ملکہ الزبتھ کی وفات: پاکستان میں 12 ستمبر کو سوگ، پرچم سرنگوں رہے گا

الزبتھ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

وقت اشاعت

پاکستان حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ملکہ برطانیہ کی وفات پر برطانوی حکومت اور عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے 12 ستمبر کو پاکستان یومِ سوگ منائے گا۔

لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن نے ٹؤٹر پر بتایا کہ پیر کے روز ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

پاکستان

،تصویر کا ذریعہTwitter

اس سے قبل پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے برطانوی وزیر اعظم لز ٹرس کو ملکہ الزبتھ دوم کی وفات پر تعزیتی خط تحریر کیا تھا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برطانوی وزیر اعظم لز ٹرس کے نام تعزیتی خط میں لکھا کہ ملکہ الزبتھ دوم نے اپنی زندگی بے لوث عوامی خدمت کے لیے وقف کر دی اور ان کی باوقار موجودگی برطانیہ کے عوام کے لیے تقویت کا باعث تھی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملکہ الزبتھ نے اپنے دور حکمرانی میں دنیا میں مثبت تبدیلوں میں کلیدی کردار ادا کیا۔

Pakistan PM Shahbaz sharif

،تصویر کا ذریعہPID

،تصویر کا کیپشنوزیر اعظم نے ملکہ الزبتھ دوئم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ہائی کمیشن میں رکھی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔

ملکہ الزبتھ دوم کی خلوص اور ان کی انتھک نگرانی میں دولت مشترکہ کی تنظیم دنیا میں آزاد ممالک کی مضبوط تنظیم بن گئی ہے۔ طویل عرصہ تک عوامی خدمات کے تحفظ کے لیے خدمات کے باوجود ملکہ الزبتھ کی شخصیت اور ان کی موجودگی برطانیہ اور دنیا بھر کے لوگوں کے لیے اتحاد اخوت کی طاقت کا نشان بنی۔

ملکہ الزبتھ دوم کے پاکستان کے دورے کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ پاکستانی عوام اور ملکہ برطانیہ کے درمیان تعلقات مضبوط ہوتے گئے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ’مشکل کی اس گھڑی میں مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم کی تمام ہمدردیاں برطانوی شاہی خاندان، برطانوی حکومت اور برطانوی عوام کے ساتھ ہیں۔‘

اسلام آباد میں وزیر اعظم کی برطانوی ہائی کمیشن آمد پر برطانوی ہائی کمشنر نے استقبال کیا۔ انھوں نے ملکہ الزبتھ دوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ہائی کمیشن میں رکھی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