ملک بھر میں آج یومِ تشکر منانے کا اعلان، پاکستان نے ہر محاذ پر برتری ثابت کی: وزیر اعظم شہباز شریف
وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں آج یوم تشکر منانے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ’عالمی و علاقائی امن اور خطے میں بسنے والے کروڑوں لوگوں کے مفاد میں جنگ بندی کی تجویز کا مثبت جواب دیا۔‘ پاکستان اور انڈیا کے درمیان سیز فائر کے نفاذ کے بعد انڈیا کے سیکریٹری خارجہ وکرم مسری نے مختصر بریفنگ میں دعویٰ کیا کہ مفاہمت کی خلاف ورزی کی گئی ہے تاہم اسلام آباد نے اس الزام کی تردید کی ہے۔
خلاصہ
وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں آج یوم تشکر منانے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ 'عالمی و علاقائی امن اور خطے میں بسنے والے کروڑوں لوگوں کے مفاد میں جنگ بندی کی تجویز کا مثبت جواب دیا
انڈیا اور پاکستان نے سیز فائر پر متفق ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستانی وزیر خارجہ کے مطابق اس پر عملدرآمد کا آغاز سنیچر کی شام ساڑھے چار بجے سے ہو گیا ہے
انڈیا کی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ سیز فائر پاکستان اور انڈیا کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت کے بعد ممکن ہوا
سیز فائر کے اعلان کے بعد پاکستان کی فضائی حدود ہر قسم کی پروازوں کے لیے مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہیں
لائیو کوریج
پیشکش: محمد صہیب
پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز ملتوی کر دیے گئے
،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے بقیہ
آٹھ میچز ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پی سی بی کے بیان میں کہا گیا کہ یہ
فیصلہ پاکستان اور انڈیا کے بیچ تناؤ کے پیش نظر پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کے
مشورے پر کیا گیا۔
پی سی بی نے اپنے پارٹنرز، فرنچائزز،
کھلاڑیوں، براڈکاسٹرز، سپانسرز اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا تاہم اس کا کہنا تھا
کہ ’کرکٹ متحد کرنے والی قوت ہے اور تفریح کا ذریعہ ہے۔ مگر جب ملک ظالمانہ مخالفت
کا سامنا کر رہا ہو تو اسے احتراماً روکنے کی ضرورت ہے۔‘
اس کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ میں شریک غیر
ملکی کھلاڑیوں کے جذبات کو مدنظر رکھا گیا۔ ’ہم ان کے خاندانوں کی تشویش سمجھتے
ہیں جو انھیں گھر واپس دیکھنا چاہتے ہیں۔‘
خیال رہے کہ اس سے قبل پی ایس ایل کو متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ جبکہ آئی پی ایل کو بھی ایک ہفتے کے لیے معطل کیا گیا ہے۔
ایک بھی ڈرون واپس انڈیا نہیں جا سکا: لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری
پاکستانی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’جب
ہم حملہ کریں گے، جب ہم انھیں جواب دیں گے تو انڈین ٹی وی چینلوں کو رپورٹ کرنے کی
ضرورت نہیں پڑے گی۔ یہ آواز ہر جگہ سنی جا سکے گی۔‘
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی
ایس پی آر) کے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے دعویٰ کیا کہ انڈیا کی طرف سے پاکستان
میں اسرائیلی ڈرون بھیجے جا رہے ہیں اور فوج نے اب تک 77 ایسے ڈرون مار گرائے ہیں۔
ان کا دعویٰ تھا کہ ’ایک بھی ڈرون واپس
انڈیا نہیں جا سکا۔ ہم کوئی ایک ڈرون بھی واپس جانے نہیں دیں گے۔ ہم اپنی سالمیت
کا دفاع ہر صورت کریں گے۔‘
پاکستان کے نائب وزیر اعظم کی سعودی وزیر سے ملاقات
،تصویر کا ذریعہMOFA
سعودی وزیرِ ممالکت برائے خارجہ عادل
الجبیر کی اسلام آباد میں پاکستانی نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے
ملاقات ہوئی ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق
اس ملاقات کے دوران بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے خطے میں امن و استحکام
