آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

شہباز شریف کے دورۂ چین کا مشترکہ اعلامیہ: ’پاکستان میں مالی استحکام کے لیے چین ہر ممکن مدد کرے گا‘

وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ چین کے بعد دونوں ملکوں کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ سی پیک کے خلاف ہر طرح کے خطرات اور عزائم کو ناکام بنایا جائے گا اور پاکستان میں چینی عملے، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کے لیے سکیورٹی مزید سخت کی جائے گی۔ جبکہ چین پاکستان میں مالی استحکام کے لیے ہر ممکن مدد کرتا رہے گا۔

لائیو کوریج

  1. تحریک انصاف کا وفاقی وزیر خرم دستگیر کی گرفتاری کا مطالبہ

    تحریک انصاف نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گوجرانوالہ میں عمران خان مخالف بینرز آویزاں کیے جانے پر وفاقی وزیر اور ن لیگ رہنما خرم دستگیر کو گرفتار کیا جائے۔

    گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ خرم دستگیر نے تسلیم کیا ہے کہ یہ بینرز انھوں نے لگوائے۔

    ’ہم پنجاب حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری ایکشن لے۔‘

  2. گوجرانوالہ میں مسلسل دوسرے دن عمران خان مخالف بینرز آویزاں, احتشام شامی، صحافی، گوجرانوالہ

    گوجرانوالہ میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے چھٹے دن کے آغاز سے قبل شہر میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف نامعلوم افراد کی جانب سے مسلسل دوسرے دن بینرز لگائے گئے ہیں۔

    یہ بینرز شہر سے گزرنے والی جی ٹی روڈ پر عزیز کراس فلائی اوور، راہوالی چوک اور گکھڑ چوک کے قریب لگائے گئے ہیں جن پر ’گھڑی چور‘، ’توشہ خانہ چور‘ کے نعرے درج ہیں۔

    بینرز لگائے جانے کی اطلاع ملتے ہی گوجرانوالہ پولیس کی ٹیمیں متحرک ہو گئیں اور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کچھ دیر تک بینرز اتار کر قبضے میں لے لیے جائیں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی گوجرانوالہ شہر میں ایسے ہی بینرز لگائے گئے تھے جو کہ پولیس نے اتار دیے تھے جبکہ پولیس نے کسی شخص کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا تھا۔

    بعد ازاں مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت کی جانب سے ان بینرز کی ذمہ داری قبول کی گئی تھی۔

  3. وزیر اعظم شہباز شریف کی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات

    پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے بدھ کے دن چینی صدر شی جن پنگ سے بیجنگ میں ملاقات کی ہے۔

    وزیر اعظم آفس کے مطابق ’دونوں رہنماؤں نے اس ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات میں باہمی شراکت داری پر بات چیت کی۔‘

    ’اس دوران پاکستان چین اقتصادی راہداری پر خصوصی گفتگو ہوئی اور دونوں ممالک نے سٹریٹجک شراکت داری کو مذید فروخ دینے پر اتفاق کیا۔‘

    دوسری جانب چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ کے دوران دونوں ممالک متعدد معاہدوں پر دستخط کریں گے۔‘

  4. تحریک انصاف لانگ مارچ کا اجازت نامہ: اسلام آباد ہائی کورٹ کا وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ کو نوٹس, شہزاد ملک، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

    تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد میں جلسے اور دھرنے کی اجازت نہ دیے جانے پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

    تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کا آزادی مارچ اسلام آباد پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد میں ایچ نائن اور جی نائن کے درمیان سری نگر ہائی وے پر دھرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دی گئی جس پر متعدد اعتراضات عائد کیے گئے۔

    پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے درخواست کی ہے کہ اسلام آباد میں جلسے اور دھرنے کے لیے این او سی کے اجراء کی ہدایات جاری کی جائیں اور آئی جی اسلام آباد کو سکیورٹی فراہم کرنے کے احکامات دیے جائیں۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے اسلام آباد انتظامیہ کو کل کے لیے نوٹس جاری کر دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ انتظامیہ کا مجاز افسر کل عدالت کے سامنے پیش ہو ۔

  5. گوجرانوالہ: چوتھے روز بھی تعلیمی ادارے بند، لانگ مارچ کے راستے پر کاروبار بھی معطل

    پاکستان تحریک انصاف کا لانگ مارچ آج چھٹے روز جناح انٹرچینج پنڈی بائی پاس سے شروع ہوکر گکھڑ پہنچے گا۔

    تحریک انصاف کا لانگ مارچ آج جناح انٹرچینج سے شروع ہونے والا مارچ صرف 10 کلومیٹر سفر طے کرنے کے بعد گکھڑ پہنچ کر احتتام پذیر ہوجائے گا۔

    آج لانگ مارچ کا مجموعی طور پر چھٹا روز ہے جبکہ گوجرانوالہ ضلع میں مسلسل چوتھے روز سے لانگ مارچ کے شرکا موجود ہیں جس وجہ سے جی ٹی روڈ پر واقع تعلیمی ادارے آج مسلسل چوتھے روز بھی بند رہیں گے۔

    گوجرانوالہ کی ضلعی انتظامیہ و پولیس کی طرف سے جناح انٹرچینج سے گکھڑ تک کاروباری مراکز بھی بند کروا دیے گئے ہیں۔

  6. عمران خان 10 نومبر کو راولپنڈی پہنچیں گے، تحریک انصاف

    تحریک انصاف رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کے نئے شیڈول کے مطابق عمران خان 10 نومبر کو راولپنڈی پہنچیں گے۔

    ٹؤٹر پر جاری بیان میں اسد عمر نے کہا کہ 11 نومبر کو پاکستان بھر سے قافلے اسلام آباد پہنچیں گے۔

    ادھر تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے چھٹے دن کا آغاز گوجرانوالہ میں بائی پاس سے ہو گا جہاں تحریک انصاف کے کارکنان کو 11 بجے تک پہنچنے کہ ہدایات جاری کی گئیں تھیں۔

  7. آئندہ عام انتخابات اگلے سال اکتوبر میں ہوں گے، احسن اقبال کا عندیہ

    وفاقی وزیر احسن اقبال نے پرویز خٹک کی ٹویٹ کے جواب میں یہ عندیہ دیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات 13 اکتوبر 2023 کو ہوں گے۔

  8. لانگ مارچ کا تعلق نئے آرمی چیف کی تعیناتی سے نہیں: پرویز خٹک

    رہنما تحریک انصاف پرویز خٹک کہتے ہیں کہ لانگ مارچ کا مقصد صاف و شفاف عام انتخابات کی تاریخ ہے، نہ کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی۔

  9. دنیا کی کوئی طاقت ہمیں نہیں روک سکتی: شاہ محمود قریشی

    تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، جو لانگ مارچ کے دوران فلائی اوور پر سر لگنے سے زخمی ہو گئے تھے، کہتے ہیں کہ وہ بخیریت ہیں۔

    انھوں نے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ’الحمدلله میں بخیریت ہوں آپ سب کی دعاؤں اور نیک تمناؤں کا دل سے شکریہ۔ عمران خان کا قافلہ رواں دواں ہے اور انشاءاللہ دنیا کی کوئی طاقت ہمیں اب ہماری منزل (حقیقی آزادی) کے حصول سے نہیں روک سکتی۔‘

  10. ممنوعہ فنڈنگ، آڈیو لیکس کے معاملے پر عمران خان ایف آئی اے میں طلب

    وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو سائفر آڈیو لیک کی انکوئری اور ممنوعہ فنڈنگ کے کیس میں طلب کر لیا ہے۔

    ایف آئی اے نے عمران خان کوسائفر انکوائری میں پیش ہونے کے لیے نوٹس جاری کیا ہے اور اُنھیں تین نومبر کو دن 12 بجے ایف آئی اے کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایف آئی اے نے عمران خان کو ممنوعہ فنڈنگ کیس میں سات نومبر کو لاہور میں طلب کیا ہے۔

    ایف آئی اے نے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بھی تین نومبرکو دن 12 بجے بلا لیا ہے جبکہ پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر کو کل دو نومبر کو دن 12 بجے طلب کیا گیا ہے۔

  11. خواجہ آصف: بھروسہ ہے کہ مارشل لا نہیں لگے گا

    وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مارشل لا کا تجربہ کبھی بھی ملک کے لیے اچھا نہیں رہا ہے تاہم اُنھیں بھروسہ ہے کہ اب مارشل لا نہیں لگے گا۔

    جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں اُنھوں نے کہا کہ جب یہ کہا جاتا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل کیسے ہو سکتی ہے، ہمارا ساتھ کیوں نہیں دیتی تو یہ مارشل لا کا ورثہ ہے۔

    اُنھوں نے کہا کہ ایک ادارہ اپنے کردار میں واپس جانا چاہتا ہے تو اسے برا بھلا بولا جاتا ہے، طعنہ دیا جاتا ہے، یہ سب (ماضی کے) مارشل لا کا نتیجہ ہے۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ ان کے نزدیک اس وقت ملکی سیاسی زاویے کی تبدیلی ہو رہی ہے، ہمیں اس کا احترام ہونا چاہیے مگر عمران خان انھیں ’دعوتِ گناہ‘ دے رہے ہیں۔

    وزیرِ دفاع نے کہا کہ انھیں بھروسہ ہے کہ مارشل نہیں لگے گا۔

  12. وزیرِ اعظم شہباز شریف چین پہنچ گئے

    وزیرِ اعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے ہیں۔ یہ دورہ چینی وزیرِ اعظم لی کی چیانگ کی دعوت پر کیا گیا ہے۔

  13. شاہ محمود قریشی فلائی اوور میں سر لگنے سے معمولی زخمی

    لانگ مارچ کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی فلائی اوور پر سر لگنے سے زخمی ہو گئے ہیں۔ اُن کا سر اس وقت فلائی اوور سے ٹکرایا جب ان کا کنٹینر اس کے نیچے سے گزر رہا تھا۔

    شاہ محمود قریشی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مقامی رہنما علی اشرف کے گھر بھجوا دیا گیا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق اُنھیں معمولی چوٹ آئی ہے۔

  14. تحریکِ انصاف لانگ مارچ کا پانچویں دن کا سفر ختم

    تحریک انصاف نے آج پانچویں روز کا لانگ مارچ گوجرانوالہ شہر کے گوندلانوالہ چوک میں ختم کر دیا ہے۔

    لانگ مارچ کل چھٹے روز عزیز کراس فلائی اوور پنڈی بائی پاس سے شروع ہوگا اور راہوالی کینٹ اور گکھڑ کے علاقوں میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان خطاب کریں گے۔

  15. عمران خان: مارچ اسلام آباد پہنچنے پر پولیس بھی ہمارے ساتھ ہو جائے گی

    عمران خان نے وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب پی ٹی آئی کا مارچ اسلام آباد کے قریب پہنچے گا تو جس پولیس پر اتنے کروڑوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، وہ پی ٹی آئی کے ساتھ شامل ہو جائے گی کیونکہ وہ بھی ’پاکستانی‘ ہیں۔

    عمران خان نے اس موقع پر لوگوں سے حلف لیا کہ وہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے لیے اسلام آباد پہنچیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ اگر بیرونی سازش کے تحت مسلط کیے گئے چوروں کو قبول کر لیا تو عوام کا کوئی مستقبل نہیں ہو گا۔

    واضح رہے کہ عمران خان کا مارچ آج گوجرانوالہ میں ہی رہے گا اور کل اس کا سفر گوجرانوالہ سے آگے کے لیے شروع ہو گا۔

    پی ٹی آئی سربراہ عمران خان نے کہا کہ جب وہ اسلام آباد پہنچیں گے تو وہاں سے پورے پاکستان کو اسلام آباد پہنچنے کی کال دیں گے۔

  16. مریم نواز کی پاناما بینچ پر تنقید: ’کیا جرم کرنے والے بچ کر نکل جائیں گے؟‘

    نواز شریف کو ہونے والی سزاؤں کے معاملے پر اُنھوں نے کہا کہ پوری قوم کے سامنے یہ بات آ چکی ہے جب سابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے بارے میں عمران خان کے منھ سے نکلا کہ مجھے جسٹس کھوسہ نے کہا کہ تم ادھر ادھر کیا پھر رہے ہو، میرے پاس لے کر آؤ۔

    اُنھوں نے کہا کہ نواز شریف کی اور پاکستان کی سزا ساتھ ساتھ چلی، وہاں سے پاکستان کے تمام سیاسی اور معاشی اشاریے خراب ہوئے ہیں۔

    مریم نواز نے کہا کہ پاناما بینچ نے جو جرم کیا ہے وہ نواز شریف کے ذاتی و سیاسی نقصان تک محدود نہیں ہے بلکہ پاکستان کو اس کی سزا ملی ہے۔

    اُنھوں نے کہا کہ آپ کا خیال ہے جس نے اتنا بڑا جرم کیا ہو کیا وہ بچ کر نکل جائے گا؟

  17. نواز شریف جلد واپس آئیں گے، مریم نواز کا دعویٰ

    مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کے تحفظ کی سب سے بڑی ذمہ داری اس وقت عدالتوں پر ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ یہ کیس بھی سپریم کورٹ میں ہے۔

