فوج اور آئی ایس آئی کے دفاتر میں توڑ پھوڑ کے تین مقدمات میں سابق وزیراعظم عمران خان بھی نامزد

راولپنڈی پولیس نے نو مئی کو جی ایچ کیو کا گیٹ اور شیشے توڑنے اور حمزہ کیمپ میں آرمی املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات کے تحت پہلے سے درج دو مختلف مقدمات میں سابق وزیراعظم عمران خان کو نامزد کر دیا ہے۔ دوسری جانب گوجرانوالہ کے کینٹ تھانہ میں چیئرمین عمران خان کو چھاؤنی کے مرکزی دروازے پر توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ میں ملزم نامزد کر دیا گیا ہے۔

لائیو کوریج

  1. ملکی زرمبادلہ ذخائر میں 53 کروڑ ڈالر کا اضافہ، سٹیٹ بینک کے ذخائر چار ارب ڈالر سے زائد, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران 53 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد سٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر چار ارب ڈالر کی حد عبور کر گئے ہیں۔

    پاکستان کے مرکزی بینک کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملکی ذخائر میں اضافے کی بڑی وجہ 30 کروڑ ڈالر کا کمرشل قرضہ ہے جو پاکستان نے حاصل کیا۔

    تجارتی بینکوں کے پاس پانچ ارب 27 کروڑ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں جبکہ ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر نو ارب 34 کروڑ ڈالر ہو گئے ہیں۔

  2. مالی سال 23-2022 میں پاکستان کے تجارتی خسارے میں 21 ارب ڈالر کی کمی, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان کے تجارتی خسارے میں 30 جون 2023 کو ختم ہونے والے مالی سال میں پچھلے سال کے مقابلے میں 20.8 ارب ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق زیر جائزہ سال میں تجارتی خسارہ 27.55 ارب ڈالر رہا جو ایک سال پہلے 48.35 ارب ڈالر تھا۔

    تجارتی خسارے میں ایک سال کے دوران 20.8 ارب ڈالر یعنی 43 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    جون کے مہینے میں تجارتی خسارے میں 63 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    مالی سال میں ملکی برآمدات میں 12.7 ارب ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی جو 31.7 ارب ڈالر سے گر کر 27.7 ارب ڈالر ہو گئیں جبکہ ملکی درآمدات میں 31 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی جو 80 ارب ڈالر سے گر کر 55 ارب ڈالر تک آ گئیں۔

  3. آئی ایم ایف معاہدے کے بعد سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی، کیا معیشت میں بہتری کا اشارہ ہے؟

  4. عمران خان کی کوئٹہ میں وکیل کے قتل سے متعلق درخواست سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر

    imran khan

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی کوئٹہ میں وکیل کے قتل سے متعلق متفرق درخواست سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے۔

    سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس عائشہ ملک پر مشتمل دو رکنی بنچ منگل کو درخواست پر سماعت کرے گا

    چیئرمین تحریک انصاف نے پیر کو سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

    درخواست میں سپریم کورٹ اسلام آباد پرنسپل سیٹ میں مقدمے کی سماعت کی استدعا کی گئی تھی۔ درخواست گزار نے استدعا کی تھی کہ زندگی کو خطرے کے پیش نظر کوئٹہ کا سفر نہیں کر سکتا۔

    درخواست میں مقدمے کی سماعت کوئٹہ میں کرنے سے روکنے کی بھی استدعا کی گئی تھی۔

  5. بریکنگ, شدید مایوسیوں کے بعد امید کا نیا سورج طلوع ہو رہا ہے: شہباز شریف

    وزیر اعظم شہباز شریف نے سٹاک ایکسچینج میں غیر معمولی تیزی پر قوم اور کاروباری برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے پیغام میں کہا کہ ہماری محنت، درست پالیسیوں کے نتیجے میں معاشی بحالی کے آثار نمایاں ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

    پیغام میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ شدید مایوسیوں کے بعد امید کا نیا سورج طلوع ہو رہا ہے، قوم کو مبارک ہو، ملک دوبارہ ترقی کے راستے پر گامزن ہو چکا ہے، خدا کرے کہ پاکستان کی ترقی کا سفر یوں ہی جاری رہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدے کے بعد سرمایہ کاروں، بزنس مین کا اعتماد بحال ہو رہا ہے، پر خلوص محنت، دیانتداری اور سچائی ثمر لا رہی ہے ۔ پاکستان کی ترقی کے بیج جڑ پکڑنا شروع ہو گئے ہیں۔

