آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو, اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی امریکہ اور ایران سے جھڑپیں ختم کرنے کی اپیل

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اتوار کو امریکہ اور ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حالیہ جھڑپوں کا سلسلہ بند کریں اور ان کے خاتمے کے لیے مذاکرات دوبارہ شروع کریں۔ اس سے پہلے امریکہ کی جانب سے کیے گئے تازہ حملوں میں جنوبی ایران کے مختلف علاقوں میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوئے جبکہ ایران نے کویت کے شمالی حصے میں واقع تیل کی تین تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی دعویٰ کیا کہ ’ایران اور امریکہ سنیچر کے روز ایک ’معاہدے‘ کے قریب پہنچ چکے تھے، لیکن اچانک ایران نے ایک ڈرون کے ذریعے ایک بحری جہاز پر حملہ کردیا۔‘

لائیو کوریج

  1. اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی امریکہ اور ایران سے جھڑپیں ختم کرنے کی اپیل

    اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اتوار کو امریکہ اور ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حالیہ جھڑپوں کا سلسلہ بند کریں اور ان کے خاتمے کے لیے مذاکرات دوبارہ شروع کریں۔

    گوتریس نے خاص طور پر ایران کے خلاف امریکہ کے حملوں اور آبنائے ہرمز میں جہازوں پر ایران کے حملوں اور خلیج فارس کے خطے میں امریکہ کے اتحادیوں کے ٹھکانوں پر حملوں کا ذکر کیا۔

    انتونیو گوتریس کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’یہ حملے بند ہونے چاہیں۔‘

    یہ اپیل ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اتوار کی شام دوبارہ جھڑپیں شروع ہو گئی ہیں۔

  2. بریکنگ, امریکہ کے تازہ حملوں میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی

    اطلاعات کے مطابق امریکہ کی جانب سے کیے گئے تازہ حملوں میں جنوبی ایران کے مختلف علاقوں میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔

    ارنا کے مطابق ہفتے کی شام حاجی آباد، فارور بندر لنگہ اور قشم کے علاقوں پر حملے کیے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق فارور بندر لنگہ پر حملے میں موبائل فون کمپنی ’ہمراہ اول‘ کے دیکھ بھال کے شعبے سے وابستہ ایک ملازم ہلاک جبکہ اس کے دو ساتھی زخمی ہو گئے۔

    اس سے قبل قشم کے گورنر حسین امیر تیموری نے بتایا تھا کہ جزیرے پر 10 سے 11 میزائل یا گولے آ کر گرے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ تمام اہداف فوجی نوعیت کے تھے اور ان حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

  3. مُلک کے شمالی حصے میں واقع تیل کی تین تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے: کویتی وزارتِ دفاع

    کویت کی وزارتِ دفاع نے نئے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ملک کے شمالی حصے میں واقع تیل کی تین تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جس سے جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ہیں جبکہ مالی نقصان ہوا ہے۔‘

    وزارتِ دفاع کے بیان کے مطابق ’کویت آئل کمپنی کے ایک آف شور آئل پلیٹ فارم پر بھی ڈرون حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک کارکُن کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔‘

    کویتی فوج نے کہا ہے کہ ’وہ ضروری حفاظتی اقدامات کرنے اور ملک کی سلامتی برقرار رکھنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔‘

    دوسری جانب ایرانی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ’کویت میں امریکی فوج کے زمینی میزائل یونٹ کے ایک مقام کو نشانہ بنایا گیا ہے۔‘

    تاہم ایرانی فوج اور پاسداران انقلاب کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

  4. بریکنگ, ایران کے جزیرے قشم پر تازہ حملے کیے گئے ہیں: گورنر جزیرہ قشم

    ایران کے جزیرہ قشم کے گورنر نے جزیرے پر نئے حملوں کی تصدیق کی ہے۔

    ایران کے جزیرہ قشم کے گورنر حسین امیر تیموری نے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کو بتایا کہ اتوار کی شام قشم جزیرے پر 10 سے 11 میزائلوں سے حملے کیے گئے ہیں۔

    ان کے مطابق ’تمام اہداف فوجی نوعیت کے تھے اور ان حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔‘

    اس سے قبل ایرانی میڈیا نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بندر عباس اور قشم میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کی اطلاعات دی تھیں۔

