آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
امریکی صدارتی انتخاب 2020: ہم نتائج کے کتنے قریب ہیں؟
امریکہ میں انتخاب کو تین دن گزر چکے ہیں اور چند ریاستوں میں ابھی بھی ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور اس وقت تمام تر توجہ چار اہم ریاستوں پنسلوینیا، جارجیا، ایریزونا اور نیواڈا پر مرکوز ہے۔
اس ریاستوں میں فی الحال صورتحال کیا ہے، اس رپورٹ میں ہم جائزہ لیں گے۔
پنسلوینیا
پینسلوینیا میں اب بائیڈن نے سبقت حاصل کر لی ہے اور وہ صدر ٹرمپ کے مقابلے میں 5587 ووٹوں سے آگے نکل گئے ہیں۔ اس ریاست میں 95 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہو چکی ہے۔ جن ووٹوں کی گنتی باقی رہ گئی ہے وہ ڈاک کے ذریعے بھیجے جانے والے ووٹ ہیں جن کے بارے میں ماہرین کا خیال ہے کہ یہ بائیڈن کے حق میں ہو سکتے ہیں۔
اگر بائیڈن پینسلوینیا میں جیت گئے تو صدر بننے کے لیے جن 270 الیکٹرول ووٹوں کی ضرورت ہے وہ انھیں مل جائیں گے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو یہاں ایک لاکھ 60 ہزار سے زیادہ ووٹوں کی برتری حاصل تھی لیکن ڈاک کے ذریعے آنے والے ووٹوں نے صورتحال بدل دی ہے۔
جارجیا
جارجیا میں بھی سخت مقابلہ جاری ہے اور جو بائیڈن کو سبقت حاصل ہو گئی ہے۔ یہاں 99 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہو چکی ہے۔ یہاں اب آٹھ ہزار سے زیادہ ووٹوں کی گنتی باقی ہے جبکہ فوجیوں اور بیرونِ ملک سے بھیجے گئے ووٹوں کی گنتی بھی ہو رہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہاں ابتدائی نتائج کے لحاظ سے رپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ آگے تھے۔ تاہم جمعرات کو ان کی برتری 18 ہزار ووٹوں سے کم ہو کر 1800 ووٹوں تک آ گئی تھی۔ جن ووٹوں کی گنتی باقی تھی ان میں اٹلانٹا اور سوانا سے بذریعہ ڈاک موصول ہونے والے ووٹ شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیے
حکام کے مطابق امریکہ میں جمعہ کی صبح تک (امریکہ کے معیاری وقت کے مطابق) جارجیا سے مکمل نتائج آنے کی توقع کی جا سکتی ہے۔
ایریزونا
ایریزونا میں بائیڈن کی سبقت برقرار ہے لیکن کم ہوئی ہے۔ یہ سبقت اب ایک عشاریہ چھ فیصد ہے۔ یہاں 90 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہو چکی ہے۔ گزشتہ رات تک یہاں تین لاکھ ووٹوں کی گنتی باقی تھی۔
جمعرات کی شام تک بائیڈن کی برتری 69 ہزار ووٹوں سے کم ہو کر 47 ہزار ووٹوں تک آ گئی تھی۔
امریکہ کے مقامی وقت کے مطابق جمعہ کی صبح نو بجے تک یہاں سے بھی حتمی نتائج متوقع ہیں۔
نیواڈا
نیواڈا میں بائیڈن کو معمولی سبقت حاصل ہے۔ یہاں 89 فیصد ووٹ گنے جا چکے ہیں۔ جمعرات کی شام تک الیکش حکام کا کہنا تھا کہ ابھی ایک لاکھ 90 ہزار ووٹوں کی گنتی باقی ہے۔
یہاں بائیڈن کی برتری آٹھ ہزار ووٹوں سے بڑھ کر 12 ہزار ووٹوں تک آ گئی تھی۔
باقی بچ جانے والے 90 فیصد ووٹ کلارک کاؤنٹی کے ہیں جن میں لاس اینجلس بھی شامل ہے اور ان میں زیادہ تر ووٹ بذریعہ ڈاک وصول ہوئے ہیں۔
یہاں متوقع نتیجہ اس ہفتے کے اختتام تک وصول ہو سکتا ہے۔