برینڈن ٹیلر: ’بک میکر سے پیسے ضرور لیے مگر لیکن میچ فکسنگ میں ملوث نہیں رہا‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
- وقت اشاعت
- مطالعے کا وقت: 4 منٹ
بک میگر سے رابطوں اور پیسے لینے کے اعتراف کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان برینڈن ٹیلر پر ساڑھے تین سال کی پابندی عائد کردی ہے۔ برینڈن ٹیلر پر آئی سی سی کے چار قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کا الزام تھا، جن میں تین کا تعلق انٹی کرپشن اور ایک کا انٹی ڈوپنگ سے تھا۔ برینڈن ٹیلر نے اس میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا تھا۔
یاد رہے کہ برینڈن ٹیلر پر الزام تھا کہ انھوں نے بک میکر سے رابطہ کیا تھا ان سے پیسے وصول کیے تھے اور اس تمام واقعے کی اطلاع آئی سی سی کو بروقت نہیں دی تھی۔
برینڈن ٹیلر نے پیر کے روز یہ انکشاف اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے کیا، جس میں انھوں نے تین صفحات پر مشتمل اپنا تفصیلی بیان پوسٹ کیا۔
یاد رہے کہ برینڈن ٹیلر نے گذشتہ سال ستمبر میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔
برینڈن نے اپنے تفصیلی بیان میں کہا ہے کہ وہ دو سال سے ایک بوجھ لیے چل رہے تھے، جس کی وجہ سے ان کی ذہنی صحت بُری طرح متاثر ہو رہی تھی اور وہ خود کو تاریکی میں محسوس کر رہے تھے۔
اس دوران انھوں نے اپنے قریبی دوستوں اور فیملی کے ساتھ یہ تمام باتیں شیئر کیں اور انھیں ان کا پیار اور سپورٹ ملی۔
برینڈن ٹیلر کا کہنا ہے کہ وہ یہ بیان دینا اس لیے بھی ضروری سمجھتے ہیں کہ آئی سی سی بھی اس بارے میں بیان جلد جاری کرے گی۔
برینڈن ٹیلر نے بک میکر سے اپنے رابطے کے بارے میں بتایا کہ اکتوبر 2019 میں ایک انڈین بزنس مین نے ان سے رابطہ کیا اور درخواست کی کہ میں ان سے زمبابوے میں ممکنہ ٹی ٹوئنٹی ایونٹ اور اس کی سپانسرشپ کے بارے میں بات کرنے کے لیے انڈیا آؤں جس کے لیے وہ مجھے پندرہ ہزار ڈالرز ادا کریں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
برینڈن ٹیلر کا کہنا ہے کہ وہ اس سے انکار نہیں کریں گے لیکن وہ وقت ایسا تھا جب زمبابوے میں کرکٹرز کو چھ ماہ سے ادائیگیاں نہیں ہوئی تھیں اور یہی سوال ذہنوں میں تھا کہ کیا زمبابوے کی کرکٹ بین الاقوامی سطح پر جاری رہ سکے گی۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
X پوسٹ کا اختتام
اسی سوچ کے بعد انھوں نے انڈیا کا سفر کیا جہاں ان کی اس بزنس مین اور اس کے ساتھیوں کے ساتھ بات چیت ہوئی اور وہ انھیں ڈنر پر لے گئے۔
برینڈن ٹیلر کا کہنا ہے کہ اس ڈنر کے موقع پر سب نے مے نوشی بھی کی اور پھر انھوں نے کھلے عام مجھے کوکین کی پیشکش کی جسے میں نے بے وقوفی سے استعمال کر لیا۔
’مجھے اب بھی یہ احساس ہوتا ہے کہ میں خود کو کس طرح بیمار محسوس کر رہا تھا اور ان لوگوں نے میرے ساتھ کس طرح کھیلا۔‘