کو فروغ دینے میں سعودی کوششوں کو سراہا ہے۔
خیال رہے کہ عادل الجبیر انڈیا میں اپنا دورہ مکمل کر کے آج اسلام آباد پہنچے تھے۔
بریکنگ, پاکستانی فوج کے ترجمان: ’انڈیا کو جج، جیوری اور جلاد بننے نہیں دیا جا سکتا‘
جمعے کی پریس بریفنگ کے دوران پاکستانی
فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ ’پہلگام میں حملے پر
تنقید کی جا رہی تھی اور سوالات پوچھے جا رہے تھے جس سے بچنے کے لیے اور توجہ
ہٹانے کے لیے انڈیا نے پاکستان پر حملہ کیا۔‘
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے پہلگام حملے
پر غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا تاہم ’انڈیا کو جج، جیوری اور جلاد بننے نہیں
دیا جا سکتا۔‘
انھوں نے الزام عائد کیا کہ انڈیا میں
دہشتگردوں کے کیمپ ہیں جو پاکستان میں کارروائیوں میں ملوث ہیں۔
ماضی میں نئی دہلی کی جانب سے ان
الزامات کی تردید کی گئی ہے۔
ایل او سی پر کشیدگی: سات سے نو مئی تک پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں 17 ہلاکتیں, محمد زبیر خان، صحافی
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق سات مئی سے لے کر نو مئی تک کنٹرول لائن پر کشیدگی سے خطے میں ہلاکتوں کی تعداد 17 ہوچکی ہے، جس میں پانچ خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔ جبکہ 51 زخمی ہوئے جس میں 26 مرد، 17 خواتین اور آٹھ بچے شامل ہیں۔
ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کشمیر کے مطابق مجموعی طور پر 139 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں بارہ مکمل طور پر تباہ ہوئے جبکہ 127 کو جزوی نقصان پہنچا۔
اتھارٹی کے مطابق سب سے زیادہ ہلاکتیں کوٹلی میں ہوئیں جہاں پر آٹھ شہری ہلاک ہوچکے ہیں جس میں دو مرد، پانچ خواتین او ایک بچہ شامل ہے۔ مظفر آباد میں ہلاکتیں تین ہیں۔ حویلی میں دو، باغ میں ایک، پونچھ میں دو، بھمبیر میں ایک شامل ہے۔
حکام کے مطابق گذشتہ رات آٹھ اور نو مئی کو کنٹرول لائن پر بھاری ہتھیاروں سے شدید فائرنگ ہوئی۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں چھ لوگ ہلاک ہوئے ہیں جس میں دو خواتین جبکہ 29 زخمی شامل ہیں۔
کوٹلی کے کنٹرول لائن علاقے کھوئی رٹہ میں ہیومن رائٹس تحصیل کھوئی رٹہ کے نائب صدر حوشحال انجم کا کہنا تھا کہ ساری رات انتہائی شدید فائرنگ ہوتی رہی۔ ’یہ فائرنگ رات کے وقت شروع ہوئی اور صبح کی روشی تک چلتی رہی تھی۔ اس دوران پورے علاقے میں کوئی نہیں سو سکا تھا۔‘
چھ مئی سے اب تک 33 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے: پاکستانی فوج
انڈیا پر ڈرون حملوں کا الزام عائد کرتے ہوئے پاکستانی فوج نے جمعے کو پریس کانفرنس
کے دوران بتایا کہ چھ مئی سے اب تک 33 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔
بی بی سی کی نامہ نگار آزادہ مشیری کے
مطابق فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں سات سویلین شامل ہیں۔
اس کا دعویٰ ہے کہ چھ مئی سے اب تک
فوج نے 77 انڈین ڈرون مار گرائے ہیں۔
پاکستانی فوج کی انڈیا کے میزائل اور ڈرون حملوں کے الزام کی تردید
،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستانی فوج کے ترجمان نے انڈیا کی جانب سے ڈرون اور میزائل حملوں کے الزام کی تردید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ صرف لائن آف کنٹرول پر شیلنگ کے جواب میں ’انڈین فوجی چوکیوں پر چھوٹے ہتھیاروں سے جوابی کارروائی کی جا رہی ہے۔‘
ترک
میڈیا ٹی آر ٹی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف
چوہدری نے الزام لگایا کہ لائن آف کنٹرول پر انڈین فوج عام شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے جس کے جواب میں پاکستانی فوج ’گولہ باری میں ملوث صرف فوجی اہداف کو نشانہ
بنا رہی ہے۔‘
ان کا
