آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

کورونا وائرس: برطانیہ میں جمعرات سے انسانوں پر ویکسین کے ٹرائل کا آغاز ہوگا

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 25 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 70 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔ برطانوی وزیر صحت میٹ ہینکاک کا کہنا ہے کہ جمعرات سے آکسفورڈ یونیورسٹی کی ٹیم انسانوں پر کورونا وائرس کی ویکسین کا ٹرائل کرے گی۔

لائیو کوریج

  1. وائٹ ہاؤس کے باہر نرسوں کا احتجاج: ’20 سیکنڈ میں آپ اپنے ہاتھوں سے ہیروز کا خون نہیں دھو پائیں گے‘

    امریکہ میں وائٹ ہاؤس کے باہر نیشنل نرسز یونائیٹڈ یونین کی نرسیں احتجاجی مظاہرہ کر رہی ہیں۔ انھوں نے گورنروں اور وفاقی عہدیداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فرنٹ لائن پر کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے والے طبی عملے کو حفاظتی سامان فراہم کریں۔

    سرجیکل ماسک پہنے ایک خاتون نے عہدیداروں کے نام لکھا جانے والا ایک خط پڑھا:

    ’ہمارا مطالبہ ہے کہ آپ فوری طور پر اس وبائی مرض سے فرنٹ لائن پر مقابلہ کرنے والے ڈاکٹروں، نرسوں اور صحت کے کارکنان کو حفاظتی سامان فراہم کریں۔‘

    ’اگر آپ ہماری حفاظت نہیں کر سکتے تو ہم اپنے مریضوں کی حفاظت نہیں کرسکتے‘

    مظاہرین نے کووڈ-19 سے ہلاک ہونے والے نرسوں اور ڈاکٹروں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور ان پوسٹروں پر ایسی عبارات درج تھیں ’20 سیکنڈ میں آپ اپنے ہاتھوں سے ہیروز کا خون نہیں دھو پائیں گے۔‘

    اس یونین میں ڈیڑھ لاکھ نرسیں شامل ہیں اور یہ امریکہ میں رجسٹرڈ نرسوں کی سب سے بڑی ایسوسی ایشن ہے۔

  2. افریقہ میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 23000 سے تجاوز کر گئی

    افریقہ میں امراض پر قابو پانے والے ادارے کے مطابق افریقہ میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسوں کی کل تعداد 23000 سے تجاوز کر گئی ہے۔

  3. ٹوئٹر: ’برطانوی حکومت کو جعلی این ایچ ایس اکاؤنٹس سے جوڑنے کے کوئی ثبوت نہیں‘, ماریانا سپرنگ، رپورٹر برائے جعلی خبریں اور سوشل میڈیا

    ٹویٹر کا کہنا ہے کہ فی الحال انھیں ایسے کوئی ثبوت نہیں ملے جن سے یہ ظاہر ہو کہ برطانیہ کی حکومت نے جعلی اکاؤنٹس کا استعمال کرتے ہوئے کورونا وائرس سے متعلق بحث کا رخ موڑنے کی کوشش کی ہو۔

    سوشل میڈیا پر ایسے دعوے گردش کرنے لگے تھے جن کے مطابق ٹوئٹر پر خود کو این ایچ ایس کا عملہ ظاہر کرنے والے اکاؤنٹس کے پیچھے محکمہ صحت اور سوشل کئیر نیٹ ورک کا ہاتھ تھا۔

    یہ اکاؤنٹس جو مبینہ طور پر حکومت کی حمایت میں پوسٹس کیا کرتے تھے، ایسا لگتا ہے کہ اب انھیں ہٹا دیا گیا ہے۔

    محکمہ صحت نے ٹویٹ کیا کہ یہ دعوے ’واضح طور پر جھوٹے‘ ہیں۔

    ٹویٹر کا مزید کہنا ہے کہ ’گفتگو کا رخ موڑنے یا غیر فطری طور پر اثر انداز ہونے کی چھوٹی سے چھوٹی کوششیں کرنے والوں کو بھی پیلٹ فارم سے ہٹا دیا جائے گا۔‘

    بی بی سی کے پاس فی الحال ایسے کوئی ثبوت نہیں ہیں جو یہ ثابت کر سکیں کہ ان مبینہ جعلی اکاؤنٹس کا برطانوی حکومت سے کوئی تعلق تھا۔

  4. بریکنگ, ویلز میں مزید 25 اموات

    ویلز کے ہسپتالوں میں مزید 25 افراد کی موت ہوئی ہے جس سے اموات کی کل تعداد 609 ہوگئی ہے۔

    پبلک ہیلتھ ویلز کا کہنا ہے کہ مصدقہ مریضوں میں 304 کا اضافہ ہوا ہے اور کل تعداد 7850 ہوگئی ہے۔

    درست اعداد و شمار زیادہ ہو سکتے ہیں کیوں کہ کئی افراد کا ٹیسٹ ہی نہیں ہوا ہے۔

  5. سعودی عرب: ماہِ رمضان کے دوران کرفیو کے اوقات میں نرمی کا اعلان

    سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق سعودی عرب ماہ رمضان کے دوران متعدد شہروں میں نافذ کرفیو کے اوقات میں تبدیلی کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ لوگوں کو ضروری سامان کی خریداری کے لیے زیادہ وقت دیا جا سکے۔

    فی الحال جن علاقوں میں 24 گھنٹے کرفیو نافذ ہے وہاں کے عوام صبح 6 بجے سے شام 3 بجے تک صحت مراکز اور سپر مارکیٹ جانے کے لیے باہر جاسکتے ہیں۔

    ایس پی اے کے مطابق رمضان کے دوران یہ اوقات صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کر دیے جائیں گے۔

    یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب سعودی وزارت صحت کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ 1147 نئے تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے ہیں۔

    یہ لگاتار چوتھا دن ہے جب ملک میں ایک ہزار سے زیادہ نئے انفیکشنز کی اطلاع ملی ہے۔

  6. ’خبردار! اس گھر میں کورونا کا مریض موجود ہے‘

  7. سویڈن میں ایک دن میں سب سے زیادہ 185 اموات

    سویڈن میں کورونا وائرس کی وبا کے آغاز سے ایک دن میں اب تک کی سب سے زیادہ اموات رپورٹ کی گئی ہیں۔

    سویڈن میں کل سے اب تک 185 اموات ہوئی ہیں اور ملک میں کل اموات 1765 ہوگئی ہیں۔

    ملک میں مصدقہ مریضوں کی کل تعداد 15 ہزار 322 ہے جس میں گذشتہ روز کے مقابلے میں 545 افراد کا اضافہ شامل ہے۔

  8. کورونا وائرس: ایشیا سے تازہ ترین صورتحال

    سنگاپور نے جزوی لاک ڈاؤن میں یکم جون تک توسیع کردی ہے۔ نئی پابندیوں کے تحت سکول بند رہیں گے اور ہر شخص گھر سے کام کرے گا۔ اس کے علاوہ سماجی اجتماعات پر پابندی عائد ہے۔

    ہانگ کانگ نے معاشرتی دوری کے اقدامات میں کم از کم 7 مئی تک توسیع کردی ہے۔ منگل کو وہاں چار نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ چیف ایگزیکٹو کیری لام نے خبردار کیا ہے کہ ’یہ وقت مطمعن ہونے کا نہیں ہے۔ اگر ہم آرام کریں گے تو ہم نے جو اچھا کام کیا ہے وہ ٰضائع ہو جائے گا۔‘

    جنوبی کوریا میں فٹ بال کلبوں کو منگل سے بند دروازوں کے پیچھے پریکٹس میچ منعقد کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس وبا کی وجہ سے سیزن میں پہلے ہی دو ماہ کی تاخیر ہوئی ہے۔

    چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق ہسپتالوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ کئی کیسز سامنے آنے کے بعد منگل کے روز 4106 سے زیادہ افراد کے ٹیسٹ کیے گئے۔

    ہاربین روسی سرحد کے قریب واقع ہے اور سوفینھے سے بھی زیادہ دور نہیں ہے۔ ان دونوں مقامات سے وائرس کے پھیلاؤ نے چینی حکومت کو پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے۔

  9. این ایچ ایس کے لیے 2 کروڑ 70 لاکھ پاؤنڈ کی امداد جمع کرنے والے 99 سالہ کیپٹن ٹام کو سالگرہ پر 25000 سے زیادہ کارڈز کا تحفہ

    این ایچ ایس کے لیے 2 کروڑ 70 لاکھ پاؤنڈ کی امداد جمع کرنے والے 99 سالہ کیپٹن ٹام کو ان کی سالگرہ کے موقع پر 25000 سے زیادہ کارڈز موصول ہوئے ہیں۔

    30 اپریل کو ان کی 100ویں سالگرہ ہے۔ وہ اپنی سالگرہ سے قبل اپنے گھر کے گارڈن کے 100 چکر مکمل کر کے این ایچ ایس کے لیے 1000 پاؤنڈ جمع کرنا چاہتے تھے لیکن اس وقت سب حیران رہ گئے جب سالگرہ سے بہت پہلے ہی ان کے فنڈ میں لاکھوں پاؤنڈ جمع ہوگئے۔

    ساؤتھ مڈلینڈز میل سنٹر کے منیجر سٹیفن جیمز کا کہنا تھا کہ ’ہماری ٹیم میں آج تک کسی نے ایک شخص کو بھیجی جانے والی اتنی زیادہ ڈاک نہیں دیکھی۔‘

    برطانوی فارمولا ون کے ڈرائیور لینڈو نورس نے بھی کیپٹن ٹام سے بذریعہ ویڈیو کال بات کرتے ہوئے انھیں میک لارن ایف ون فیکٹری گھمانے کی پیش کش کی ہے۔

    کیپٹن ٹام کا کہنا تھا ’میک لارن کا دورہ کرنا مجھے بہت زیادہ خوشی دے گا کیونکہ میں ہمیشہ سے ان کا فین رہا ہوں۔‘

    بیس سالہ نورس کا کہنا تھا ’آپ نے جو کچھ حاصل کیا میں اس کے لیے آپ کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں - آپ سے بات کرنا میرے لیے ایک اعزاز ہے۔‘

  10. بریکنگ, انگلینڈ: اموات میں 778 کا اضافہ

    انگلینڈ کے ہسپتالوں میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 778 اموات ہوئی ہیں۔

    انگلینڈ میں اموات کی کل تعداد 15 ہزار 607 ہوگئی ہے۔

    ان تازہ ترین اعداد و شمار میں کمیونٹی جیسا کہ کیئر ہومز میں ہونے والی اموات شامل نہیں ہیں۔

  11. کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے میں کتنا وقت لگتا ہے؟

  12. خوراک کی شدید قلت کے شکار افراد کی تعداد دوگنی ہو سکتی ہے

    اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام نے خبردار کیا ہے کہ اس وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں خوراک کی شدید قلت کا شکار افراد کی تعداد دوگنی ہو سکتی ہے۔

    ڈبلیو ایف پی کے اندازوں کے مطابق ’خوراک کی قلت کا شکار افراد کی تعداد 2020 میں 265 ملین تک پہنچ سکتی ہے جو کہ 2019 کی 135 ملین کی تعداد میں 130 ملین کا اضافہ ہوگا جس کی وجہ وبا سے ہونے والے اقتصادی اثرات ہوں گے۔ ‘

    یہ وارننگ ڈبلیو ایف پی اور اس کے پارٹنرز کی جانب سے دنیا بھر میں خوراک کی قلت سے متعلق ایک نئی رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد جاری کی گئی ہے۔

    گلوبل رپورٹ آن فوڈ کرائسز کی چوتھی سالانہ رپورٹ کے مطابق وبا سے پہلے گذشتہ برس بھی خوراک کی قلت میں اضافہ ہو رہا تھا۔

  13. برطانوی حکومت کا اپریل کے آخر تک فی دن 100000 ٹیسٹ کرنے کا اعلان

    برطانیہ میں وزیرِاعظم آفس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ابھی ملک میں 40000 سے کم ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت موجود ہے لیکن حکومت اپنے اس وعدے پر قائم ہے کہ وہ اپریل کے آخر تک کووڈ-19 کے ٹیسٹوں کی صلاحیت کو فی دن 100000 تک لیجائے گی۔

    وزیر اعظم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ابھی ٹیسٹوں کی کل گنجائش فی دن 39250 ہے۔

    پیر کی صبح 9 بجے تک 24 گھنٹوں میں، 19316 ٹیسٹ کیے گئے۔

    حکومت نے چہرے کے ماسک پہننے سے متعلق ہدایات پر بھی نظرثانی کی ہے۔ فی الحال حکومت صرف صحت اور معاشرتی تقریبات میں ان کے استعمال کی ضرورت پر زور دے رہی ہے۔

    ڈاوننگ سٹریٹ کے مطابق جیسا کہ گذشتہ ہفتے اعلان کیا گیا ہے کہ ہنگامی حالات کے لیے بنائے گئے سائنسی مشاورتی گروپ (ایس ای جی) چہرے کے ماسک سے متعلق ’مزید شواہد‘ پر غور کرنے کے لیے میٹنگ کر رہے ہیں اور ان کے کسی فیصلے پر پہنچنے کے بعد ہی حکومت اس بارے میں مزید ہدایات جاری کر سکے گی۔

  14. اسرائیل میں لاک ڈاؤن کے دوران ڈریگ کوئین شو

  15. ایران میں کووڈ-19 سے مزید 88 اموات

    ایران میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 88 مزید اموات کی اطلاع ملی ہے جو گذشتہ روز ہونے والی 91 اموات سے کم ہیں۔

    تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والی ایک پریس کانفرنس میں وزارت صحت کے ترجمان کینوش جہاں پور کا کہنا تھا کہ ٹیسٹنگ سے 1297 نئے تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے ہیں۔

    اس طرح ایران میں کورونا وائرس پھیلنے کے بعد سے اب تک متاثرین کی تعداد 84802 ہو گئی ہے۔

    مشرقِ وسطی میں ایران کوورنا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔

    وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق ملک میں اب تک کووڈ۔19 سے ہونے والی ہلاکتوں کی کل تعداد 5297 ہے۔ 60965 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں لیکن 3357 تشویشناک حالت میں ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

  16. برطانوی وزیراعظم بورس جانسن ملکہ سے بات کریں گے

    ڈاؤننگ سٹریٹ کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن رواں ہفتے کسی وقت ملکہ سے بات کریں گے۔

    بورس جانسن میں وائرس کی تشخیص اور ان کے ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد یہ تین ہفتوں میں پہلی بار ہوگا کہ وہ ملکہ سے فون پر بات کریں گے۔

    وزیر اعظم آج امریکی صدر ٹرمپ سے بھی بات کریں گے۔

    ڈاؤننگ سٹریٹ کا کہنا ہے کہ یہ فون کال ایک موقع ہوگی جس میں وہ جی 7 ممالک کے، جس کی سربراہی فی الحال امریکہ کر رہا ہے، وائرس پر ردعمل پر بات کرسکیں گے اور وزیر اعظم کی بیماری کے دوران صدر ٹرمپ کی جانب سے بھیجے گئے پیغامات کا شکریہ بھی ادا کر سکیں گے۔

    وزیراعظم کے ترجمان کے مطابق وہ ’چیکرز میں صحت یاب ہو رہے ہیں اور باقاعدہ سرکاری کام نہیں کر رہے ہیں۔‘

    ترجمان کے مطابق ’انھیں نمبر 10 سے کورونا وائرس کے خلاف اقدامات سے متعلق اپ ڈیٹس دی جا رہی ہیں اور انھوں نے وزیر خارجہ ڈومنِک راب اور اپنی ٹیم کے سینئر ممبران سے بات کی ہے۔‘

  17. سپین: تاریخ میں پہلی مرتبہ بیلوں کی دوڑ والا تہوار منسوخ

    سپین میں ہر سال جولائی میں ہونے والا بیلوں کی دوڑ کا تہوار سان فریمن منسوخ کردیا گیا ہے۔

