آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

خامنہ ای بیٹے کے اقتدار میں آنے سے متعلق شکوک و شبہات رکھتے تھے: امریکی انٹیلی جنس رپورٹس میں دعویٰ

امریکی انٹیلی جنس رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ایکو اپنے بیٹے مجتبی خامنہ ای کے اقتدار سنبھالنے کے بارے میں خدشات تھے کیونکہ انھیں لیڈر بننے کے لیے ’نااہل‘ سمجھا جاتا تھا۔

خلاصہ

  • امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کی 'پولیسنگ' کے لیے 'تقریباً سات' ممالک سے بات چیت ہوئی ہے۔
  • جاپان اور آسٹریلیا کا آبنائے ہرمز کی سکیورٹی کے لیے اپنے جہاز بھیجنے سے انکار
  • 'ڈرون سے متعلقہ واقعے' کے بعد فیول ٹینک میں آگ لگنے سے دبئی ایئر پورٹ پر پروازیں معطل
  • خامنہ ای بیٹے کے اقتدار میں آنے سے متعلق شکوک و شبہات رکھتے تھے: امریکی انٹیلی جنس رپورٹس میں دعویٰ
  • بحرینی حکام کا کہنا ہے کہ انھوں نے ایران کے پاسدارانِ انقلات کو 'حساس معلومات' فراہم کرنے کے الزام میں پانچ افراد کو گرفتار کیا ہے
  • پاسداران انقلاب کی اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کو ’ڈھونڈ کر قتل کرنے‘ کی دھمکی
  • عراق میں فوجی طیارہ گرنے سے ہلاک چھ فوجیوں کی شناخت ظاہر کر دی گئی، امریکی شہریوں کو مشرق وسطیٰ چھوڑنے کی ہدایت

لائیو کوریج

  1. نیٹو کا ترک فضائی حدود میں ایرانی میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ

    ترکی کی وزارتِ دفاع کے مطابق ایران سے داغا گیا ایک میزائل نیٹو کے ’اثاثوں‘ نے تباہ کر دیا ہے۔

    وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ ’ایران سے داغا گیا ایک بیلسٹک ہتھیار جو ترک فضائی حدود میں داخل ہوا، اسے مشرقی بحیرۂ روم میں تعینات نیٹو کے فضائی اور میزائل دفاعی اثاثوں نے ناکارہ بنا دیا ہے۔‘

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک اور اس کی فضائی حدود کے خلاف خطرات کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات پُرعزم طریقے سے کیے جا رہے ہیں۔

  2. خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس موبائل پر حملہ چھ اہلکار ہلاک: ریسکیو 1122

    پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں شادی خیل بیٹنی کی رسول خیل چیک پوسٹ کے قریب آئی ای ڈی کے ایک دھماکے میں چھ پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔

    وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے لکی مروت میں پولیس وین کے قریب شدت پسندوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا کہ ’سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ ’ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔‘

    ریسکیو 1122 کے مطابق لکی مروت دھماکے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے ان چھ پولیس اہلکاروں میں ایس ایچ او صدر اعظم، کانسٹیبل شاہ بہرام، کانسٹیبل شاہ خالد، کانسٹیبل حاجی محمد، کانسٹیبل گل زادہ، کنسٹیبل سخی زادہ شامل ہیں، جبکہ کنسٹیبل انصاف الدین شدید زخمی ہیں۔

    ریسکیو 1122 کے مطابق دھماکے کی اطلاعات ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ہلاک ہونے والے اہلکاروں اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا۔

    لکی مروت میں چند دنوں سے تشدد کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    لکی مروت میں سنیچر کے دن منجیوالہ کے علاقہ میں ایک مارکیٹ میں دھماکے سے دو افراد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے تھے ان میں ایک پولیس امن کمیٹی کے سربراہ کے بھائی بتائے گئے ہیں۔

