فلپائن میں فوجی طیارہ گر کر تباہ، 45 ہلاک، پانچ افراد ابھی تک لاپتہ

وقت اشاعت
مطالعے کا وقت: 2 منٹ

فلپائن میں ایک فوجی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے جس میں کم از کم 45 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ مزید کئی افراد کو ریسکیو کر کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

فلپائن کی مسلح افواج کا کہنا ہے اس فوجی ٹرانسپورٹ طیارے میں 90 سے زیادہ افراد سوار تھے جو ملک کے جنوب میں گر کر تباہ ہو گیا۔

اطلاعات کے مطابق یہ سی ون تھرٹی طیارہ صوبہ سولو کے علاقے جولو میں اترنے کی کوشش کر رہا تھا جب یہ رن وے سے آگے نکل گیا۔

فلپائن کی وزارت دفاع نے بتایا ہے کہ مرنے والوں میں زیادہ تر فوجی اہلکار ہیں جبکہ جہاز گرنے سے زمین پر موجود تین شہری بھی مارے گئے۔

فوجی حکام نے بتایا ہے کہ متعدد درجن افراد زخمی ہوئے بھی ہیں جبکہ پانچ ابھی تک لاپتہ ہیں۔ قریبی فوجی ہسپتال میں زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق طیارے میں سوار بہت سے مسافروں نے حال ہی میں فوجی تربیت میں بیچلر ڈگری مکمل کی تھی اور انھیں مسلم اکثریتی خطے میں شدت پسندوں سے لڑنے والی ٹاسک فورس کے حصے کے طور پر تعینات کیا گیا تھا۔

جنوبی فلپائن میں بہت سارے شدت پسند گروپ موجود ہیں، لہذا بڑی تعداد میں فوجی وہاں موجود ہیں۔

یہ ہوائی اڈہ سولو کے مرکزی شہر جولو کے ایک پہاڑی علاقے سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، جہاں فوج ابو سیاف نامی ایک شدت پسند گروہ سے لڑ رہی ہے۔

ان میں سے کچھ عسکریت پسندوں نے خود کو شدت پسند تنظیم نام نہاد دولت اسلامیہ سے منسلک کیا ہے۔