آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

آصف علی کی ناقابل یقین بیٹنگ، پاکستان کی دلچسپ مقابلے کے بعد پانچ وکٹ سے فتح

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں جمعے کے دوسرے میچ میں گروپ ٹو کی دونوں ناقابل شکست ٹیمیں، پاکستان اور افغانستان کا ٹاکرا ہوا جہاں پاکستان نے ایک نہایت دلچسپ مقابلے کے بعد میچ پانچ وکٹوں سے جیت لیا۔ پاکستان کی جانب سے آصف علی نے 19ویں اوور میں چار چھکوں کی مدد سے 148 کا ہدف پورا کر لیا۔

لائیو کوریج

  1. ’ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا سب سے انٹرٹینگ پاور پلے‘

    اجیت کے مطابق یہ اب تک ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا بہترین پاور پلے تھا۔

    ’رنز، وکٹیں، چھکے، چوکے، نو بال، رن آؤٹ کا موقع ضائع اور سب کچھ‘

  2. ’یہ گیند جنت چلی گئی؟‘, کریم جنت کے چھکے پر ٹوئٹر صارف کا مزاحیہ تبصرہ

  3. بریکنگ, حسن علی کی اپنی پہلی ہی گیند پر وکٹ! گرباز بھی پویلین واپس, افغانستان کا سکور: 49/4، چھ اوور مکمل

    پاور پلے کا آخری اوور کرانے کے لیے حسن علی آئے تو انھوں نے اپنی پہلی ہی گیند پر رحمان اللہ گرباز کو آؤٹ کر دیا جنھوں نے 10 رنز بنائے اور کپتان بابر اعظم نے ان کا کیچ لیا۔

    اگلی گیند انھوں نے لیگ سائیڈ پر کرائی جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کریم جنت نے چار رنز حاصل کیے اور اوور کی آخری گیند پر نجیب اللہ نے ایک اور چوکا لگا کر اوور میں دس رنز حاصل کیے۔

  4. ’افغانستان کے بلے بازوں کو بس چوکوں اور چھکوں سے مطلب‘

    ٹوئٹر پر کرکٹ کے شائقین نے اب تک افغانستان کی بیٹنگ پر ملا جلا ردعمل دیا ہے۔

    ایک صارف نے لکھا کہ ’افغانستان کے بلے باز اسی طرح بیٹنگ کر رہے ہیں جیسے وہ کرتے ہیں: صرف چوکوں اور چھکوں سے مطلب۔‘

  5. بریکنگ, حارث رؤف کی اپنے پہلے اوور میں کامیابی! اصغر افغان آؤٹ, افغانستان کا سکور: 39/3، پانچ اوور مکمل

    حارث رؤف نے گذشتہ میچ کی طرح اپنی عمدہ بولنگ جاری رکھی اور اپنے پہلے ہی اوور میں افغانستان کے اہم کھلاڑی اصغر افغان کو اپنی گیند پر کیچ کر کے آؤٹ کر دیا۔

    اس کے بعد پانچویں گیند تک انھوں نے صرف تین رنز دیے تھے تاہم ان کی آخری گیند پر نئے بلے باز کریم جنت نے تھرڈ مین پر خوبصورت کٹ کی مدد سے چھ رنز حاصل کر لیے۔

  6. رحمان اللہ گرباز کا بلند و بالا چھکا!, افغانستان کا سکور: 30/1، چار اوور مکمل

    افغانستان کے نوجوان بلے باز، 19 سالہ رحمان اللہ گرباز نے عماد وسیم کو اوور کی پہلی گیند پر مڈ وکٹ پر ایک زبردست چھکا مارا۔

    اس کے بعد گرباز کی قسمت اچھی رہی اور وہ رن آؤٹ ہونے سے بچ گئے جب عماد وسیم گیند نہ پکڑ سکے۔

    پھر اوور کی پانچویں گیند پر نئے بلے باز، تجربہ کار اصغر افغان نے ایک اور چھکا اور آخری گیند پر چوکا لگا کر اوور میں 17 رنز حاصل کیے۔

  7. ’امید ہے آج سیاست کو کھیل سے الگ رکھا جائے گے‘

    ٹوئٹر پر صارف محمد تقی کی خواہش ہے کہ آج پاکستان اور افغانستان کے میچ کے دوران سب لوگ سیاست کو کھیل سے الگ رکھیں گے۔

    ’کرکٹرز کو دل کھول کر کھیلنے دیں۔ آج بہتر ٹیم کو جیتنے دیں۔‘

  8. بریکنگ, افغانستان کی جانب سے شہزاد کا چوکا لیکن شاہین کی گیند پر آؤٹ, اافغانستان کا سکور: 13/1، تین اوور مکمل

    شاہین آفریدی کی جانب سے اننگز کا تیسرا اوور پھینکا گیا جس میں محمد شہزاد نے ان کو کوور پر خوبصورت چوکا لگایا۔

    لیکن اس کے دو گیند بعد انھوں نے جارحانہ شاٹ کھیلنے کی کوشش کی تو وہ کپتان بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

  9. بریکنگ, عماد وسیم کی اپنے پہلے ہی اوور میں بڑی وکٹ! زازائی آؤٹ!, افغانستان کا سکور: 8/1، دو اوور مکمل

    پاکستان کی جانب سے عماد وسیم دوسرا اوور کرانے آئے تو انھوں نے اپنی تیسری گیند پر خطرناک حضرت اللہ زازائی کو چلتا کر دیا جو صرف کوئی رن نہ بنا سکے۔

    اس کے بعد انھوں نے اپنے اوور میں صرف تین رن اور دیے اور بڑی نپی تلی بولنگ کی۔

  10. پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی کا پہلا اوور, افغانستان کا سکور: 5/0، ایک اوور مکمل

    پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے اننگز کا پہلا اوور پھینکا جہاں ان کا سامنا کرنے محمد شہزاد اور حضرت اللہ زازئی موجود ہیں۔

    شاہین آفریدی نے اوور میں اچھی گیند کرائی لیکن انھوں نے بار بار ایل بی ڈبلیو کی اپیلیں کی اور اوور کی آخری گیند پر کپتان بابر اعظم نے ان کا کہنا مانتے ہوئے ریویو لیا جو کہ واضح طور پر افغانستان کے حق میں تھا۔

    اس طرح پاکستان نے پہلے ہی اوور میں اپنا ایک ریویو ضائع کر دیا۔

  11. بریکنگ, پاکستان ٹیم کی لگاتار تیسرے میچ میں بھی کوئی تبدیلی نہیں

    آج کے میچ میں بھی پاکستانی ٹیم انھی کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جنھوں نے انڈیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔

    بابر اعظم (کپتان)

    آصف علی

    فخر زمان

    محمد رضوان (وکٹ کیپر)

    محمد حفیظ

    شعیب ملک

    عماد وسیم

    شاداب خان

    حسن علی

    شاہین شاہ آفریدی

    حارث رؤف

  12. بریکنگ, افغانستان کی پلئینگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں

    افغانستان کی جانب سے آج میچ کھیلنے والی ٹیم میں درج ذیل کھلاڑی شامل ہیں:

    حضرت اللہ زازئی

    محمد شہزاد (وکٹ کیپر)

    رحمان اللہ گرباز

    اصغر افغان

    محمد نبی (کپتان)

    نجیب اللہ زدران

    گلبدین نائب

    کریم جنت

    راشد خان

    نوین الحق

    مجیب الرحمان

  13. بریکنگ, افغانستان کی جانب سے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ!

    افغانستان کے کپتان محمد نبی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

  14. گروپ ٹو میں پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال

    آج کا یہ میچ پاکستان کا تیسرا اور افغانستان کا دوسرا میچ ہوگا۔

    اپنے پہلے دو میچ جیت کر پاکستان گروپ میں سرفہرست تو ضرور ہے لیکن افغانستان نے سکاٹ لینڈ کو بھرپور شکست دے کر اپنی فارم سے سب کو آگاہ کر دیا تھا۔

    اس وقت ان کا رن ریٹ پورے ٹورنامنٹ میں سب سے بہتر ہے۔

  15. ‘میرا کام صرف گیند پھینکنا ہے، اِن سوئنگ ہو یا آؤٹ سوئنگ جس پر وکٹ ملے وہی اچھی گیند بن جاتی ہے‘

    ‘میرا کام صرف گیند پھینکنا ہے، اِن سوئنگ ہو یا آؤٹ سوئنگ جس پر وکٹ ملے وہی اچھی گیند بن جاتی ہے‘۔

    پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ کسی بھی بولر کے لیے اننگز کے آغاز میں نئی گیند کو کنٹرول کرنا آسان نہیں ہوتا۔۔۔۔ تو پھر وہ نئی گیند کرنے کے لیے کیسے پریکٹس کرتے ہیں، دیکھیے اس ویڈیو میں۔

    ایڈیٹنگ: نیئر عباس

  16. ’میچ شروع ہونے سے پہلے منٹ گن رہا ہوں!‘

    میچ شروع ہونے سے پہلے سوشل میڈیا پر میچ کے بارے میں شائقین نے اپنا جوش و خروش دکھانا شروع کر دیا ہے۔

    صارف احتشام الحق لکھتے ہیں کہ ’بابر بمقابلہ راشد، آئی سی سی کے بہترین بلے باز اور بولر، ۔۔۔ یہ بہت دلچسپ مقابلہ ہوگا۔ میں منٹ منٹ گن رہا ہوں۔‘

  17. ٹاس آدھے گھنٹے کی دوری پر!

    دونوں ٹیمیں میدان میں پہنچ چکی ہیں اور ٹاس اب آدھے گھنٹے بعد ہوگا۔

  18. ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں افغانستان کس پرچم کے ساتھ شریک ہے؟

    25 اکتوبر کی شام شارجہ سٹیڈیم میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں افغانستان اور سکاٹ لینڈ کے درمیان میچ سے قبل افغانستان کا قومی ترانہ بجا تو افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد نبی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ترانہ گاتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔

    محمد نبی کے ان جذبات کا پس منظر یہ ہے کہ افغانستان کی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنے ملک کے پرانے پرچم کے ساتھ شریک ہے جبکہ طالبان نے اپنی حکومت قائم ہونے کے بعد اپنا نیا پرچم دنیا کے سامنے پیش کیا ہے تاہم بین الاقوامی سطح پر ابھی تک افغانستان کا وہی سہ رنگی پرچم نظر آ رہا ہے۔

    افغان طالبان سابق دور حکومت کے پرچم اور ترانے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں جبکہ اس کے برعکس بڑی تعداد میں افغان شہری ایسے ہیں جو سابق ادوار کے قومی پرچم اور ترانے کو ہی افغانستان کا حقیقی پرچم اور ترانہ سمجھتے ہیں۔

    اس مضمون کو پورا پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

  19. پاکستان بمقابلہ افغانستان: ’میچ کو کھیل کے طور پر سمجھیں اور پرسکون رہیں‘

    ان دونوں ممالک کی تاریخ، اور بالخصوص اس سال ہونے والے واقعات کے پس منظر میں یہ کوئی معمولی میچ نہیں ہے۔

    پاکستان نے افغانستان میں کرکٹ کے پھیلاؤ میں بڑی مدد کی اور پاکستانی کھلاڑی جیسے انضمام الحق اور کبیر خان نے ان کی کوچنگ کی۔

    لیکن وقت کے ساتھ ساتھ ان دونوں کے درمیان کرکٹ کے روابط میں بھی دوری ہوتی گئی اور ورلڈ کپ 2019 میں جب ان دونوں ٹیموں کا مقابلہ ہوا تو میچ کے اختتام پر دونوں کے شائقین کی جانب سے بدمزگی کا مظاہرے دیکھنے میں آیا۔

    شاید اسی تناظر میں افغانستان کے بہترین بولر راشد خان نے شائقین سے درخواست کی ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ ہونے والے میچ کے موقعے پر پرسکون رہیں اور اس میچ کو صرف میچ کے طور پر سمجھیں اور کھیل سے لطف اندوز ہوں۔

    اس بارے میں ہمارے ساتھی عبدالرشید شکور کا مضمون پڑھیے۔

  20. ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں پاکستان اور افغانستان کا آج دوسرا میچ کھیلا جائے گا

    پاکستان اور افغانستان کی یہ ٹی ٹوئنٹی میچوں میں دوسری ملاقات ہے۔ آج سے آٹھ برس قبل 2013 میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو چھ وکٹوں سے شکست دی دتھی لیکن اسے یہ کامیابی 20ویں اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کی تھی۔