    اس واقعہ کے بعد اتوار کے کے روز منجیوالہ روڈ کے قریب دو افراد کی لاشیں ملی تھیں۔ پولیس کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ یہ دونوں افراد مقامی طور پر کلعدم تنظیم کے ای کمانڈر کے بھائی تھے۔

    اسی طرح سوموار کے روز تاجہ زئی کے علاقے سے بھی ایک نا معلوم شخص کی لاش ملی تھی جس کی شناخت کے لیے کوششیں کی جا رہی تھیں۔

    ضلعی پولیس افسر نذیر خان کا کہنا تھا کہ ان واقعات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    ابھی یہ تحقیقات جاری تھیں کہ منگل کے روز تختی خیل کے علاقے میں ایک کواڈ کاپٹر سے آبادی پر حملہ ہوا تھا جس میں پانچ بچیاں زخمی ہوگئی تھیں۔

    یہ کشیدگی جاری تھی کہ گزشتہ روز یعنی جمعرات کے دن تختی خیل قوم اور مقامی شدت پسند عناصر کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں جس کے بعد پولیس اور مقامی امن کمیٹی کے لوگ بھی وہاں پہنچ گئے تھے۔

    پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس علاقے میں شدت پسندوں کے خلاف مشرکہ کارروائی کی گئی ہے جس میں چار شدت پسند ہلاک ہوئے تھے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈی پی اور نزیر خان اس آپریشن میں شامل تھے اور اور اس کارروائی میں شدت پسند اپنے موٹر سائکل اور دیگر سامان چھوڑ کر فرار ہو گئے تھے۔

    لکی مروت میں مقامی طور ان حالات پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ آج جمعہ کے روز اب جمعہ نماز سے پہلے پولیس موبائل پر آئی ای ڈی سے حملہ کیا گیا ہے جس میں چھ پولیس اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔

  3. ایران کے نئے رہبرِ اعلیٰ ’زخمی‘ لیکن ’ممکنہ طور پر زندہ‘ ہیں: امریکی صدر کا دعویٰ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کے خیال میں ایران کے نئے رہبرِ اعلیٰ کو ایک حملے میں شدید زخمی ہوئے ہیں لیکن ’کسی نہ کسی صورت میں غالباً وہ زندہ ہیں۔‘

    امریکی صدر کا یہ بیان گزشتہ شب ایران کے نئے رہبرِ اعلیٰ کے بیان کے سامنے آنے کے بعد آیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ شب ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے پر نئے رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کا پہلا بیان پڑھ کس سُنایا گیا تھا۔

    خبر رساں ادارے رائٹرز نے ایک نامعلوم ایرانی عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں میں مجتبیٰ خامنہ ای ’معمولی زخمی‘ ہوئے ہیں، تاہم اس بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

    فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں امریکی صدر ٹرمپ سے جب مجتبیٰ خامنہ ای کے آبنائے ہرمز کو بند رکھنے کے بیان پر سوال ہوا تو اس کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ ’وہ بہت باتیں کر رہے ہیں، تاہم انھیں ان سب کو ثابت بھی کرنا ہوگا۔ ہم اس صورتحال کو بھی دیکھ رہے اور اسی کے ساتھ ساتھ ہم ان کے اہم ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ ’اس وقت جو کارروائیاں ایران کے خلاف جاری ہیں ہم انھیں اس سے بھی زیادہ سختی سے نشانہ بنا رہے ہیں اور ایسا دوسری عالمی جنگ کے بعد سے نہیں ہوا ہے۔‘

    واضح رہے کہ اسرائیل اور امیکہ کی جانب سے ایران کے خلاف جاری جنگ کے بعد سے یہ اہم آبی گُزر گاہ مسلسل کئی روز سے بند پڑی ہے یا اس راستے سے بحری جہازوں کی آمدورفت نہ ہونے کے برابر ہے۔ آبنائے ہرمز میں تیل بردار بحری جہازوں پر حملے ہوئے ہیں اور کچھ جہاز وہاں پھنس گئے ہیں، جبکہ اس ساری صورتحال کے بعد سے عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتیں تقریباً 100 ڈالر فی بیرل کے قریب قریب ہیں۔

