سوئٹزلینڈ کی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے تمام دوکانیں، ریستوران، شراب خانے اور میوزیمز 11 مئی سے کھول دیے جائیں گے۔
یہ فیصلہ یقیناً توقع سے پہلے لیا گیا ہے اور حکومت کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ کورونا وائرس کیسز اور ہسپتالوں میں داخل افراد کی تعداد میں تیزی سے کمی آ رہی ہے جس کی توقع کو نہیں کی جا رہی تھی۔
سوئٹزرلینڈ میں گذشتہ دس دنوں کے دوران روزانہ 250 سے کم کیس سامنے آ رہے ہیں جبکہ یہاں انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں وبا کے دوران ہمیشہ سے ہی جگہ موجود رہی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ حکومت نے بے صبرے کاروباروں جیسے شراب خانوں اور ریستورانوں کو کھول دیا ہے۔ دوسری جانب سکولوں کو 11 مئی کو کھولنے کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔
تاہم ملک میں وزیرِ صحت نے خبردار کیا ہے کہ کے اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ زندگی معمول پر آ جائے گی۔ شراب خانوں میں کھڑے ہونے کی اجازت نہیں ہو گی، ریستورانوں میں میز صرف چار لوگوں کے مختص ہوں گے جبکہ ہر میز کے درمیان دو میٹر کا فاصلہ برقرار رکھا جائے گا۔
بڑے اجتماعات پر تاحال پابندی رہے گی۔
اس اثنا میں ملک گیر ٹریسنگ کا عمل شروع کیا جائے گا اور وائرس سے متاثرہ افراد اور ان کے قریبی افراد کو قرنظینہ میں رہنے کا کہا جائے گا۔
کچھ افراد یقیناً اس اعلان کے بعد سکھ کا سانس لیں گے، لیکن باقی جنھیں یہ یاد ہے کہ ملک میں وائرس کتنی تیزی سے پھیلا تھا انھیں خوف ضرور ہو گا کہ شاید پابندیوں میں نرمی بہت جلدی کر دی گئی ہے۔