ہیٹی: 7.2 شدت کے زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 1297 ہو گئی، تقریباً 5700 زخمی

ہیٹی

،تصویر کا ذریعہGetty Images

وقت اشاعت
مطالعے کا وقت: 4 منٹ

کیربیئن ملک ہیٹی میں سنیچر کو آنے والے شدید زلزلے میں اب تک کم از کم 1297 افراد ہلاک اور 5700 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

سنیچر کی صبح آنے والے اس زلزلے کی شدت 7.2 بتائی جا رہی ہے جس نے گرجہ گھروں اور ہوٹلوں سمیت متعدد عمارتوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

عمارتوں کے ملبے سے زندہ بچنے والے افراد کی تلاش اور متاثرین کو نکال کر ہسپتال پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے۔

اس صورتحال کے پیش نظر مقامی ہسپتال شدید دباؤ میں ہیں اور طبی سہولیات کی قلت سے دو چار ہیں۔

اہلکاروں کے مطابق متاثرین کی بڑی تعداد لاپتہ ہے، جن کی تلاش جاری ہے۔

قریب ایک ماہ قبل ملک کے صدر کے قتل اور اس سے جنم لینے والے سیاسی بحران سے متاثرہ ملک ہیٹی کے لیے زلزلے کے سبب مشکلات بظاہر بڑھ گئی ہیں۔

وزیر اعظم نے زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے ’شدید نقصان‘ کے باعث ملک میں ایک ماہ تک ہنگامی صورت حال نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ہیٹی 2010 میں بھی شدید زلزلے کی زد میں آیا تھا جس سے وہ آج تک مکمل طور پر ابھر نہیں سکا ہے۔

،ویڈیو کیپشنزلزلہ آئے تو خود کو محفوظ رکھنے کے لیے کیا کریں؟

امریکی جیولوجیکل سروے نے تازہ زلزلے کا مرکز سینٹ لوئی ڈوسڈ شہر سے 12 کلومیٹر دور مقام کو بتایا ہے۔ لی کائے اور آس پاس کے جنوب مغربی علاقوں کو زلزلے سے شدید نقصان ہوا ہے۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی فوٹیج میں مقامی رہائشیوں کو متاثرین کو ملبے میں سے نکالتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

زلزلے کے شدید جھٹکوں کو گنجان آباد دار الحکومت پورتو پرنس اور تقریباً 125 کلومیٹر دور تک ہمسائے ممالک میں بھی محسوس کیا گیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق زلزلے کے مرکزی مقام کے نزدیک مقیم کرسٹیلا سینٹ نے بتایا کہ ’اس زلزلے میں گھر تباہ ہو گئے اور ہلاک ہونے والوں کے علاوہ زخمیوں کی بہت بڑی تعداد ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔‘

Map

وزیر اعظم ایریئل ہینری کے مطابق متاثرین کی مدد کے لیے بھیجے گئے امدادی دستے انھیں مدد پہنچانے میں مصروف ہیں۔ انھوں نے کہا ’اس وقت ہمارے لیے سب سے ضروری ہے کہ ہم ملبے میں دبے زیادہ سے زیادہ زندہ افراد کو بچا سکیں۔ اطلاعات کے مطابق مقامی ہسپتال اس وقت بڑی تعداد میں آنے والے زخمیوں کے علاج کے باعث شدید دباؤ میں ہیں۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’میں نے لی کائے کے متاثرہ علاقے کا فضائی دورہ بھی کیا۔‘

X پوسٹ نظرانداز کریں, 1
X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

تنبیہ: دیگر مواد میں اشتہار موجود ہو سکتے ہیں

X پوسٹ کا اختتام, 1

امریکی صدر جو بائیڈن نے متاثرہ ملک کی مدد کے لیے فوری امداد بھیجی ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ امریکی امدادی ادارہ یو ایس ایڈ نقصان کا اندازہ لگانے اور زخمیوں کے علاج کے علاوہ تعمیر نو میں بھی مدد کرے گا۔

بائیڈن نے کہا ’ہیٹی کے شہریوں کے لیے پہلے سے مشکل وقت میں آنے والے اس زلزے پر میں بہت افسردہ ہوں۔‘