  4. اسرائیل کے تازہ حملوں کے بعد تہران میں دھماکوں کی آوازیں

    اسرائیل نے ایرانی دارالحکومت تہران پر نئے حملوں کا آغاز کر دیا ہے۔

    ٹیلیگرام پر جاری ایک بیان میں اسرائیل ڈیفنس فورسز نے کہا کہ اس نے ’ابھی تہران بھر میں ایرانی حکومت کے ’دہشت گردی‘ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے وسیع پیمانے پر حملوں کی ایک لہر شروع کر دی ہے۔‘

    یاد رہے کہ اس سے قبل اسرائیلی فوج نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل داغے جانے کی تصدیق کی تھی اور اس میں درجنوں افراد زخمی ہوئے تھے۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق تہران کے مرکز میں ایک دھماکے کی آواز سنی گئی ہے جبکہ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فاطمی سٹریٹ کے قریب اور وزارت داخلہ کی عمارت کے ارد گرد زوردار دھماکے کی آواز سنی گئیں۔

    دوسری جانب تہران کے شمال اور مغرب میں بھی دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

  5. یوم القدس احتجاج: انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کی تاریخی جامع مسجد کی طرف جانے والے راستے سیل, ریاض مسرور، بی بی سی اُردو، سرینگر

    یوم القدس کے موقع پر انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کی تاریخی جامع مسجد اور اس کی طرف جانے والے راستوں کو سیل کردیا گیا ہے۔

    جامع کے خطیب اور علیٰحدگی پسند رہنما میر واعظ عمرفاروق کو اپنے گھر میں دوبارہ نظربند کیا گیا ہے۔

    واضح رہے یکم مارچ کو ایران پر ہونے والے حملے کے خلاف انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں مظاہرے ہوئے تو ایک ہفتے تک وہاں سکیورٹی پابندیاں نافذ رہیں اور انٹرنیٹ بھی معطل رہا۔

    تاہم گزشتہ چند روز کے بعد جمعہ کے روز سیکورٹی انتظامات مزید سخت کردیے گئے۔ یہاں کے مفتی اعظم ناصرالدین نے جمعرات کو ہی جمعتہ الوداع کا اعلان کیا تھا۔

    جمعہ کو ہی عالم اسلام میں فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی اور اسرائیلی زیادتیوں کے خلاف برہمی کے اظہار کے لیے یوم القدس بھی منایا جارہا ہے۔

    یہی وجہ ہے کہ سرینگر اور دوسرے اضلاع کی بڑی مساجد اور اہم خانقاہوں کے گرد فوُل پروف سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

    میرواعظ عمر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’رمضان کے آخری جمعہ کو جب ہزاروں لوگ شہری علاقوں، قصبوں اور دیہات سے تاریخی جامع مسجد کا رُخ کرتے ہیں، اس مسجد کے سبھی دروازوں کو مقفل کردیا گیا۔ ‘

    انھوں نے لکھا کہ ’گزشتہ سات سال سے حکام نے اس روز جامع مسجد میں عبادت کی اجازت نہیں دی ہے۔‘

    انھوں نے جامع مسجد اور مسجد اقصیٰ کا تقابل کرتے ہوئے لکھا کہ ’جس طرح اسرائیل نے مسجد اقصیٰ کے دروازے رمضان میں زبردستی بند کردیے ہیں، یہی تکلیف دہ حقیقت یہاں بھی ظاہر ہورہی ہے۔ ہمارے دل لہو لہان ہیں ، ہیف اُن پر جو اللہ کے گھر کو مقفل کرتے ہیں۔‘

    واضح رہے تہران میں ایران کے رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای کی امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملے میں ہلاکت کے فوراًً بعد شعیہ آبادیوں کے علاوہ سُنی علاقوں میں بھی لوگوں نے مظاہرے کیے تھے۔

