آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو, ایران نے امریکہ سے ’مذاکرات‘ جاری رکھنے کی درخواست کی جسے ہم نے قبول کر لیا، صدر ٹرمپ کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ترمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے ’مذاکرات‘ جاری رکھنے کی درخواست کی ہے جسے انھوں نے قبول کر لیا ہے۔ تاہم صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انھوں نے واضح طور پر ایران کو بتادیا ہے کہ جنگ بندی ختم ہو گئی ہے۔

لائیو کوریج

  1. ایران میں جمعرات کی رات بھی دھماکوں کی آوازیں آتی رہیں

    ایران سے جمعرات کی رات کو بھی دھماکوں کی آوازیں سنی جانے کی اطلاعات موصول ہوتی رہیں۔

    جمعرات کی رات ایران کی مہر نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ صوبہ سیستان و بلوچستان کے شہر کنارک میں ’تین دھماکوں‘ کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا: ’ابھی تک ممکنہ نقصان کی نوعیت اور حجم کے بارے میں کوئی معلومات دستیاب نہیں ہیں۔‘

    نیم سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اس کے علاوہ بوشہر اور چغادک کے نواح میں ’دو دھماکوں‘ کی آوازیں بھی سنی گئی۔

    گذشتہ تین راتوں کے دوران امریکہ نے ایران کے مختلف علاقوں، خصوصاً ملک کے جنوبی ساحلی پٹی کے علاقوں میں، شدید حملے کیے ہیں۔

  2. مشہد: ایران کا مقدس ترین شہر اور خامنہ ای کی آخری آرام گاہ

    آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین اُن کی ’وصیت‘ اور ’رشتہ داروں کی تجویز‘ کے مطابق مشہد میں امام رضا کے مزار پر کر دی گئی ہے۔

    مشہد کا مطلب ہے جائے مدفن شہید اور اسی مناسبت سے اسے مشہد الرضا کہا جاتا ہے۔

    مشہد میں امامِ رضا کے روضے کی صدیوں پرانی اور طویل تاریخ ہے۔

    ایران آنے والے نوّے فیصد غیر ملکیوں کی ایران آمد کا مقصد روضہ امام کی زیارت ہوتا ہے۔

  3. علی خامنہ ای کی نماز جنازہ بڑے بیٹے مصطفیٰ خامنہ ای نے پڑھائی

    ایران کے سابق رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ ان کے بڑے بیٹے مصطفیٰ خامنہ ای نے پڑھائی ہے۔

    اس سے قبل ایرانی سرکاری ٹیلی وژن نے اعلان کیا تھا کہ مشہد میں علی خامنہ ای کے جنازے کی تقریب آیت اللہ حسین نوری ہمدانی کی امامت میں نمازِ جنازہ کے ساتھ اختتام پذیر ہوگی۔ تاہم نوری ہمدانی کی عدم موجودگی کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔

    علی خامنہ ای کے بڑے بیٹے کی جانب سے نمازِ جنازہ پڑھائے جانے کے بعد ایک بار پھر مجتبیٰ خامنہ ای کی اپنے والد کے جنازے میں عدم موجودگی کا معاملہ توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

  4. ضرورت پڑنے پر ایران پر تیسری بار حملے کے لیے تیار ہیں: اسرائیلی وزیر دفاع

    اسرائیل کے وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز کا کہنا ہے کہ ان کے ملک کی فوج ’چوکنا اور تیار‘ ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق وزیرِ دفاع نے پائلٹس کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ’ضرورت پڑنے پر ایران پر تیسری بار حملے کے لیے تیار ہے۔‘

    اسرائیل ایران میں جنگ کے آغاز سے ہی شامل رہا اور 28 فروری کو اس نے امریکہ کے ساتھ مل کر مشترکہ حملے کیے تھے۔

  5. ’ایران اپنے دفاع کے لیے تیار ہے‘: عباس عراقچی کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بات چیت

    ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ بات چیت میں حالیہ امریکی حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے دونوں ملکوں کے درمیان 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی قرار دیا۔

    ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ایرنا کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں عباس عراقچی نے امریکی فوج کی کسی بھی مہم جوئی کے خلاف خبردار کرتے ہوئے ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے ایرانی قوم اور اس کی مسلح افواج کے غیر متزلزل عزم اور ارادے پر زور دیا۔

    دوسری جانب عباس عراقچی نے ترکی اور عمان میں اپنے ہم منصبوں سے بات چیت کی، جس میں تمام فریقوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے حوالے سے سفارت کاری پر زور دیا ہے۔

    عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ ترکی اور عمان کے وزرائے خارجہ نے علاقائی مسائل کے حل اور کشیدگی میں اضافے کو روکنے کے لیے ’مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔‘

  6. کالعدم قرار دی گئی عوامی ایکشن کمیٹی کا 15 جولائی کو راولاکوٹ سے مظفرآباد لانگ مارچ کا اعلان

    پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں کالعدم قرار دی جانے والی جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے اپنے مطالبات کے حق میں 15 جولائی کو راولاکوٹ سے مظفرآباد کی جانب لانگ مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    تنظیم نے اس سے قبل 9 جون کو بھمبر سے لانگ مارچ شروع کیا تھا، تاہم راولاکوٹ پہنچنے پر انتظامیہ نے شرکا کو آگے بڑھنے سے روک دیا تھا۔ اس کے بعد سے لانگ مارچ کے شرکا راولاکوٹ کے نواحی علاقے دریک عیدگاہ میں دھرنا دیے ہوئے ہیں۔

    گذشتہ ہفتوں کے دوران عوامی ایکشن کمیٹی کے کارکنوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں چار پولیس اہلکاروں سمیت ایک درجن سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    راولاکوٹ کی ضلعی انتظامیہ نے تنظیم کی جانب سے نئے لانگ مارچ کے اعلان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی الوقت یہ صرف ایک اعلان ہے۔ انتظامیہ کے مطابق جب شرکا عملی طور پر لانگ مارچ شروع کریں گے تو اس صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

    ضلعی حکام کا کہنا ہے کہ اس مرحلے پر لانگ مارچ کی اہمیت اس کے عملی آغاز کے بجائے محض اعلان تک محدود ہے۔

  7. گذشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ

    • کوئٹہ میں صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان میں دہشت گردی کے افسوسناک واقعات میں پولیس اہلکاروں، سکیورٹی فورسز کے جوانوں اور شہریوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائیوں کے دوران 54 دہشت گردوں کو ہلاک کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گی۔
    • بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سکیورٹی سے متعلق حالیہ واقعات کے خلاف احتجاجی دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ایئرپورٹ روڈ پر شدت پسندوں کے حملوں کے خلاف گذشتہ اتوار سے جاری دھرنے کے بعد اب کوئلہ پھاٹک پر بھی ایک نیا دھرنا شروع ہو گیا ہے۔ کوئلہ پھاٹک پر دیا جانے والا یہ دھرنا ضلع زیارت میں مانگی ڈیم فیز تھری کی تعمیراتی سائٹ پر تعینات پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے خلاف ہے۔
    • امریکی حملوں کے بعد ایرانی ذرائع ابلاغ کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیوز اور تصاویر سے شمالی ایران کے شہر آق قلعہ میں واقع ایک ریلوے پل کو پہنچنے والے نقصان کی تصدیق ہوئی ہے۔
    • ایران آبنائے ہرمز پر اپنا کنٹرول مضبوط کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اس نے مطالبہ کیا ہے کہ جہاز خلیج میں اپنی ساحلی پٹی کے قریب حکومت کی منظور شدہ سمندری گزرگاہ استعمال کریں۔
    • آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین کے ساتھ ایران اور پڑوسی ملک عراق کے پانچ شہروں میں جاری چھ روزہ عوامی سوگ کی تقریبات اختتام پذیر ہو گئیں۔
  8. بی بی سی اردو کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔

    پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق بی بی سی اردو کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