اردن میں دو فوجیوں کی ہلاکت ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرے گی: امریکی وزیر دفاع

،تصویر کا ذریعہReuters
امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے اردن میں ایک فوجی اڈے پر ایرانی حملے کے دوران دو امریکی فوجیوں کی ہلاکت پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قربانی امریکہ کے عزم کو مزید مضبوط کرے گی۔
پیٹ ہیگستھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے بیان کو شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’محفوظ سفر، ہیروز۔ ان کی قربانی صرف ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہے۔‘
سینٹ کام کے مطابق 17 جولائی کو امریکی اور اتحادی افواج اردن کو ایرانی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون حملوں سے بچانے کی کارروائی میں مصروف تھیں، جس دوران دو امریکی فوجی ہلاک ہو گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک امریکی اہلکار تاحال لاپتہ ہے، جبکہ چار زخمی فوجیوں کو علاج کے لیے اردن کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا تھا جہاں سے انہیں بعد ازاں فارغ کر دیا گیا۔ معمولی زخمی ہونے والے کئی دیگر فوجی طبی معائنے کے بعد دوبارہ ڈیوٹی پر واپس آ چکے ہیں۔
سینٹ کام نے کہا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کے احترام میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شناخت اور دیگر تفصیلات اس وقت تک جاری نہیں کی جائیں گی جب تک ان کے اہلِ خانہ کو باضابطہ طور پر اطلاع دیے جانے کے بعد 24 گھنٹے مکمل نہیں ہو جاتے۔
اپریل کے آغاز میں ہونے والی ابتدائی جنگ بندی کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ لڑائی کے دوران امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاع سامنے آئی ہے۔ مبصرین کے مطابق یہ واقعہ خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے اور امریکی جوابی کارروائیوں کا سبب بن سکتا ہے۔
ادھر جمعے کی رات ایران اور امریکہ نے ایک دوسرے کے اہم تنصیبات اور انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے والی کارروائیوں میں شدت پیدا کر دی، جس کے باعث خطے میں صورتحال مزید پیچیدہ ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔














