یہ صفحہ ابھی مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا۔ تازہ اپ ڈیٹ کے لیے اس لنک پر کلک کریں۔
شہباز شریف کے دورۂ چین کا مشترکہ اعلامیہ: ’پاکستان میں مالی استحکام کے لیے چین ہر ممکن مدد کرے گا‘
وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ چین کے بعد دونوں ملکوں کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ سی پیک کے خلاف ہر طرح کے خطرات اور عزائم کو ناکام بنایا جائے گا اور پاکستان میں چینی عملے، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کے لیے سکیورٹی مزید سخت کی جائے گی۔ جبکہ چین پاکستان میں مالی استحکام کے لیے ہر ممکن مدد کرتا رہے گا۔
لائیو کوریج
پی ٹی آئی کا لانگ مارچ: اسلام آباد پولیس نے مسلح اہلکار تعینات کرنے کی اجازت مانگ لی

،تصویر کا ذریعہICT
پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں اسلام آباد پولیس نے مسلح اہلکار تعینات کرنے کی اجازت مانگی ہے۔
اس حوالے سے آئی جی اسلام آباد نے وزارت داخلہ کو ایک خط لکھا ہے جس میں درخواست کی گئی ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان لانگ مارچ کے لیے اسلحہ جمع کر رہے ہیں لہذا لانگ مارچ کے دوران اپنے دفاع کے لیے مسلح دستوں کی تعیناتی کی اجازت دی جائے۔
شہباز شریف کے دورۂ چین کا مشترکہ اعلامیہ: ’چین پاکستان میں مالی استحکام کے لیے ہر ممکن مدد کرے گا‘

،تصویر کا ذریعہAPP
وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ چین کے بعد دونوں ملکوں کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ سی پیک کے خلاف ہر طرح کے خطرات اور عزائم کو ناکام بنایا جائے گا اور پاکستان میں چینی عملے، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کے لیے سکیورٹی مزید سخت کی جائے گی۔ جبکہ چین پاکستان میں مالی استحکام کے لیے ہر ممکن مدد کرتا رہے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یکم سے 2 نومبر تک چین کا سرکاری دورہ کیا۔ یہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا چین کا پہلا دوطرفہ دورہ تھا۔ اس دوران وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے سٹیٹ کونسل کے وزیراعظم لی کی کیانگ کے ساتھ بات چیت کی اور نیشنل پیپلز کانگریس کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین لی ژان شو سے ملاقات کی۔
اس دورے کے مشترکہ علامیے کے مطابق ’ایم ایل ون کو سی پیک فریم ورک کے تحت ایک اہم منصوبہ اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے اس کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے دونوں نے قائدانہ اتفاق رائے پیدا کرنے اور اس پر جلد عملدرآمد کے عمل کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔‘
’انھوں نے کراچی سرکلر ریلوے کو فعال طور پر آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا جو پاکستان کے سب سے بڑے شہر کی فوری ضرورت تھی۔ سی پیک کے اہم منصوبے اور بین العلاقائی رابطے کے لیے گوادر پورٹ کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے دونوں فریقین نے اہم منصوبوں کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا اور گوادر پورٹ اور فری زون کے دیگر متعلقہ منصوبوں پر پیشرفت تیز کرنے پر اتفاق کیا۔‘
اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’صدر شی نے کہا کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے‘ جبکہ ’چین کے رہنماؤں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو ہمیشہ اپنی خارجہ پالیسی میں اولین ترجیح دی جائے گی۔‘
دوسری طرف وزیر اعظم شہباز شریف ’ون چائنہ پالیسی اور تائیوان، بحیرہ جنوبی چین، ہانگ کانگ، سنکیانگ اور تبت کے مسائل پر چین کی حمایت کے عزم کا اظہار کیا۔‘
چین اور پاکستان کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق ’وزیراعظم شہباز شریف نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان کی اقتصادی و سماجی ترقی کے لیے بی آر آئی کے تحت فلیگ شپ پراجیکٹ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی خصوصیات کو اجاگر کیا۔۔۔ دونوں ملکوں نے سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کی رفتار کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔‘
اس میں کہا گیا ہے کہ ’دونوں فریقین نے ای کامرس ڈیجیٹل معیشت، زرعی مصنوعات کی برآمد، مالیاتی تعاون، ثقافتی املاک کے تحفظ، انفراسٹرکچر، سیلاب سے نجات، آفات کے بعد تعمیر نو کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کا احاطہ کرتے ہوئے متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جن میں جی ڈی آئی، جانوروں کی بیماریوں پر قابو پانے، ذریعہ معاش، ثقافتی تعاون، خلائی جغرافیائی سائنس کے ساتھ ساتھ قانون کے نفاذ اور سکیورٹی کے شعبے شامل ہیں۔‘
آصف علی زرداری کے خلاف دائر نااہلی ریفرنس مسترد
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف دائر نا اہلی کے سوال کا ریفرنس مسترد کر دیا ہے۔
یہ ریفرنس سید ذوالفقار عباس بخاری (زلفی بخاری) کی جانب سے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرایا گیا تھا۔ ریفرنس سپیکر قومی اسمبلی کو گذشتہ دنوں موصول ہوا۔
اس ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری کو آئین کی آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت ممبر قومی اسمبلی کی حیثیت سے نا اہل کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔
اس میں نااہلی کے سوال کا ریفرنس الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھیجے جانے کی بھی درخواست کی گئی تھی۔ تاہم سپیکر قومی اسمبلی نے آئین کے آرٹیکل 63 کی شق (2) کے تحت ریفرنس مسترد کرتے ہوئے فیصلے کی نقل الیکشن کمیشن کو ارسال کر دی ہے۔
اسلام آباد پولیس کے افسران ’کسی غیر قانونی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے‘

ترجمان اسلام آباد پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’چند سیاسی رہنماؤں کی طرف سے اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے خلاف افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ اسلام آباد کیپیٹل پولیس اور دیگر سول مسلح ادارے وفاقی دارالحکومت میں امن کے ضامن ہیں۔
’ایسی پراپیگنڈہ مہم اور افواہوں سے اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے افسران و جوانوں کا عزم مزید پختہ اور مورال مضبوط ہوگا۔ اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے ہر افسر و جوان کو اپنے اصل فرض کا بخوبی اندازہ ہے۔ اور قانون کے مطابق ہی کام کررہا ہے۔‘
اس بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’ہر افسر و جوان اپنے شہر کو امن کا گہوارہ بنانے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ پولیس افسران کسی غیر قانونی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے۔‘
مذاکرات کی بات کریں تو عمران خان گالیاں دینا شروع کر دیتے ہیں: رانا ثنا اللہ
پاکستان کے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور حکومت نے پی ٹی آئی سے مذاکرات نہ کرنے کا موقف اس لیے اپنایا ہے کیونکہ مذاکرات کی بات پر عمران خان گالیاں دینا شروع کر دیتے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں مذاکرات کی ہمیشہ حمایت کی جاتی ہے اور ہر سیاستدان مذاکرات کی اہمیت جو سمجھتا ہے مگر عمران خان سیاستدان نہیں کیونکہ ان سے مذاکرات کی بات کریں تو وہ گالیاں دینا شروع کر دیتے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کا سانحہ مری میں ہلاک شدگان کا معاوضہ بڑھانے کا حکم

،تصویر کا ذریعہUMAIR ABBASI
لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے سانحہ مری کا محفوظ فیصلہ سُناتے ہوئے اس واقعے میں ہلاک ہونے والے افراد کا معاوضہ بڑھانے کا حکم دیا ہے۔
سانحہ مری کا محفوظ فیصلہ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چودھری عبدالعزیز نے سنایا۔
عدالت نے فیصلے میں مری میں غیر قانونی تعمیرات پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مری میں سیوریج اور پانی، ویسٹ مینیجمنٹ کا نظام بہتر بنایا جائے۔
عدالت نے مری میں درختوں کی کٹائی پر بھی پابندی لگا دی۔
عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ مری میں پارکنگ سلاٹس مری سے باہر بنائے جائیں تاکہ شہر میں رش نہ ہو۔
عدالت کا فیصلے میں کہنا ہے کہ محکمہ ہائے وے، محکمہ ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اور ریسکیو 1122 سانحہ مری کے زمہ داران کیخلاف انکوائری کرے۔
جبکہ ضلعی انتظامیہ غیر قانونی تجاوزات کو ختم کرے۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ مری میں ہوٹلوں اور رہائشی فلیٹس کو ریگولیٹ کیا جائے۔ اور سانحہ مری میں معطل کئے جانے والے چند افسران کا سانحہ مری میں سے تعلق نہیں بنتا ان کو دوبارہ سُنا جائے۔
عدالت نے سانحہ مری کا فیصلہ 24 سماعتوں کے بعد سات مئی کو محفوظ کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ رواں سال سات اور آٹھ جنوری کی درمیانی شب مری میں برفانی طوفان کے باعث 23 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد بھی شامل تھے۔
اس واقعے کے فوری بعد سابق وزیر اعلٰی پنجاب عثمان بزدار نے سانحہ مری پر انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی۔ انکوائری کمیٹی رپورٹ کے بعد کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر اور سی پی او راولپنڈی سمیت 15 افسران کو معطل کیا گیا تھا۔
بریکنگ, تحریک انصاف کا لانگ مارچ چھٹے روز گکھڑ منڈی پہنچ کر اختتام پذیر، کل گجرات روانہ ہو گا

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان تحریک انصاف کا لانگ مارچ بدھ کی شام کو چھٹے روز جناح انٹرچینج اور راہوالی سے ہوتا ہوا گکھڑ منڈی پہنچ کراختتام پذیر ہوگیا ہے۔
جمعرات کو لانگ مارچ کا ساتواں روز ہو گا اور یہ جی ٹی روڈ سے ہوتا ہوا ضلع وزیر آباد اور ضلع گجرات پہنچے گا جہاں عمران خان خطاب کریں گے۔
بریکنگ, ہماری تحریک اسلام آباد جا کر ختم نہیں ہو گی، بلکہ الیکشن ہونے تک چلتی رہے گی، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ’کوئی یہ خیال نہ رکھے کہ اسلام آباد جا کر ہماری تحریک ختم ہو جائے گی۔ یہ تحریک اگلے دس ماہ، جب تک الیکشن نہیں ہوتے چلتی رہے گی۔‘
گھگڑ منڈی میں لانگ مارچ سے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آج میں چھ سوالات کے جوابات چاہتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا پہلا سوال یہ ہے کہ جب وزیر اعظم میں تھا تو امریکی سفارتکار ڈونلڈ لو نے کس کو پیغام دیا کہ اپنے وزیر اعظم کو اقتدار سے ہٹاؤ؟
انھوں نے دوسرا سوال کرتے ہوئے کہا کہ ارشد شریف کو پاکستان میں کس نے دھمکیاں دی، کس نے اسے ملک چھوڑ کر جانے پر مجبور پر کیا، کس نے متحدہ عرب امارات سے بھی ارشد شریف کو جانے کا کہا؟
انھوں نے تیسرا سوال کرتے ہوئے کہا کہ وہ کون ہے جو صحافیوں کو دھمکیاں دیتا ہے، کون ہے جو ملک میں آزاد میّڈیا کی آواز بند کر دینا چاہتا ہے۔
چوتھے سوال میں انھوں نے کہا کہ وہ کون ہیں جس نے اعظم خان سواتی کو مار پڑوائی اور پھر انھیں برہنہ کر کے ان پر تشدد کیا؟ کس نے شہباز گل کو بھی برہنہ کر کے تشدد کا نشانہ بنوایا؟
عمران خان کا کہنا تھا کہ پولیس کہتی ہیں ہم نہیں ہیں، ہمیں پیچھے سے حکم تھا، میں پوچھتا ہوں وہ کون ہے جس نے یہ حکم دیا۔ وہ کون ہے جو ایف آئی اے کو حکم دے رہا تھا؟
انھوں نے پانچواں سوال کرتے ہوئے کہا کہوہ کون ہے جو نامعلوم نمبروں سے ٹیلیفون کر کے پی ٹی آئی سے دور رہنے کا کہتا ہے، وہ کون ہے جو لوگوں کو دھمکیاں دیتا ہے؟
اور اپنا آخری اور چھٹا سوال اٹھاتے ہوئے سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’وہ کون ہے جس نے ان چوروں کو ہم پر مسلط کیا؟ کیا اس لیے پاکستان بنا تھا کہ آصف زرادری اور نواز شریف جیسے چور ہم پر حکومت کریں۔
کیا قائد اعظم نے ایسے پاکستان کا خواب دیکھا تھا جہاں کئی مقدمات میں مطلوب رانا ثنا اللہ ہمارا وزیر داخلہ ہو یا اسحاق ڈار جس نے منی لانڈرنگ کی وہ ہمارا وزیر خزانہ ہو؟‘
انھوں نے شرکا سے خطاب میں کہا کہ ہم کوئی جانور ہیں، ہم بھیڑ بکریاں ہیں، ہم امر باالمعروف پر چلنے والے ہیں اور میں اس حکومت کی غلامی قبول کرنے والا نہیں۔
بریکنگ, ارشد شریف کی والدہ کا چیف جسٹس کو خط، اعلیٰ سطح کا عدالتی کمیشن بنانے کی استدعا

،تصویر کا ذریعہFACEBOOK
کینیا میں ہلاک ہونے والے پاکستانی صحافی ارشد شریف کی والدہ نے پاکستان کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو خط لکھ کر اعلٰی سطحی جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی استدعا کی ہے۔
صحافی ارشد شریف کی والدہ رفعت آرا علوی نے چیف جسٹس سپریم کورٹ کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ ارشد شریف کے کیس کو متنازع ہونے سے بچایا جائے۔
خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ارشد شریف کے اہلخانہ کو انصاف فراہم کیا جائے، والدہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ بیٹے کے کیس کو سیاسی منافقت اور بد دیانتی سے بچایا جائے۔
انھوں نے کہا کہ کینیا کی پولیس نے تین سے چار مرتبہ اپنا موقف تبدیل کیا۔ تحقیقاتی ٹیم کی روانگی سے قبل وفاقی وزرا نے من گھڑت کہانیاں بنائیں جو میڈیا ریکارڈ پر موجود ہیں۔
انھوں نے مزید لکھا کہ اپنا کیس اللہ کی عدالت میں رکھ کر انصاف کی طلب گار ہوں،توقع ہے میرا خط ہلاک ہونے والے بیٹے (ارشد شریف) کے خط کی طرح سردخانے کی نظر نہیں ہو گا۔
انھوں نے خط میں مزید لکھا کہ وزیراعظم نے اپنے بیان میں جوڈیشل کمیشن بنانے کا اعلان کیا تھا۔

صحافی ارشد شریف کی والدہ کا کہنا تھا کہ ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں کمیشن بنانا حکومت کی بدنیتی ظاہر کرتا ہے۔
خط میں کہا گیا کہ ارشد شریف دوبئی پہنچنے تو تسلی تھی کہ اب خطرے سے باہر ہے، حکومت نے متحدہ عرب امارات کی حکومت پر دباو ڈالا جس پر ارشد شریف کو دوبئی چھوڑنا پڑا۔
ارشد شریف کی والدہ نے خط میں کہا ہے کہ کینیا میں دو ماہ بعد میرے بیٹے کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ ارشد شریف نے 12 مئی کو بذریعہ خط آپ کو خطرات سے آگاہ کیا تھا، خط میں آپ کو غداری کے بے بنیاد مقدمات سے آگاہ کیا تھا۔
والدہ ارشد شریف نے لکھا کہ خطرات کی وجہ سے ارشد شریف کو ملک سے باہر پناہ لینی پڑی، ارشد شریف کی بیوہ اور یتیم بچوں کو انصاف کے سوا کچھ نہیں چاہیے۔
انھوں نے خط میں یہ بھی کہا کہ ارشد شریف کے ورثا اور صحافی برادری کا غم و غصہ فراہمی انصاف سے ہی کم ہو گا۔
ججز اور عدلیہ کو تنقید سے ڈر نہیں لگتا، اس سے اصلاح ہوتی ہے: چیف جسٹس اطہر من اللہ

،تصویر کا ذریعہIHC
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا ہے کہ 70 سالہ عدلیہ کے نظام میں تبدیلی کی ضرورت ہے اور یہ ایک دم آنا ممکن نہیں۔
اسلام آباد میں ہائی کورٹ میں فیسییلیٹشن سنٹر کے قیام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد اور وجود سائلین کی مدد کے لیے ہے اور اگر عوام کو فوری اور سستا انصاف نہ ملے تو یہ عمارتیں بے معنی ہیں۔
انھوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ججز اور عدلیہ کو تنقید سے ڈر نہیں لگتا کیونکہ اس سے اصلاح ہوتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امید کرتا ہوں کہ بہتری صرف عمارتوں پر نہیں رکے گی بلکہ ریاست عوام کو فوری انصاف فراہم کرنے کے تقاضے بھی پورے کرے گی۔
ملک کی سیاسی جماعتوں کا بھی ایک کردار ہے اور انھیں ملک میں انصاف کی فراہمی اور نظام کی بہتری میں کردار ادا کرنا چاہیے۔
جو نیب کو کنٹرول کر رہے تھے انھوں نے موجودہ حکمرانوں کو بچایا، عمران خان
سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ احتساب کی کوششوں میں ناکامی کی وجہ نیب کو کنٹرول کرنے والے تھے جنھوں نے موجودہ حکمرانوں کے کیسز ختم کیے۔
گوجرانوالہ میں لانگ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملک اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک کرپشن کا راستہ نہیں روکا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ ’نیب ہمارے کنٹرول میں نہیں تھا۔ ہم کچھ نہیں کر سکے۔‘
’جو نیب کو کنٹرول کر رہے تھے انھوں نے ان کو بچایا۔‘
’کس نے ان کو اوپر بٹھا دیا اور ان کے کیسز ختم ہونا شروع ہو گئے؟‘
وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر شی جن پنگ کی ملاقات، ایم ایل ون منصوبے کے جلد آغاز پر اتفاق

،تصویر کا ذریعہPRIME MINISTER OFFICE
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کی چینی صدر شی جن پنگ سے بیجنگ کے گریٹ ہال میں ملاقات ہوئی۔
اس ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر شی کو تیسری بار مدت کے آغاز پر مبارک باد دی۔
انھوں نے پاکستان میں سیلاب کے بعد چین کی جانب سے امداد پر شکریہ بھی ادا کیا۔
اس ملاقات کے بعد جاری ہونے والے سرکاری بیان کے مطابق دونوں رہنماوں نے باہمی تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کی اہمیت پر پر سیاسی اتفاق رائے موجود ہے جو دو طرفہ تعلقات کا بہترین نمونہ ہے۔
اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دفاع، تجارت اور سرمایہ کاری، زراعت، صحت، تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت کئی امور پر شراکت داری کے بارے میں بات چیت کی۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان چین اقتصادی راہداری کی اہمیت پر زور دیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ سی پیک کی ترقی سے پاکستان اور چین کے تعلقات مذید مضبوط ہوں گے۔
اس ضمن میں دونوں رہنماؤں نے سی پیک فریم ورک کے تحت ایم ایل ون منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا جبکہ کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کے لانچ پر بھی اتفاق کیا گیا۔
صدر شی جن پنگ نے اس موقع پر پاکستان کی معاشی ترقی میں مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
انھوں نے پاکستان میں سیلاب کی تباہی کے بعد امدادی سرگرمیوں کے لیے 500 ملین آر ایم بی کے امدادی پیکج کا بھی اعلان کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر شی جن پنگ نے مسئلہ کشمیر اور افغانستان کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پر امن اور مستحکم افغانستان خطے کی سکیورٹی اور معاشی ترقی کے لیے اہم ہے اور انھوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ سی پیک منصوبے میں افغانستان کو شامل کرنے سے خطے میں رابطے مضبوط ہو سکتے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر شی جن پنگ کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی جسے انھوں نے قبول کیا۔
