آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

شہباز شریف کے دورۂ چین کا مشترکہ اعلامیہ: ’پاکستان میں مالی استحکام کے لیے چین ہر ممکن مدد کرے گا‘

وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ چین کے بعد دونوں ملکوں کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ سی پیک کے خلاف ہر طرح کے خطرات اور عزائم کو ناکام بنایا جائے گا اور پاکستان میں چینی عملے، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کے لیے سکیورٹی مزید سخت کی جائے گی۔ جبکہ چین پاکستان میں مالی استحکام کے لیے ہر ممکن مدد کرتا رہے گا۔

لائیو کوریج

  1. عمران خان نے اعتراف کیا کہ وہ پاکستان میں مارشل لا لگوانا چاہتے ہیں: مریم اورنگزیب

    وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں مارشل لا لگوانے کی خواہش کا اعتراف کر لیا ہے۔

    عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’عمران خان نے اعتراف کر لیا ہے کہ وہ ملک میں بلڈ شیڈ سے انقلاب لانا چاہتے ہیں۔‘ انھوں نے سوال کیا کہ ’بندوق سے انقلاب لانے کا ماسٹر مائنڈ کسے دھمکیاں دے رہا ہے؟‘

    انھوں نے کہا کہ ’ڈی جی آئی ایس پی آر اور ڈی جی آئی ایس آئی نے کہا تھا کہ ’ہم غیر ضروری سچ نہیں بولنا چاہتے۔‘ ذلت اب صرف فارن فنڈڈ فتنہ کی ہوگی جس نے آرمی چیف کو اپنا اقتدار بچانے کے لیے تاحیات توسیع دینے کی پیشکش کی۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’فارن فنڈڈ فتنہ بہت بزدل شخص ہے جو صرف بھڑکیں مار رہا ہے۔‘

  2. نواز شریف: شہباز شریف سے کہہ دیا کہ عمران خان کو فیس سیونگ نہ دی جائے

    مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے 10 لاکھ لوگوں کو لانے کا دعویٰ کیا تھا مگر وہ ابھی تک ’دو ہزار‘ بندے بھی اکٹھے نہیں کر سکے ہیں۔

    اُنھوں نے عوام کی ’لاتعلقی‘ کی وجہ عمران خان کے مبینہ جھوٹے بیانات کو قرار دیا۔

    نواز شریف نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ وہ شہباز شریف سے کہہ چکے ہیں کہ چاہے عمران خان 2000 لوگوں کا جتھا لے کر آئیں یا پھر 20 ہزار کا، مگر اُن کا کوئی مطالبہ سنا جائے نہ اُنھیں فیس سیونگ دی جائے۔

  3. صدف نعیم کی ہلاکت: حقائق جاننے کے لیے وفاقی اور صوبائی کمیٹیاں قائم

    اتوار کو تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ کے دوران عمران خان کے کنٹینر تلے کچلی جانے والی خاتون صحافی صدف نعیم کی ہلاکت کے واقعے کے حقائق جاننے کے لیے وفاقی حکومت اور پنجاب کی صوبائی حکومت نے الگ الگ کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے مطابق صدف نعیم کی ہلاکت کے واقعے سے متعلق کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اس واقعے کی ’میرٹ‘ پر تفتیش کرے گی۔

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب کے وزیرِ قانون نے تھانے جا کر راضی نامے پر انگوٹھے لگوائے اور صدف کے شوہر سے لکھوایا گیا کہ وہ مزید کارروائی نہیں چاہتے۔

    خیال رہے کہ صدف نعیم کے شوہر اپنی اہلیہ کی ہلاکت کے بعد کسی بھی قانونی کارروائی کرنے سے انکار کیا ہے۔ محمد نعیم کے تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کی اہلیہ لانگ مارچ میں ڈیوٹی کے دوران ڈیوائیڈر پر کھڑی تھیں اور وہاں سے گرنے کے بعد کنٹینر کے نیچے آ کر ہلاک ہوئیں۔

