گزشتہ 48 گھنٹوں میں ایران میں 300 جبکہ لبنان میں 170 اہداف کو نشانہ بنایا گیا: آئی ڈی ایف کا دعویٰ

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اسرائیل کی دفاعی افواج کی جانب سے ایکس پر جاری ہونے والے ایک تفصیلی بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیلی افواج نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ایران میں 300 جبکہ لبنان میں 170 سے زائد ’شدت پسندوں‘ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی فوج کا ایکس پر جاری بیان میں مزید کہنا ہے کہ ’اس نے تہران میں پاسدارانِ انقلاب کی فضائیہ کے مین ایئر ڈیفنس کمانڈ آپریشن روم پر ایک کامیاب حملہ کیا ہے۔‘
فوجی ترجمان ایلا واویہ نے ایکس پر ایک بیان میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’گزشتہ شب، فضائیہ نے ملٹری انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ اور ایئر انٹیلی جنس یونٹ کی درست رہنمائی میں ایران کے حکومتی ڈھانچے کو نشانہ بناتے ہوئے ایک وسیع پیمانے پر حملے کیے اور اہم اہداف حاصل کیے۔‘
انھوں نے بتایا کہ ان میں سے ایک حملہ پاسدارانِ انقلاب کی فضائیہ کے ایئر ڈیفنس کمانڈ آپریشن روم کو نشانہ بنایا گیا جو ایران کے فضائی حدود کے دفاع میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔
واویہ کے مطابق ’یہ مرکز پاسدارانِ انقلاب کی فضائیہ کے لیے سب سے اہم ایئر ڈیفنس کمانڈ سینٹر ہے۔‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’اسے نشانہ بنانے سے ایرانی حکومت کے دفاعی نظام اور کمانڈ و کنٹرول صلاحیتوں کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔‘














