برقی شعاعوں سے متاثرہ خاتون کیلیے وظیفہ

،تصویر کا ذریعہTHINKSTOCK
ایک فرانسیسی خاتون کو الیکٹرومیگنیٹک ریڈی ایشن یعنی برقی مقناطیسی شعاعوں سے الرجی ہونا ثابت ہو جانے کے بعد عدالت سے وظیفے کی منظوری مل گئی ہے۔
39 سالہ میرین رچرڈ کو بتایا گیا ہے کہ عدالتی فیصلے کے نتیجے میں وہ تین سال تک ہر ماہ 580 یورو حاصل کر سکتی ہیں۔
میرین رچرڈ کا کہنا ہے کہ یہ الیکٹرومیگنیٹک ہائپر سینسِٹیوٹی (ای ایچ ایس) سے متاثرہ افراد کے لیے ایک اچھی ’پیش رفت‘ ہے۔
ای ایچ ایس کو عالمی ادارہ صحت کی جانب سے تسلیم کیا گیا ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ اس کی وجوہات واضح نہیں ہیں۔
میرین نے دوبارہ سے جنوب مغربی فرانس کے دور دراز علاقے کے پہاڑوں میں ایک گودام میں رہنا شروع کر دیا ہے جس میں بجلی نہیں ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ روز مرہ استعمال ہونے والے آلات جیسے کہ فون وغیرہ سے بھی متاثر ہوتی ہیں۔
عام طور پر ای ایچ ایس کا شکار افراد اس کی علامات سر درد، تھکاوٹ، متلی اور دل کا تیزی سے دھڑکنا بتاتے ہیں۔
تولوز کی عدالت نے معذوری کے وظیفے کی منظوری تو دے دی ہے لیکن فیصلے میں ای ایچ ایس کو باضابطہ طور بیماری تسلیم نہیں کیا گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
امریکہ میں ایک 12 سالہ بچے کے والدین کا کہنا ہے کہ ان کا بچہ بورڈنگ سکول کے وائی فائی سے انتہائی حساس ہو گیا ہے اور انھوں نے ادارے کے خلاف مقدمہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہthinkstock
والدین کا کہنا ہے کہ ان کا بچہ جو بورڈنگ سکول میں زیر تعلیم تھا میں ای ایچ ایس کی تشخیص ہوئی ہے۔
ان کا کہنا ہے 2013 میں جب سکول میں وائی فائی لگایا گیا تو اسے سردرد، ناک سے خون آنا اور متلی محسوس ہونا شروع ہو گئی۔
جس کے بعد سکول نے کمیونیکیشن کمپنی آئسو ٹروپ سے کیمپس میں برقی مقناطیسی شعاعوں کے اخراج کا معائنہ کرنے کو کہا۔
سکول نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’آئسوٹروپ کمپنی نے جب ایکسس پوائنٹ کے اخراج، ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے سگنلوں اور ریڈیو فری یورپ کی شعاعوں کی سطح کو ایک ساتھ چیک کیا تو یہ وفاق اور ریاست کی حفاظتی حدود کے اندر تھیں۔‘
بعض ممالک خاص طور پر سویڈن اور امریکہ میں ای ایچ ایس کو سرکاری سطح پر کیفیت کے طور پر تسلیم کیاگیا ہے۔ تاہم یہ بات اب بھی زیر بحث ہے کہ اس کیفیت کے بارے میں دیگر ریاستوں میں بھی قانونی مقدمہ سود مند ثابت ہو گا۔






