    یہ مظاہرے شعیہ اکثریتی ضلع کرگل کے علاوہ کشمیر کے سرینگر، پلوامہ، بارہمولہ، پانپور اور دوسرے قصبوں میں ہوئے، جہاں سے لوگوں کی بڑی تعداد سرینگر کے تجارتی مرکز لال چوک پہنچی، اور یہاں تاریخی گھنٹا گھر کے سامنے ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

    حالانکہ یہ مظاہرے پرامن طور پر ہی منتشر ہوگئے، تاہم ایک ہفتے تک تعلیمی اداروں بند کئے گئے، تجارتی سرگرمیاں محدود ہوگئیں اور انٹرنیٹ پر پابندی رہی۔

  6. عمان میں ڈرون گرنے سے دو غیر ملکیوں کی ہلاکت

    عمان کے سرکاری میڈیا کے مطابق ڈرون گرنے سے دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    عمان کی خبر رساں ایجنسی کو ایک سکیورٹی ذریعے نے بتایا کہ صحار کے الاواحی صنعتی علاقے میں ایک ڈرون گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں دو غیر ملکی شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

    ایک دوسرا ڈرون بھی صحار کے ایک کھلے علاقے میں گر کر تباہ ہوا لیکن اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ عمان میں حکام دونوں واقعات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

  7. ایران کا امریکی طیارہ بردار بیڑے ابراہم لنکن کو نشانہ بنانے اور ’غیر فعال‘ کرنے کا دعویٰ

    ایران کے پاسداران انقلاب گارڈز (آئی آر جی سی) نے امریکی طیارہ بردار بحری بیڑے یو ایس ایس ابراہم لنکن کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

    ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ’ارنا‘ کے مطابق پاسداران انقلاب نے حملے میں امریکی بحری بیڑے کو ’غیر فعال‘ کر دیا ہے اور یہ پیچھے ہٹنے پر مجبور ہو گیا ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کو امریکی بحری بیڑے کو ایران کی سمندری حدود سے 340 کلو میٹر دُور بحیرہ عمان میں نشانہ بنایا گیا۔

    بیان میں بحری بیڑے کی اہم تنصیبات بشمول ڈرون مخالف دفاعی نظام، ڈرون کے لیے ذخیرہ اور دیکھ بھال کے علاقے، سپورٹ آلات، اور فیول ٹینک کو درست میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ابراہم لنکن بدستور آپریشن ایپک فیوری میں حصہ لے رہا ہے اور سمندر سے اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

  8. ایرانی حکومت کی اہم شخصیات کو ہلاک کرنا ’میرے لیے اعزاز‘ ہے: ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں ایرانی حکومت کے ارکان کی امریکی فوج کے ہاتھوں ہلاکت کو اپنے لیے ’بڑا اعزاز‘ قرار دیا ہے۔

    صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ تروتھ سوشل پر لکھا کہ ’ہم ایران کی دہشت گرد حکومت کو فوجی، معاشی اور دیگر طریقوں سے مکمل طور پر تباہ کر رہے ہیں۔‘

    ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ ’47 برسوں سے دنیا بھر میں وہ(ایران) بے گناہ لوگوں کو قتل کر رہے ہیں اور اب میں، بطور امریکہ کا 47 واں صدر انھیں ہلاک کر رہا ہوں۔ یہ کرنا کتنا بڑا اعزاز ہے۔‘

    ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کی بحریہ ختم ہو گئی ہے، ان کی فضائیہ اب موجود نہیں، میزائل، ڈرون اور باقی سب کچھ تباہ کیا جا رہا ہے، اور ان کے رہنماوں کا نشان تک زمین سے مٹا دیا گیا ہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’ہمارے پاس موجود اسلحہ اور جنگی طاقت بہت زیادہ ہے اور بہت زیادہ وقت ہے۔ دیکھیں کہ ان لوگوں کے ساتھ آج کیا ہوتا ہے۔‘

