• ایران کا کہنا ہے کہ کوئی بھی علاقہ جو ایران کے خلاف جارحیت کا نقطۂ آغاز بنے گا اسے نشانہ بنایا جائے گا تاہم ایران کے وزیرِ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کا ملک جنگ کو بڑھاوا نہیں دینا چاہتا۔
• ایران نے بدھ کی صبح عراق میں دو امریکی فضائی اڈوں پر راکٹ حملے کیے جو ان کے بقول قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد انتقامی کارروائی ہے۔
• جواد ظریف نے عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل حملوں کے بعد ایک ٹویٹ میں کہا کہ 'ہم نہیں چاہتے کہ تناؤ مزید بڑھے یا یہ جنگ میں تبدیل ہو جائے۔'
• ایران کی افواج کے چیف آف سٹاف میجر جنرل محمد باقری نے کہا ہے کہ یہ حملہ ایرانی برّی افواج کی صلاحیتوں کی محض ایک جھلک دیتا ہے۔
• ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے اپنی تقریر میں کہا ہے کہ: 'قاسم سلیمانی بہادر اور حکمت عملی میں مہارت رکھتے تھے۔ انھوں نے مغربی ایشیا میں امریکی منصوبوں کو ناکام بنایا تھااور ان کی مدد سے عراق، شام اور لبنان میں امریکی منصوبے ناکام بنائے گئے۔'
• ایران کے صدر حسن روحانی نے کابینہ کے اجلاس کے بعد اپنے خطاب میں امریکہ کو مخاطب کر کے کہا ہے کہ ایران جنرل سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ خطے سے امریکہ کو نکال کر لے گا۔ ان کا کہنا تھا 'تم نے جنرل سلیمانی کا ہاتھ ان کے جسم سے قطع کیا۔ اب اس خطے سے تمہارے قدم اکھاڑ دیے جائیں گے۔'
• ایران کے پاسدارانِ انقلاب کے نائب کمانڈر برائے آپریشنز عباس نیلفروش نے کہا ہے: 'ہمارے پاس معلومات تھیں کہ الاسد فوجی اڈے اور خطے میں امریکی افواج تیار ہیں لیکن وہ ہمارے ایک بھی بلیسٹک میزائل کا رخ بدلنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ ہمارے میزائل ٹھیک اپنے نشانے پر لگے۔'
• ایرانی حکومت کے ترجمان علی ربیع کا کہنا تھا 'ہم شدت پسند نہیں اور یہ ہمارا قانونی حق ہے کہ اگر امریکہ اس حملے کا جواب دیتا ہے تو ہم جواب میں مزید کارروائیاں کریں۔'
• ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق ملک کے صدر حسن روحانی آج قوم سے خطاب کریں گے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ ان کا خطاب کس وقت نشر ہوگا۔