    پولیس کو دیے گئے بیان میں محمد نعیم نے اس واقعے کو ایک حادثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ نہ تو قانونی کارروائی کرنا چاہتے ہیں اور نہ ہی لاش کا پوسٹ مارٹم کروانا چاہتے ہیں۔

    وفاقی حکومت کی جانب سے تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل کے اعلان کے بعد پنجاب کی صوبائی حکومت نے بھی صدف نعیم کی ہلاکت کے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

  4. صحافی ارشد شریف کی موت کی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیشن قائم

    پاکستان کی وفاقی حکومت نے صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیشن تشکیل دے دیا ہے۔

    وزارت داخلہ کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے سابق جج جسٹس ریٹائرڈ عبدالشکور پراچہ اس کمیشن کی سربراہی کریں گے جبکہ اس کمیشن میں ایڈیشنل آئی جی پولیس ڈاکٹر عثمان انور کے علاوہ انٹیلیجنس بیورو کے ایک افسر شامل ہیں۔

    یہ کمیشن ایک ماہ میں حکومت کو رپورٹ پیش کرے گا۔ ارشد شریف کی موت کی تحقیقات سے متعلق کینیا جانے والی ٹیم بھی اپنی تحقیقات کے بارے میں اس کمیشن کو آگاہ کرے گی اور اس کے علاوہ انکوائری کمیشن کسی بھی ادارے یا شخص کی معاونت حاصل کر سکتا ہے۔

    سرکاری حکم نامے کے تحت تمام ادارے اس کمیشن کے ساتھ تعاون کرنے کے پابند ہوں گے۔

  5. عمران خان: نواز شریف ملک واپس آئے تو لندن نہیں جا سکیں گے

    پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وہ منگل کا سارا دن گوجرانوالہ میں گزاریں گے۔

    وہ چن دا قلعہ گوجرانوالہ میں چوتھے روز کے اختتام پر مارچ کے شرکا سے خطاب کر رہے تھے۔

    عمران خان نے کہا کہ وہ نہ کسی کے سامنے جھکا ہوں اور نا قوم کو کسی کے سامنے جھکنے دیں گے۔

    سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ وہ کسی کے غلام نہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کی قوم غلامی کی زنجیریں توڑے۔

    عمران خان نے شہباز شریف پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی ’16 ارب کی چوری‘ پکڑی گئی۔ اُنھوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام چوروں کی چوری ایک طرف اور شہباز شریف اور ان کے بیٹے کی چوری ایک طرف۔

    اُنھوں نے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف فکر نہ کرو میں نے تمھیں این آر او نہیں دیا، جنھوں نے این آر او دیا ان سے پوچھو۔

    عمران خان نے نواز شریف سے کہا کہ جاگی ہوئی زندہ قوم ان کا انتظار کر رہی ہے اور وہ یہاں آنے کے بعد واپس نہیں جا سکیں گے۔

    منگل کو لانگ مارچ دوبارہ اپنے سفر کی شروعات کرے گا اور متوقع ہے کہ یہ کل بھی گوجرانوالہ میں ہی رہے گا اور اب سے تقریباً چار سے پانچ دن بعد اپنی منزل اسلام آباد پہنچے گا۔

  6. لانگ مارچ کے چوتھے روز کا گوجرانوالہ میں اختتام

    تحریک انصاف کا آج چوتھے روز کا لانگ مارچ گوجرانوالہ میں چند دا قلعہ کے مقام پر اختتام پذیر ہو گیا ہے۔

    پی ٹی آئی کی مقامی قیادت نے اعلان کیا ہے کہ کل منگل کو پانچویں روز اسی جگہ سے لانگ مارچ کا آغاز ہو گا اور سارا دن گوجرانوالہ شہر سے لانگ مارچ گزرے گا۔

    لانگ مارچ کا اندرون شہر شیرانوالہ باغ کے باہر وکلا استقبال کریں گے جبکہ عمران خان گوندلانوالہ چوک میں شام پانچ بجے خطاب کریں گے۔

  7. عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کی سماعت 2 نومبر کو

    سپریم کورٹ آف پاکستان نے عمران خان کے خلاف وفاقی حکومت کی دائر کردہ توہینِ عدالت کی درخواست 2 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کر دی ہے۔

    چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ دو نومبر کو ساڑھے 11 بجے سماعت کرے گا۔

  8. سردار ایاز صادق وزیرِ قانون مقرر

    وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر برائے اقتصادی اُمور سردار ایاز صادق کو وزارت قانون و انصاف کا اضافی قلمدان سونپ دیا ہے۔

    کابینہ ڈویژن نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

    اعظم نذیر تارڑ کے استعفے کے بعد سے وزیرِ قانون کا عہدہ خالی تھا۔

  9. یوسف رضا گیلانی کے خلاف نااہلی کا ریفرنس خارج

    چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سابق وزیرِ اعظم سینیٹر یوسف رضا گیلانی کے خلاف نااہلی کا ریفرنس مسترد کر دیا ہے۔

    رولنگ میں کہا گیا ہے کہ سنیٹر یوسف رضا گیلانی پر الزامات بطور ممبر قومی اسمبلی و وزیر اعظم تھے، وہ تین مارچ 2021 کو سینیٹر منتخب ہوئے اور سینیٹر منتخب ہونے کے بعد نااہلی ریفرنس کا جواز نہیں بنتا۔

    اُنھوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے خلاف ریفرنس میں آئین کے آرٹیکل 63 اے کا اطلاق نہیں ہوتا۔

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اعظم سواتی نے یوسف رضا گیلانی کے خلاف بطور وزیراعظم توشہ خانہ سے قیمتی گاڑیاں دو اہم شخصیات کو دینے پر نااہلی کا ریفرنس فائل کیا تھا۔

  10. امن و امان کی ممکنہ صورتحال کے پیشِ نظر ریڈ زون کا دائرہ وسیع

    پاکستان تحریکِ انصاف کے اسلام آباد میں احتجاج میں ممکنہ بدامنی کے پیشِ نظر اسلام آباد انتظامیہ نے ریڈ زون کا دائرہ بڑھا دیا ہے۔

    واضح رہے کہ ریڈ زون وہ علاقہ ہے جہاں حساس سرکاری و ریاستی عمارات مثلاً پارلیمنٹ ہاؤس، سپریم کورٹ، وزیرِ اعظم ہاؤس اور ایوانِ صدر وغیرہ واقع ہیں۔ تاہم اب اسے وسعت دے کر بلیو ایریا اور زیروپوائنٹ تک بڑھا دیا گیا ہے۔

    ریڈ زون کے اس نئے نقشے میں آئی ایس آئی کا ہیڈ کوارٹر بھی شامل ہے۔

    ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق جن علاقوں کو ریڈ زون میں شامل کیا گیا ہے وہاں پر دفعہ 144 کا نفاذ رہے گا اور کسی کو بھی اس علاقے میں جلسہ یا احتجاج کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

  11. پیسہ عوام کا تھا مگر معاف مشرف نے کر دیا: عمران خان

    پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ جنرل مشرف نے این آر او دے کر پاکستانی قوم کا پیسہ اپنی طرف سے معاف کر دیا۔

    ایمن آباد موڑ پر لانگ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ بند کمروں میں فیصلہ کر کے ان چوروں کو ہم پر مسلط کر دیا گیا۔

    اُنھوں نے کہا کہ جب مشرف نے ’دونوں خاندانوں‘ کو ہٹایا تو پوری قوم اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کھڑی ہوئی مگر پھر اُنھیں قوم پر مسلط کر دیا گیا۔

    عمران خان نے کہا کہ کورونا کے باوجود ملک ترقی کر رہا تھا مگر اس کے بعد بیرونی سازش ہوئی اور اب ملک کی معیشت خراب حالت میں ہے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بیرونی سازش تب تک کامیاب نہیں ہوتی جب تک کہ اندر سہولت کار نہ ہوں۔

    عمران خان نے کہا کہ نواز شریف انتظار کر رہے ہیں کہ ان کے طاقتوروں کے ساتھ معاملات طے پا جائیں تو واپس آ جائیں۔

    اُنھوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کے ہینڈلرز اور سہولت کار سن لیں کہ پاکستانی قوم بھیڑ بکریاں نہیں کہ اُنھیں جہاں دل چاہے ہانک دیا جائے۔

    عمران خان نے کہا کہ اداروں کی عزت تب ہوتی ہے جب قوم ان کی عزت کرے، ادارے اپنی عزت اپنے فیصلوں سے کرواتے ہیں۔

  12. کامونکی سے لانگ مارچ کے چوتھے روز کا سفر جاری

    پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کا چوتھے روز کا سفر جاری ہے اورتحریک انصاف کے رہنماؤں کے مطابق مارچ کی اگلی منزل ایمن موڑ اور گوجرانوالہ ہیں۔

    سابق وزیراعظم عمران خان نے آج صبح اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’جی ٹی روڈ پر ہمارے مارچ کے ہمراہ عوام کا سمندر۔ میں 6 ماہ سےملک میں ایک انقلاب کا مشاہدہ کررہا ہوں۔سوال صرف یہ ہے کہ آیا یہ بیلٹ باکس کےذریعے نرم ہوگا یا خونریزی کے ذریعے تباہ کن؟‘

  13. عمران خان کی ہلاک ہونے والی صحافی صدف نعیم کے گھر آمد، والدہ سے تعزیت کی

    سابق وزیراعظم عمران خان صحافی صدف نعیم کے گھر گئے اور ان کی والدہ سے ان کی وفات پر تعزیت کی۔ صدف نعیم اتوار کو عمران خان کے لانگ مارچ کے دوران ان کے کنٹینر کے نیچے آ کر ہلاک ہو گئی تھیں۔

    عمران خان نے صدف نعیم کی والدہ کو بتایا کہ صدف نے ان کا انٹرویو بھی کیا تھا۔ صدف کی والدہ نے عمران خان سے استفسار کیا کہ کیا جب ان کی بیٹی کنٹینر تلے دب گئی تھیں تو آپ بھی ان کے پاس چل کر گئے تھے، جس پر عمران خان نے ہاں میں سرہلایا اور انھیں اس حادثے پر صبر کی تلقین کی۔

    پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے تیسرے روز کا اختتام اس انتہائی افسوسناک خبر سے ہوا تھا۔

    نجی ٹی وی چینل سے وابستہ 35 سالہ رپورٹر اُس کنٹینر تلے آ کر ہلاک ہو گئی تھیں، جس پر عمران خان سمیت تحریک انصاف کی سینیئر قیادت سوار تھی۔

    ریسکیو 1122 کے مطابق یہ واقعہ سادہوکی کے قریب پیش آیا۔ صدف نعیم کی ہلاکت کی خبر سامنے آنے کے بعد تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لانگ مارچ کے تیسرے روز کے سفر کے اختتام کا اعلان کر دیا ہے۔

    35 سالہ صدف نعیم نے سنہ 2009 میں نجی ٹی وی ’چینل فائیو‘ میں شمولیت اختیار کی تھیں۔ وہ شادی شدہ تھیں اور انھوں نے پسماندگان میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی چھوڑی ہے۔

    صدف کے ساتھ کام کرنے والے میڈیا ورکرز کے مطابق وہ ایک انتہائی محنتی اور پروفیشنل صحافی تھیں جو کسی بھی قسم کی مشکل کو اپنے کام کے آڑے نہیں آنے دیتی تھیں۔

  14. فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ پر چیف الیکشن کمشنر پر 10 ارب کے ہرجانے کا دعویٰ کروں گا: عمران خان

    چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پیر کو کامونکی میں چوتھے روز لانگ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ میں ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے پر چیف الیکشن کمشنر پر 10 ارب کے ہرجانے کا دعویٰ کروں گا۔