    خبر رساں ادارے فارس کے مطابق ’بندر عباس کے مشرقی علاقوں اور قشم کے سمندری علاقے سے کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔‘

    ادارے نے مزید بتایا کہ ’قشم جزیرے کے جنوبی علاقے ماسان کے رہائشیوں نے بھی متعدد دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی ہے۔‘

  5. بریکنگ, عراق کی سرحد کے قریب کویت میں حملے کی اطلاعات

    سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں مبینہ طور پر عراق کی سرحد کے قریب کویت میں دھویں کا ایک بڑا بادل اٹھتا دکھائی دیتا ہے۔

    بی بی سی فارسی کی فیکٹ چیکنگ ٹیم نے اس ویڈیو اور ایک تصویر کا جائزہ لینے کے بعد مقام کی تصدیق کی ہے۔

    کویت یا ایرانی حکام کی جانب سے اس واقعے یا فضا میں اُٹھتے دھویں بادل کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔

    تاہم ایرانی خبر رساں اداروں فارس اور مہر نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ دھواں ’تین بیلسٹک میزائلوں‘ کے حملے کے نتیجے میں اٹھا، جبکہ حملے کا ہدف ’امریکی میزائل داغنے کا ایک مقام‘ تھا۔ ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

  6. کل ہم ایران کے ساتھ معاہدے کے قریب تھے لیکن اچانک اُس نے بحری جہاز پر حملہ کر دیا: ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ’ایران اور امریکہ سنیچر کے روز ایک ’معاہدے‘ کے قریب پہنچ چکے تھے، لیکن اچانک ایران نے ایک ڈرون کے ذریعے ایک بحری جہاز پر حملہ کردیا۔‘

    ٹرمپ نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ ہر چیز سے دستبردار ہونے کے لیے تیار تھے، لیکن اس کے دو گھنٹے بعد انھوں نے ڈرون کے ذریعے ایک جہاز پر حملہ کر دیا۔‘

    امریکی صدر نے ایرانی حکام کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ’ان لوگوں کو ایک مسئلہ درپیش ہے۔‘

    ایران کی جانب سے جہازوں پر کیے گئے حملوں کے جواب میں امریکہ کی کارروائی کے بارے میں ٹرمپ نے کہا کہ ’ہم نے گزشتہ رات انھیں بہت سخت جواب دیا۔‘

    اس سے قبل امریکہ نے اعلان کیا تھا کہ آبنائے ہرمز میں ایک تجارتی جہاز پر پاسداران انقلاب کے حملے کے جواب میں امریکی فوج نے ایران کے اندر پاسدارانِ انقلاب کے ’140 فوجی اہداف‘ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔‘

    تاہم ایرانی پاسداران انقلاب اور فوج کے جانب سے بھی قطر، کویت، بحرین، عمان اور اردن میں موجود امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا۔

  7. امریکہ اور ایران میں کشیدگی برقرار، آبنائے ہرمز کی بحالی اور بندش کے حوالے سے متضاد دعوے

    آبنائے ہرمز کی بندش یا اس اہم آبی گُزر گاہ کے کھلے ہونے کے حوالے سے متضاد خبریں سامنے آرہی ہیں جہاں ایک جانب اب امریکی حکام اس کے کھلے ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں وہیں ایران کی جانب سے اس کے مکمل طور پر بند ہونے کا اعلان سامنے آیا تھا۔

    اب سے کُچھ دیر قبل امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے ایکس پر جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’یہ اہم آبی گزرگاہ کھلی ہے اور امریکی افواج ’جہاز رانی کی محفوظ آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے تیار اور تعینات ہیں۔‘

    سینٹ کام کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’آبنائے ہرمز تمام ایسے جہازوں کے لیے کھلی ہے جو اس بین الاقوامی آبی راستے سے قانونی طور پر گزرنا چاہتے ہیں۔ ایران کی بلاجواز دھمکانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور من مانے اعلانات کے باوجود امریکی افواج تعینات ہیں اور جہاز رانی کی آزادی برقرار رکھنے کے لیے تیار ہیں۔‘

    سینٹ کام نے مزید کہا کہ ’ایران آبنائے ہرمز کو کنٹرول نہیں کرتا۔‘

    سینٹ کام کے بیان سے کچھ دیر قبل ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کے انتظام کے لیے مقرر کردہ ادارے نے اعلان کیا تھا کہ یہ آبی گزرگاہ فی الحال بند ہے۔