کہنا تھا کہ ’پاکستان ڈرون یا راکٹ حملوں میں ملوث نہیں۔ پاکستان لائن آف کنٹرول
پر صرف چھوٹے ہتھیاروں سے انڈین فوج کی چوکیوں کو نشانہ بنا رہا ہے جو سویلین آبادی پر فائرنگ کر رہی ہے۔‘
انھوں
نے اِن الزامات کی تردید کی جس میں انڈیا نے پاکستان پر تین فوجی اڈوں پر حملوں کا دعویٰ
کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہر چیز کا الیکٹرانک سگنل ہوتا ہے۔ اگر پاکستان کی
طرف سے میزائل حملے کیے جاتے تو وہاں الیکٹرانک سگنل ہونا چاہیے۔ انڈین میڈیا نے
پاکستانی طیارے گرانے کا دعویٰ کیا لیکن وہاں ملبہ کہاں ہے۔ اگر انڈیا نے ہمارے
پائلٹ کو پکڑ لیا ہے تو وہاں کوئی لوگ ہونے چاہییں۔‘
ان کا
کہنا ہے کہ انڈیا نے تاحال ایسے شواہد پیش نہیں کیے جو پہلگام حملے کو پاکستان سے
جوڑتے ہوں۔ ’دو ریاستوں کے معاملے میں انڈیا کو خود ہی جیوری اور جج بن کر فیصلہ
کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔‘
پاکستان نے گذشتہ رات 300 سے 400 ڈرونز کے ذریعے دراندازی کی کوشش کی جن میں ترک ساختہ ڈرون بھی شامل تھے: انڈیا کا دعویٰ
،تصویر کا ذریعہANI
گذشتہ چند منٹ میں انڈیا کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے دی گئی میڈیا بریفنگ کے چند اہم نکات یہ ہیں:
انڈین فوج کی جانب سے بریفنگ میں موجود کرنل صوفیہ قریشی نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی فوج نے آٹھ اور نو مئی کی درمیانی شب ملک کی مغربی سرحد پر انڈین ایئر سپیس کی متعدد مرتبہ خلاف ورزی کی اور ان کا مقصد ہمارے ملک میں فوجی انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانا تھا۔ پاکستان کی جانب سے ان دعوؤں کی تردید کی گئی ہے۔
انھوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستانی فوج کی جانب سے ہیوی اسلحے کے ذریعے بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر حملہ کیا گیا۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ لیہ سے سرکریک تک 300 سے 400 ڈرونز نے 36 مقامات سے دراندازی کی کوشش کی۔ انڈین فوج کی جانب سے متعدد ڈرونز کو مار گرایا گیا۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی جانب سے اس دراندازی کا مقصد ہمارے فضائی دفاعی نظام کو ٹیسٹ کرنا اور انٹیلیجنس جمع کرنا تھا۔ ہم ڈرون کے ملبے کا فرانزک تجزیہ کر رہے ہیں۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس دوران ترک ساختہ اسیسگارڈ سونگار ڈرون استعمال کیے گئے۔ پاکستان کے ایک ان آرمڈ وہیکل نے بھٹنڈہ فوجی سٹیشن پر حملہ کرنے کی کوشش کی جس کی نشاندہی کر کے اسے ناکام بنایا گیا۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے حملے کے جواب میں انڈیا کی جانب سے مسلح ڈرونز کو پاکستان کی ایئر ڈیفنس سائٹس پر بھیجا گیا، جس میں سے ایک ڈرون نے پاکستان کے ایرے ریڈار کو تباہ کیا۔
ان کی جانب سے پاکستان پر اپنی ایئر سپیس کو کھول کر اسے دفاع کے طور پر استعمال کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا۔
انڈیا کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر میں جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب کیا ہوتا رہا؟
،ویڈیو کیپشنانڈیا کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر میں رات بھر کیا ہوا؟
ایل او سی کی قریبی بستیوں سے انڈیا کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر میں شدید کراس بارڈر فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں دو لوگ ہلاک جبکہ کئی زخمی ہوئے۔
انڈین حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے درجنوں میزائل انڈیا کے زیرانتظام کشمیر اور انڈین پنجاب میں پھینکے جنھیں ناکارہ بنایا گیا۔
پاکستان نے اس دعوے کی ترید کی۔ اس دوران علاقے میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا۔ پونچھ، کپوارہ اور اوڑی سے بڑی تعداد میں لوگوں کی نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے۔
رپورٹنگ: ریاض مسرور
فلمنگ اور ایڈیٹنگ: شفاعت فاروق
انڈیا کا دورہ مکمل کرنے کے بعد سعودی وزیر اسلام آباد پہنچ گئے
،تصویر کا ذریعہReuters
،تصویر کا کیپشنعادل الجبیر انڈیا کا دورہ مکمل کرنے کے بعد پاکستان پہنچے ہیں
سعودی عرب کے معاون وزیر خارجہ عادل
الجبیر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ وہ انڈیا کا دورہ مکمل کرنے کے بعد پاکستان
پہنچے ہیں اور یہ سمجھا جا رہا ہے کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں کمی کے
تناظر میں بات چیت کے لیے اسلام آباد آئے ہیں۔
یاد رہے کہ سعودی معاون وزیر خارجہ
نے اس سے قبل جمعرات کو انڈیا کا غیر اعلانیہ دورہ کیا تھا۔ انڈیا کے وزیر خارجہ
جے شنکر نے اس ملاقات کے حوالے سے کہا تھا کہ اُن کی سعودی حکام کے ساتھ ملاقات
مثبت رہی جس میں ’دہشت گردی کا سختی سے مقابلہ کرنے کے بارے میں انڈیا نے اپنے
نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔‘
پاکستانی حکام کے مطابق معاون سعودی
وزیر خارجہ اعلی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
انڈیا، پاکستان کشیدگی: اب تک کی اہم خبریں
،تصویر کا ذریعہGetty Images
،تصویر کا کیپشنشیلنگ سے لائن آف کنٹرول کے قریب انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں اوڑی سیکٹر میں تباہ حال گھر
انڈیا اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے پیش نظر انڈین پریمیئر لیگ کے میچز ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ جبکہ پی ایس
ایل کو متحدہ عرب امارات میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
گذشتہ شب انڈیا نے پاکستان پر اپنے تین فوجی اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملے کا
الزام لگایا تھا جس کی اسلام آباد نے تردید کی تھی۔
پاکستان کے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ اب تک پاکستان نے
انڈیا کے 77 ڈرونز مار گرائے ہیں۔ اس سے قبل پاکستان نے پانچ انڈیا طیارے گرانے کا
دعویٰ کیا تھا۔ انڈّیا نے تاحال اس پر تبصرہ نہیں کیا۔
لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اور گولہ باری سے دونوں طرف جانی و مالی نقصان ہوا
ہے۔
عالمی رہنماؤں نے دونوں ملکوں سے تحمل اور تناؤ میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔ جبکہ
امریکی نائب صدر جے ڈی وانس نے کہا کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان ممکنہ جنگ سے
’ہمارا کوئی لینا دینا نہیں۔‘
پاکستانی وزیر دفاع کا 25 انڈین فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ, آزادہ مشیری، بی بی سی نیوز
،تصویر کا ذریعہReuters
،تصویر کا کیپشنوزیر دفاع خواجہ آصف
بعض پاکستانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر فائرنگ
میں درجنوں انڈین فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ تاہم اس حوالے سے اعداد و شمار کی تصدیق
کرنا مشکل ہو رہا ہے۔
رواں ہفتے کے اوائل میں پاکستان کے وزیر اطلاعات عطا اللہ
تارڑ نے دعویٰ کیا کہ 40 سے 50 انڈین فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
جب ہم نے اس حوالے سے پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف سے بات کی تو انھوں
نے کہا کہ
ان کا خیال ہے بدھ تک 25 انڈین فوجیوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔
خواجہ آصف نے تسلیم کیا کہ پاکستان کو
بھی ’نقصان اٹھانا پڑا ہے‘ تاہم وزیر دفاع نے بتایا کہ ان کے پاس اس حوالے سے اعداد
و شمار نہیں ہیں۔
ان کا دعویٰ ہے کہ انڈیا نے لڑائی
شروع کی اور اس کے بعد انڈیا کے دو بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا۔ دلی نے
دونوں دعوؤں کی تردید کی ہے۔
بی بی سی آزادانہ طور پر ان دعوؤں کی
تصدیق نہیں کرسکا۔
انڈین وزارت دفاع نے بی بی سی کو
بتایا کہ انڈین فوج کو ہونے والے نقصان سے متعلق کوئی اطلاعات موصول نہیں ہوئی
ہیں۔
اس سے
قبل ایک پریس ریلیز میں انڈین فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے انڈین دفاعی انفراسٹرکچر
پر داغے گئے ڈرون اور میزائل حملے ناکام بنائے ہیں اور اس حملے میں کوئی نقصان
نہیں ہوا۔
دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ ٹورنامنٹ آئی پی ایل ایک ہفتے کے لیے معطل
،تصویر کا ذریعہGetty Images
،تصویر کا کیپشنآئی پی ایل کا کہنا ہے کہ اس کی گورننگ کونسل نے یہ فیصلہ ’تمام اہم سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد لیا ہے‘
دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ ٹورنامنٹ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو ایک ہفتے کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔
آئی پی ایل کا کہنا ہے کہ اس کی گورننگ کونسل نے یہ فیصلہ ’تمام اہم سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد لیا ہے۔‘
اس کے مطابق فرنچائزز نے ’اپنے کھلاڑیوں کی تشویش اور جذبات اور براڈکاسٹر، سپانسرز اور شائقین کے خیالات سے بھی آگاہ کیا۔‘
’بی سی سی آئی (انڈین کرکٹ بورڈ) کو ہماری مسلح افواج کی طاقت اور تیاری پر پورا بھروسہ ہے۔ بورڈ نے تمام سٹیک ہولڈرز کے اجتماعی مفاد میں کام کرنا دانشمندی سمجھا۔‘
آئی پی ایل کی طرف سے ایکس پر دوسرے پیغام میں کہا گیا کہ ’بی سی سی آئی قوم کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہم انڈین حکومت، مسلح افواج اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔‘
،تصویر کا ذریعہGetty Images
،تصویر کا کیپشنانڈین میڈیا میں یہ خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ انڈین کرکٹ بورڈ آئی پی ایل کو پوری طرح معطل کرنے پر غور کر رہا تھا، تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی
اس پیغام میں پاکستان کی مسلح افواج پر ’بلا جواز جارحیت‘ کا الزام عائد کیا گیا اور پہلگام حملے کے ردعمل میں انڈین افواج کے ’آپریشن سندور‘ کو سراہا گیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل قریبی ذرائع نے بی بی
سی کو بتایا تھا کہ انڈیا کی شمالی ریاست اتر پردیش میں آئی پی
ایل کا جمعے کا میچ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ رواں آئی پی ایل کا 59واں
میچ رائل چیلنجرز بنگلور اور لکھنؤ سپر جائنٹس کے درمیان کھیلا جانا تھا۔
دوسری طرف پاکستان سپر لیگ
کے میچز پہلے ہی متحدہ عرب امارات میں منتقل کر دیے گئے ہیں۔
دھرم شالہ میں جمعرات کی شب پنجاب کنگز اور دلی کیپیٹلز کا
میچ روک کر سٹیڈیم خالی کرا لیا گیا تھا۔ حکام نے اس کی وجہ فلڈ لائٹس میں خرابی
کو قرار دیا تھا۔
انڈین میڈیا میں یہ خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ انڈین کرکٹ بورڈ آئی پی ایل کو پوری طرح معطل کرنے پر غور کر رہا تھا، تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
آئی پی ایل کا آخری میچ شیڈول کے مطابق 25 مئی کو ہے۔
مظفر آباد میں سناٹے اور خوف کی فضا:’چھٹیاں منانے آئے تھے لیکن اب گوگل پر میزائل رینج چیک کر رہے ہیں‘, فرحت جاوید، بی بی بی سی اردو، مظفرآباد
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت
مظفر آباد میں جس ہوٹل میں ہم ٹھہرے تھے، وہاں
پہاڑوں کے رخ پر موجود کمرے آہستہ آہستہ خالی ہو رہے تھے۔
ہوٹل کے ان پریمیئر کمروں کی
بالکونی سے پہاڑوں
کا خوبصورت نظارہ دکھائی دیتا ہے۔ یہ پہاڑ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کو انڈیا کے زیر انتظام علاقے سے الگ کرتے ہیں۔
تاہم یہاں کی رونق اب سناٹوں میں بدل رہی ہے۔
ہوٹل کے ایک سٹاف ممبر نے جمعرات کو مجھے مدہم آواز میں بتایا کہ ’ ہمارے پاس اب کوئی
مہمان یا سیاح نہیں ہیں۔ جو لوگ یہاں موجود ہیں انھیں کہیں اور منتقل کر دیا جائے گا۔‘
