آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

پاکستانی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات تک نئی حکومت کو تسلیم نہ کریں، امریکی اراکینِ کانگرس کا صدر بائیڈن کو خط

امریکہ میں دو درجن سے زائد اراکینِ کانگرس نے صدر بائیڈن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان میں بننے والی نئی حکومت کو اس وقت تک تسلیم نہ کریں جب تک انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات نہ ہو جائیں۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی نے بلوچستان کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے سرفراز بگٹی کے نام کا اعلان کر دیا ہے جبکہ ن لیگ کے ایاز صادق قومی اسمبلی کے تیسری بار سپیکر منتخب ہو گئے ہیں۔

لائیو کوریج

  1. خیبر پختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کے نومنتخب اراکین آج حلف اٹھائیں گے

    خیبر پختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کے اجلاس آج منعقد ہوں گے جن میں دونوں صوبائی اسمبلیوں کے نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے۔

    دونوں اسمبلیوں کے لیے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان اب تک نہیں کیا گیا ہے۔

    خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر مشتاق غنی ارکان اسمبلی سے حلف لیں گے۔

    ادھر بلوچستان اسمبلی کا افتتاحی اجلاس آج سہہ پہر تین بجے منعقد ہورہا ہے۔ اراکین کے حلف کے بعد اسمبلی کے نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔

    بلوچستان اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کی صدارت کے لیے انجنیئر زمرک اچکزئی کو نامزد کیا گیا ہے۔

    گورنر بلوچستان نے سپیکر میر جان محمد جمالی کی کوئٹہ میں عدم کی وجہ سے اسمبلی کے سینیئر رکن کو اجلاس کی صدارت کے لیے نامزد کیا ہے۔

    انجنیئر زمرک کا شمار بلوچستان اسمبلی کے سینئر ترین ارکان میں ہوتا ہے۔

    اسمبلی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ سپیکر جان محمد جمالی ذاتی مصروفیات کی وجہ سے کوئٹہ میں نہیں ہیں، انجنئیر زمرک کی عدم موجودگی کی صورت میں سابق سپیکر راحیلہ درانی اجلاس کی صدارت کریں گی۔

  2. جبری طور پر لاپتہ ہونے والے بلوچ طلبا کی بازیابی سے متعلق دائر درخواست کی سماعت آج, شہزاد ملک، بی بی سی اردو

    جبری طور پر لاپتہ ہونے والے بلوچ طلبا کی بازیابی سے متعلق دائر درخواست کی سماعت آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوگی۔

    جسٹس محسن اختر کیانی کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کا بینچ اس درخواست کی سماعت کرے گا۔

    عدالت نے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکٹر کو ذاتی حثیت میں پیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔

    گذشتہ سماعت پر بھی نگراں وزیر اعظم عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے اور اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا تھا کہ وزیر اعظم کراچی میں ہیں جس پر عدالت نے اٹارنی جنرل سے کہا تھا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آئندہ سماعت پر وزیر اعظم عدالت میں پیش ہوں۔

    لاپتہ بلوچ طلبا کی بازیابی کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے تین رکنی کمیٹی قائم کر دی تھی جوائنٹ کمیٹی ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم آئی اور ڈی جی انٹیلیجنس بیورو پر مشتمل ہوگی، اور یہ کمیٹی گمشدہ افراد سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کرے گی۔

    عدالتی حکم نامے کے مطابق ڈی جی انٹیلیجنس بیورو کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔

    کمیٹی لاپتہ بلوچ طلبا اور نئے لاپتہ ہونے والوں کے حوالے سے رپورٹ آئندہ سماعت سے پہلے پیش کرے گی اور یہ کمیٹی متعلقہ ضلع اور ڈویژن کے سیکٹر کمانڈر سے معلومات لے کر سربمہر لفافہ میں رپورٹ پیش کرے گی۔

    عدالتی حکم میں یہ بھی کہا گیا تھاکہ کمیٹی جبری گمشدگی میں ملوث ماتحت حکام کے خلاف کارروائی کے لیے سفارشات پیش کرے گی۔

  3. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور اُن کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر 190 ملین پاؤنڈ کیس میں فرد جرم عائد کر دی ہے تاہم تاہم دونوں ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کیا ہے۔
    • الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اگلے صدر پاکستان کا انتخاب عام انتخابات کے انعقاد کے بعد 30 روز کے اندر کروانا لازم ہے جس کے لیے تمام خواہشمند امیدوار آج سے کاغذات نامزدگی حاصل کر سکتے ہیں۔
    • جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے الزام عائد کیا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کی تمام تر ذمہ داری اسٹیبلشمنٹ پر عائد ہوتی ہے۔
    • بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر اور اس کے نواحی علاقے مسلسل 12 گھنٹے سے زائد کی موسلادھار بارش کی وجہ سے زیر آب آگئے ہیں۔
    • پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے نومنتخب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے منگل کی شام اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔
    • رہنما پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے قومی اسمبلی میں سپیکر کے عہدے کے لیے عامر ڈوگر جبکہ ڈپٹی سپیکر کے عہدے کے لیے جنید خان کو نامزد کیا ہے۔
  4. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کی لائیو پیج کوریج میں خوش آمدید!

    27 فروری تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