آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

پنجاب، کے پی الیکشن ازخود نوٹس: کیس سے الگ ہونے والے ججز نے اپنے نوٹس میں کیا کہا ہے؟

پیر کو از خود نوٹس کی سماعت تاخیر سے شروع ہوئی تو چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے بتایا کہ جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس مظاہر علی نقوی، جسٹس یحیی آفریدی اور جسٹس اطہر من اللہ نے بنچ سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ باقی بنچ کیس کی سماعت کرتا رہے گا۔

لائیو کوریج

  1. پنجاب اور کے پی میں انتخابات سے متعلق از خود نوٹس پر سماعت تاخیر کا شکار

    پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ میں تاخیر پر سپریم کورٹ میں از خود نوٹس کیس کی سماعت پیر کو تاخیر کا شکار ہے۔

    سماعت کے لیے ابتدائی طور پر 11 بجے اور پھر 12 بجے کا وقت دیا گیا تھا تاہم سماعت تاحال شروع نہیں ہو سکی اور ججز میں مشاروت کا سلسلہ جاری ہے۔

    چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں نو رکنی لارجر بینچ اس معاملے کی سماعت کر رہا ہے۔

    اس بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس مظاہرعلی اکبرنقوی، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ شامل ہیں۔

    جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس مظاہر نقوی کی اس بینچ میں شمولیت پر بینچ کے ہی دو ارکان کے علاوہ سیاسی جماعتوں نے بھی اعتراض کیا ہے جبکہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے اس معاملے پر فل کورٹ بینچ بنانے کی بھی درخواست کی گئی ہے

  2. سابق فوجی جنرل امجد شعیب کے سات روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ, شہزاد ملک، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

    اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ سے سابق فوجی جنرل امجد شعیب کے سات روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل امجد شعیب کو اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد ان کو جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

    سماعت کے دوران تھانہ رمنا سے مقدمہ کے تفتیشی افسر اور پراسیکیوٹر عدنان بھی عدالت کے سامنے پیش ہوئے جنھوں نے ایف آئی آر کا متن پڑھ کر سنایا اور کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب پر لگی دفعات کے تحت 5 سال اور 7 سال کی سزا ہو سکتی۔

    انھوں نے کہا کہ ملزم کا فوٹوگرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کروانا ہے اور فوٹوگرامیٹک ٹیسٹ لاہور سے جبکہ وائس میچنگ اسلام آباد سے ہو گی۔

    عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر پبلک پراسیکیوٹر کی طرف سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

  3. بلوچستان: ہرنائی ضلع میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، چار کان کن ہلاک, محمد کاظم، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

    بلوچستان میں ضلع ہرنائی کے علاقے خوست میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے چار کان کن ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں۔

    اس واقعے کے بعد وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کن کنی کے علاقوں میں سکیورٹی کو سخت کیا جائے گا۔

    وزیر اعلی نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غریب اور بے قصور محنت کشوں کو مارنے والے انسان کہلانے کے لائق نہیں۔

    وزیر اعلی بلوچستان نے زخمی کان کنوں کا علاج حکومتی اخراجات پر کروانے کی پدایات بھی جاری کیں۔

  4. عمران خان کے خلاف مقدمات: پی ٹی آئی چیئرمین کی سماعت کے لیے عدالت کا مقام بدلنے کی درخواست مسترد, شہزاد ملک، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

    سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ان کے خلاف درج دو مختلف مقدمات میں عدالت کو دی جانے والی اس درخواست کو مسترد کر دیا گیا ہے جن میں سماعت کے لیے عدالت کا مقام بدلنے کی استدعا کی گئی تھی۔

    ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے متفرق درخواستوں پر محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس اختیار نہیں کہ ہم ایک کورٹ سے دوسری تک بھی بیٹھ سکیں۔

    واضح رہے کہ عمران خان کی جانب سے تھانہ رمنہ میں درج اقدام قتل کیس اور توشہ خانہ کیس کی سماعت جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

