ایران اور اسرائیل نے جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اسرائیل اور ایران کے درمیان ’مکمل جنگ بندی ‘ کا اعلان کیا ہے۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کا آغاز ’اب سے تقریباً چھ گھنٹے بعد‘ ہو جائے گا جب ہر ملک نے اپنی فوجی کارروائیاں ’ختم‘ کر دیں گے۔ اسرائیل اور ایران نے ابھی تک جنگ بندی کی تصدیق نہیں کی ہے۔
خلاصہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اسرائیل اور ایران کے درمیان 'مکمل جنگ بندی ' کا اعلان کیا ہے۔
اسرائیل اور ایران نے ابھی تک جنگ بندی کی تصدیق نہیں کی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کی جانب سے مزید حملے نہ کرنے کا پیغام ان الفاظ میں دیا ’مبارک ہو دنیا، اب امن کا وقت ہے‘۔
امریکی صدر نے کہا ہے کہ شاید ایران اب خطے میں امن اور ہم آہنگی کی طرف بڑھ سکتا ہے، اور میں اسرائیل کو بھی ایسا کرنے کی ترغیب دوں گا
ایران کا کہنا ہے کہ اس نے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر میزائل داغے ہیں۔
قطر کی حکومت نے العدید میں قائم امریکی فضائی اڈے پر ایرانی کی جانب سے کیے جانے والے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
لائیو کوریج
ایران پر امریکی حملے کے بعد ٹرمپ قوم سے خطاب کریں گے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایران کے تین جوہری تنصیبات پر امریکی فضائی حملوں کے بعد قوم سے خطاب کریں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ ’یہ امریکہ، اسرائیل اور دنیا کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ایران کو اب اس جنگ کو ختم کرنے پر رضامند ہونا چاہیے۔‘
امریکہ کے ایران میں تین جوہری تنصیبات پر حملے، ’اب امن کا وقت ہے‘ امریکی صدر
،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ نے ایران میں تین جوہری تنصیبات پر حملے مکمل کر لیے ہیں جن میں فردو، نطنز اور اصفہان شامل ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ ’عظیم امریکی مسلح افواج کو مبارک ہو۔ دنیا کی کوئی دوسری فوج ایسا نہیں کر سکتی۔‘
انھوں نے اپنے پیغام کے آخر میں لکھا کہ ’اب امن کا وقت ہے!‘
انھوں نے کہا کہ ہم نے ایران کے تین جوہری تنصیبات پر بہت کامیاب حملہ مکمل کر لیا ہے جن میں فردو، نطنز اور اصفہان شامل ہیں۔ تمام طیارے اب ایران کی فضائی حدود سے باہر ہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ فردو پر ’بموں کا پورا پے لوڈ‘ گرایا گیا تھا اور تمام طیارے امریکہ واپس جا رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے کہا ہے کہ بی ٹو بمبار طیارے ایران پر امریکی حملوں میں ملوث تھے۔
جیسا کہ ہم نے پہلے اطلاع دی تھی، امریکی بی ٹو سٹیلتھ بمبار طیاروں کو مبینہ طور پر امریکی جزیرے گوام کے علاقے میں منتقل کردیا گیا تھا جس سے قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں کہ طیارہ ایران پر امریکی حملے میں ملوث ہوسکتا ہے۔
اسرائیل ایران جنگ سے متعلق بی بی سی اردو کی خصوصی لائیو کوریج میں خوش آمدید!
اسرائیل، ایران جنگ سے متعلق بی بی سی اردو کی خصوصی لائیو کوریج میں خوش آمدید، آج دن بھر آپ کو اس لائیو پیج میں امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری تنازع سے متعلق تازہ ترین تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