آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

شام پر امریکہ، برطانیہ، فرانس کے حملے: کب کیا ہوا

امریکہ، فرانس اور برطانیہ نے شام کی حکومتی افواج کی جانب سے دوما پر مبینہ کیمیائی حملے کے جواب میں شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے کارخانوں اور گوداموں پر میزائل داغے ہیں۔

لائیو کوریج

ذیشان حیدر، رضا ہمدانی، شجاع ملک، وقاص علی ذیشان علی، ظفر سید، مرزا اے بی بیگ

  1. بریکنگ, کانگریس سے رجوع نہ کرنے پر ٹرمپ تنقید کا نشانہ

    حملے کے اعلان کے فوراً بعد صدر ٹرمپ کو ریپبلیکن اور ڈیموکریٹ دونوں پارٹیوں کے سیاستدانوں کی جانب سے امریکی کانگریس سے بغیر مشورے کے حملے کے لیے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    ڈیموکریٹک سینیٹر ٹم کین نے اسے غیر ذمہ دارانہ اور غیر قانونی قرار دیا ہے اور خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس سے مسٹر ٹرمپ کو ایران اور شمالی کوریا پر بمباری کے لیے حوصلہ افزائی ملے گی۔

    اس کے علاوہ صدر کی اپنی پارٹی میں بھی بے چینی پائی جاتی ہے۔ کانگریس کے ریپبلیکن رکن تھامس میسی نے اسے غیر آئینی قرار دیا۔ قانونی ماہرین اس معاملے پر اختلاف رائے کا شکار ہیں اور گشتہ سال جب صدر ٹرمپ نے شام کے خلاف اقدام کیے تھے تو اسی قسم کی بحث چھڑ گئی تھی۔

    اس وقت اقوام متحدہ اور او پی سی ڈبلیو کے ماہرین نے کہا تھا کہ باغیوں کے قبضے والے شمالی شہر خان شیخون میں شام نے اعصاب کو متاثر کرنے والے کیمیائی عناصر سرین کا استعمال کیا تھا۔

  2. بریکنگ, گذشتہ اپریل بھی امریکہ نے حملہ کیا تھا

    • یہ پہلا موقع نہیں کہ امریکی صدر ٹرمپ نے شام میں اہداف کو نشانہ بنانے کا حکم دیا ہو۔
    • گذشتہ برس اپریل میں بھی امریکہ نے 59 کروز میزائلوں سے حمص کے قریب واقع شامی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا تھا۔
    • یہ کارروائی ادلیب میں شہریوں پر کیمیائی مادے سے مبینہ حملے کا ردعمل تھی۔
    • شامی فوج کے مطابق اس حملے میں نو افراد ہلاک اور بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی تھی جبکہ روس نے اس حملے کو خودمختار ملک کے خلاف جارحیت قرار دیتے ہوئے شام میں ایئر سیفٹی معاہدہ معطل کر دیا تھا۔
  3. بریکنگ, کینیڈا کی امریکی حملے کی حمایت

    کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ کینیڈا ’کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال‘ کی مذمت کرتا ہے اور امریکہ، برطانیہ، اور فرانس کی حمایت کرتا ہے۔

    کینیڈا کے سرکاری خبر رساں ادارے سی بی سی نیوز کے مطابق جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ کینیڈا اپنے بین الاقوامی اتحادیوں کے ساتھ مل کر ذمہ داران کو انصاف کے کٹھرے تک لانے میں کوشاں رہے گا۔

  4. بریکنگ, ’روسی صدر کی بےعزتی ناقابلِ قبول ہے‘

    امریکہ میں روسی سفارتخانے کی جانب سے فیس بک پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہمارے بدترین خدشات حقیقت کا روپ لے رہے ہیں۔ ہماری تنبیہ کو پھر سے نہیں سنا گیا ہے۔ ایک پہلے سے سوچا سمجھا منصوبہ عمل میں لایا جا رہا ہے۔ ایک بار پھر ہم خطرے سے دوچار ہیں۔

    ہم نے خبر دار کیا تھا کہ ایسے اقدامات نتائج کے بغیر نہیں جانے دیں گے۔ تمام تر ذمہ داری واشنگٹن، لندن اور پیرس کی ہے۔ روسی صدر کی بے عزتی کرنا ناقابلِ قبول ہے۔ امریکہ جس کے پاس کیمیائی ہتھیاروں کا سب سے بڑا ذخیرہ ہے، اسے کوئی اخلاقی حق نہیں کہ وہ دوسرے ممالک پر الزام لگائے۔

  5. شام پر حملے کے لیے فرانسیسی جنگی طیاروں کی پرواز کا منظر

    فرانسیسی صدر کے دفتر کی جانب سے ٹویٹ کی جانے والی ایک ویڈیو میں فرانس کے جنگی طیاروں کو شامی اہداف پر حملوں کے لیے فضا میں بلند ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

