آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا سے، سکاٹ لینڈ کو 72 رنز سے شکست

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اتوار کو دوسرے میچ میں پاکستان نے سکاٹ لینڈ کو 72 رنز سے شکست دے دی ہے۔ پاکستان ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہی ہے اور سیمی فائنل میں اس کا مقابلہ آسٹریلیا سے جمعرات کے روز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہو گا۔

لائیو کوریج

محمد صہیب

  1. بریکنگ, رضوان کا عمدہ چھکا، وہیل کے اوور میں 14 رنز, پاکستان کا سکور: پانچ اوورز میں 32/0

    پاکستانی اوپنرز آغاز میں کھل کر نہیں کھیل پا رہے تھے لیکن وہیل جب اپنا دوسرا اوور کروانے آئے تو پہلے بابر نے انھیں ڈیپ مڈوکٹ باؤنڈری پر چوکا لگایا، اور پھر رضوان نے انھیں لانگ لیگ باؤنڈ پر چھکا مار کر اوور میں 14 رنز وصول کیے۔

  2. مارک واٹ کے اوور میں تین وائڈز کے باوجود صرف چار رنز!

    مارک واٹ کا عمدہ اوور، انھوں نے اپنے پہلے اوور میں صرف چار رنز دیے ہیں اور دلچسپ بعد یہ ہے کہ اس میں تین وائیڈز شامل تھیں۔

  3. بابر اعظم کی خوبصورت کور ڈرائیو، پاکستان کی اننگز کا پہلا چوکا, پاکستان کا سکور تین اوورز میں 14/0

    بابر اعظم کی عمدہ کور ڈرائیو کے باعث پاکستان کی اننگز کا پہلا چوکا لگ چکا ہے۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا محتاط آغاز کیا گیا تھا، اور بابر اور رضوان کو سکاٹ لینڈ کے بولرز بھی جارحانہ انداز نہیں اپنانے دے رہے تھے۔

    اس اوور میں سات رنز بنے ہیں۔

  4. پاکستان کا محتاط آغاز!, پاکستان کا سکور: دو اوورز میں 7/0

    پاکستان نے اپنی اننگز کا محتاط آغاز کیا ہے اور دو اوورز میں صرف سات رنز ہی بنے ہیں۔

    سکاٹش بولرز بھی اچھی بولنگ کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور اب تک پاکستانی اوپنرز کھل کر نہیں کھیل پا رہے۔

  5. ّٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں بابر اور رضوان کی تاریخی جوڑی!

  6. پاکستان کا پہلے اوور میں صرف ایک رن!

    پاکستان کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز بابر اعظم اور محمد رضوان کر رہے ہیں اور دونوں ہی عمد فارم میں ہیں۔

    تاہم سکاٹ لینڈ کی جانب سے آج پہلا اوور لیفٹ آرم سپنر حمزہ طاہر کو دیا گیا ہے۔

    انھوں نے اپنے پہلے اوور میں نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف ایک رن دیا ہے۔

  7. پہلی بیٹنگ کر کے سکاٹ لینڈ پر دباؤ ڈالنا چاہیں گے: بابر اعظم

    پاکستان کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ’ہم پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے ہیں اور اچھا ٹوٹل کھڑا کر کے ان پر دباؤ بڑھانا چاہتے ہیں۔ ہم لاپرواہ نہیں ہیں اور ہم مومنٹم نہیں کھونا چاہتے۔ ہم وہی ٹیم کھلا رہے ہیں۔ پاکستان میں زیادہ تر لوگوں کو کرکٹ پسند ہے اور وہ ہمیں سپورٹ کر رہے ہیں اور ہم انھیں اپنی کارکردگی کے ذریعے انھیں خوش کرنا چاہیں گے۔

    سکاٹ لینڈ کے کپتان کائل کوئٹزر کا کہنا ہے کہ ’ہم اس میچ میں اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے اور ہمیں اپنی صلاحیتوں کو بہترین ٹیموں کے خلاف آزمانا ہو گا۔

    ’ہمیں امید ہے کہ ہم نے اپنے سفر میں سکاٹ لینڈ میں متعدد افراد کو متاثر کیا ہو گا۔‘

  8. بریکنگ, پاکستان کا سکاٹ لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ!

    پاکستان نے سکاٹ لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ بابر اعظم نے گذشتہ میچ کی طرح اس میچ میں بھی پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ٹیم میں کوئی بھی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

    دوسری جانب سکاٹ لینڈ کی جانب سے دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، لیفٹ آرم آف سپنر حمزہ طاہر اور آلراؤنڈر ڈائلن بج کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

  9. ٹی 20 ورلڈ کپ: انڈیا سے میچ جیتنے کے بعد اعتماد میں اضافہ ہوا، پوری ٹیم میں پازیٹیو انرجی موجود ہے، محمد حفیظ

    ویسے تو پاکستان کی ٹیم متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل کے لیے سب سے پہلے کوالیفائی کر چکی ہے، لیکن سیمی فائنل میں اس کا مقابلہ کس ٹیم سے ہو گا، اس کا حتمی فیصلہ اتوار کو پاکستان اور سکاٹ لینڈ کے میچ کے بعد ہی ہو گا۔

    تاہم پاکستانی آل راؤنڈر اور سابق کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں کونسی ٹیم پاکستان کے مدِ مقابل ہو گی اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ ٹیم پر اعتماد ہے۔

  10. پاکستان بمقابلہ سکاٹ لینڈ، ایک ایسا ملک جس کی کرکٹ کی تاریخ 236 سال پرانی ہے

    پاکستان کرکٹ ٹیم آج شام سکاٹ لینڈ کے خلاف میچ کھیلے گی جو کہ گروپ ٹو کی ان دونوں ٹیموں کا آخری گروپ میچ ہوگا۔

    اس مقابلے کا ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ لیول پر تو کوئی اثر نہیں ہوگا کیونکہ پاکستان پہلے ہی سیمی فائنل تک رسائی کر چکا ہے اور اگر دن کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے فتح حاصل کر لی تو وہ بھی کوالی فائی کر جائیں گے۔

    ہمارے قارئین نے سکاٹ لینڈ کی اس ٹورنامنٹ کے سپر 12 مرحلے میں کارکردگی تو دیکھی ہی ہوگی اور ہو سکتا ہے کہ انھوں نے یہ سوچا بھی ہو کہ ایک ایسی ٹیم جودوبار100 سے کم پر آؤٹ ہو جائے تو اسے اس مرحلے تک پہنچنے کا موقع ہی کیسے ملا۔

    شاید آپ میں سے کئی یہ بات بھول گئے ہوں کہ سکاٹ لینڈ نے ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں اپنے تمام میچ جیتے تھے بلکہ بنگلہ دیش کو بھی باآسانی شکست دی تھی اور توقع تھی کہ وہ ایسوسی ایٹ ممالک میں سے مضبوط ٹیم بن کر ابھریں گے۔

    اور اس سے بھی زیادہ دلچسپ بات یہ جان لیجیے کہ سکاٹ لینڈ کی کرکٹ کی تاریخ کم از کم 236 برس پرانی ہے۔

  11. پاکستان اب تک اس ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست!

    پاکستان کی ٹیم اب تک اس ٹورنامنٹ کی واحد ٹیم ہے جو ناقابلِ شکست رہی ہے۔

    پاکستان نے 24 اکتوبر کو اپنے پہلے میچ میں انڈیا کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ جس کے بعد پاکستان کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے تھا، جسے پاکستان نے پانچ وکٹوں سے شارجہ کے میدان پر شکست دی۔

    اس کے بعد پاکستان نے افغانستان سے دبئی کے میدان پر میچ کھیلا، جو خاصا دلچسپ رہا، اور آصف علی کے چار چھکوں کے باعث پاکستان یہ میچ بھی پانچ وکٹوں سے جیتنے میں کامیاب ہو گیا۔

    پاکستان نے سپر 12 مرحلے میں اپنا چوتھا میچ نمیبیا کے خلاف کھیلا اور اسے باآسانی 45 رنز سے شکست دی۔

  12. ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: پاکستان بمقابلہ سکاٹ لینڈ!, بی بی سی اردو کی خصوصی لائیو کوریج میں خوش آمدید!

    بی بی سی اردو کی خصوصی لائیو کوریج میں خوش آمدید!

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اتوار کو دوسرے میچ میں ٹورنامنٹ کی ناقابل شکست ٹیم پاکستان اپنا آخری میچ سکاٹ لینڈ سے کھیل رہی ہے۔

    پاکستان اس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہلے ہی رسائی حاصل کر چکا ہے اور اگر وہ آج کا میچ جیت جاتا ہے تو اس کا مقابلہ دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے ہو گا، جبکہ شکست کی صورت میں پاکستان کا مقابلہ پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ سے ہو گا۔

    سکاٹ لینڈ اس ٹورنامنٹ میں اب تک کوئی میچ نہیں جیت پائی۔