دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی: آرمی چیف

،تصویر کا ذریعہAPP
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ’ہم باصلاحیت قوم ہیں، ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ہم مل کر اس کی ترقی میں حصہ ڈالیں۔‘
انھوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ’ہم پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے بحیثیت ادارہ مکمل جانفشانی اور قلب و روح کے ساتھ اس مرحلہ کی تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔‘
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق وہ پیر کو گرین پاکستان انیشیٹو پاکستان کے تحت غذائی تحفظ پر منعقدہ سمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ سیمینار میں وفاقی وزرا، سندھ اور پنجاب کے وزراء اعلی، چاروں صوبوں کے چیف سیکٹریز، زرعی ماہرین، اعلی عسکری افسران اور ملک بھر سے کسانوں کی بڑی تعداد کے علاوہ بین الاقوامی مہمان، برطانیہ، اٹلی، سپین، چین، بحرین، قطر، سعودی عرب، ترکیہ اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے سفارتکار اور سرمایہ کاروں نے بھی سیمینار میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ’ہم سب یہاں پاکستان کو ایک بار پھر سر سبز کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں، پاکستان کو اللّٰہ نے بہت سی نعمتوں سے نوازا ہے، ہم باصلاحیت قوم ہیں، ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ہم مل کر اسکی ترقی میں حصہ ڈالیں۔‘
انھوں نے کہا کہ ’اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہونا، اللہ کی رحمت سے صرف کافر مایوس ہوتے ہیں۔ مسلمانوں کے لیے دو ہی حالتیں ہیں جب اس پر مصیبت آتی ہے تو وہ صبر کرتا ہے جب خوشی ملتی ہے تو وہ شکر ادا کرتا ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ پاکستان نے ترقی کی منازل طے کرنی ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت اس کو ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی۔ ’ہمارے پاس ہر طرح کی صلاحیت موجود ہے جو پاکستان کو عروج پر لے جاسکتا ہے، مسلمان کے لیے نا امیدی کفر ہے۔‘