    ’پرشین گلف واٹر وے مینجمنٹ ایتھارٹی‘ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’خطے میں امریکی فوجی دستوں کی حالیہ غیر قانونی نقل و حرکت کے باعث آبنائے ہرمز سے آمد و رفت فی الحال ممکن نہیں ہے۔ جیسے ہی استحکام اور امن کی صورتحال بحال ہوگی، تمام درخواستوں کا جائزہ لیا جائے گا اور شیڈول کے مطابق ضروری اجازت نامے جاری کیے جائیں گے۔‘

    اس سے قبل ایرانی پاسداران انقلاب نے ایک بیان میں کہا تھا ’آبنائے ہرمز مزید اطلاع تک اور خطے میں امریکی مداخلت کے خاتمے تک بند رہے گی اور کسی بھی جہاز کو اس سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘

    ایران آبنائے ہرمز کو بین الاقوامی آبی گزرگاہ تسلیم نہیں کرتا بلکہ اسے ایران اور عمان کے علاقائی پانیوں کا حصہ قرار دیتا ہے۔

    گزشتہ چند روز کے دوران ایرانی پاسداران انقلاب نے ان جہازوں کو نشانہ بنایا ہے جو امریکی حمایت کے ساتھ جنوبی راستے، یعنی عمان کے ساحل کے قریب واقع گزرگاہ سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

    امریکہ ان اقدامات کو غیر قانونی قرار دیتا ہے اور اسے عمان کی سمندری حدود میں مداخلت سمجھتا ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ امریکہ کے ساتھ طے پانے والی مفاہمت کے مطابق آبنائے ہرمز کو کھولنے کا اختیار صرف ایران کے پاس ہے، کسی اور ملک کے پاس نہیں۔

    مفاہمتی یادداشت کے پانچویں پیراگراف میں کہا گیا ہے کہ ’اس یادداشت پر دستخط کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران اپنی بہترین کوششوں کے تحت تجارتی جہازوں کی محفوظ آمد و رفت کے لیے انتظامات کرے گا، تاہم یہ سہولت صرف 60 دن کے لیے بلا معاوضہ فراہم کی جائے گی، جس کے تحت خلیج فارس سے بحیرہ عمان اور بحیرہ عمان سے خلیج فارس تک آمد و رفت ممکن ہو گی۔‘

  8. بلوچستان کے ضلع واشک میں فائرنگ کے نتیجے میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد ہلاک: ڈی سی, روحان احمد، بی بی سی نیوز اردو

    بلوچستان کے ضلع واشک میں فائرنگ کے ایک واقعے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    واشک کے ڈپٹی کمشنر عبدالمجید سرپارہ نے بی بی سی نیوز اردو کو بتایا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ واشک کی تحصیل ماشکیل میں پیش آیا ہے، جہاں نامعلوم افراد نے ایک دکان پر فائرنگ کر کے پنجاب سے تعلق رکھنے والے پانچ مزدوروں کو ہلاک کر دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والوں کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مزدوروں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا ہے کہ ’دہشت گردی میں ملوث ہر مجرم کو انجام تک پہنچایا جائے گا، ریاست کی رٹ پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی مزید فیصلہ کن ہوگی۔‘

    ترجمان بلوچستان شاہد رند کا کہنا ہےکہ ’واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔‘

  9. قطر کی ایرانی میزائل حملوں کی مذمت: ’اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے اثرات کی ذمہ داری ایران پر عائد ہوتی ہے‘

    قطر نے ایران کی جانب سے اپنے ملک کے علاوہ اردن، متحدہ عرب امارات، بحرین، عمان اور کویت پر کیے گئے نئے حملوں کی شدید مذمت کی ہے جبکہ ان حملوں کے نتیجے میں قطر میں تین افراد کے زخمی ہونے کی بھی تصدیق کی ہے۔

    قطری وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ حملے نہ صرف بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کی صریح خلاف ورزی ہیں بلکہ اچھے ہمسائیگی کے اصولوں کے بھی منافی ہیں۔

    وزارتِ خارجہ کے مطابق ان حملوں کا سلسلہ ایک خطرناک کشیدگی کو جنم دے رہا ہے جس سے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے جاری سیاسی اور سفارتی کاوشیں متاثر ہوں گی۔

    قطر کا کہنا ہے کہ ان حملوں نتیجے میں پیدا ہونے والے تمام اثرات کی مکمل قانونی ذمہ داری ایران پر عائد ہوتی ہے۔

    وزارت خارجہ کا کہنا کہ قطر اپنی خودمختاری، سلامتی، علاقائی سالمیت اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کر سکتا ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے قطر جواب دینے کا مکمل حق محفوظ رکھتا ہے۔

    ایرانی میزائلوں کا ملبہ گرنے سے ایک بچے سمیت تین افراد زخمی: وزارتِ داخلہ

    قطر کی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے ایران کی جانب سے داغے میزائلوں کا ملبہ گرنے کے نتیجے میں ایک بچے سمیت تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کو روکنے کے لیے کی جانے والی کارروائیوں کے دوران ملبہ گرنے سے تین افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ زخمیوں کو ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ سکیورٹی ادارے چوبیس گھنٹے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے اور فوردی ردِعمل دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل پاسداران انقلاب نے ایک بیان میں کہا تھا کہ جنوبی ایرانی شہروں پر امریکی حملوں کے جواب میں اس نے قطر کے العدید ایئر بیس کو نشانہ بنایا ہے۔

    پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا تھا کہ قطر میں واقع امریکی العدید ایئر بیس کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا اور اس اڈے میں لڑاکا طیاروں کی مرمت و دیکھ بھال کے مرکز کے ساتھ ساتھ کمانڈ اور کنٹرول مرکز کو بھی تباہ کر دیا گیا۔

  10. ’ہم خوفزدہ ہیں‘: سمندری طوفان چین کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا، 20 لاکھ افراد محفوظ مقامات پر منتقل, رابرٹ گرینل، بی بی سی نیوز

    ایک طاقتور سمندری طوفان (ٹائفون) چین کے ساحل سے ٹکرا گیا ہے۔ ایک ہفتے کے دوران ملک سے ٹکرانے والا یہ دوسرا بڑا طوفان ہے، جبکہ طوفان کی زد میں آنے والے علاقوں سے تقریباً 20 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

    ’باوی‘ نامی سمندری طوفان، جو تقریباً 1,000 کلومیٹر کے رقبے تک پھیلا ہوا ہے، ہفتے کی شام سب سے پہلے ساحلی شہر تائیژو سے ٹکرایا، جس کے بعد آدھی رات کے قریب یہ دوبارہ وینژو کے علاقے میں داخل ہوا۔

    اس سے قبل طوفان کے باعث ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں فلپائن میں کم از کم 17 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

    اگرچہ طوفان کمزور ہو چکا ہے، تاہم اس کے بارشی نظام میں موجود نمی کی بہت بڑی مقدار اب بھی خطرے کا باعث ہے۔

    ماہرین کے مطابق طوفان شمال مغرب کی جانب بڑھتے ہوئے بتدریج اپنی شدت کھو دے گا۔

    چینی سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق اتوار کی صبح طوفان صوبہ زیجیانگ کے شہر ہانگژو تک پہنچ گیا تھا۔

    سرکاری میڈیا کے مطابق صرف صوبہ زیجیانگ میں 17 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، جبکہ پڑوسی صوبوں میں بھی ہزاروں افراد کا انخلا عمل میں لایا گیا۔ زیجیانگ میں تعلیمی ادارے، دفاتر اور بیرونی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں، جبکہ 400 پروازیں اور درجنوں ریل سروسز منسوخ کر دی گئی ہیں۔

    تقریباً ایک کروڑ آبادی والا شہر وینژو طوفان کے راستے کے قریب واقع ہے، جہاں حکام نے لاکھوں رہائشیوں کے انخلا کے احکامات جاری کیے ہیں۔

    وینژو کے رہائشی لی لیانگ شِنگ نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا: ’ہم چھت کے ٹائلز اور درختوں کی شاخوں کے گرنے کی آوازیں سن سکتے ہیں۔ یقیناً ہم خوفزدہ ہیں۔‘

    حکام کے مطابق بیجنگ میں بھی خطرات سے بچاؤ کے لیے ایک لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔

  11. اردن کی تین ایرانی میزائلوں سے معمولی نقصان کی تصدیق

    اُردنی فوج نے بتایا ہے کہ اتوار کی صبح ایران کی جانب سے داغے گئے تین میزائل ملک کی حدود میں گرے۔