امریکی جیولوجیکل سروے نے اس سے قبل متنبہ کیا تھا کہ زلزلہ بڑی تعداد میں ہلاکتوں اور نقصان کا باعث ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق زلزلے کے بعد بھی علاقے میں متعدد جھٹکے محسوس کیے جا چکے ہیں، جن میں سے ایک 5.8 شدت کا جھٹکا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

ہیٹی

،تصویر کا ذریعہReuters

ہیٹی کے ایک مقامی اخبار کے ایڈیٹر فرانز ڈوول نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ لو کائے شہر کے دو ہوٹل زلزلے کے سبب تباہ ہو گئے ہیں۔ انھوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ کس طرح مقامی ہسپتالوں پر متاثرین کے علاج کا دباؤ ہے۔

انھوں نے لکھا کہ ’چودہ اگست کی صبح تقریباً ساڑھے آٹھ بجے آہستہ آہستہ، کافی دیر تک ہیٹی کی زمین شدید جھٹکے دیتی رہی۔‘

مقامی صحافیوں کے مطابق جنوبی ساحلی علاقے کے زیادہ تر ہوٹل اور چرچ یا تو مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں یا انھیں شدید نقصان پہنچا۔

ہیتی میں زلزلہ

،تصویر کا ذریعہEPA

سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی تصاویر میں تباہ ہونے والی عمارتوں اور ملبے کی تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے دیکھا جا سکتا ہے کہ کتنا شدید نقصان ہوا ہے۔

ہیٹی میں فلاحی ادارے سیو دا چلڈرن کی سربراہ لیلیٰ بوراہلا نے نیو یارک ٹائمز کو بتایا کہ نقصان کا تخمینہ لگانے میں ابھی کئی دن لگ جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ’یہ واضح ہو چکا ہے کہ یہ انسانی سطح پر ایک ہنگامی صورتحال ہے۔‘

X پوسٹ نظرانداز کریں, 2
X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

تنبیہ: دیگر مواد میں اشتہار موجود ہو سکتے ہیں

X پوسٹ کا اختتام, 2

دارالحکومت پورتو پرنس کی رہائشی 34 سالہ ناومی ورنیئس نے خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا کہ زلزلے کے جھٹکوں سے ان کی آنکھ کھلی۔

انھوں نے کہا ’میری آنکھ کھلی تو میرے پاس جوتے پہننے کا بھی وقت نہیں تھا۔ ہم 2010 کے زلزلے دیکھ چکے ہیں۔ میرے پاس بھاگنے کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں تھا۔ بعد میں مجھے یاد آیا کہ میرے دو بچے اور میری والدی ابھی بھی گھر کے اندر ہیں۔ میرا ہمسایہ گھر کے اندر گیا اور اس نے ان سے باہر نکلنے کو کہا۔ ہم سڑک کی جانب بھاگے۔‘

2010 میں ہیٹی میں آنے والے شدید زلزلے میں دو لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے اور ملک کے بنیادی ڈھانچے کے ساتھ ساتھ معیشت کو زبردست نقصان پہنچا تھا۔

ہیتی میں زلزلہ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

سنیچر کو آنے والا زلزلہ بھی ایسے وقت میں آیا ہے جب گذشتہ ماہ ملک کے صدر کے قتل کے بعد سے ہیٹی سیاسی بحران کی زد میں ہے۔

ٹینس سٹار نیومی اوساکا جاپانی اور ہیٹی نژاد ہیں۔ انھوں نے ٹویٹ کر کے ہیٹی کے لوگوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

اس ہفتے ہونے جا رہے ویسٹرن ایڈ سدرن اوپن ٹورنامنٹ کے حوالے سے انھوں نے کہا ’میں اس ہفتے ایک ٹورمنٹ میں کھیلنے جا رہی ہوں اور میں اس میں جیتنے والی رقم ہیٹی میں امدادی کارروائیوں کے لیے دوں گی۔ ہم مضبوط لوگ ہیں، مشکلات سے ابھرتے رہیں گے۔‘