احتساب عدالت نے آصف زرداری، نواز شریف، یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ ریفرینس نیب کو واپس بھیج دیا
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے ایڈمنسٹریٹیو جج محمد بشیر کی عدالت نے سابق صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس ’عدالتی دائرہ اختیار نہ ہونے‘ پر واپس نیب کو بھیج دیا۔
احتساب عدالت نمبر 3 میں زیر سماعت مذکورہ ریفرنس پر فاضل عدالت کے جج سید اصغر علی کا عرصہ تعیناتی مکمل ہونے اور چارج چھوڑ جانے کے باعث گذشتہ روز ایڈمنسٹریٹیو جج محمد بشیر کی عدالت نے سماعت کی۔
دوران سماعت عدالت نے آصف علی زرداری، یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان کی طرف سے نیب ترمیمی ایکٹ 2022ء کے تحت دائر درخواستیں منظور کرتے ہوئے ریفرنس واپس نیب کو بھجوانے کا حکم سناتے ہوئے کہا کہ عدالتی دائرہ اختیار نہ ہونے پر ریفرنس واپس بھیجا جاتا ہے، نیب متعلقہ فورم سے رجوع کرے۔
واضح رہے کہ مذکورہ نیب ریفرنس میں آصف علی زرداری، میاں محمد نواز شریف، سید یوسف رضا گیلانی، عبدالغنی مجید اور انور مجید پانچ ملزمان ہیں اور طلبی کے باوجود مسلسل عدم پیشی پر عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کا کیس دیگر چاروں ملزمان سے الگ کرنے کے علاوہ نواز شریف کی جائیداد قرقی کا بھی حکم دے رکھا تھا۔