ایران نے جوہری سرگرمیاں پانچ سال تک معطل کرنے کی تجویز دے دی: رپورٹ

،تصویر کا ذریعہSatellite image (c) 2026 Vantor
امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے ایرانی اور امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ایران نے یورینیم کی افزودگی کو پانچ سال تک معطل کرنے کی تجویز پیش کی ہے، تاہم امریکہ یہ پیشکش مسترد کرتے ہوئے 20 سال کی معطلی پر اصرار کر رہا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ہونے والے مذاکرات کے دوران امریکہ اور ایران نے تہران کی جوہری سرگرمیوں کی معطلی سے متعلق مختلف تجاویز کا تبادلہ کیا، تاہم دونوں فریق کسی معاہدے تک نہیں پہنچ سکے۔
تاہم بات چیت سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ امن معاہدے کی جانب اب بھی کوئی پیشرفت ہو سکتی ہے اور بالمشافہ مذاکرات کے دوسرے مرحلے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
بی بی سی نے اس معاملے پر تبصرے کے لیے وائٹ ہاؤس سے رابطہ کیا ہے۔
ایران کے جوہری عزائم اس تنازع کا ایک بڑا نکتۂ اختلاف رہے ہیں، جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کے روز ایک بار پھر کہا کہ امریکہ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔














