وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ 15 جون تک تمام امتحانات
منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ انھوں نے واضح کیا ہے کہ اب نویں سے 12 ویں جماعت کے امتحانات 15 جون تک منعقد نہیں
کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مئی کے وسط میں جائزہ لیں گے کہ ان امتحانات کو
مزید آگے لے کر جانا ہے یا پھر 15 جون سے ہی یہ سلسلہ شروع کر دیا جائے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ 18 اپریل کو ہم نے این سی او سی کا جو آخری اجلاس کیا
تھا اس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ امتحانات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا لیکن اس کے
بعد سے 27 اپریل تک بیماری میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
شفقت محمود نے کہا کہ آج سے لے کر 15 جون تک کوئی امتحان نہیں ہو گا اور نویں سے 12 ویں جماعت کے جن امتحانات کو مئی کے آخر میں شروع ہونا تھا، انھیں مزید ملتوی کردیا گیا ہے اور اب 15 جون تک کوئی امتحان نہیں ہو گا۔
شفقت محمود نے کہا ہے کہ او لیول کے امتحان بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم شاید ایک ایسی صورتحال کی جانب بڑھ رہے ہیں جہاں ہمیں زیادہ انفیکشن کے حامل علاقوں کا لاک ڈاؤن کرنا پڑے لہٰذا اسد عمر کی زیر صدارت ہونے والے این سی او سی اجلاس میں یہ متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ 15 جون تک کوئی امتحان نہیں ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ یونیورسٹی میں جنوری تک داخلے ہوتے رہیں تا کہ کوئی رہ نہ جائے۔
شفقت محمود نے کہا کہ جو بچے پاکستان کی جامعات میں جانا چاہتے ہیں ان کے لیے ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ جنوری تک ایڈمیشن ہوتے رہیں تاکہ بچوں کو ایڈمیشن اور یونیورسٹی جانے میں کوئی مسئلہ نہ ہو۔