    دوسری جانب عمران خان کے وکیل بابر اعوان کی یقین دہائی پر عمران خان کی ضمانت میں کل تک توسیع کر دی گئی۔

  5. راجن پور کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے امیدوار محسن لغاری 90 ہزار سے زائد ووٹ لے کر کامیاب

    الیکشن کمیشن کے جاری غیر حتمی نتائج کے مطابق اتوار کے روز ہونے والے راجن پور کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے محسن لغاری نے90 ہزار 392 ووٹ حاصل کیے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوارعمار اویس خان لغاری نے 55 ہزار 218 ووٹ لیے جبکہ تیسرے نمبر پر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے اختر حسن خان گورچانی رہے جنھوں نے 20 ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کیے۔

    محسن لغاری کو مبارکباد دیتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے ٹوئٹ کیا کہ ’میں عوام کا شکرگزار ہوں جنھوں نے تحریک انصاف کا ساتھ دینے اور این اے 193 میں مافیاز کو شکست دی اور تحریک انصاف کو منتخب کیا۔‘

    راجن پور کے حلقہ این اے 193 کی نشست پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سردار جعفر لغاری کی وفات کے باعث خالی ہوئی تھی۔

  6. اداروں کو بغاوت پر اکسانے کا الزام: ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل امجد شعیب گرفتار، ایف آئی آر درج, شہزاد ملک، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

    اسلام آباد پولیس نے ریٹائرڈ فوجی جنرل امجد شعیب کے خلاف اداروں کو بغاوت پر اکسانے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ان کو گرفتار کر لیا ہے۔

    تھانہ رمنہ میں درج پولیس کی ایف آئی آر کے مطابق ان کے خلاف مجسٹریٹ اویس خان نے درخواست دی تھی کہ ایک ٹی وی شو کے دوران سابق فوجی افسر نے سرکاری ملازمین کو قانونی فرائض سرانجام دینے سے روکنے پر اکسایا جب انھوں نے کہا کہ کل سے سرکاری دفتروں میں اگر کوئی نہ جائے تو حکومت سوچنے پر مجبور ہو جائے گی۔

    واضح رہے کہ لیفٹینینٹ جنرل امجد شعیب بطور تجزیہ کار مختلف ٹی وی شوز پر تجزیے پیش کرتے ہیں۔

    ایف آئی ار میں درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ ’اس بیان سے انھوں نے حکومت، حزب اختلاف اور ملازمین میں نفرت کی فضا پیدا کرنے کی کوشش کی جو ملک کو کمزور کرنے کی سوچی سمجھی سازش ہے۔‘

    گرفتار جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا اور پولیس جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرے گی۔

  7. این اے 193 راجن پور کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج: پی ٹی آئی کے محمد محسن لغاری کو برتری حاصل

    قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193راجن پور کے ضمنی انتخاب میں غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے محمد محسن لغاری 28138 ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔

    جبکہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے عمار احمد خان لغاری 15883 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

  8. ’عمران خان نے اداروں کو تقسیم کرنے کی کوشش کی‘ بلاول بھٹو

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان کے تین سالہ اقتدار میں پہنچنے والے نقصان کے اثرات پتا نہیں ہم کب تک بھگتیں گے۔

    کراچی میں 1973 کے آئین کی گولڈن جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم سابق نے ذاتی مفاد کے لیے پاکستان کو نقصان پہنچایا اور انھیں آئینی طریقے سے ہٹایا گیا۔

    بلاول کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم نے اداروں کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش کی اور انھوں نے ملک و قوم کی بہتری کے لیے کام نہیں کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ گذشتہ حکومت کے غلط فیصلوں کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کا آئین عوام اور ریاست کے درمیان ایک معاہدہ ہے لیکن جب سے آئین بنا ہے اس پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اداروں کو تقسیم کرنے کی کوشش کی اور ملک میں سیاسی عدم استحکام سے غیر جمہوری قوتیں اور دہشت گرد فائدہ اٹھاتے ہیں۔

  9. ’ہم خواتین کو حراست میں نہیں رکھ سکتے، آپ وین سے باہر چلی جائیں۔‘

    گوجرانوالہ میں سابق صدر ڈسٹرکٹ بار الیاس حسین ریحان اورپی ٹی آئی کی مقامی رہنما شکیلہ رانا ایڈووکیٹ نے بھی رضاکارانہ گرفتاری دے د۔

    گوجرانوالہ پولیس نے خواتین کو گرفتار کرنے سے انکار کر دیا۔ جس کے بعد پولیس اہلکاروں نے وین میں موجود خواتین کو باہر نکال دیا۔

    پولیس اہلکاروں کا پی ٹی آئی کی خواتین سے کہنا تھا کہ ’ہم خواتین کو حراست میں نہیں رکھ سکتے، آپ وین سے باہر چلی جائیں۔‘

    گوجرانوالہ میں مقامی راہنما ڈاکٹر عامر علی حسین، چوہدری لیاقت، رضوان مصطفی، رضوان چیمہ بھی گرفتار کیے جانے والوں میں شامل ہیں۔

  10. گوجرانوالہ میں پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاریاں جاری

    گوجرانوالہ میں ایک پرزنر وین گرفتاری پیش کرنے والے کاکنوں کو لے جا رہی ہیں۔ پہلی وین میں 12 کارکنوں کو سٹی سیکرٹریٹ پی ٹی آئی سے لے جایا گیا۔ گوجرانوالہ میں اب تک گرفتاری دینے والوں میں کوئی نمایاں شخصیت، ٹکٹ ہولڈر یا پارٹی عہدیدار شامل نہیں۔

    پارٹی رہنماؤں نے کہا ہے کہ سٹی سیکرٹریٹ میں کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ پی ٹی آئی کے سٹی سیکرٹریٹ سے دوسری پرزنر وین میں 18 کارکن سوار ہوئے۔پولیس کے مطابق گوجرانوالہ میں ابھی تک مجموعی طور پر 30 کارکنوں نے گرفتاریاں پیش کیں۔

    پارٹی رہنماؤں کے مطابق مزید کارکنوں کا دستہ تیار کیا جارہا ہے ، کچھ دیر میں ممید کارکن بھی روانہ ہو جائیں گے۔

  11. بلوچستان: بارکھان ضلع میں رکھنی کے بازار میں بم دھماکہ، چار افراد ہلاک, محمد کاظم، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

    بلوچستان کے علاقے رکھنی میں بم کے ایک دھماکے میں کم از کم چار افراد ہلاک اور 12زخمی ہو گئے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر بارکھان عبد اللہ کھوسہ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ دھماکہ رکھنی بازار میں ہوا۔

    ان کا کہنا تھا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ یہ آئی ای ڈی کا دھماکہ تھا اور دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

    اس دھماکے سے دکانوں اور دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچا۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں جس کے بعد ہی یہ بتایا جا سکے گا کہ دھماکہ خیز مواد کو ریموٹ کنٹرول سے اڑایا گیا یا نہیں اور اس میں کون سا اور کتنا مواد استعمال کیا گیا۔

    رکھنی پاکستان کے صوبہ پنجاب سے متصل سرحدی ضلع بارکھان کا علاقہ ہے اور یہ بلوچستان اور پنجاب کے درمیان ایک ہم گزرگاہ بھی ہے۔

    بارکھان کی سرحدیں بلوچستان میں شورش سے متاثرہ اضلاع کوہلو اور ڈیرہ بگٹی سے بھی ملتی ہیں۔

    واضح رہے کہ بلوچستان میں 24 گھنٹوں میں یہ دوسرا دھماکہ ہے۔

    گزشتہ شب خضدار شہر میں بم کے ایک دھماکے میں ایس ایس پی خضدار کے سکواڈ کی گاڑی کا ڈرائیور ہلاک ہوا تھا جبکہ دو اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

    خضدار شہر میں ہونے والے بم دھماکے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بی ایل اے نے قبول کی تھی۔

  12. قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193راجن پور میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری

    قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193راجن پور میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق’راجن پور میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل اتوار کی صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

    راجن پور کے حلقہ این اے 193 کی نشست پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سردار جعفر لغاری کی وفات کے باعث خالی ہوئی تھی۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق ’پولنگ سٹیشنوں پر پولیس کے علاوہ پاکستان رینجرز کے 200 جوان بھی بطور کوئیک ریسپانس فورس اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔‘

    الیکشن کمیشن کے مطابق ضلع میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد تین لاکھ 79 ہزار 204 ہے جس میں مرد ووٹرز 2 لاکھ 6ہزار 495 جبکہ خواتین ووٹرز 1 لاکھ 72 ہزارسات سو سے زائد ہیں۔

    ضلع میں مجموعی طور پر 11 امیدواران انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے سیکیورٹی کے باعث حلقے میں الیکشن ملتوی کروانے کی درخواست کی تھی جس کو ہفتے کے روز الیکشن کمیشن نے مسترد کر دیا تھا اور اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ ’انتخابی عمل کے تمام انتظامات مکمل ہیں اورالیکشن مقررہ دن پر ہی ہوگا۔‘

    الیکشن کمیشن نے اعلامیہ میں راجن پور کے عوام سے درخواست کی ہے کہ’حلقے کے عوام بلا خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے یا انتخابی عمل میں خلل ڈالنے والوں سے سختی سے نپٹا جائے گا۔‘

    الیکشن کمیشن کے مطابق ’انتخابی عمل کے حوالے سے کسی بھی شکایت کی صورت میں الیکشن کمیشن مرکزی و صوبائی کنٹرول روم سے رابطہ کریں۔‘

  13. اسلام آباد پولیس کو 16 سال بعد سی ڈی اے کے 200 فلیٹس خالی کرنے کا عدالتی حکم

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلام آباد میں سی ڈی اے کے فلیٹس پر پولیس کے قبضے کے کیس کا 16 سال بعد فیصلہ سنا دیا ہے۔

    ہائی کورٹ نے پولیس کا قبضہ غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔

    عدالت نے فیصلہ میں اسلام آباد پولیس سے 200 فلیٹس خالی کروا کر رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

    اسلام آباد پولیس نے 200 فلیٹس لال مسجد آپریشن کے وقت لیے تھے۔

    عداکت کا کہنا تھا کہ فلیٹس پر قبضہ پولیس کی جانب سے کھلی ہٹ دھرمی ہے۔

    فلیٹس پر قبضے کیخلاف سی ڈی اے کی اپیلیں سنہ 2011 سے زیر التوا تھیں۔

    پولیس نے 2007 میں لال مسجد آپریشن کے لیے 200 فلیٹس لیے تھے۔

    اسلام آباد پولیس کا عدالتی فیصلے کے بعد کہنا تھا کہ محکمہ پولیس عدالت کے حکم کی تعمیل کرے گا۔

    اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ محکمے کے پاس رہائشی سہولتیں بہت کم ہیں خاص طور پر کانسٹیبل سے لے کر انسپکٹر تک کے افسران کے لیے رہائشی سہولتوں کا فقدان ہے۔ وزارت داخلہ کو درخواست کی جائے گی کہ عدالتی حکم کی تعمیل کے ساتھ پولیس اہلکاروں کی رہائشوں کو باضابطہ کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔

  14. انتخابات از خود نوٹس کیس میں فل کورٹ تشکیل دینے کی استدعا

    انتخابات از خود نوٹس کیس میں حکومت میں شامل تین بڑی سیاسی جماعتوں نے فل کورٹ تشکیل دینے کی استدعا کردی ہے۔

    مسلم لیگ ن ،پیپلز پارٹی اور جے یو ائی کی جانب سے سپریم کورٹ میں اج نئی درخواست دائر کی گئی۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ فل کورٹ تشکیل دیتے ہوئے جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کو شامل نہ کیا جائے۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ دونوں ججز پہلے ہی پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات پر اپنی رائے کا اظہار کرچکے ہیں۔

    اس پہلی درخواست میں صرف بینچ میں شامل دو ججز پر اعتراض کیا گیا تھا۔

  15. سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن میں اختلافات

    سپریم کورٹ بار کی ایگزیکٹو باڈی نے ازخود نوٹس کیس میں احسن بھون کو وکیل نامزد کردیا ہے۔ جبکہ سپریم کورٹ بار کے صدر عابد زبیری نے سیکرٹری بار مقتدر اختر شبیر کو وکیل نامزد کردیا۔

    سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبر پختون خوا میں انتخابات سے متعلق ازخود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ بار کو نوٹس جاری کیا تھا۔

    سپریم کورٹ بار کی ایگزیکٹو باڈی نے قرار داد کے ذریعے احسن بھون کو وکیل نامزد کیا۔

    سپریم کورٹ بار کی 17 رکنی ایگزیکٹو باڈی میں سے 9 ارکان نے احسن بھون کے حق میں قرار داد پاس کی۔

  16. ایف آئی اے کی عمران خان کے طبی معائنہ کیلئے پمز یا پولی کلینک ہسپتال کا بورڈ بنانے کیلئے درخواست دائر

    وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے عمران خان کے طبی معائنہ کے لیے پمز یا پولی کلینک ہسپتال کا بورڈ بنانے کے لیے بینکنگ کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔

    درخواست میں ایف آئی اے نے عمران خان کا پولی کلینک یا پمز ہسپتال اسلام آباد سے طبی معائنہ کروانے کی استدعا کی ہے۔ درخواست کے متن کے مطابق ’عمران خان کی ضمانت میں توسیع کرنے کی درخواست بینکنگ کورٹ میں زیرالتوا ہے، عبوری ضمانت ملنے کے بعد عمران خان رعایت کا غلط فائدہ اٹھارہے ہیں اور عدالت پیش نہیں ہورہے۔‘

    درخواست کےمطابق ’عمران خان ایف آئی اے کے ساتھ تفتیش کے حوالے سے تعاون نہیں کررہے، عمران خان کو آرتھوپیڈک کا مسئلہ ہے لیکن میڈیکل رپورٹ کینسر ہسپتال کی جمع کروا رہے ہیں۔ شوکت خانم ہسپتال کی سربراہی عمران خان کرتے ہیں، میڈیکل رپورٹ کو معتبر تسلیم نہیں کرسکتے۔‘

    درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ’عمران خان کا پمز یا پولی کلینک ہسپتال سے طبی معائنہ کروانا چاہیے،پمز یا پولی کلینک میں کی گئی عمران خان کی طبی رپورٹس کو زیرغور لایا جا سکتا ہے۔‘

    درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان کے طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے، اور طبی رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔‘

  17. بینکنگ کورٹ کا ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کو 28 فروری کوپیش ہونےکا حکم

    چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت مقدمہ کی سماعت بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین نے کی۔

    دوران سماعت عمران خان کے معاون وکیل نعیم پنجوتھہ عدالت میں پیش ہوئے اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے 22 فروری کے آرڈر کی کاپی عدالت میں پیش کی۔

    انھوں نے استدعا کی ’اسلام آباد ہائی کورٹ نے 28 تاریخ کو عمران خان کو عدالت پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔‘

    بینکنگ کورٹ نے ہائی کورٹ فیصلہ کی روشنی میں عمران خان کو 28 فروری کو پیش ہونے کا حکم جاری کر دیا اور سماعت ملتوی کردی ۔

  18. راجن پور کا ضمنی انتخاب 26 فروری کو شیڈول کے مطابق ہی ہوگا:الیکشن کمیشن

    الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی جانب سے 26 فروری کو راجن پور کے ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ ’این اے193 راجن پور1 میں اتوار کو ہونے والے ضمنی اتخابات مقررہ شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے۔‘

    الیکشن کمیشن کے مطابق ’ انتخابی عمل کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں ، الیکشن مقررہ دن پر ہی ہوگا۔‘

    اعلامیہ کے مطابق ’الیکشن کمیشن کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ کنٹرول روم میں ریٹرننگ افسر ، متعلقہ ڈپٹی کمشنر، پولیس، رینجرز اورپاک فوج کے حکام یاان کے نمائندگان انتخابی عمل کے دوران موجود رہیں گے تا کہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔‘

    اعلامیہ کے مطابق ’انتخابی عمل کی نگرانی کے لئے مرکزی اور صوبائی کنٹرول روم بھی انتخابی نتائج مرتب ہونے تک بلا تعطل کام کریں گے۔‘

    واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے گزشتہ روز الیکشن کمیشن سے سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر مذکورہ ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔

    سیکورٹی خدشات کا اظہار کمشنر ڈیرہ غازی خان نے بذریعہ خط پنجاب حکومت سے کیا تھا۔

  19. بارہ کہو بائی پاس کے زیر تعمیر پلر کی شٹرنگ گرنےکے واقعے میں دو مزدور ہلاک، ریسکیو آپریشن جاری

    اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو کےنزدیک زیر تعمیر بائی پاس میں پلر کی شٹرنگ گرنے کے واقعے میں دو مزدور ہلاک ہو گئے ہیں۔

    اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق ’امدادای کارروائیوں میں تین مزدوروں کو ریسکیو کر لیا ہے جبکہ دو مزدور ملبے کے نیچے دبنے کی وجہ سے ہلاک ہو گئے ہیں۔‘

    اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے ترجمان کے مطابق ’تین مزدوروں کو پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ دومزدوروں کو پمز منتقل کیا گیا ہے تاہم دو مزدور زحموں کی تاب نہ لا کر ہلاک ہو گئے۔‘

    اسلام آباد پولیس کے مطابق ’ اس وقت انتظامیہ اور پولیس کے سینئیرافسران موقع پر موجود ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو وقوعے سے متعلق تمام تر پہلووں کا جائزہ لے گی۔‘

  20. بریکنگ, بارہ کہو کے قریب زیر تعمیر فلائی اوور کے پل کی ایک سائیڈ گرنے سے کم از کم سات افراد زخمی ، امدادی کارروائیاں جاری

    اسلام آباد کے مضافاتی علاقہ بارہ کہو سترہ میل کے قریب زیر تعمیر اوور ہیڈ برج میں تعمیراتی کام میں شٹرنگ کے دوران پل کی ایک سائیڈ گرنے سے کم از کم سات افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    اسلام آباد انتظامیہ کے ایک اہلکار کے مطابق ’ پل گرنے کا واقعہ ہفتہ کی صبح اس وقت پیش آیا جب اس کے اوپر شٹرنگ کا کام جاری تھا۔ ‘

    انتظامیہ کے مطابق’ بارہ کہو میں ریسکیو آپریشن جاری ہے اور اب تک کم از کم تین زخمیوں کو پمز ہسپتال اسلام آباد شفٹ کر دیا گیا ہے۔‘

    دوسری جانب ایک عینی شاہد کاشف نے بی بی سی کو بتایا کہ ’صبح آٹھ بجے پل کے اوپر شٹرنگ کا کام جاری تھا جس کے تھوڑی دیر بعد اچانک زوردار آواز آئی اور دیکھا تو پل پر ایک جانب سے کنکریٹ اور دیگر تعمیراتی ملبہ گرا تھا جس کے اوپر کام کرنے والے مزدور ملبے کے نیچے دب گئے۔‘

    عینی شاہد کے مطابق ’جن زحمیوں کو ملبے سے نکالا گیا ان کے شدید چوٹیں ائی ہیں۔‘

    ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق پولیس کی بھاری نفری اور دیگر ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

    پولیس نے عوام سے بارہ کہو کی جانب جانے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