  6. بریکنگ, حکومت کی بقیہ مدت میں حالات میں بہتری لانے کی کوشش کریں گے: شہباز شریف

    Shahbaz

    ،تصویر کا ذریعہPMOOffice

    پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کی بقیہ مدت میں حالات میں بہتری لانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

    پیر کو اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ جن چیلنجز سے گذشتہ 15 ماہ سے ہمارا واسطہ پڑا ہے ہم اپنی حکومت کی بقیہ مدت میں ان میں بہتری لانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بڑی کاوشوں کے بعد آئی ایم ایف کے ساتھ نو ماہ کا سٹینڈ بائی معاہدہ ہوا اور ان نو ماہ میں پاکستان کو تین ارب ڈالر ملیں گے، جولائی میں پہلی قسط 1.1 ارب ڈالر کی ہو گی۔

    وزیراعظم نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سفارتی محاذ پر بہت محنت کی ہے، جبکہ آئی ایم ایف سربراہ اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جنھوں نے بھرپور تعاون کیا۔

    انھوں نے کہا کہ بطور ایک سیاستدان اور وزیر اعظم یہ بات ریکارڈ پر لانا چاہتا ہوں کہ گذشتہ کچھ ماہ میں چین نے پانچ ارب ڈالر کی مدد کی ہے جس میں بیرونی کمرشل بینکوں کے پیسے واپس کیے گئے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ مشکل وقت میں چین نے پاکستان کی بھرپور مدد کی جس کو کبھی نہیں بھولنا چاہیے، اگر آئی ایم ایف معاہدے سے قبل یہ پانچ ارب ڈالر نہ ملتے تو معاملہ کچھ اور ہوتا۔

    بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کچھ دن پہلے بے پناہ کاوشوں کے بعد آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ منطقی انجام کو پہنچا اس کے لیے کابینہ کے تمام معزز اراکین کو اور خاص طور پر وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کو اور متعلقہ وزارتوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

    خیال رہے کہ 30 جون کو پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدہ طے پایا ہے، یہ تین ارب ڈالر کا سٹینڈ بائی ارینجمنٹمعاہدہ ہے۔

    آئی ایم ایف اعلامیے کے مطابق معاہدہ پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ کم کرے گا اورمعاہدے سے سماجی شعبے کے لیے فنڈز کی فراہمی بہتر ہوگی جب کہ معاہدے کے تحت پاکستانٹیکسز کی آمدن بڑھائے گا۔

  7. سویڈن میں پیش آنے والے واقعے کی پوری مسلم امہ بھرپور مذمت کرتی ہے، شہباز شریف

    shehbaz sharif

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم اپنی حکومت کی بقیہ مدت میں پاکستان میں بہتری لانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

    اسلام آباد میں پیر کے روز وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سویڈن میں جو واقعہ پیش آیا ہے پوری مسلم امہ، پاکستانی قوم اس کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور ہمارا مطالبہ ہے کہ مجرموں کے خلاف فوری طور پر کارروائی کی جائے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی ایسے دلخراش واقعات پیش آچکے ہیں اور اس سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ سویڈن میں بسنے والے مسلمانوں کے خلاف نفرت کا جو بیانیہ بنایا گیا ہے اس کی پاکستانی حکومت نہ صرف بھرپور مذمت کرتی ہے بلکہ سویڈن حکومت سے مطالبہ کرتی ہے وہ ان واقعات کا بھرپور نوٹس لے۔

    انھوں نے کہا کہ مجھے اس بات کا اطمینان ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم نے اس پر ہنگامی اجلاس طلب کیا اور اس اجلاس میں اس واقعے کی بھرپور مذت کی گئی۔

    واضح رہے کہ گذشتہ بدھ کو سٹاک ہوم کی مرکزی مسجد کے باہر ایک شخص کی جانب سے قران کے نسخے کو نذر آتش کیا گیا تھا۔ قرآن جلانے کے واقعے میں ایک عراقی نژاد شحص ملوث ہے جس نے اس مظاہرے کے لیے عدالت سے باقاعدہ اجازت لی تھی۔

  8. اسد قیصر اور انور تاج کی 13 جولائی تک عبوری ضمانت منظور

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر اور سابق ایم این اے انور تاج کی 13 جولائی تک عبوری ضمانت منظور کر لی ہے۔

    عدالت نے پولیس کو اسد قیصر اور انور تاج کی گرفتاری سے بھی روک دیا۔

    ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے اسد قیصر اور انور تاج کو تیس تیس ہزار کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

    واضح رہے کہ انور تاج چارسدہ سے ایم این اے رہ چکے ہیں۔

  9. پاکستان پیپلز پارٹی کا تلوار اور تیر سے رشتہ

  10. سونے کی فی تولہ قیمت میں 8000 روپے کی کمی, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان میں رواں مالی سال کاروباری ہفتے کے پہلے روز سونے کی قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    ایک تولہ سونے کی قیمت میں 8000 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    اس وقت ایک تولہ سونے کی قیمت دو لاکھ آٹھ ہزار روپے پر ٹریڈ ہو رہی ہے جو عید کی تعطیلات سے قبل آخری کاروباری روز 216000 روپے پر بند ہوئی تھی۔

    صرافہ بازار کے ڈیلرز کے مطابق سونے کی قیمت میں کمی کی وجہ بین الاقوامی مارکیٹ میں اس کی قیمت میں ہونے والی کمی ہے جو مارچ 2023 کے بعد اس وقت نچلی سطح پر موجود ہیں۔

  11. چین کی پاکستان اور ایران سے سکیورٹی معاملات میں بڑھتی قربت پر انڈیا کو کیا تشویش لاحق ہے؟

  12. ’آپ میرا کوئی کیس نہ سنیں‘ عمران خان کا چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ پر عدم اعتماد

    عمران خان

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس عامر فاروق پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے اور عدالت میں یہ درخواست دائر کی ہے کہ توشہ خانہ کیس ٹرائل کے خلاف درخواستیں دوسرے بینچ کو منتقل کی جائیں۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی اس درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کو ’یقین ہے کہ اِس بینچ سے شفاف اور غیرجانبدار انصاف نہیں ملے گا۔‘

    درخواست میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سے عمران خان کی درخواستیں سننے سے معذرت کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

    تحریک انصاف کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بتایا گیا ہے کہ درخواست کے متن میں لکھا ہے کہ ’آپ سے مجھے انصاف کی توقع نہیں۔ آپ نے متعدد مواقعوں پر میرے خلاف کسی ذاتی و دیگر وجوہات کی وجہ سے خلاف قانون فیصلے دیے۔ آئندہ آپ سے گزارش ہے کہ آپ میرا کوئی کیس نہ سنیں۔‘

    خیال رہے کہ سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیلیں چیف جسٹس کی عدالت میں زیر سماعت ہیں۔ درخواست میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

  13. خدیجہ شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17 جولائی تک توسیع

    خدیجہ شاہ

    ،تصویر کا ذریعہFACEBOOK

    لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی کو عسکری ٹاور میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمے میں خدیجہ شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17 جولائی تک توسیع کی ہے۔

    جیل حکام نے جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد ملزمہ کو عدالت پیش کیا جس پر عدالت نے پولیس کو چالان جمع کرانے کی ہدایت کی۔

    فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ کے خلاف تھانہ گلبرگ پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

  14. ’کیچ میں میجر ثاقب حسین، نائیک باقر علی نے ملک کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا‘

    وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے ضلع کیچ میں عسکریت پسندوں سے مقابلے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے ایک میجر سمیت دو اہلکاروں کی ہلاکت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    پیر کے روز ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایف سی کے میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی نے ملک کے تحفظ کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ میجر ثاقب حسین اور ان کی ٹیم نے جواں مردی سے عسکریت پسندوں کا مقابلہ کر کے انھیں پسپا کیا۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھیکنے کے لیے بلوچستان کے عوام اپنی فورسز کے شانہ بشانہ ہیں۔ میجر ثاقب سمیت دو اہلکاروں کے مارے جانے اور دو کے زخمی ہونے کا واقعہ ایران سے متصل بلوچستان کے ضلع کیچ میں پیش آیا تھا۔

    کیچ میں انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے فرنٹیئر کور کے ایک قافلے پر اس وقت حملہ کیا تھا جب یہ بلورسے سگک کی جانب جا رہا تھا۔

    گذشتہ روز بلوچستان کے دو مختلف علاقوں میں سیکورٹی فورسز کے چھ اہلکار مارے گئے تھے۔ ان میں سے تین پولیس اورایک ایف سی اہلکار خیبرپختونخوا سے متصل ضلع شیرانی کے علاقے دھانہ سر میں ہلاک ہوئے تھے۔

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

  15. ’علی محمد خان اس وقت مردان میں ہیں‘ وکیل کا اسلام آباد ہائیکورٹ میں بیان

    علی محمد خان

    ،تصویر کا ذریعہPTI

    تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان کے خلاف کیسز کی تفصیلات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ کو بتایا گیا ہے کہ سابق وفاقی وزیر اس وقت مردان میں ہیں جبکہ ان کے خلاف وفاقی دارالحکومت میں تین مقدمات درج ہیں۔

    علی محمد خان کی اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی۔

    اس موقع پر عدالت کو آگاہ کر دیا گیا کہ ایف آئی اے میں علی محمد خان کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں جبکہ پولیس نے مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کے لیے عدالت سے وقت مانگ لیا۔

    سرکاری وکیل نے استدعا کی کہ پولیس کو مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کے لیے مزید وقت دیا جائے۔

    جسٹس حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ مقدمات کی تفصیلات لے کر عدالت کو آگاہ کریں۔

    وقفے کے بعد عدالت نے دوبارہ سماعت شروع کی تو عدالت کو بتایا گیا کہ سابق وفاقی وزیر علی محمد خان کے خلاف اسلام آباد میں تین مقدمات درج ہیں۔

    سٹیٹ کونسل نے یہ رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی جس میں کہا گیا ہے کہ علی محمد خان کے خلاف دو مقدمات تھانہ گولڑہ اور ایک تھانہ کوہسار میں درج ہے۔

    عدالت کے استفسار کیا کہ ’علی محمد خان اس وقت کہاں پر ہیں؟‘

    وکیل فائزہ اسد نے جواب دیا کہ علی محمد خان اس وقت مردان میں ہیں۔ ’علی محمد خان ان مقدمات میں پہلے سے ہی ضمانت پر ہیں۔‘

    عدالتی حکم پر اسٹیٹ کونسل نے کیسز کی تفصیلات فریقین کو دے دیں اور تفصیلات فراہمی پر عدالت نے علی محمد خان کی درخواست نمٹا دی ہے۔

  16. پاکستان میں گذشتہ مالی سال مہنگائی کی شرح میں بڑا اضافہ, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان میں 30 جون 2023 کو ختم ہونے والے مالی سال میں مہنگائی کی مجموعی شرح 29.18 فیصد رہی جو اس سے ایک سال پہلے 12.18 فیصد تھی۔

    وفاقی ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جون کے مہینے میں مہنگائی کی شرح 29.4 فیصد رہی۔ مئی کے مہینے میں یہ 38 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔

    واضح رہے جون کے مہینے میں 29.4 فیصد ماہانہ مہنگائی کی شرح جنوری 2023 کے بعد کم ترین سطح ہے۔ گذشتہ سال جون میں مہنگائی کی شرح 21.3 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔

    اعداد و شمار کے مطابق جون کے مہینے میں کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں 39.5 فیصد کا اضافہ ہوا اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات 20 فیصد سے زیادہ بڑھ گئے۔

  17. سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کے بعد کاروبار عارضی طور پر روک دیا گیا, تنویر ملک، صحافی

    سٹاک ایکسچینج

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد پاکستان سٹاک ایکسچینج کے انڈیکس میں 2200 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد مارکیٹ میں کاروبار عارضی طور پر روک دیا گیا۔

    پاکستان سٹاک ایکسچنج میں کاروباری ہفتے کے پہلے دن اس کے انڈیکس میں 2230 پوائنٹس کا اضافہ کاروبار کے آغاز پر ریکارڈ کیا گیا۔

    مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز کے پہلے ایک منٹ میں انڈیکس 2200 پوائنٹس بڑھ گیا اور اس میں خریداری کا زبردست رجحان ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ یہ اضافہ 5.3 فیصد ہے۔

