چیمپیئنز لیگ: ریال میڈرڈ 14 ویں مرتبہ فاتح، لیورپول ساتویں ٹرافی جیتنے میں ناکام

،تصویر کا ذریعہGetty Images
چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں ریال میڈرڈ نے لیورپول کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہرا دیا ہے اور یوں لیورپول ساتویں مرتبہ یہ خواب پورا کرنے میں ناکام رہا ہے۔
پیرس میں ہونے والے اس میچ میں کلیدی کردار وینیشیئس جونیئر کے دوسرے ہاف میں کیے گئے گول نے ادا کیا جس نے ریال میڈرڈ کے لیے فتح کا راستہ ہموار کیا۔
ریال میڈرڈ کے گول کیپر تھیبا کورتوائے نے یکے بعد دیگرے گول روک کر لیورپول کو زچ کیے رکھا۔
لیورپول اب تک چھ مرتبہ یہ ٹرافی جیت چکا ہے اور آخری مرتبہ اس نے یہ کپ سنہ 2018 تا 2019 کے سیزن میں اٹھایا تھا۔
محمد صلاح جو سنہ 2018 میں ریال میڈرڈ کے خلاف فائنل میں انجری کے باعث میچ سے باہر ہو جانے کا بدلہ لینا چاہتے تھے، اپنی خواہش پوری نہ کر سکے کیونکہ کورتوائے نے اُن کا گول تین مرتبہ روکا۔
یہ فتح اس لیے بھی ریکارڈ ساز ہے کیونکہ کارلو اینسیلوٹی چوتھی مرتبہ چیمپیئنز لیگ ٹائٹل جیتنے والے تاریخ کے پہلے کوچ بن چکے ہیں۔
میچ سے پہلے ہی ریال میڈرڈ کو پسندیدہ قرار دیا جا رہا تھا اور فیصلہ کُن لمحہ 59 منٹ بعد اس وقت آیا جب وینیشیئس نے گول کیا۔
لیورپول کے لیے ویسے تو یہ سیزن نہایت شاندار رہا ہے کیونکہ وہ کاراباؤ کپ اور ایف اے کپ جیت چکے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ دونوں ہی کپ اُنھوں نے چیلسی کے خلاف پینلٹی راؤنڈ میں جیتے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
مگر اسی ہفتے اُنھیں دوہری مایوسی کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ وہ پریمیئر لیگ میں مانچسٹر سٹی سے ایک پوائنٹ سے ہارے اور اس کے بعد ریال میڈرڈ کے گول کیپر کورتوائے نے اُن کی زندگی مشکل بنا دی۔
بیلجیئم سے تعلق رکھنے والے کورتوائے مسلسل محمد صلاح کی ٹیم کے لیے مشکل بنے رہے اور اُنھوں نے اپنے پینلٹی ایریا کی جم کی حفاظت کی۔
یہ بھی پڑھیے
کئی مواقع پر دیکھا گیا کہ جب کورتوائے نے لیورپول کا گول روکا تو صلاح اپنا سر بے یقینی کی کیفیت میں جھٹک رہے تھے۔
لیورپول کی کارکردگی مجموعی طور پر اتنی شاندار نہیں رہی اور اُنھیں جارحانہ انداز میں نہ کھیلنے کا نقصان بھی ہوا جس کا فائدہ ریال میڈرڈ نے ریکارڈ 14 ویں مرتبہ یہ ٹائٹل جیت کر اٹھایا۔
لیورپول کے لیے ایک اور پریشان کُن واقعہ سٹیڈیم سے باہر بھی ہوا جہاں ہزاروں لیورپول مداح سٹیڈیم میں داخل ہونے میں ناکام رہے اور پولیس سے الجھنے کے دوران پولیس نے ان پر مرچوں کا سپرے بھی کیا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
لیورپورل کا مطالبہ ہے کہ سٹیڈ ڈی فرانس کے باہر پیش آنے والے اس واقعے کی تحقیقات کی جائیں۔ اس واقعے کے باعث میچ 30 منٹ تاخیر سے شروع ہوا تھا۔
دوسری طرف ریال میڈرڈ کے کوچ کارلو اینسیلوٹی کے لیے بھی یہ ایک اہم موقع ہے جنھیں ایک سال قبل ایورٹن سے برنابیو لایا گیا تھا اور واپس آنے کے بعد وہ اب تک لا لیگا اور چیمپیئنز لیگ جیت چکے ہیں۔
اینسیلوٹی میچ سے پہلے پریس کانفرنس میں بھی سب سے پرسکون اور نہایت پراعتماد نظر آ رہے تھے۔
وہ اپنی ٹیموں کو دو مرتبہ لیورپول کے خلاف جتوا چکے ہیں، ایک مرتبہ اس چیمپیئنز لیگ میں اور ایک مرتبہ سنہ 2007 میں اے سی مِلان کے خلاف۔
