اور پھر اگلے چند گھنٹوں میں بی بی سی
کی ٹیم کو بھی ہوٹل کی نچلی منزل پر منتقل کر دیا گیا۔
’آپ کبھی نہیں جان سکتے کہ آگے کیا ہوگا. کوئی بھی آج رات لائن آف کنٹرول کے سامنے سونا نہیں
چاہتا۔‘
اور اس خوف کی وجہ بہت نمایاں ہے۔ گزشتہ رات پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے کئی حصوں میں بلیک آؤٹ کا مسلسل
دوسرا واقعہ تھا۔
ہمارے ہوٹل کی کھڑکی سے ہی آسمان کو روشن
کرتی ہوئی گولہ باری اور فائرنگ دیکھی جا سکتی تھی۔
یہاں کے ایک ہوٹل کے کوریڈور میں کراچی سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان جوڑا فیصلہ کر رہا تھا کہ گھر جلدی لوٹنا ہے یا نہیں۔ خاتون کا کہنا تھا کہ 'ہم چھٹیاں منانے آئے تھے لیکن اب ہم گوگل پر میزائل رینج چیک کر رہے ہیں۔
ایل او سی کے ساتھ بنے کئی سیکٹروں میں رات بھر گولہ باری کا سلسلہ
جاری رہا۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کا انتظامی مرکز مظفر آباد ان مقامات میں شامل
ہے جسے انڈیا نے بدھ کی علی الصبح فضائی حملوں کا نشانہ بنایا۔
گزشتہ رات شہر میں مکمل طور پر بلیک آؤٹ
کر دیا گیا تھا۔ یہ ایک ایڈوائزری تھی لیکن زیادہ تر لوگوں نے بغیر کسی سوال کے اس
پر عمل کرتے ہوئے گھروں، ہوٹلوں اور دکانوں کی لائٹس بند کر دیں۔
وہ سڑکیں جہاں عام طور پر رات گئے دکانداروں کی آوازیں گونجتی تھیں وہاں خاموشی تھی۔
انڈیا اور پاکستان کے درمیان فوجی کارروائیوں
کے ساتھ ساتھ پریس بریفنگ اور بیانات کے انداز نے پورے خطے میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے اور خاص
طور پر یہاں سرحد کے قریب اس کو زیادہ محسوس کیا جا سکتا ہے۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سات ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج کی اگلی قسط پر مذاکرات آج
پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے درمیان آج اہم مذاکرات متوقع ہیں جس میں سات ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج کی اگلی قسط پر غور کیا جائے گا۔
یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اور انڈیا کے درمیان سرحدی کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے۔ ایسے میں اس بات کا خدشہ سامنے آ رہا ہے کہ انڈیا آئی ایم ایف پر پاکستان کو مزید قرض نہ دینے کے لیے دباؤ ڈالے۔
انڈیا اور پاکستان کے درمیان اس کشیدہ صورت حال میں رات بھر کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل کر کے بیک آؤٹ بھی کیا گیا۔
انڈیا نے الزام لگایا ہے کہ پاکستان نے تین انڈین فوجی اڈوں پر ڈرون اور میزائل حملے کیے تاہم پاکستان کی جانب سے اس کی تردید کی جا رہی ہے۔
انڈیا کے سیکریٹری خارجہ وکرم مسری نے جمعرات کے روز یہ بیان دیا تھا کہ انڈیا آئی ایم ایف کے سامنے اپنا مؤقف رکھے گا اور بورڈ کو گزشتہ تین دہائیوں کے دوران دیے گئے بیل آؤٹس کے اثرات پر سنجیدگی سے غور کرنے پر زور دے گا۔
یاد رہے کہ آئی ایم ایف کا بیل آؤٹ پیکیج پاکستان کی سست روی سے سنبھلتی معیشت کے لیے بہت اہم ہے
دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھنے کے دوران ورلڈ بینک کے صدر اجے بانگا نے جمعرات کو انڈین وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔
عالمی بینک نے واضح کیا ہے کہ وہ دریائے سندھ کے پانی کی تقسیم سے متعلق سندھ طاس معاہد ے کو معطل کرنے کے انڈیا کے فیصلے میں مداخلت نہیں کرے گا ۔
عالمی بینک کے صدر اجے بانگا نے سی این بی سی ٹی وی 18 کو بتایا کہ معاہدے میں معطلی کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔ یہ یا تو مکمل طور پر ختم کیا جا سکتا ہے یا کسی نئے معاہدے سے تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
انھوں نے واضح کیا کہ عالمی بینک کا کردار اس معاہدے میں صرف ایک سہولت کار کا ہے.
