افغانستان کے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں فضائی حملوں کے دعوے: افغان طالبان کے چار ڈرونز مار گرائے، پاکستانی فوج
افغان طالبان نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں داعش کے مبینہ ٹھکانوں پر فضائی حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔ ادھر پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان میں سرحد پار سے بھیجے گئے چار ڈرونز کو پاکستانی فضائی دفاعی نظام نے بروقت نشاندہی کے بعد ناکام بنا دیا ہے۔
خلاصہ
ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے تمام مراحل 'نظام کی پالیسیوں کے دائرہ کار میں اور ایران کے رہبر اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کے ساتھ مکمل اور مسلسل ہم آہنگی' کے تحت آگے بڑھے ہیں۔
امریکہ میں ہوم لینڈ سکیورٹی کے سیکٹریٹری مارکوین مولن کا کہنا ہے کہ انھوں نے ایران کے فُٹ بال ورلڈ کپ سے باہر ہونے پر 'خوشی میں رقص' کیا تھا۔
ایران کے صوبے کرمانشاہ میں فائرنگ کے ایک واقعے میں پاسدارانِ انقلاب کے دو اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
وینزویلا زلزلہ: ہلاکتوں کی تعداد 1700 سے تجاوز، 70 ہزار سے زائد افراد تا حال لاپتہ
برطانیہ میں پناہ گزینوں کے لیے نیا قانون: تارکین وطن کو تقریباً 10 ہزار پاؤنڈزز واپس کرنا ہوں گے
انڈیا کی افغانستان پر پاکستانی حملوں کی مذمت: ’یہ افغانستان کی خود مختاری پر حملہ اور علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے‘
لائیو کوریج
ایرانی وزیر خارجہ اور عراق کے وزیر اعظم کی ملاقات، جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں پر زور
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے عراق کے دورے کے موقع پر وہاں کے وزیر اعظم علی فتح زیدی سے ملاقات کی ہے۔
بی بی سی فارسی کے مطابق عراق کے وزیر اعظم سے ملاقات میں عباس عراقچی نے جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں پر بات کی اور ساتھ ہی عراق سمیت علاقائی ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنی زمین کو ایران کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں۔
انھوں نے ایران اور عراق کے درمیان تعاون جاری رکھنے پر بھی زور دیا۔
عراقی وزیر اعظم نے بھی جنگ کے خاتمے کے لیے بات چیت کی حمایت کی اور کہا کہ عراق خطے میں امن اور استحکام کے لیے مذاکرات کو اہم سمجھتا ہے۔
اسرائیل کو لبنان میں فوجی کارروائیوں سے فوری طور پر روکا جائے: ایران کا امریکہ سے مطالبہ
،تصویر کا ذریعہGetty Images
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ’امریکہ کے ساتھ طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے تحت اسرائیل کا لبنان سے انخلا اور اس کی فوجی کارروائیوں کا خاتمہ لازمی ہے۔‘
عراقی دارالحکومت بغداد کے سرکاری دورے کے دوران انھوں نے اس مؤقف پر زور دیا کہ خطے میں کسی بھی معاہدے کی کامیابی کے لیے یہ اقدامات بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایرانی خبر رساں اداروں مہر نیوز اور ارنا کی جانب سے ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ اسماعیل بقائی نے بھی اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’امریکہ کو تمام ضروری اقدامات کرنے چاہییں تاکہ اسرائیل لبنان میں اپنی فوجی کارروائیاں بند کرے۔‘
اتوار کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسماعیل بقائی نے کہا تھا کہ ’اسلامی جمہوریہ ایران اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کے مطابق اپنی اصولی پالیسیوں کے تحت لبنان کی قومی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور تمام لبنانی شہریوں کے وقار و سلامتی کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتا ہے۔‘
اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کا حوالہ دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ’ایران کا ایک بنیادی مطالبہ اسرائیلی کارروائیوں کا لبنان میں خاتمہ اور ایران کے خلاف جاری جنگ کا بھی اختتام ہے، جس پر ایران مسلسل زور دیتا رہا ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’مفاہمتی یادداشت کی پہلی شق پر مکمل عمل درآمد، یعنی لبنان کے خلاف اسرائیلی حملوں کا خاتمہ اور تمام مقبوضہ لبنانی علاقوں سے افواج کا انخلا، خطے میں پائیدار استحکام کے لیے ضروری شرط ہے۔‘
گذشتہ روز کی اہم خبریں
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خبردار کیا ہے کہ ’آبنائے ہرمز کے انتظام میں کسی بھی قسم کی مداخلت خطے میں کشیدگی بڑھانے کا سبب بنے گی۔‘
ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے مطالبہ کیا ہے کہ لبنان کے مقبوضہ علاقوں سے اسرائیلی افواج کے غیر مشروط انخلا کے لیے فوری طور پر ایک واضح ’ٹائم ٹیبل‘ یا وقت طے کیا جائے۔
اسرائیلی وزیر خارجہ گیدعون سار نے ایک بار پھر کہا ہے کہ لبنان میں ’امن اور سلامتی‘ کے حصول کے لیے حزب اللہ کا غیر مسلح ہونا لازمی شرط ہے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جنوبی شام میں قائم کیے گئے اپنے سکیورٹی زون میں کارروائی کے دوران متعدد ’مسلح شدت پسندوں‘ کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کایا کلاس سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا ہے کہ جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جانا ضروری ہے۔
پاناما کے پرچم بردار جہاز پر حملے کے جواب میں ایران پر امریکی کارروائی کے بعد پاسدارانِ انقلاب نے خطے میں امریکہ کے آٹھ فوجی اڈوں پر میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے حملوں کا دعویٰ کیا تھا۔
کویت کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے بار بار کی جانے والی ’جارحیت‘ ہماری خود مختاری کی خلاف ورزی ہے۔
فرانس کے شمال مشرقی علاقے میں واقع قصبے ’ٹومبلین‘ میں سکائی ڈائیورز کو لے جانے والا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!
بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