    اُنھوں نے کہا کہ حکومتوں کی مجبوریاں ہوتی ہیں مگر اس چیز کا آنے والے وقتوں کے لیے سدِ باب ہونا چاہیے۔ نواز شریف کی واپس سے متعلق ایک سوال کے جواب میں اُنھوں نے کہا کہ ان کی اپیل کے فیصلے میں ان کے ساتھ ساتھ نواز شریف کی بے گناہی بھی ثابت ہوئی ہے۔

    اُنھوں نے کہا کہ ججز نے کہا کہ نواز شریف پر کوئی الزام ثابت نہیں ہوا۔ مریم نواز نے کہا کہ اب وہ بہت جلد اس معاملے کو قانونی طور پر اٹھائیں گے اور نواز شریف جلد واپس آئیں گے۔

  18. خونی انقلاب کی بات کرنے والے کا جمہوری اصولوں سے کیا تعلق ہے: مریم نواز

    مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کو سزا کے حوالے سے اُنھوں نے کہا کہ ثاقب نثار کے دور میں ہر تین سے چار ہفتوں کے بعد نواز شریف کو نئی سزا ہوتی تھی۔

    اُنھوں نے کہا کہ تاہم پھر بھی سچ اور حقائق کو ایک دن سامنے آنا ہوتا ہے۔ مریم نواز نے عمران خان سے حکومت کی بات چیت کے بارے میں سوال کے جواب میں کہا کہ نواز شریف کہہ چکے ہیں کہ دو ہزار لوگ ہوں، 20 ہزار ہوں یا دو لاکھ، جتھوں کی بات نہیں سنی جائے گی۔

    اُنھوں نے کہا کہ جو شخص خونی انقلاب کی بات کرتا ہے اس کا جمہوری اصولوں سے کیا تعلق ہے۔

    مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کا ہدف آرمی چیف کی تقرری میں رخنہ ڈالنا ہے جو پورا نہیں ہو گا۔

  19. مریم نواز: عمران خان اسٹیبلشمنٹ کو دھمکا رہے ہیں کہ میرا ساتھ دو

    مریم نواز نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کا بیان خوش آئند ہے کہ وہ اپنا صرف آئینی کردار ادا کریں گے، یہ نواز شریف کے بیانیے کی کامیابی ہے کہ سیاست میں مداخلت نہیں ہونی چاہیے اور ہر ادارہ اپنے اپنے دائرے میں رہ کر کام کرے۔

    اُنھوں نے کہا کہ جیسے ہی سیاست میں مداخلت ختم ہوئی ہے تو عمران خان کی قسمت میں رونا دھونا اور سڑکوں پر آنا رہ گیا ہے۔

    مریم نواز نے کہا کہ عمران خان اب اسٹیبلشمنٹ کو دھمکا رہے ہیں کہ ان کا ساتھ نہ دیا گیا تو وہ میر جعفر و میر صادق کہیں گے۔

  20. مریم نواز: اسٹیبلشمنٹ پر تنقید اصول کے لیے نہیں، دستِ شفقت کے لیے ہے

    پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کی اسٹیبلشمنٹ پر تنقید کسی ذاتی اصول کے لیے نہیں بلکہ اس لیے ہے کہ دوبارہ ان کی سرپرستی کی جائے۔

    لندن میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہویے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان اب بھی وہی اسٹیبلشمنٹ ڈھونڈ رہے ہیں جو ان کے ہاتھ کان اور ناک وغیرہ بن جائیں۔

    مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں اُنھیں اسٹیبلشمنٹ نے بتایا کہ شریف خاندان اور زرداری خاندان ’چور‘ ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ ’اسٹیبلشمنٹ نے جو پرچی لکھ کر دی وہ آپ نے پڑھ کر سنا دی۔‘

    لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پاناما کے فیصلے میں اپیل کے دوران عدالتیں ثبوت مانگتی رہیں تو نیب کووڈ کا بہانہ کر کے یا بار بار التوا مانگ کر کیس طویل کرتا رہا، ’اس کی وجہ یہ ہے کہ اُنھیں پرچی پر بس لکھ کر دے دیا گیا تھا۔‘

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر اُنھیں اسٹیبلشمنٹ نے بتایا کہ یہ لوگ چور ہیں تو ان کے نزدیک نواز شریف کی بے گناہی کا اس سے بڑا ثبوت نہیں ہو سکتا۔

    مریم نواز نے کہا کہ کیا اُنھیں اسٹیبلشمنٹ نے توشہ خانے کے گفٹس گھر لے جانے اور پانچ قیراط کے ہیرے کی انگوٹھی مانگنے کے لیے کہا تھا۔