    انھوں نے کہا کہ وہ چیف الیکشن کمشنر کو عدالت میں کھڑا کر کے ان سے یہ پیسے نکلوائیں گے اور شوکت خانم پر لگائیں گے تاکہ سکندر سلطان راجہ آئندہ کسی کی ساکھ کو نقصان نہ پہنچا سکیں۔

    عمران خان نے کہا انھیں شوکت خانم کینسر ہسپتال کے لیے نو ارب ہو جاتا ہے۔ نمل یونیورسٹی کے لیے میرے نام پر پیسہ جمع ہوتا ہے۔ القادر یونیورسٹی میں سو فیصد بچے مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق پشاور کی شوکت خانم کینسر ہسپتال میں 75 فیصد مریضوں کا مفت علاج ہوتا ہے جبکہ اب کراچی میں بھی شوکت خانم کینسر ہسپتال بننے جا رہی ہے۔

    عمران خان نے کہ شریف خاندان کے ملازم چیف الیکشن کمشنر نے میری ساکھ کو خراب کر کے ان فلاحی منصوبوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے اور میری دیانتداری پر سوال اٹھایا۔

    عمران خان نے کہا کہ اگر ان پر کوئی غیرقانونی چیز ثابت ہو گئی تو وہ عدالت کے فیصلے سے پہلے مستعفی ہو جائیں گے۔

  15. ضمنی انتخابات میں عوام نے فیصلہ سنا دیا، وہ بند کمروں کے فیصلوں کے ساتھ نہیں کھڑے: عمران خان

    سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ ان کے مطابق وہ آٹھ میں سے سات نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں جو کہ ایک عالمی ریکارڈ ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ میں اب ان سے مخاطب ہوں جو اس (حکومت) کو لے کر آئے ہیں کہ بند کمروں میں جو فیصلے کرتے ہیں عوام ان کے ساتھ نہیں کھڑی ہے۔ ان کے مطابق عوام ان سے نفرت کرتے ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ ’امپورٹڈ حکومت کو مسلط کرنے والو قوم کی آواز سن لو۔‘ انھوں نے کہا کہ ’بند کمرے میں فیصلہ کرکے چوروں کو این آر او دے دیا۔‘

    چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ’عوام کے خلاف کبھی اسٹیبلشمنٹ کھڑی نہیں ہوتی۔‘ بند کمرے میں فیصلے کرنے والو سن لو پاکستانی قوم بھیڑ بکریاں نہیں۔ قوم کی آواز سن لو، سن لو قوم کدھر کھڑی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ’جو بھی ان کے ساتھ ملے گا، وہ انھی کے ساتھ رنگا جائے گا۔ لوگ ان سے نفرت کرتے ہیں۔‘

  16. بی بی سی اردو کی لانگ مارچ پر لائیو کوریج

    بی بی سی اردو کی لائیو کوریج میں خوش آمدید۔ اگر آپ ہماری کوریج میں ابھی ابھی شامل ہوئے ہیں تو کوریج کا خلاصہ پیش ہے۔

    • عمران خان کے لانگ مارچ نے چوتھے روز کا سفر کامونکی سے شروع کر دیا ہے۔
    • لانگ مارچ کی اگلی منزل گوجرانوالہ ہے جبکہ یہ چار نومبر کو اسلام آباد پہنچے گا۔
    • اسلام آباد کی انتظامیہ نے امن و امان کی ممکنہ صورتحال کے پیشِ نظر ریڈ زون کے علاقے میں توسیع کر دی ہے اور اب بلیو ایریا کے سیکٹرز بھی اس میں شامل ہیں۔
    • تحریکِ انصاف نے اسلام آباد انتظامیہ کو یقین دہانی کروائی ہے کہ ان کا احتجاج پرامن ہو گا۔
    • عمران خان نے کہا ہے کہ وہ چف الیکیشن کمشنر کے خلاف اپنی ساکھ کو نقصان پہنچنے پر 10 ارب روپے ہرجانے کا مقدمہ دائر کریں گے۔