پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سمیت ضلع بھر میں انتظامیہ نے سمارٹ لاک ڈوان میں مزید نرمی کرتے ہوئے دکانیں، کاروباری و تجارتی مراکز کو احتیاطی تدابیر کے تحت ایک ہفتے کے لیے کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔
ڈپٹی کمشنر مظفرآباد بدر منیر کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق اس نرمی کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کاروباری و تجارتی مراکز کو صبح 8 بجے سے شام 6 بجے جبکہ دودھ، دہی بیکری اور تندور کی دکانیں صبح 6 سے شام 8 بجے تک کھولنے اجازت ہو گی۔ دوسری جانب میڈیکل سٹورز ان اوقات کار سے متثنی ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جمعے اور منگل کے روز مکمل لاک ڈاون ہو گا البتہ میڈیکل سٹورز، بیکری، ایل پی جی، کریانہ، فروٹ و سبزی، دودھ و دہی اور مرغی والی دکانیں مقررہ وقت کے لیے ضابطہ اخلاق کے تحت کھلی رہیں گی۔
نوٹفکیشن کے مطابق دارالحکومت سمیت ضلع مظفرآباد میں ہر قسم کے عوامی اجتماعات، شادی بیاہ کی تقریبات، جلسے جلوسوں کے علاوہ مزارات اور زیارات پر اجتماع سمیت لنگر تقسیم کرنے پر پابندی رہے گی۔
تعلیمی اداروں سمیت تربیتی مراکز اور مدارس کو کھولنے پر پابندی برقرار رہے گی جبکہ سیاحوں کی آمدروفت پر بھی پابندی رہی گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہوٹل ٹیک اوے کے تحت صبح 6 سے شام 8 بجے تک کھلے رہیں گے، ہوٹل انتظامیہ کھانا پارسل کر سکے گی مگر ہوٹل پر بیٹھ کر کھانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اس ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر چھوٹے اور بڑے ہوٹلوں کا پانچ سے ایک لاکھ تک جرمانہ ہو گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گھر کا ایک فرد ماسک پہن کر سامان لینے کے لیے باہر نکل سکتا ہے بلاوجہ گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
تمام کاروباری افراد کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ محکمہ صحت کی جانب سے جاری ہونے والے ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کریں بصورت دیگر انکو پانچ ہزار سے پندرہ ہزار تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع بھر اور بیرون ضلع ہر قسم کی ٹرانسپورٹ پہلے سے طے شدہ ضابطہ اخلاق کے تحت چلانے کی اجازت ہوگی۔