برینڈن ٹیلر کا کہنا ہے کہ اگلی صبح وہی لوگ میرے ہوٹل کے کمرے میں آئے اور مجھے گزشتہ رات کی کوکین استعمال کرنے والی ویڈیو دکھاتے ہوئے کہا کہ اگر میں نے ان کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ میں سپاٹ فکسنگ نہیں کی تو وہ اس ویڈیو کو عام لوگوں تک جاری کردیں گے۔
’اس وقت مجھے اپنی جان کا خطرہ بھی محسوس ہوا کیونکہ چھ لوگ میرے کمرے میں موجود تھے۔‘
یہ بھی پڑھیے
برینڈن ٹیلر کا مزید کہنا ہے کہ ’ان لوگوں نے مجھے پندرہ ہزار ڈالر دیے اور کہا کہ یہ سپاٹ فکسنگ کے لیے پیشگی رقم ہے اور کام مکمل ہونے پر مجھے مزید بیس ہزار ڈالر ادا کیے جائیں گے۔ میں نے وہ پیسے لیے اور انڈیا سے روانہ ہو گیا۔‘
ٹیلر کہتے ہیں وطن واپسی پر وہ سخت ذہنی دباؤ میں آ گئے تھے اور متعدد جسمانی اور ذہنی بیماریوں کا شکار ہو گئے۔
برینڈن ٹیلر کا کہنا ہے کہ انڈین بزنس مین اپنی انوسٹمنٹ کے جواب میں مجھ سے جو چاہتا تھا وہ میں اسے نہیں دے سکتا تھا۔
’آئی سی سی کو اس بارے میں رپورٹ کرنے میں مجھے چار ماہ لگ گئے۔ مجھے اس بات کا اندازہ ہے کہ میں نے اس بارے میں تاخیر کی لیکن میرے پیش نظر سب سے اہم بات میری فیملی کی حفاظت تھی۔ مجھے امید تھی کہ آئی سی سی اس صورتحال کو محسوس کرے گی جس سے میں دوچار رہا ہوں لیکن اس نے ایسا نہیں کیا۔‘
برینڈن ٹیلر کا کہنا ہے کہ میں اپنے کریئر کے دوران اینٹی کرپشن سے متعلق کئی سیمناروں میں شرکت کرتا رہا ہوں اور میں یہ بات وثوق سے کہہ سکتا ہوں کہ میں کبھی بھی میچ فکسنگ میں ملوث نہیں رہا ہوں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
’میں دھوکہ باز نہیں ہوں۔ میں نے آئی سی سی کی تحقیقات میں ہر طرح کا تعاون کیا اور ایمانداری کا مظاہرہ کیا۔‘
برینڈن ٹیلر کا کہنا ہے کہ انھیں اندازہ ہے کہ آئی سی سی ان پر پابندی عائد کرنے والی ہے اور اس فیصلے کو وہ تسلیم کرتے ہیں لیکن انھیں امید ہے کہ ان کا کہانی کو اس طرح استعمال کیا جائے گا کہ کرکٹرز اس طرح کی پیشکش کی صورت میں فوری طور پر رپورٹ کریں۔
برینڈن ٹیلر کا کہنا ہے کہ انھوں نے سب کچھ بیان کر دیا ہے کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ لوگ ان سے سننا چاہتے ہیں۔
برینڈن ٹیلر کا کریئر
برینڈن ٹیلر نے زمبابوے کی طرف سے اپنے بین الاقوامی کریئر کا آغاز سنہ 2004 میں کیا تھا۔
انھوں نے 34 ٹیسٹ میچوں میں چھ سنچریوں اور بارہ نصف سنچریوں کی مدد سے 2320 رنز بنائے۔
انھوں نے 205 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جن میں گیارہ سنچریوں اور انتالیس نصف سنچریوں کی مدد سے 6684 رن سکور کیے جبکہ 45 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ان کے بنائے گئے رنز کی تعداد 934 رہی جس میں چھ نصف سنچریاں شامل تھیں۔
