    فوجی بیان میں ایک عسکری ذریعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’آج صبح ایرانی سرزمین سے داغے گئے تین میزائل اردن کے مختلف مقامات پر گرے، تاہم اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔‘

  12. انڈیا کی عمانی ساحل پر بحری جہاز پر حملے کی مذمت، اپنے 10 شہریوں کو بحفاظت نکالنے کی تصدیق

    انڈیا نے اتوار کو عمان کے ساحل پر تجارتی جہاز پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    انڈین وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ جہاز پر سوار 11 انڈین شہریوں میں سے 10 کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے جبکہ ایک انڈین شہری تاحال لاپتہ ہے۔

    وزارتِ خارجہ کے مطابق عمان میں انڈین سفارت خانہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور عمانی حکام کے ساتھ مل کر کیے جانے والے تلاش اور بچاؤ کے آپریشنز میں فعال تعاون کر رہا ہے۔

    وزارت نے اس مہم میں تعاون کرنے پر حکومتِ عمان اور وہاں کے حکام کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    وزارتِ خارجہ نے کہا کہ خطے میں تجارتی جہازوں پر مسلسل حملے انتہائی تشویشناک ہیں۔ انڈیا نے ایک بار پھر خطے میں کشیدگی میں فوری کمی لانے اور جاری مذاکرات کے ذریعے سفارتی حل تلاش کرنے پر زور دیا ہے تاکہ امن و استحکام بحال ہو سکے۔

  13. اسحاق ڈار کا ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلی فونک رابطہ

    پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلی فونک پر گفتگو کی ہے جس میں مشرقِِ وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    پاکستان کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسحاق ڈار نے فریقین پر زور دیا کہ وہ کشیدگی میں کمی لانے کی راہ اپنائیں اور تحمل کا مظاہرہ کریں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ جون 2026 میں اسلام آباد مفاہمت یادداشت پر اتفاق کیا گیا تھا۔ اُنھوں نے اس بات پر زور دیا کہ تنازعات کے حل اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے حصولے کے لیے بات چیت اور سفارتکاری ہی واحد راستہ ہے۔

    دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

  14. ایران اور عمانی حکام کی ملاقات کا مقصد آبنائے ہرمز سے متعلق طریقہ کار طے کرنا تھا: ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ

    ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے مسقط میں عباس عراقچی اور عمانی حکام کے درمیان گذشتہ روز ہونے والی بات چیت کے بارے میں کہا کہ ان مذاکرات کا مقصد آبنائے ہرمز میں آمدورفت اور جہاز رانی کے طریقہ کار کے حوالے سے باہمی ہم آہنگی پیدا کرنا تھا۔

    ایک بیان میں اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں دونوں ممالک کے قانونی اور تکنیکی وفود موجود تھے۔

    اُنھوں نے کہا کہ ’آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ دونوں ساحلی ممالک کے خودمختار حقوق، بین الاقوامی قوانین اور اسلام آباد مفاہمت نامے (ایم او یو) کی شق نمبر پانچ کے تقاضوں کا احترام کرتے ہوئے امور پر بات چیت اور تبادلہ خیال کیا گیا۔‘

    اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ٹریفک کے انتظام کے لیے نئے انتظامات کی تشکیل دونوں ممالک کے درمیان مشاورت کے دائرہ کار میں اور گذشتہ چند مہینوں کے واقعات، بالخصوص جنگ اور اس کے نتیجے میں اس آبی گزرگاہ میں جہاز رانی پر مرتب ہونے والے سکیورٹی اثرات کو مدِنظر رکھتے ہوئے کی جانی چاہیے۔

  15. قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کی 74 برس کی عمر میں وفات

    قطر کی حکومت نے ملک کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کی وفات کا اعلان کیا ہے۔ وہ 1995 سے 2013 تک قطر کے امیر رہے۔ اُن کی عمر 74 برس تھی۔

    شیخ حمد بن خلیفہ الثانی جدید کے اہم معماروں میں سے ایک تھے، اور ان کے دورِ حکومت میں ملک نے تیز رفتار اقتصادی ترقی دیکھی۔

    ان کے دورِ حکومت میں، ان کے حکم پر 1996 میں ’الجزیرہ انٹرنیشنل نیٹ ورک‘ کا آغاز کیا گیا تھا۔

  16. عمان کے ساحل کے قریب نشانہ بنائے گئے جہاز کے عملے کو بچا لیا گیا: میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز

    برطانوی ادارے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) نے کہا ہے کہ عمان کے ساحل کے قریب حملے کا نشانہ بننے والے بحری جہاز کے عملے کو ’مقامی حکام نے بچا لیا ہے۔‘

    اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں یو کے ایم ٹی او نے فوجی حکام کے حوالے سے بتایا کہ حملے کے نتیجے میں ’بحری جہاز کے پچھلے حصے کو نقصان پہنچا اور آگ بھڑک اٹھی۔‘

    ادارے کے مطابق جہاز میں آگ لگنے کے بعد عملہ لائف بوٹ کے ذریعے جہاز چھوڑنے پر مجبور ہو گیا تھا۔

    لیکن اس کے بعد یو کے ایم ٹی او کی جانب سے جاری اپ ڈیٹ میں جہاز کی کمپنی کے سکیورٹی افسر کے حوالے سے رپورٹ کیا گیا کہ مقامی حکام نے عملے کو بچا لیا ہے۔

  17. امریکی حملوں میں ایران کے بوشہر اور لرستان کے علاقے نشانہ بنے

    ایران میں بوشہر کے گورنر محمد مظفری نے کہا ہے کہ گذشتہ رات امریکی حملوں میں شہر کے چار مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔

    انھوں نے بتایا کہ ان حملوں میں 10 میزائل شہر کے تین علاقوں اور بوشہر کے نواحی شہر چُغادک کے قریب ایک علاقے پر گرے۔

    بوشہر کے گورنر کے مطابق اب تک ان حملوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    ادھر صوبہ لرستان کی انتظامیہ نے بھی ضلع چگنی کے علاقے ویسیان میں ایک میزائل گرنے کی اطلاع دی ہے۔

  18. کہا تھا کہ وعدے پورے کریں یا وعدہ خلافی کی قیمت ادا کریں: باقر قالیباف

    ایران کے مرکزی مذاکرات اور پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا: ’یک طرفہ معاہدوں کا دور ختم ہو چکا۔ ہم نے آپ سے کہا تھا، یا اپنے وعدے پورے کریں یا (وعدہ خلافی کی) قیمت ادا کریں۔ حقیقت آپ کے سامنے ہے۔‘

    اس پوسٹ کے ساتھ امریکہ اور ایران میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کی شق نمبر پانچ کی ایک تصویر بھی شیئر کی گئی۔

    اس میں درج ہے: ’مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد ایران خلیج فارس سے بحیرہ عمان اور بحیرہ عمان سے خلیج فارس آنے جانے والے تجارتی جہازوں کی محفوظ آمد و رفت کے لیے انتظامات کرے گا، اور یہ سہولت صرف 60 دن تک بغیر کسی فیس کے فراہم کی جائے گی۔‘

    اس شق کی جو تصویر باقر قالیباف نے شیئر کی، اس میں ’ایران انتظامات کرے گا‘ کے الفاظ کو نمایاں کیا گیا ہے۔

  19. پاسداران انقلاب کا آبنائے ہرمز میں ایک اور جہاز اور قطر کے العدید ایئر بیس کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

    پاسداران انقلاب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنوبی ایرانی شہروں پر امریکی حملوں کے جواب میں اس نے آبنائے ہرمز میں دوسرے جہاز کو نشانہ بنا کر روک دیا ہے۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’جوابی کارروائی کے دوسرے مرحلے میں قطر میں واقع امریکی العدید ایئر بیس کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا اور اس اڈے میں لڑاکا طیاروں کی مرمت و دیکھ بھال کے مرکز کے ساتھ ساتھ کمانڈ اور کنٹرول مرکز کو بھی تباہ کر دیا گیا۔‘

  20. پاسدارانِ انقلاب کا عمان کی دُقم بندرگاہ میں امریکی لاجسٹک مراکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

    ایران کے خبر رساں ادارے فارس کے مطابق پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک شدید اور اچانک حملے میں عمان کی بندرگاہ دُقم میں امریکی طیارہ بردار بحری جہازوں کے لیے لاجسٹک معاونت کے مراکز اور ایندھن فراہم کرنے والے پلیٹ فارمز کو تباہ کر دیا گیا ہے۔