    مارکیٹ میں زبردست تیزی کی وجہ سے کاروبار کو 45 منٹ کے لیے روک دیا گیا۔

    سٹاک مارکیٹ ریگولیشن کے مطابق پانچ فیصد اضافے یا کمی کے بعد اپر اور لوئر سرکٹ لگا دیے جاتے ہیں جس کے تحت کاروبار عارضی طور پر بند کر دیا جاتا ہے۔

    سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کے رجحان کی وجہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدہ ہے جس کی گذشتہ جمعے کے روز منظوری دی گئی تھی۔

    پاکستان کو سٹینڈ بائی معاہدے کے تحت تین ارب ڈالر اگلے نو مہینوں میں ملنے ہیں۔ اس معاہدے کی منظوری کے بعد پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی کی توقع ظاہر کی گئی تھی۔

  18. ملک میں ہائبرڈ نظام نہیں چل سکتا، آرمی چیف کے پاس ویٹو پاور ہے: عمران خان

    عمران خان، فوج

    ،تصویر کا ذریعہAFP

    سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں سول اور عسکری قیادت کے میل جول سے چلنے والا ہائبرڈ نظام ملک کو تاریکی کی طرف دھکیل رہا ہے کیونکہ ایک شخص یعنی آرمی چیف کے پاس ’ویٹو پاور‘ ہے۔

    چیئرمین تحریک انصاف نے امریکی چینل ایم ایس این بی سی کے اینکر مہدی حسن کو دیے انٹرویو میں بتایا کہ ان کے دور حکومتِ میں صحافیوں اور اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن میں اسٹیبلشمنٹ ملوث تھی۔

    اینکر مہدی حسن نے ان سے پوچھا کہ جب آپ حکومت میں تھے تب آپ فوج کے ساتھ ٹھیک تھے، آپ نے بھی اپوزیشن رہنماؤں اور صحافیوں کو گرفتار کیا، اب آپ کہہ رہے ہیں کہ یہی آپ کے ساتھ ہو رہا ہے۔

    عمران خان نے جواب دیا کہ ’آپ میرے دور سے اس کا موازنہ نہیں کر سکتے۔ جنرل مشرف کا مارشل لا اس سے زیادہ لبرل تھا۔ آپ بتائیں میں نے کون سا چینل بند کیا۔ اس دور میں چار صحافی ملک چھوڑ گئے۔ پانچویں نے چیف جسٹس کو خط لکھا کہ اس کی جان خطرے میں ہے، اس کا کینیا میں قتل ہوگیا۔‘

    مہدی حسن نے کہا کہ ’آپ کے دور میں بھی ایسا ہوتا رہا ہے، رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز نے آپ کو 2020 میں ’آزاد پریس کا شکاری‘ کہا تھا، آپ پر صحافیوں کو دھمکیاں دینے اور گرفتار کرنے کا الزام لگا۔ حامد میر کو آپ اپنا پسندیدہ صحافی کہتے تھے، مگر آپ کے دور میں انھیں آن ایئر نہیں ہونے دیا گیا۔ آپ کوئی فری پریس کے چیمپیئن نہیں۔ کیا آپ کا مطلب یہ ہے کہ آپ کے ساتھ ہوا اس لیے یہ بُرا ہے؟‘

    عمران حان نے جواب دیا کہ ’مجھے مطیع اللہ جان کے اغوا کا پتا چلا تو اگلے دن میں اسے واپس لایا۔ مسئلہ یہ تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کا اختتام ہو رہا تھا، اسٹیبلشمنٹ اپنے اوپر تنقید سے پریشان تھی۔ کچھ لوگ کو اٹھانے کے ذمہ دار وہ (اسٹیبلشمنٹ) تھے۔ لیکن یہ اس حد تک نہیں ہوا جو اب ہو رہا ہے۔‘

    عمران خان نے کہا کہ ’میڈیا پر میرا نام نہیں لیا جا سکتا۔‘ اس پر مہدی حسن نے پوچھا کہ ’آپ کے دور میں تو نواز شریف کا نام بھی نہیں لیا جاسکتا تھا‘ جس پر عمران خان نے جواب دیا کہ ’نہیں ایسا نہیں تھا۔ نواز شریف کو سپریم کورٹ نے سزا دی۔ وہ ایسے ٹیسٹ لائے کہ وہ مرنے والے ہیں۔ ان کے بھائی کے بیان حلفی پر وہ بیرون ملک علاج کے لیے گئے۔‘

    ’اچانک ان کی بیماری ختم ہوگئی اور وہ پاکستان کو لیکچر دینے لگے۔ آپ اس کا موازنہ جو میرے ساتھ ہو رہا ہے، اس سے نہیں کر سکتے۔ مجھ پر کوئی الزام ثابت نہیں ہوا۔‘

    اینکر مہدی حسن نے جب ان سے پوچھا کہ آیا انھیں اپنے دور حکومت میں کوئی پچھتاوا رہا تو ان کا کہنا تھا کہ مخلوط اور کمزور حکومت کے ساتھ اقتدار ملنے پر ’مجھے دوبارہ الیکشن کے لیے جانا چاہیے تھا۔‘

    سابق وزیر اعظم مزید کہتے ہیں کہ ’یہ ہائبرڈ نظام نہیں چل سکتا۔ اگر آپ منتخب وزیر اعظم ہیں تو آپ کے پاس اپنی اصلاحات لانے کے اختیارات ہونے چاہییں۔ یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ کے پاس ذمہ داری ہو کیونکہ آپ منتخب ہیں مگر اختیار بٹا ہوا ہے کیونکہ آرمی چیف کے پاس ویٹو پاور ہے۔‘

    عمران خان نے کہا کہ ’اس طرح کے نظام کا مقدر ناکامی ہے۔ مجھے ڈر ہے کہ جب تک قانون کی عملداری سے انتظامی نظام ٹھیک نہیں ہوتا، ملک مزید تاریکی کی طرف جائے گا۔‘

  19. پرویز خٹک کا عمران خان کو نو مئی کا ذمہ دار ٹھہرانا بے بنیاد ہے، تحریک انصاف

    خٹک

    ،تصویر کا ذریعہPTI

    تحریک انصاف نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعلی پرویز خٹک کی جانب سے پارٹی چیئرمین عمران خان کو نو مئی کے واقعات کا ذمہ دار ٹھہرانا بے بنیاد ہے۔

    ترجمان پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پرویز خٹک کے ایک حالیہ بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’پرویز خٹک پارٹی کے عہدوں سے علیحدگی اختیار کرنے کے بعد ان الزامات سے قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘

    ترجمان نے دعوی کیا کہ ’پرویز خٹک عمران خان کو 9 مئی کے واقعات کا ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں جو سراسر جھوٹ، بے ہودہ اور بے بنیاد ہے۔‘

    پی ٹی آئی کے مطابق ’پرویز خٹک بطور صوبائی صدر پارٹی کے تمام فیصلوں میں مکمل طور پر شریک ہونے کے ساتھ ساتھ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بھی رابطے میں تھے۔‘

    بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اگر پرویز خٹک کو پارٹی کے فیصلوں سے اختلاف تھا تو اسی وقت عہدے اور پارٹی رکنیت سے مستعفی کیوں نہ ہوئے‘ اور ’کیا وجہ ہے کہ اپنے خیالات کا اظہار کرنے کیلئے انھوں نے 9 مئی کا انتظار کیا۔‘

    بیان میں کہا گیا ہے کہ ’نو مئی کے ہنگاموں کے وقت عمران خان ریاست کی قید میں تھے اور ان کا کسی سے کوئی رابطہ نہیں تھا۔‘

    پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ ’پرویز خٹک کو پارٹی رہنماؤں کو پارٹی چھوڑنے پر اکسانے کی وجہ سے شو کاز نوٹس جاری کیا گیا اور پرویز خٹک جھوٹے الزامات لگانے کے بجائے فیصلہ کریں کہ انھوں نے پارٹی میں رہنا ہے کہ نہیں۔‘

    ترجمان تحریک انصاف نے الزام عائد کیا کہ ’شاید پرویز خٹک اس قسم کے الزامات کے ذریعے نئی کنگز پارٹی میں اپنے لیے کسی مرکزی عہدے کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔‘

  20. بی بی سی اردو کے نئی لائیو پیج میں خوش آمدید

    سیاسی اور معاشی خبروں اور تجزیوں کے لیے بنائے گئے بی بی سی اردو کے نئی لائیو پیج میں خوش آمدید۔۔۔