  9. سعودی عرب کا مزید آٹھ ڈرونز کو روکنے کا دعویٰ

    سعودی وزارت دفاع کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک کی فضائی دفاع نے مزید آٹھ ڈرونز گرا دیے ہیں۔

    بیان میں کہا گیا کہ صوبہ الخرج اور ریاض کے علاوہ یہ ڈرون وسطی اور مشرقی علاقوں میں مار گرائے گئے ہیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی وزارت دفاع نے اطلاع دی تھی کہ حملوں کی نئی لہر میں 14 ڈرونز کو روک کر تباہ کر دیا گیا ہے جبکہ اس کے بعد مزید آٹھ ڈرونز کے تباہ کرنے کا بیان سامنے آیا ہے۔

  10. اسرائیل پر میزائل حملے میں درجنوں افراد زخمی، متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو باہر نہ نکلنے کی ہدایات

    اسرائیلی ایمرجنسی سروسز نے جمعے کی علی الصبح شمالی حصے میں واقع ایک گاؤں پر میزائل گرنے سے درجنوں افراد زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

    ایم ڈی اے (ماگن ڈیوڈ ادوم) ایمبولینس سروس نے کہا کہ طبی عملے نے 58 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی ہے اور انھیں ناصرہ کے قریب واقع مقامی ہسپتالوں میں منتقل کیا۔

    اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایک خاتون جنھیں میزائل کا ایک نوکدار ٹکڑا لگا، وہ قدرے زخمی ہیں جبکہ باقی 57 افراد کو شیشے کے ٹکڑوں سے معمولی نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں۔

    اسرائیلی فوج نے کہا کہ ہوم فرنٹ کمانڈ کے اہلکاروں کو جائے وقوع پر بھیج دیا گیا ہے۔

    فوج کے بیان میں کہا گیا کہ ’فورسز ہنگامی اور ریسکیو اداروں کے تعاون سے موقع پر صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں تاکہ علاقے کو کلیئر کیا جا سکے۔

    دوسری جانب ایک علیحدہ بیان میں ای آئی ڈی ایف نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل داغے جانے کی تصدیق کی گئی ہے۔

    اسرائیلی فوج نے ٹیلیگرام پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ایران کی جانب سے اسرائیل کی طرف داغے گئے میزائلوں کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے متاثرہ علاقوں میں موبائل فونز پر وارننگ بھیج دی گئی ہے اور عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ مزید اطلاع تک محفوظ جگہوں سے باہر نہ نکلیں۔

  11. پاکستان: یوم القدس پر سکیورٹی کے انتظامات، اسلام آباد اور کراچی میں تعلیمی ادارے بند، ریڈ زون جانے والے راستے سیل

    پاکستان کے مختلف شہروں میں آج ’یوم القدس‘ کے حوالے سے مذہبی جماعتوں کی جانب سے ریلیوں اور اجتماعات کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ اس موقع پر سکیورٹی کے پیش نظرمختلف شاہراہوں کو بند کیا گیا ہے اور متبادل ٹریفک پلان بھی جاری کیے ہیں۔

    یاد رہے کہ ہر سال مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان کا آخری جمعہ یوم القدس کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر دنیا بھر میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے منعقد کیے جاتے ہیں۔

    عالمی یوم القدس کی مناسبت سے پاکستان کے مختلف شہروں میں مذہبی جماعتوں کی جانب سے فلسطین کے حق میں ریلیاں نکالنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

    یوم القدس کی حساسیت کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے اور ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق تمام تعلیمی اداروں میں بھی آج چھٹی دی گئی ہے۔

    کراچی میں بھی آج یوم القدس کی ریلیوں کا اعلان کیا گیا ہے جس کے باعث کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لیے عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