انڈیا پاکستان کشیدگی : اس تنازع سے نکلنے کا راستہ کیا ہے, انبراسان ایتھاریجان، ریجنیل ایڈیٹر،ساؤتھ ایشیا، بی بی سی
،تصویر کا ذریعہGetty Images
انڈیا اور پاکستان کے درمیان جاری تنازع ہر گزرتے روز کے ساتھ خطرناک رخ اختیار کر رہا ہے اور دنیا کے مختلف ممالک دونوں ممالک سے تحمل سے کام لینے کی اپیل کر رہے ہیں۔
ابتدا میں ایسا لگ رہا تھا کہ انڈیا کی فضائی کارروائی اور پاکستان کی طرف سے انڈین طیارے مار گرانے کے دعوے کے بعد دونوں ملک خود کو بظاہر کامیاب ظاہر کریں گے اور کشیدگی میں کمی آنا شروع ہو گی تاہم اب خطرہ ہے کہ اگر دونوں طرف سے جوابی حملے جاری رہے تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی نئی بات نہیں تاہم پچھلے تنازعات میں امریکہ سمیت دیگر بااثر ممالک نے دہلی اور اسلام آباد پر دباؤ ڈال کر حالات کو قابو میں کیا تھا۔
کشیدگی کے آغاز کے بعد، اب انڈیا اور پاکستان دونوں ہی میں قوم پرستی کے جذبات اپنے عروج پر ہیں اور ایسے میں دونوں ممالک کئی دہائیوں بعد ایک بار پھر جنگ کے دہانے پر موجود دکھائی دے رہے ہیں۔
ایسے میں اگر امریکہ نے سرگرم کردار ادا نہ کیا تو عین ممکن ہے کہ پاکستان اور انڈیا ایک دوسرے پر الزام تراشی کا سلسلہ جاری رکھیں۔
قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت جن خلیجی ممالک سے دونوں ملکوں کے اچھے تعلقات ہیں وہ اس صورت حال میں ثالثی کے لیے کردار ادا کر سکتے ہیں۔
اگرچہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کی ترجیحات تجارتی محصولات، چین، اور روس-یوکرین تنازع ہیں تاہم عالمی برادری کو ان دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوشش میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر: ’گذشتہ رات شیلنگ اور فائرنگ کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک، 29 زخمی ہوئے‘
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز لائن آف کنٹرول اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ہونے والی انڈین فائرنگ اور شیلنگ کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد ہلاک جبکہ 29 زخمی ہوئے ہیں۔
ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی حکومت کی جانب سے جمعہ کی صبح جاری کردہ نقصانات کی تفصیلی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شیلنگ کے نتیجے میں دو مکانات کو جزوی نقصان بھی پہنچا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والے چھ افراد کا تعلق کوٹلی (4)، بھمبر (1) اور باغ (1) سے ہے۔
ہلاک ہونے والوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق زخمی ہونے والے 29 افراد میں نو خواتین اور تین بچے بھی شامل ہیں۔ زخمی ہونے والوں کا تعلق کوٹلی، بھمبر، باغ، نیلم، پونجھ اور حویلی سے ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق بدھ (سات مئی) سے شروع ہونے والی انڈیا، پاکستان کی کشیدگی کے بعد سے مجموعی طور پر پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں لائن اور کنٹرول اور اس سے ملحقہ علاقوں میں 17 افراد ہلاک جبکہ 51 زخمی ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ 139 رہائشی مکانات کو جزوی یا مکمل نقصان پہنچا ہے۔
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا مثبت آغاز، انڈیا میں سٹاک مارکیٹ مندی کا شکار, تنویر ملک، صحافی
،تصویر کا ذریعہGetty Images
انڈیا اور پاکستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے بعد سے گزشتہ دو روز میں پاکستان سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی کے بعد جمعے کی صبح مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا اور کاروبار کے پہلے آدھے گھنٹے میں انڈیکس میں 2400 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کی گیا۔
