آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
دہلی: 'اداکار منوج تیواری کی ٹیچر کے ساتھ بد سلوکی'
انڈيا میں حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی دہلی یونٹ کے صدر اور رکن پارلیمان منوج تیواری کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
گذشتہ دنوں دہلی کے جمنا وہار علاقے میں ہونے والے ایک پروگرام میں منوج تیواری حصہ لینے پہنچے تھے۔ اسی پروگرام کے دوران سکول کی ایک استانی نے تیواری سے ایک نغمہ گانے کی فرمائش کی۔
مذکورہ ویڈیو میں دکھا جا سکتا ہے کہ اس پر تیواری بھڑک گئے اور ٹیچر سے کہا: آپ نوٹنکی کر رہی ہو۔ تم رکن پارلیمان سے گانا گانے کو کہہ رہی ہو، یہی تمیز ہے آپ کی؟ یہ گانے کا پروگرام ہے کیا، آپ کو اتنا بھی نہیں پتہ کہ یہاں کیا ہو رہا ہے۔ یہاں سی سی ٹی وی لگے ہیں اور آپ کہہ رہی ہیں کہ گانا گايئے. چلیے آپ سٹیج سے نیچے جائیے۔'
تیواری نے مزید کہا: 'ان (ٹیچر) کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ جب ان کو یہ تک نہیں پتہ کہ رکن پارلیمان سے کیسی بات کرنی چاہئے تو طالب علموں سے کیسے بات کریں گی؟"
تیواری ایک ایسے فنکار ہیں جنھوں نے اپنی اداکاری، گلوکاری اور ٹی وی پروگرام سے شہرت حاصل کرنے کے بعد سیاست میں شمولیت اختیار کی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس کے بعد ٹیچر پلیٹ فارم سے نیچے اتر جاتی ہیں۔
سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو شیئر کیا جا رہا ہے اور بہت سے لوگ منوج تیواری کے رویے پر ناراضگی ظاہر کر رہے ہیں۔
انکت جین نے ٹوئٹر پر لکھا: 'منوج تیواری جی گانا گانے سے عاجزی سے انکار کرنے کے ہزاروں طریقے تھے۔ جس طرح آپ نے ایک ٹیچر کو عوامی پلیٹ فارم پر اس طرح سے ذلیل کیا ہے اسے ایک عام آدمی کبھی نہیں بھولےگا۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جيوتسنا ورما نے لکھا: 'منوج تیواری سے ایسے رویے کی توقع نہیں تھی۔ انھیں اپنا آپا نہیں کھونا چاہیے تھا۔'
WocharLog نامی ہینڈل سے لکھا گیا ہے: 'آپ آج جو کچھ بھی ہیں اپنی گلو کاری کی وجہ سے ہی ہیں۔ آپ کو ایک خاتون سے اس طرح کا برتاؤ نہیں کرنا چاہیے تھا۔'
نریندر ناتھ مشرا نے لکھا: 'ٹویٹر پر منوج تیواری نے پروفائل میں لکھا ہے ایکٹر، سنگر، میوزک ڈائریکٹر، ٹیلی ویژن پریزینٹر، سیاستدان، ایم پی۔۔۔'
ریاست دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے ٹویٹ کیا: 'بھکتو! دیکھیے آپ کے دہلی کے ریاستی صدر ایک سکول کی استانی کی کس طرح سے توہین کر رہے ہیں۔ کہاں ہے آر ایس ایس اور اور اس کی تہذیب؟'
کانگریس کی پرینکا چترویدی نے ٹویٹ کیا: 'اسی ہفتے تو منوج تیواری نے ہولی کے موقع پر ٹیلی ویژن چینلز پر گانا گایا تھا، کیا تب وہ پارلیمان کے رکن نہیں تھے؟'