    ملت جعفریہ پاکستان کی جانب سے اعلامیہ میں کہا گیا کہ ’عالمی یومِ القدس کے موقع پر ملک بھر کی طرح اسلام آباد میں القدس ریلی بعد نماز جمعہ دن ڈیڑھ بجے جامع مسجد اثناعشری جی-6/2 اسلام آباد سے چائنا چوک تک جائے گی۔‘

    اسلام آباد میں کنٹینر لگا کے راستے بند

    یوم القدس کے موقع پر اسلام آباد کے ریڈ زون کو جانے کے لیے صرف مارگلہ روڈ کو کھلا رکھا گیا ہے تاہم وہاں موجود سکیورٹی چیک پوسٹس پر معمول سے زیادہ نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ وہاں جانے والے دیگر راستے کنٹینر لگا کر سیل کر دیے گئے ہیں۔

    اسلام آباد میں ریڈ زون جانے والے راستوں پر جا بجا کنٹینرز کھڑے کر دیے ہیں جبکہ ریلی کے راستوں پر بھی ٹریفک کے لیے متبادل روٹس فراہم کیے گئے ہیں۔

    اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے اعلامیے میں درخواست کی گئی ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متبادل راستوں کا استعمال کریں۔

    دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا ہے کہ آج نماز جمعہ کے اجتماعات اور یوم القدس کے جلوسوں کے سلسلے میں شہر بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق’ نماز جمعہ کے اجتماعات اور یوم القدس کے جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے اسلام آباد پولیس کے 3500 سے زائد اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔ فیصل مسجد سمیت تمام مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔‘

    کوئٹہ کی امام بارگاہ کلاں سے شاہ ٹاورز تک القدس ریلی

    پاکستان کے دوسرے شہروں کی طرح آج بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بھی یوم القدس کی ریلی نکالی جائے گی۔

    مجلس وحدت المسلمین کے مقامی رہنما ہادی آغا نے بی بی سی کو بتایا کہ یوم القدس ریلی کا آغاز امام بارگاہ کلاں سے ہوگا جس کے شرکاء مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے شاہ ٹاورز تک جائیں گے۔

    ریلی کے روٹ پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ۔

  12. امریکہ نے پابندی کے شکار ممالک کوعارضی طور پر روسی تیل خریدنے کی اجازت دے دی

    امریکہ نے عارضی طور پر پابندیوں کے شکار ممالک کو روسی تیل اور پیٹرولیم مصنوعات خریدنے کی اجازت دے دی ہے تاہم شرط یہ ہے کہ وہ تیل پہلے سے جہازوں پرلدا ہوا ہو اور سمندر میں موجود ہو۔

    امریکی محکمۂ خزانہ کے سیکریٹری سکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ یہ ایک عارضی اقدام ہے جس کا مقصد جنگ کے دوران ’عالمی توانائی منڈیوں میں استحکام کو فروغ دینا‘ ہے۔

    صدر ٹرمپ کی یہ اجازت 11 اپریل تک برقرار رہے گی۔

    سکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ ’یہ محدود اور قلیل مدتی اقدام صرف اس تیل پر لاگو ہوتا ہے جو پہلے سے ترسیل کے مراحل میں ہے اور اس سے روسی حکومت کو کوئی نمایاں مالی فائدہ نہیں پہنچے گا۔‘

    یاد رہے کہ جمعرات کو تیل کی قیمتیں دوبارہ 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر چلی گئی تھیں اور سٹاک مارکیٹس میں کمی دیکھی گئی۔

    سکاٹ بیسنٹ نے مزید کہا کہ ’تیل کی قیمتوں میں یہ عارضی اضافہ ایک مختصر اور وقتی خلل ہے، جو طویل مدت میں ہمارے ملک اور معیشت کے لیے بڑے فائدے کا باعث بنے گا۔‘

    اس سے قبل بیسنٹ نے کہا تھا کہ جیسے ہی عسکری طور پر ممکن ہو امریکی حکومت آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو حفاظتی سکواڈ کے ساتھ لے جانا شروع کر دے گی۔

