صحت کی دیگر اہم سہولیات ملتی رہنی چاہییں، عالمی ادارہ صحت
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث پیدا ہونے والے بحران کے باوجود دیگربیماریوں سے نمٹنے کے لیے صحت کی ضروری سہولیات ویسے ہی ملتی رہنی چاہییں۔
ڈاکٹر ٹیڈراس ادھانوم غیبریسس نے سوموار کے روز دی جانے والی بریفنگ میں کووڈ 19 کے باعث دنیا بھر کے ممالک کے صحت کے نظام پر پڑنے والے دباؤ کے بارے میں بات کی۔
انھوں نے کہا کہ دیگر صحت کی سہولیات جیسے معمول کی ویکیسینیشن، ذہنی صحت کے مسائل اور دیگر متعدی امراض کے علاج کے حوالے سے لاپرواہی نہیں برتی جا سکتی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر میں حکومتوں کو کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے اور صحت کی دیگر سہولیات دینے کے حوالے سے توازن برقرار رکھنا ہو گا۔