راولاکوٹ: فوجی گاڑی پر خودکش حملہ

- مصنف, ذوالفقار علی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، مظفر آباد
- وقت اشاعت
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں سنیچر کو ایک فوجی گاڑی پر خود کش حملے کی کوشش میں حملہ آور ہلاک اور دو فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔
یہ حملہ جنوبی ضلع راولاکوٹ میں دوتھان کے مقام پر کیا گیا۔
راولاکوٹ کے ڈپٹی کمشنر چوہدری رقیب نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ حملہ آور پیدل تھا اور اس نے فوجی گاڑی کے قریب خود کو دھماکے سے اڑایا۔
انہوں نے بتایا کہ حملے کا نشانہ بننے والی گاڑی راولاکوٹ سے لائٹ آف کنٹرول کے قریب واقع گاؤں ہجیرہ جا رہی تھی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ گاڑی میں دو ہی فوجی سوار تھے جو حملے میں زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی فوجیوں کو سی ایم ایچ راولا کوٹ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ایک کی حالت نازک ہے۔
پونچھ ڈویژن کے کمشنر سردار خورشید خان کے مطابق پولیس کو جائے وقوعہ سے خودکش حملہ آور کا سر ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آور کی عمر سولہ سے سترہ برس کے درمیان تھی اور وہ بظاہر کشمیری نہیں لگتا۔
خیال رہے کہ یہ ماہِ رواں میں پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں فوج کو نشانہ بنائے جانے کا دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل چھ جنوری کو سدھنوتی کے علاقے تراڑ کھل میں فوجی بیرک پر ہونے والے مبینہ خود کش حملے کے نتیجے میں کم از کم چار فوجی اہلکار ہلاک اور گیارہ زخمی ہوگئے تھے۔