    سکائی نیوزسے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ فوجی سکواڈ کی ممکنہ ضرورت ’ہماری منصوبہ بندی کا ہمیشہ حصہ رہی ہے۔ جیسے ہی محفوظ گزرگاہ کو یقینی بنانا ممکن ہوا، ہم یہ کام کر دیں گے۔‘

  13. اسرائیلی فوج کا بیروت میں ’حزب اللہ کے مراکز‘ پر متعدد حملوں کا دعویٰ

    اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے شہر بیروت میں حزب اللہ کے کمانڈ مراکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان میں ’حزب اللہ کے انفرسٹرکچر‘ کو نشانہ بناتے ہوئے متعدد حملے کیے ہیں۔

    ٹیلیگرام پر جاری ایک تازہ بیان میں آئی ڈی ایف نے کہا کہ ااسرائیل کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد کے لیے استعمال ہونے والے متعدد کمانڈ سینٹرز کو نشانہ بنایا ہے۔

  14. عراق میں ایک فرانسیسی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی: فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی تصدیق

    فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے عراق کے شہر اربیل میں ایک فرانسیسی فوجی مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔

    فرانسیسی صدر میکرون نےسوشل نیٹ ورک ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’مسلح افواج کا یہ رکن ایک حملے میں مارا گیا ہے جبکہ کئی دیگر فوجی زخمی بھی ہوئے۔‘

    کچھ دیر قبل فرانسیسی فوج نے اعلان کیا تھا کہ تربیتی کارروائی کے دوران اس کے متعدد فوجیوں کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

    ایمانوئل میکرون نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’میں ان کے خاندان اور ان کے ساتھیوں کے لیے پوری قوم کی جانب سے محبت اور یکجہتی کا اظہار کرنا چاہتا ہوں۔ ہمارے کئی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ فرانس ان کے ساتھ اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑا ہے۔‘

    ایمانوئل میکرون نے خطے میں شدت پسندی کے خلاف لڑنے والی فرانسیسی فورسز پر ہونے والے حملوں کو ناقابلِ قبول قرار دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ عراق میں ان کی موجودگی دہشت گردی کے خلاف جنگ کے سخت فریم ورک کا حصہ ہے۔ ایران میں جنگ ایسے حملوں کا جواز نہیں بن سکتی۔‘

    ایران کے ساتھ امریکہ اسرائیل جنگ کے آغاز کے بعد مشرق وسطیٰ میں مارا جانے والا یہ پہلا فرانسیسی فوجی ہے۔

  15. ایران کے حمایت یافتہ عسکریت پسند گروہ کا عراق میں امریکی طیارہ مار گرانے کا دعویٰ

    ایران کے حمایت یافتہ ایک عسکریت پسند گروہ نے عراق میں امریکی فوجی طیارے پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق عراق میں موجود ایک عسکریت پسند گروہ(جسے ایران کی حمایت حاصل ہے) نے امریکی فوجی ری فیولنگ طیارے پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ اس نے امریکی فوجی طیارے کو ’عراق کی قومی خودمختاری اور فضائی حدود کے دفاع‘ میں نشانہ بنایا۔

    یاد رہے کہ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے مغربی عراق میں امریکی فوج کے ایک KC-135 طیارے کے تباہ ہونے کی تصدیق کی تھی۔

    امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ فوج کا ایک کے سی 135 ایندھن بردار جہاز دو طیاروں کے درمیان پیش آنے والے ایک واقعے کے بعد گِر کر تباہ ہو گیا ہے۔

    تاہم سینٹرل کمانڈ کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں ’دوستانہ یا دشمن کے فائر کا کوئی عمل دخل نہیں‘ ہے۔

    سینٹ کام کی جانب سے طیارے کے حادثے کی تصدیق کے چند منٹ بعد ہی ایران کے اندر موجود خبر رساں اداروں نے بھی دعویٰ کیا کہ طیارے کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

    امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق اس واقعے میں شامل دوسرا طیارہ بحفاظت لینڈ کر گیا ہے۔

  16. امریکہ نے ایران میں 6,000 اہداف کو نشانہ بنایا ہے: سینٹکام کی رپورٹ

    امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے جاری کیے گئے نئے اعداد و شمار کے مطابق ایران کے خلاف جاری آپریشن ایپک فیوری کے دوران امریکہ نے مجموعی طور پر 6,000 اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

    سینٹکام کے مطابق ان میں تقریباً 60 بحری جہاز اور 30 بارودی سرنگیں بچھانے والی کشتیوں کو نقصان پہنچایا گیا یا تباہ کر دیا گیا۔

    دیگر اہداف میں ایران کے کمانڈ سینٹرز، اسلحہ سازی کے مراکز، بیلسٹک میزائل سائٹس، آبدوزیں اور فضائی دفاعی نظام شامل تھے۔

    دوسری جانب امریکی میڈیا نے بعض فوجی تحقیق کاروں کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی۔اسرائیلی مشترکہ کارروائی کے آغاز میں فضائی حملوں کے دوران ایران میں ایک سکول کو غیر ارادی طور پر نشانہ بنایا گیا تاہم ابھی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچا گیا۔

  17. نریندر مودی کی ایرانی صدر سے بات چیت میں مکالمے اور سفارت کاری پر زور

    انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ انھوں نے علاقائی کشیدگی کے پیشِ نظر ایرانی صدر سے بات کی ہے جس میں انھوں نے مکالمے اور سفارت کاری پر زور دیا۔

    سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر کی گئی ایک پوسٹ میں انڈین وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ساتھ خطے کیسنگین صورتحال پر گفتگو کی۔ کشیدگی میں اضافے، شہری جانوں کے ضیاع اور شہری انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ ’انڈین شہریوں کی حفاظت اور سلامتی، ساتھ ہی اشیا اور توانائی کی بلا رکاوٹ ترسیل کو یقینی بنانا، انڈیا کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’انڈیا نے امن و استحکام کے عزم کو دہرایا۔‘

  18. گذشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ:

    • جنیوا میں اقوامِ متحدہ کے لیے ایران کے سفیر نے بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ہے کہ ملک کے نئے رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای محفوظ ہیں اور اس وقت ملک کا انتظام چلا رہے ہیں۔
    • متحدہ عرب امارات کی وزیرِ مملکت لانا نسیبہ نے خطے کے ممالک پر ایران کے ’ گھناؤنے، غیرقانونی اور بلا اشتعال حملوں‘ کی مذمت کی ہے۔ انھوں نے کہا متحدہ عرب امارات کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، تاہم امریکہ کو ایران پر حملہ کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کی فضائی حدود یا علاقے کا استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
    • پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے جدہ میں سعودی عرب کے ولی عہد سے ملاقات کی ہے۔ سرکاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے محمد بن سلمان کو یقین دلایا کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا اور خطے میں امن کے مشترکہ حصول کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا۔
    • اسرائیل کی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ایرانی میزائل حملوں کے پیشِ نظر یروشلم کے مقدس مقامات پر عبادات ’عارضی طور پر معطل‘ کر دی گئی ہیں۔
    • امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ فوج کا ایک کے سی 135 ایندھن بردار جہاز دو طیاروں کے درمیان پیش آنے والے ایک واقعے کے بعد گِر کر تباہ ہو گیا ہے۔ تاہم سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں ’دوستانہ یا دشمن کے فائر کا کوئی عمل دخل نہیں‘ ہے۔
    • ایرانی نائب وزیرِ خارجہ ماجد تخت روانچی نے ایران کی طرف سے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے کی تردید کی ہے۔ اس سے قبل امریکہ نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے کچھ ایرانی کشتیوں کو نشانہ بنایا ہے جو اس مقصد کے لیے وہاں موجود تھیں۔