جافنا میں تمل پارٹی الیکشن میں فاتح

سری لنکا کی مرکزی تمل پارٹی نے ملک کے شمالی صوبے جافنہ میں دہائیوں تک جاری رہنے والی نسلی جنگ کے بعد وہاں نیم خود مختار کونسل کے لیے ہونے والے پہلے انتخابات جیت لیے ہیں۔
سرکاری نتائج کے مطابق 38 ارکان پر مشتمل صوبائی کونسل کے لیے سنیچر کو ہونے والے انتخابات میں تمل نیشنل الائنس نے 30 سیٹیں جیتی ہیں۔
سری لنکا کے صدر مہندا راجا پاکسا کے سیاسی اتحاد نے سات نشستیں حاصل کیں۔
یہ انتخابات فوج کی طرف سے ملک کے شمال میں تمل باغیوں کو شکست دینے کے چار سال بعد منعقد کیے گئے۔
ٹی این اے اب تمل صوبے جافنا میں پہلی صوبائی حکومت قائم کرے گی۔
سری لنکا مسلم کانگریس نے ایک سیٹ جیتی ہے۔
کولمبو میں بی بی سی کے اعظم امین نے کہا کہ ٹی این اے نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے۔
جافنا میں، جہاں تمل کی اکثریت ہے، پہلے کبھی صوبائی کونسل نہیں رہی ہے جبکہ وہاں اس کونسل کا وعدہ کئی دہائیاں پہلے کیا گیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انتخابات کے لیے مہم کے دوران فوج پر زبردستی کے الزامات لگائے گئے تھے جس کی حکام نے سخت تردید کی تھی۔
ملک کے اس خطے میں کئی علاقے تمل ٹائیگر باغیوں کے مضبوط مرکز رہے۔ تمل ٹائیگر باغی سنہالی فوج کے خلاف اپنی آزاد ریاست کے لیے برسرِ پیکار رہی جس کی وجہ سے سری لنکا 26 سال تک خونریز خانہ جنگی کا شکار رہا۔
ان باغیوں کو مئی 2009 میں شکست ہوئی تھی لیکن حکومت پر جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے الزامات کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔



















