پی ٹی آئی کی جانب سے دھرنے کا اعلان، پارلیمنٹ ہاؤس کی جانب جانے والے راستے بند, شہزاد ملک، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

،تصویر کا ذریعہPolice
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دھرنے کے اعلان کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کی جانب جانے والے راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
کابینہ ڈویژن چوک میں گاڑیوں کو آگے جانے سے روکا جا رہا ہے۔
تحریکِ انصاف کے ممبران اسمبلی و ممبران سینیٹ کی جانب سے آج پارلیمنٹ ہاوس کے باہر دھرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اپوزیشن نے عمران خان کی صحت سے متعلق حقائق منظر پر آنے کے دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا جبکہ پولیس کی بھاری نفری مختلف مقامات پر تعینات کر دی گئی ہے۔
پولیس کی جانب سے چائنہ چوک میں بھی کنٹینر لگا دیا گیا ہے۔ نادرہ چوک مرکزی گیٹ بھی مکمل بند کیا جا چکا ہے۔

،تصویر کا ذریعہPolice
راستوں کی بندش کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مظاہرین کو روکنے کے لیے پولیس ٹیمیں پہنچنا شروع ہو گئی ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک تحفظ آئین کے سربراہ محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ اج کے احتجاج میں کسی کو گالی دی جائے گی نہ پتھر آٹھایا جائے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ اج کا احتجاج عمران خان کی صحت سے متعلق ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ عمران خان کا علاج معالجہ کروایا جائے اورعلاج کروانا ان کا بنیادی کا حق ہے۔
محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ عمران خان کو ذاتی معالج تک رسائی دی جائے جبکہ شفا ہسپتال میں اُن کا علاج کروایا جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جیل کے ڈاکٹرز کی غفلت سے عمران خان کی بینائی بھی جا سکتی ہے کیونکہ عمران خان کی بیماری کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔


















