’یہ ایک شیطانی حملہ تھا، امریکہ اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے‘: امریکی صدر جو بائیڈن کا خطاب

صدر بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم کے ساتھ آن لائن اجلاس کے بعد اپنے خطاب میں حماس کو خون کا پیاسا قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اسرائیل کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔ ان کے مطابق ہزار سے زائد مرنے والوں میں 14 امریکی بھی شامل ہیں۔ حماس کے ’طوفان الاقصیٰ آپریشن‘ کے آغاز اور اسرائیل کے جوابی حملوں میں اب تک 1008 اسرائیلیوں اور 830 فلسطینیوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

لائیو کوریج

  1. امریکی جنگی بیڑہ طاقت کا اظہار ہے, باربرا پلیٹ اشر، بی بی سی نیوز

    جنگی بیڑہ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکہ نے اسرائیل کو اسلحہ اور جنگی سازوسامان فرام کرنا شروع کر دیا ہے جبکہ امریکی جنگی بیڑہ خطے کی جانب بڑھ رہا ہے۔

    یہ بیڑہ بحرۂ روم میں ہی موجود تھا اور اسے زیادہ دور نہیں جانا پڑے گا۔ یہ کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے کہ امریکہ کسی ایسے خطے میں جنگی بحری جہاز بھیجے جہاں حالات بگڑ رہے ہوں۔

    تاہم اس سے قبل اسرائیل اور حماس کے درمیان ہونے والی لڑائیوں میں امریکہ نے ایسا نہیں کیا تھا۔ اس بار بھی ایسا کرنے کی وجہ حماس نہیں ہے۔

    امریکہ کو خدشہ ہے کہ یہ لڑائی پھیل سکتی ہے۔ ایک سینئر امریکی دفاعی اہلکار نے کہا ہے کہ جنگی جہاز امریکہ کی اسرائیل کے ساتھ شراکت کا اظہار ہیں اور یہ کسی دوسرے ملک یا گروہ کو اس لڑائی میں شامل ہونے سے روکیں گے۔

    حقیقت میں یہ اشارہ ایران کی جانب ہے جو لبنان میں حزب اللہ اور غزہ میں حماس کی حمایت کرتا ہے۔ تاہم قومی سلامتی کونسل نے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ امریکہ کا اپنے فوجی علاقے کی زمین پر اتارنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

  2. اسرائیل فلسطین حالیہ کشدیدگی کی تازہ ترین صورتحال

    Gaza

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    اسرائیل پر عسکریت پسند تنظیم حماس کے طوفان الاقصیٰ آپریشن کو آج چوتھا روز ہے۔ اسرائیل کی جانب سے ردعمل میں غزہ پر شدید بمباری کی جا رہی ہے۔ جبکہ حماس کے جنگجو اسرائیل کے اندر لڑائی کر رہے ہیں۔

    اب تک کی تازہ ترین صورتحال کچھ یوں ہے:

    • اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل حماس کے خلاف بھرپور قوت کا استعمال کرے گا۔
    • اسرائیل پر حماس کے حملے میں 900 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں سے 260 ایک موسیقی فیسٹیول میں ہلاک ہوئے۔
    • اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی پر بمباری کے نتیجے میں اب تک 690 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔
    • حماس کی جانب سے درجنوں اسرائیلی افراد کو اغوا کیا گیا ہے جن کے اہلخانہ معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
    • حماس کی جانب سے اسرائیلی فضائی بمباری کے ردعمل میں اغوا کیے جانے والے اسرائیلی افراد کو ہلاک کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔
    • اسرائیلی وزیر دفاع نے غزہ کی پٹی کے مکمل محاصرے کا حکم دیا ہے اور فلسطینی عوام کے لیے خوراک، ایندھن، بجلی اور پانی کی فراہمی بند کر دی گئی ہے۔
  3. بریکنگ, فلسطینی صدر روس کا دورہ کر سکتے ہیں، رپورٹس

    برطانوی خبررساں ادارے روئٹرز نے روسی ادارے آر بی سی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت کوشش کی جا رہی ہے کہ فلسطینی صدر محمود عباس روس کا دورہ کر سکیں۔

    واضح رہے کہ فلسطیبی قیادت غرب اردن کنٹرول کرنے والی فلسطیبی اتھارٹی، جس کے صدر محمود عباس ہیں، اور غزہ کی پٹی پر برسراقتدار حماس میں بٹی ہوئی ہے۔

    ماسکو میں فلسطینی سفیر عبدالحافظ کے مطابق ’ایک معاہدہ ہوا ہے کہ محمود عباس ماسکو آئیں گے۔‘

    ان کے مطابق ’ہم کریملن کی جانب سے باضابطہ بیان کا انتظار کر رہے ہیں کہ یہ دورہ کب ہو گا۔‘

  4. فلسطین اسرائیل تنازعے پر بی بی سی کے لائیو پیج پر خوش آمدید!

    اسرائیل اور فلسطین تنازعے پر عسکریت پسند تنظیم حماس کے ’طوفان الاقصیٰ‘ آپریشن اور اسرائیل کی جوابی کارروائی سے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔

    پیر کو ہونے والی جھڑپوں سے متعلق جاننے کے لیے یہاں کلک کریں