سوشل نیٹ ورک ایکس پر لکھا ’ہم نے سعودی عرب پر ایران کے حملوں اور انھیں روکنے کے لیے ضروری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔۔ ہم نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے اقدامات خطے کی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ ایرانی فریق دانشمندی سے کام لے گا اور کسی غلط فہمی سے گریز کرے گا۔‘

    انھوں نے یہ لکھا کہ ’اس ملاقات میں مملکت پر ایرانی حملوں اور انھیں روکنے کے لیے مشترکہ سٹریٹجک دفاعی معاہدے کے تحت درکار اقدامات پر بات چیت کی گئی۔‘

  20. ابوظہبی اور کویت پر نئے ایرانی ڈرون حملے

    ایران کی فوج نے خطے میں امریکی اڈوں پر نئے ڈرون حملوں کا اعلان کیا ہے۔

    فوج نے کہا کہ آج صبح بحریہ نے ابوظہبی میں امریکی اڈوں اور کویت میں کیمپ العدیری کو ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا۔