چلاس کے قریب سیاحوں کی وین کو حادثہ، پانچ افراد ہلاک، نو زخمی
گلگت بلتستان کے ضلع دیامیر پولیس کی مطابق سیاحوں کی ایک ہائی روف وین کو چلاس کے علاقے تھلیچی میں حادثہ پیش آیا ہے اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس حادثے میں دو خواتین سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ نو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
لائیو کوریج
بریکنگ, چلاس کے قریب سیاحوں کی وین کو حادثہ، پانچ افراد ہلاک، نو زخمی, محمد زبیر خان، صحافی

،تصویر کا ذریعہRescue 1122
گلگت بلتستان کے ضلع دیامر پولیس کی مطابق سیاحوں کی ایک ہائی روف وین کو چلاس کے علاقے تھلیچی میں حادثہ پیش آیا ہے اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس حادثے میں دو خواتین سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ نو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
ضلع دیامیر پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش اور زخمیوں کے بیانات کے مطابق حادثہ ڈرائیور کی غلطی سے پیش آیا ہے۔ حادثہ میں زخمی ہونے والے سیاح علی محمد نے بتایا ہے کہ وہ کراچی سے ہنزہ کے لیئے چلے تھے۔ کراچی سے ہنزہ کا سفر 14تاریخ کو شروع ہوا تھا۔ ہم نے ایک دن اسلام آباد میں رکے جس کے بعد سفر جاری رکھا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ’حادثہ ڈرائیور کی غلطی کی وجہ سے پیش آیا۔ گاڑی میں شروع ہی سے مسئلہ آرہا تھا بریک میں بار بار مسئلہ ہورہا تھا۔ حادثے سے کچھ دیر قبل ڈرائیور کافی تیز رفتاری سے جارہا تھا اس نے ایک گاڑی کو اوورٹیک کیا تو سامنے سے گاڑی آگئی تھی۔ گاڑی کی بریک لگ نہیں رہی تھی۔ ڈرائیور نے وہیل گھمانے کی کوشش کی مگر ویل نہیں گھوما۔‘
سیاح علی محمد کا کہنا تھا کہ ’گاڑی پہلے روڈ کے سائیڈ پر ٹکرائی۔ جس کے بعد کھائی میں گر گئی تھی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’مقامی لوگ فوری طور پر پہنچ گے تھے۔ انھوں نے فوری طور پر امدادی سرگرمیاں کیں ہمیں اوپر لے کر آئے ہیں۔ ہم قریبی رشتہ داروں کے چار خاندان شامل تھے۔‘
حادثے کے شکار سیاحوں کا تعلق کراچی سے بتایا جا رہا ہے تاہم اس سے پہلے کہا گیا تھا کہ ان کا تعلق لاہور سے ہے جبکہ وین نے اتوار کو علی الصبح راولپنڈی سے گلگت کا سفر شروع کیا تھا۔
ریسیکو 1122 کے مطابق جائے حادثہ پر موبائل نیٹ ورک بھی موجود نہیں اور امدادی سرگرمیوں میں دشواری پیش آئی۔
امریکہ کے ساتھ دوحہ معاہدے کے تحت افغان سرزمین برادر ملک پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہو گی: ذبیح اللہ مجاہد

،تصویر کا ذریعہReuters
افغانستان کی طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ امریکہ کے ساتھ دوحہ معاہدے کے مطابق افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہو گی اور پاکستان کو ایک مسلم برادر ملک سمجھتے ہیں۔
طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا یہ بیان پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان کے ردعمل میں دیا ہے جن میں انھوں نے افغانستان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا افغانستان میں طالبان کی حکومت ’اپنے پڑوسیوں کے حقوق پر عمل نہیں کرتی اور دوحہ معاہدے کی پابند نہیں ہے۔‘
یاد رہے پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت افغانستان میں پاکستانی طالبان کے عسکریت پسندوں کی محفوظ پناہ گاہوں اور وہاں سے سرحد پار کارروائیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتی رہی ہے۔
طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بی بی سی پشتو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر پاکستانی حکومت ان کے ساتھ افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف کارروائیوں کے ثبوت شیئر کرتی ہے تو وہ پاکستانی طالبان کے خلاف اقدامات کریں گے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’پاکستانی فریق نے ملاقاتیں بھی کی ہیں۔‘
واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت کی ثالثی کے ذریعے کابل میں پاکستانی طالبان اور پاکستانی حکومت کے نمائندوں کے درمیان متعدد مذاکرات ہوئے تھے تاہم وہ بے نتیجہ نکلے۔
ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ ان مذاکرات کے لیے پاکستانی طالبان کے نمائندے شمالی وزیرستان سے آئے تھے اور اب جب کہ یہ مذاکرات بے نتیجہ ہو چکے ہیں تو مذاکرات کی ثالثی بھی ختم ہو گئی ہے۔
بریکنگ, پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی: پٹرول کی قیمت نو جبکہ ڈیزل کی قیمت میں سات روپے فی لیٹر کمی کا فیصلہ

،تصویر کا ذریعہGetty Images
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئندہ 15 دن کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔
اسحاق ڈار کے مطابق پٹرول کی قیمت 9 روپے فی لیٹر کم ہو نئی قیمت 253 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 7 روپے فی لیٹر کم ہو کر نئی قیمت 253.50 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق 15 جولائی رات 12 بجے سے لے کر 31 جولائی تک ہو گا۔
لاہور: وزیرِ اعظم شہباز شریف سے سابق صدر آصف علی زرداری کی ملاقات

،تصویر کا ذریعہPPP
سابق صدر و پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری نے سنیچر کو لاہور میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کی رہائش گاہ پر جا کر ان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہباز شریف کی جہانگیر ترین کے گھر آمد، بھائی کی وفات پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی

،تصویر کا ذریعہPM House
وزیر اعظم شہباز نے سربراہ استحکام پارٹی جہانگیر ترین کے گھر جا کر ان کے بھائی عالمگیر ترین کی وفات پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر معاون خصوصی عون چوہدری اور نعمان لنگڑیال بھی موجود تھے۔
مسلم لیگ ن کا آئندہ انتخابات میں پنجاب میں سیاسی اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ کیسا ثابت ہو گا؟
افغانستان ہمسائے کا حق ادا کر رہا ہے نہ دوحہ معاہدے کی پاسداری کر رہا ہے: وزیرِ دفاع خواجہ آصف

،تصویر کا ذریعہGetty Images
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ افغانستان نہ ہمسایہ اور برادر ملک ہونے کا حق ادا کر رہا ہے اور نہ ہی دوحہ معاہدے کی پاسداری کر رہا ہے۔
ان کا یہ بیان پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انھوں نےکوئٹہ گیریژن کے دورے کے موقع پر کہا تھا کہ فوج کو افغانستان میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی محفوظ پناہ گاہوں اور آزادانہ دہشت گرد کارروائیوں پر شدید تحفظات ہیں۔
وزیرِ دفاع اور آرمی چیف کی جانب سے یہ بیانات گذشتہ دنوں ژوب چھاؤنی میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد سامنے آئے ہیں جس میں نو فوجی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔
ٹوئٹر پر اپنے بیان میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں 50 سے 60 لاکھ افغان شہریوں کو 40 سے 50 سال سے حقوق کے ساتھ پناہ میسر ہے لیکن اس کے برعکس پاکستانیوں کا خون بہانے والے دہشت گردوں کو افغان سرزمین پر پناہ گاہیں میسر ہیں۔‘
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ’لیکن اب یہ صورت حال مزید جاری نہیں رہ سکتی، پاکستان اپنی سرزمین اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنے وسائل بروئے کار لائے گا۔‘
یاد رہے کہ سنہ 2020 میں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت افغان طالبان نے اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ افغان سرزمین امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے خلاف استعمال نہیں ہو گی اور افغان سرزمین القاعدہ سمیت دہشت گرد تنظیموں کے زیر استعمال بھی نہیں آنے دی جائے گی۔
نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 4.96 روپے فی یونٹ اضافے کا تعین کر لیا, تنویر ملک، صحافی
بجلی کے شعبے کے نگران ادارے نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 4.96 روپے فی یونٹ اضافے کا تعین کر لیا ہے۔
بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کا تعین مالی سال 24-2023 کے لیے کیا گیا ہے۔
نیپرا کے اعلامیے کے مطابق نیپرا نے بجلی کے ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے۔
بجلی کا اوسطً بنیادی ٹیرف 24.82 سے بڑھ کر 29.78 روپے فی یونٹ ہوجائے گا۔ بجلی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔
واضح رہے کہ گذشتہ مالی سال میں وفاقی حکومت نے بجلی کا بنیادی ٹیرف7.91 روپے فی یونٹ بڑھایا تھا اور یہ اضافہ تین مراحل میں کیا گیا تھا۔
’افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں پر پاکستان کی مسلح افواج کو شدید تحفظات‘

،تصویر کا ذریعہISPR
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے جمعہ کو کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا جہاں انھیں ژوب میں ’دہشت گردی‘ کے حالیہ حملے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کے ایک بیان کے مطابق فوج کے سربراہ نے اس واقعے میں مارے جانے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انھوں نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیا، زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور قوم کے لیے ان کی خدمات اور عزم کو سراہا۔
آئی ایس پی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں جنرل عاصم منیر کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کو افغانستان میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کو دستیاب محفوظ پناہ گاہوں اور کارروائی کے لیے آزادی پر شدید تحفظات ہیں۔ ’توقع ہے کہ دوحہ معاہدے کے مطابق عبوری افغان حکومت افغان سرزمین کو کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گی۔‘
مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں افغان شہریوں کا ملوث ہونا دوسری اہم تشویش ہے جس کو دور کیا جانا چاہیے۔ ایسے حملے ناقابل برداشت ہیں اور مسلح افواج ایسے حملوں کا موثر جواب دیں گی۔‘
’دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز بلاتعطل جاری رہیں گے اور مسلح افواج اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ کر نہ پھینکا جائے۔‘
قبل ازیں کوئٹہ پہنچنے پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے فوج کے سربراہ کا استقبال کیا۔
بریکنگ, نیب نے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ انکوائری کو تفتیش میں تبدیل کر دیا, شہزاد ملک، بی بی سی اردو - اسلام آباد
نیب نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ سے ملنے والے تحائف کے معاملے میں شروع کی جانے والی انکوائری کو تفتیش میں تبدیل کر دیا ہے۔
نیب نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو 17 جولائی کو اس سلسلے میں قائم کی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے سے متعلق نوٹس جاری کیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہNAB
9 مئی ہنگامے: عمران خان ڈی آئی جی لاہور دفتر میں تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش

،تصویر کا ذریعہGETTY IMAGES
،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان آج ڈی آئی جی لاہور دفتر میں تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے۔
عمران خان نے اپنے وکلا کے ہمراہ 9 مئی کے واقعات سے منسلک ان کے خلاف درج مقدمات کے بیانات ریکارڈ کروائے ہیں۔
سندھ میں عادی مجرموں کی نگرانی کا قانون سندھ اسمبلی سے منظور
سندھ میں عادی مجرموں کی نگرانی کا قانون سندھ اسمبلی سے منظور کر لیا گیا ہے۔
قانون کے مطابق چوری و ڈکیتی، اقدام قتل کے ملزمان، کار اور موٹر سائیکل چوری و چھیننے والے ملزمان پر الیکٹرک کڑا لگایا جاٸے گا۔
اس قانون کی رو سے منشیات سمیت عادی مجرمان کو بھی برقی کڑا لگایا جائے گا۔
مسلم لیگ ن پنجاب کا تنظیمی اجلاس: تمام حلقوں میں پارٹی امیدوار کھڑے کرنے کا فیصلہ
مسلم لیگ ن پنجاب کا تنظیمی اجلاس رانا ثنا اللہ خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں پارٹی تنظیموں سے تمام حلقوں سے پارٹی کے امیدواروں کی لسٹیں طلب کر لی گئی ہیں اور تمام حلقوں میں پارٹی امیدوار کھڑے کرنے کے ساتھ ساتھ میاں نوازشریف کے استقبال کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں انتخابی مہم کے دوران ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں جلسے منعقد کروانے کی تیاریوں کی ہدایت کی گئی ہے۔
اجلاس میں پرویز رشید اور انوشہ رحمان، جنرل سیکرٹری اویس لغاری، شیخ آفتاب، ندیم کامران، سعود مجید، عظمی بخاری، ڈویژنل صدور، جنرل سیکرٹری اور تمام تنظیمی عہدیداران نے شرکت کی۔
انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں ’امن‘ کے حکومتی دعوے پر کشمیری خود کیا کہتے ہیں؟
لون ایپ کیس میں ایف آئی اے کی کارروائی، راولپنڈی سے نو افراد گرفتار
پاکستان کی ساڑھے15 ارب ڈالر سے زائد بیرونی قرضے کی ادائیگی, تنویر ملک، صحافی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان نے گزشتہ مالی سال کے پہلے نو مہینوں میں15 ارب 66 کروڑ ڈالر بیرونی قرضے کی ادائیگی کی ہے۔
پاکستان کے مرکزی بینک کی جانب سے بیرونی قرضے کی ادائیگی کے جمعے کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بیرونی قرضے میں 12 ارب 64 کروڑ ڈالر اصل رقم واپس کی گئی ہے جب کہ تین ارب ارب ڈالر سے زیادہ سود کی مد میں ادا کیا گیا ہے۔
پاکستان نے گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں تین ارب 46 کروڑ کا بیرونی قرضہ ادا کیا۔
دوسری سہ ماہی میں چھ ارب 80 کروڑ ڈالر کا بیرونی قرضہ ادا کیا گیا ہے اور تیسری سہ ماہی میں پانچ ارب 41 کروڑ ڈالر کا قرضہ ادا کیاگ
واضح رہے کہ پاکستان نے 30 جون 2022 کو ختم ہونے والے پورے مالی سال میں 15 ارب 10 کروڑ ڈالر کا بیرونی قرضہ ادا کیا تھاگ
ہفتہ وار مہنگائی میں 29 فیصد کا اضافہ: آٹا، چائے، چاول، چینی، مرغی کی قیمتیں کئی گنا بڑھ گئیں, تنویر ملک، صحافی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان میں سالانہ بنیادوں پر ہفتہ وار مہنگائی میں 28 اعشاریہ نوفیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق موجودہ ہفتے کے مقابلے میں گزشتہ سال جولائی کے مہینے کے مقابلے میں خوردنی اشیا کی قیمتوں میں یہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ادارے کے مطابق زیر جائزہ ہفتے میں جولائی کے مہینے کے گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں بھی مہنگائی کی شرح میں 0.33 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اعداد و شمار کےمطابق سالانہ بنیادوں پر آٹے کی قیمت میں 129 فیصد اور چائے کی قیمت میں 101 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
چاولوں کی قیمت میں 70 فیصد سے زائد اور آلو کی قیمت میں 67 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ چینی کی قیمت میں 58 فیصد اور مرغی کے گوشت کی قیمت میں 56 فیصد اضافہ ہوا۔
زیر جائزہ ہفتے میں پیاز کی قیمت میں 28 فیصد، دال مسور کی قیمت میں 7 فیصد اور خوردنی تیل کی قیمت میں ایک فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
چشمہ فائیو نیوکلیئر پاور پلانٹ افواہیں پھیلانے والوں کے لیے موثر جواب ہے: شہباز شریف

،تصویر کا ذریعہReuters
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے دیوالیہ ہو جانے کی افواہیں پھیلائی جا رہی تھیں۔ آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری سے پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔
چشمہ فائیو نیوکلیئر پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایسے منصوبوں کا افتتاح افواہیں پھیلانے والوں کے لیے موثر جواب ہے۔
شہباز شریف کے مطابق جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی نے بھی منصوبے کو محفوظ قرار دیا ہے۔
وزیر اعظم نے صدر سی چنگ پنگ اور چین کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’شدید معاشی بحران کے چار ماہ کے دوران چین نے ہر مرحلہ پر ساتھ دیا۔ چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کا منصوبہ دونوں ملکوں کے باہمی تعاون کا عکاس ہے۔‘
عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدت کے دوران نکاح کے الزام پر سول جج کے فیصلہ کو کلعدم قرار دیے جانے کا تفصیلی فیصلہ جاری, شہزاد ملک/ بی بی سی اردو، اسلام آباد

،تصویر کا ذریعہPTI
اسلام آباد کی ضلعی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اوران کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف عدت کے دوران نکاح کے الزام پر سول جج کے فیصلے کو کلعدم قرار دینے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔
تفصیلی فیصلے کے مطابق ’چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف سول جج کی عدالت میں پرائیویٹ شکائت دائر ہوئی۔ جس میں درخواست گزار محمد حنیف نے سول جج کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی۔‘
فیصلے کےمطابق ’نکاح کی تقریب لاہور میں ہونے کے باعث سول جج نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف درخواست ناقابلِ سماعت قرار دی تھی۔ سول جج کے فیصلے کے مطابق نکاح لاہور میں ہونے کے باعث دائرہ اختیار اسلام آباد کی عدالت کا نہیں بنتا۔‘
فیصلے میں کہا گیا کہ ’درخواست گزار کے مطابق نکاح کے بعد عمران خان اور بشریٰ بی بی بنی گالا میں رہائش پذیر رہے، بنی گالا میں رہائش پذیر ہونے کے باعث دائرہ اختیار اسلام آباد کی عدالت کا بنتا ہے۔ درخواست گزار کے مطابق سول جج نے فیصلہ دیتے ہوئے قانونی نکات کو مدنظر نہیں رکھا۔‘
عدالت نے کہا ’درخواست گزار کے مطابق سیکشن 179 کے تحت جہاں واقعہ ہوا یا اس کے اثرات آئے، دونوں جگہوں پر کیس قابل قبول ہےتاہم سول جج نے ان کے دلائل تفصیل سے نہیں سنے،۔‘
تفصیلی فیصلے کے مطابق ’سول جج نے سیکشن 179 کے تحت درخواست کو نہیں سنا، فیصلہ وضاحتی نہیں، عدالت سول جج کا فیصلہ اور دلائل سننے کے بعد معلوم ہواکہ کیس کو تفصیلی نہیں سنا گیا لہذا درخواست گزار کی اپیل منظور کی جاتی ہے اورسول جج کا 13 مئی کا فیصلہ کلعدم قرار دیا جاتاہے۔‘
عدالت کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ’جوڈیشل مجسٹریٹ بنی گالا کو معاملہ واپس بھجوایا جاتا ہے ، عدالت قانونی نکات کو مدنظر رکھتے ہوئے جوڈیشل مجسٹریٹ درخواست پر فیصلہ کرے۔‘