دوسری جانب انڈیا کی سٹاک مارکیٹ میں جمعے کے روز منفی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔
پاکستان میں تجزیہ کاروں کے مطابق مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا اور انڈیکس میں 2400 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ہوا جس کے بعد مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت ہوئے اور انڈیکس میں کمی واقع ہوئی تاہم مارکیٹ انڈیکس اس وقت مثبت زون میں موجود ہے۔
گزشتہ چند روز میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کی وجہ سے سٹاک مارکیٹ کے انڈیکس میں 10000 پوائنٹس سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
تجزیہ کار محمد سہیل کے مطابق آج مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا۔ ان کے مطابق کیونکہ صبح مارکیٹ میں کاروبار کے شروع ہونے پر پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی میں کوئی بڑا واقعہ نہیں ہوا جس نے مارکیٹ میں مثبت رجحان کو فروغ دیا ہے
انڈیا کی سٹاک مارکیٹ میں جمعے کے روز منفی کا رجحان
دوسری جانب انڈیا کی سٹاک مارکیٹ میں جمعے کے روز منفی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ انڈیا کے بینچ مارک سمجھے جانے والے انڈیکس، نفٹی اور بی ایس ای سینسیکس، میں جمعے کی صبح کمی کا رجحان دیکھا گیا۔
مارکیٹ کے آغاز پر نفٹی 50 میں 200 سے زائد پوائنٹس کمی دیکھی گئی جبکہ سینسیکس میں 600 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
یاد رہے کہ 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد سے انڈیا کی سٹاک مارکیٹ میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے جو کبھی اوپر اور کبھی نیچے اتا دکھائی دیا تاہم جمعے کی صبح مارکیٹ میں تیزی سے گراوٹ دیکھی گئی جس کی وجہ انڈیا اورپاکستان کے درمیان رات بھر بڑھنے والی کشیدگی کو قرار دیا جا رہا ہے۔
انڈیا، پاکستان کشیدگی: آج دونوں ملکوں میں کون سی اہم میٹنگز اور ملاقاتیں متوقع ہیں؟
انڈین میڈیا کے مطابق ملک کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ آج تینوں مسلح افواج کے سربراہان سے ملاقات کریں گے جبکہ دوسری جانب سعودی عرب کے معاون وزیر خارجہ آج پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچیں گے۔
یاد رہے کہ سعودی معاون وزیر خارجہ نے اس سے قبل جمعرات کو انڈیا کا غیر اعلانیہ دورہ کیا تھا۔ انڈیا کے وزیر خارجہ جے شنکر نے اس ملاقات کے حوالے سے کہا تھا کہ اُن کی سعودی حکام کے ساتھ ملاقات مثبت رہی جس میں ’دہشت گردی کا سختی سے مقابلہ کرنے کے بارے میں انڈیا نے اپنے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔‘
پاکستانی حکام کے مطابق معاون سعودی وزیر خارجہ اعلی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
دوسری جانب انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ جنوبی صوبے جموں کا دورہ کر رہے ہیں جہاں سے گذشتہ رات دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی: ’پورا خطہ جنگ کے دہانے پر ہے لیکن پاکستان اپنی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دے گا‘
،تصویر کا ذریعہInterior Ministry
پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر سے ملاقات میں انھیں انڈیا کے ساتھ کشیدگی کے بارے میں آگاہ کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکی سفیر کو بتایا کہ انڈیا نے تمام بین الاقوامی قوانین کو پامال کر کے شہری آبادی کو ڈورنز کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ ’پورا خطہ جنگ کے دہانے پر ہے لیکن پاکستان اپنی سلامتی پر ہرگز آنچ نہیں آنے دے گا۔‘