گزشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ
بی بی سی اردو کی لائیو کوریج کا سلسلہ جاری ہے۔ آگے بڑھنے سے پہلے اس صفحہ پر سب سے پہلے ہم شامل کرتے ہیں اہم خبروں کا خلاصہ۔
- بلوچ یکجہتی کمیٹی کے زیر اہتمام بلوچستان میں سیاسی کارکنوں کی مبینہ ٹارگٹ کلنگ اور جبری گمشدگیوں کے واقعات کے خلاف کوئٹہ اور ضلع گوادر کے شہر پسنی میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔کوئٹہ شہر میں سہہ پہر کو ریلی کا آغاز سریاب روڈ پر شاہوانی کراس سے ہوا جس میں خواتین بھی شریک تھیں۔
- ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے روسی ہم منصب سرگئی لاروف سے ملاقات کے بعد تہران میں مشترکہ پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک امریکی پابندیوں اور دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا اور نہ ہی امریکہ سے براہ راست مذاکرات کیے جائیں گے۔ روسی وزیر خارجہ ایران کے ایک روزہ دورہ پر منگل کے روز تہران پہنچے تھے۔
- شام میں عبوری حکومت کے سربراہ احمد الشرع کا کہنا ہے کہ شام کی تقسیم کسی صورت قبول نہیں اور ملک کی طاقت اتحاد میں ہی ہے۔ وہ منگل کے روز شام کے دارالحکومت دمشق میں شروع ہونے والے نیشنل ڈائیلاگ کانفرنس کے افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریر کے دوران، احمد الشرع کا کہنا تھا کہ ’ہتھیاروں پر ریاست کی اجارہ داری عیش و آرام کی چیز نہیں بلکہ ایک فرض ہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ’شہری امن و امان تمام شامیوں کا فرض ہے۔‘
- روس کے صدر ولادیمیر پوتن کا کہنا ہے کہ وہ امریکہ کو روس اور ماسکو کے زیرِ قبضہ یوکرین کے علاقوں میں موجود نایاب معدنیات کے ذخائر تک رسائی دینے کے لیے تیار ہیں۔یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یوکرین پر امریکی حمایت کے بدلے نایاب معدنیات کے ذخائر تک رسائی کی مانگ کر رہے ہیں۔
- امریکی حکام نے پی آئی اے کے ملکیتی روزویلٹ ہوٹل سے امریکہ میں پناہ کے متلاشی تارکینِ وطن کی رہائش کا تین سالہ معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نیویارک کے مشہور علاقے مینہٹن میں واقع روز ویلٹ ہوٹل میں تارکینِ وطن کو رکھنے کے اس معاہدے کی مالیت 220 ملین ڈالر تھی۔
- فرانس کے صدر ایمینوئل میخواں کا کہنا ہے کہ یوکرین کی خود مختاری کے لیے امریکہ کی حمایت حاصل کرنے کا بہترین رستہ اہم معدنیات سے متعلق معاہدہ بن سکتا ہے جس پر اس وقت واشنگٹن اور کئیو مذاکرات کر رہے ہیں۔