  6. ’پرامن مستقبل کا امکان تھا‘

    روسی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مغربی ممالک کی جانب سے شام پر حملہ ایسے وقت میں کیا ہے جب شام کا ’پرامن مستقبل کا امکان‘ تھا۔

  7. ’بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی‘

    شام کے صدر نشار الاسد نے امریکہ اور اس کے دو اتحادیوں برطانیہ اور فرانس کی جانب سے شام پر حملے کو ’بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی‘ قرار دیا ہے۔

  8. بریکنگ, ’شام پر حملے کی کچھ ذمہ داری مغربی میڈیا پر ہے‘

    روسی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ اور اس کے دو اتحادیوں کی جانب سے شام پر حملے کی کچھ ذمہ داری مغربی میڈیا پر ہے کیونکہ یہ حملہ مغربی میڈیا کی رپورٹس پر کیا گیا ہے۔

  9. شام میں جنگ ختم ہورہی ہے یا دوبارہ شروع؟

    شامی حکومت ادلیب کا کنٹرول واپس لینے کے لیے پیش قدمی کر رہی ہے۔ یہ باغیوں کے کنٹرول میں سب سے بڑا علاقہ ہے جہاں پر 40 مختلف باغی گروپ موجود ہیں۔

  10. بریکنگ, ’اس قسم کے اقدامات نتائج کے بغیر نہیں جانے دیں گے‘

    روس نے امریکہ کو متنبہ کیا ہے کہ امریکہ کو کسی نا کسی قسم کے ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ روس کے امریکہ میں سفیر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’اس قسم کے اقدامات نتائج کے بغیر نہیں جانے دیں گے‘۔

  11. دمشق میں زوردار دھماکوں کی آوازیں

    ایک عینی شاہد نے روئٹرز کو بتایا کہ دمشق میں علی الصبح چھ زوردار دھماکے سنے گئے اور دھواں اٹھتا دکھائی دیا۔

    ایک اور عینی شاہد نے بتایا کہ جنوبی بارزے کو امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے نشانہ بنایا ہے۔ بارزے میں سرکاری ایجنسی سائنٹفک سٹڈیز اینڈ ریسرچ سینٹر واقع ہے۔

    مغربی انٹلیجنس ایجنسی نے گذشتہ سال بی بی سی کو بتایا تھا کہ اطلاعات ہیں کہ اس سینٹر میں کیمیائی ہتھیار کیے جاتے ہیں۔ اس کی دو دیگر شاخیں بھی ہیں۔ ایک دمر میں ہے اور دوسری حماہ میں۔

  12. دمشق پر میزائل حملوں کی فوٹیج

  13. ٹوماہاک کروز میزائل کیا ہے؟

  14. شامی شہر دوما میں مبینہ کیمیائی حملہ، کیوں اور کیسے؟

    شام میں امدادی کارکنوں اور طبی اہلکاروں نے کہا ہے کہ ہفتے کو دوما میں ہونے والے کیمیائی حملے میں 40 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

  15. بریکنگ, ’ایک ریڈ لائن کراس کی گئی‘

    فرانس کے صدر ایمینوئل میخواں نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ انھوں نے اس حملے کی منظوری اس لیے دی کیونکہ ’درجنوں مرد، عورتوں اور بچوں‘ کا کیمیائی ہتھیاروں سے قتلِ عام کیا گیا۔‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک ریڈ لائن کراس کی گئی ہے۔

  16. ’سرد جنگ کا آغاز‘

    اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گرتیرس نے کہا ہے کہ ’سرد جنگ کا آغاز‘ پھر ہو گیا ہے۔

    انتونیو گرتیرس نے شام کے حوالے سے بڑھتے ہوئے خطرات کے بارے میں بھی خبردار کیا۔

    واضح رہے کہ انتونیو گرتیرس کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب شام کے شہر دوما میں ہونے والے مبینہ کیمیائی حملے کے حوالے سے امریکہ اور روس کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے۔

  17. امریکی اہداف کیا تھے؟

    امریکی محکمۂ دفاع کے حکام نے تین اہداف کا ذکر کیا ہے جنھیں نشانہ بنایا گیا ہے:

    1. دمشق کا سائنسی تحقیقی ادارہ جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہاں کیمیائی ہتھیار تیار کیے جاتے ہیں۔

    2. حمص شہر کے مغرب میں واقع کیمیائی ہتھیار رکھنے کا مرکز

    3. حمص کے نزدیک ہی کیمیائي ہتھیاروں کے ساز و سامان رکھنے کی جگہ اور اہم کمانڈ پوسٹ

  18. بریکنگ, شام کا دعویٰ

    شامی ٹی وی نے بتایا ہے کہ شام کی حکومتی افواج نے کئی درجن میزائلوں کو تباہ کر دیا ہے۔