    قائم مقام میئر انا الزیزلڈ نے ایک بیان میں کہا ہے ’ہمیں توقع تھی کہ ایسا ہی ہو گا لیکن اس کے باوجود ہم شدید غمزدہ ہیں۔‘

    اس تہوار میں ہزاروں افراد شریک ہوتے ہیں اور اس سال یہ دوسرا یورپی تہوار ہے جسے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے منسوخ کیا جا رہا ہے۔

    اس سے پہلے جرمنی میں سالانہ منعقد ہونے والے اوکٹوبرفیسٹ تہوار (بیئر پینے کا مشہور تہوار) جس کے لیے 60 لاکھ افراد میونخ کا سفر کرتے ہیں، بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔

  18. بریکنگ, کورونا وائرس: سکاٹ لینڈ میں مزید 70 اموات

    سکاٹ لینڈ کے ہسپتالوں میں گذشتہ ایک دن میں وائرس سے 70 افراد کی موت ہوئی ہے اور اموات کی کل تعداد 985 ہوگئی ہے۔

    سکاٹ لینڈ میں کووڈ 19 کے مریضوں کی کل تعداد 8 ہزار 672 ہے جن میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے 222 کیسز بھی شامل ہیں۔

    ان میں وہ اموات شامل نہیں جو کمیونٹی میں ہوئی ہیں جیسا کہ کیئر ہومز میں۔

  19. روس: لاک ڈاؤن مخالفین کا آن لائن احتجاج

    روس میں قرنطینہ قوانین کے باعث حکومت کے ناقدین آن لائن پلیٹ فارمز استعمال کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

    لاک ڈاؤن کے مخالفین روس کے مقبول سرچ انجن یاندیکس اور اس کی میپ سروس کا استعمال کرتے ہوئے مخصوص مقامات پر اپنے تبصرے کر رہے ہیں۔

    عام طور پر یہ تبصرے ٹریفک کے بارے میں ہوتے ہیں لیکن ان میں ’ہم اپنے گھر کا کرایہ کیسے ادا کریں گے؟‘ اور ’ہم بھوکے ہیں ، ہم کیا کریں؟‘ جیسے تبصرے بھی شامل ہیں۔

    میٹروپیکیٹ (حقوق کی تحریک) جس نے لاک ڈاؤن سے پہلے ہر جمعے کو ماسکو کے میٹرو سٹیشنوں کے باہر مظاہرے کیے تھے، انھوں نے اپنا پہلا زوم احتجاج 17 اپریل کو منعقد کیا۔ اس میں شامل مظاہرین نے گھروں میں کیمرے کے آگے پوسٹرز رکھے ہوئے تھے۔

    اپوزیشن نے 28 اپریل کو یوٹیوب پر ایک اور پروگرام کا منصوبہ بنایا ہے۔

    ممتاز صحافی اور یہ مہم چلانے والی الیا آزر نے اپنے فیس بک پر لکھا ہے ’اس وقت سٹریٹ ریلی کا انعقاد غیر ذمہ داری ہوگا، لیکن ہم بورنگ پٹیشنز، ایڈریس یا فیس بک پوسٹوں کے علاوہ کچھ اور کرنے کی کوشش کرنا چاہتے ہیں۔‘

    اسی بات کا مطالبہ امریکی ڈیموکریٹک گورنرز نے وائٹ ہاؤس سے کیا ہے کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ذریعے امریکیوں سے اپیل کریں کہ لاک ڈاؤن مخالف مظاہروں کے دوران گھر میں قیام کے احکامات کی تعمیل کریں۔

  20. انڈیا کے آلودہ شہروں کی فضا صاف ہونے لگی

    گذشتہ ماہ انڈیا میں لاک ڈاؤن شروع ہوا تو ہر قسم کی ٹراسپورٹ بھی معطل کر دی گئی جس کے نتیجے میں اس کے آلودہ شہروں کی فضا صاف اور ان کے اوپر آسمان نیلا نظر آنے لگا ہے۔