شہباز شریف کی چین میں اپنے ہم منصب لی کیچیانگ سے ملاقات
X پوسٹ نظرانداز کریںX کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
X پوسٹ کا اختتام
لانگ مارچ میں شامل ٹرک کی ٹکر سے نوجوان ہلاک

،تصویر کا ذریعہEhtesham Shami
گوجرانوالہ میں تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ کے چھٹے دن پنڈی بائی پاس کے قریب پی ٹی آئی کے قافلے میں شامل ایک ٹرک کی ٹکر سے ایک نوجوان ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا ہے۔
صحافی احتشام شامی کے مطابق تحریک انصاف کی مقامی قیادت ٹرک لے کر مارچ میں شرکت کے لیے جا رہی تھی کہ ٹرک موٹرسائیکل پر سوار دو افراد سے ٹکرا گیا
ان کے مطابق یہ حادثہ عمران خان کے قافلے کے بالکل قریب پیش آیا۔
ریسکیو 1122 کے حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے نوجوان کی لاش اور زخمی کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں زخمی نوجوان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
اس حادثے کے فوری بعد لانگ مارچ کے قافلے کو راہوالی کی طرف بڑھا دیا گیا ہے۔
لانگ مارچ کا چھٹا دن، قافلہ راہوالی جانب روانہ, احتشام شامی، صحافی
تحریک انصاف کے لانگ مارچ چھٹے دن گوجرانوالہ شہر کے جناح انٹرچینج پنڈی بائی پاس سے روانہ ہو گیا ہے۔
لانگ مارچ میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہے جبکہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کنٹینر پر موجود ہیں اور مارچ کی قیادت کر رہے ہیں۔
عمران خان کا کنٹینر راہوالی کی طرف روانہ ہوگیا ہے۔ آج یہ مارچ دس کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گا اور گکھڑ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔
اظہارِ رائے کی آزادی صرف عمران کے لیے نہیں سب کے لیے ہے: خرم دستگیر, احتشام شامی، صحافی گوجرانوالہ
وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ ’اظہارِ رائے کی آزادی صرف عمران کے لیے نہیں سب کے لیے ہے اور چور کو چور کہنا آزادی رائے ہے‘۔
گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف شہریوں کی طرف سے لگائے جا نے والے بینرز اتارنے کا عمل قابلِ مذمت ہے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’بینر لگوانے سے میرا کوئی تعلق نہیں تھا اور جس میں ہمت ہے آ جائے اور مجھے گرفتار کر کے دکھائے‘۔ خیال رہے کہ تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے عمران خان کے خلاف بینر لگانے پر پنجاب حکومت سے خرم دستگیر کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ملک میں مارشل لا لگنے سے اس لیے فرق نہیں پڑتا کیونکہ انھیں تو اس سے فائدہ ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’یہ کہتے ہیں کہ انھیں مارشل لا سے فرق نہیں پڑتا۔ آپ کو کیسے فرق پڑے گا، آپ کو تو مارشل لا سے فائدہ ہوتا ہے‘۔
عمران خان کے لانگ مارچ کی سست رفتار پر طنز کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’جیسے یہ فرلانگ مارچ رینگ رہا ہے تب تک اسلام آباد میں انتخابات کی تاریخ ویسے ہی دے دی جائے گی۔‘
وفاقی وزیر نے کہا کہ ’ملک میں تناؤ صرف اس چند علاقوں میں ہے جہاں سے یہ مارچ گزر رہا ہے۔ ہماری تیاری ہے اور مذاکرات اس بنیاد پر ہوں گے کہ یہ مارچ پرامن رہے۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت اگست 2023 تک اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور عام انتخابات اکتوبر 2023 میں ہوں گے۔
عوام اور اداروں کو ایک پیج پر رہنا چاہیے، فواد چوہدری
تحریک انصاف رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور اداروں کو لڑوانے کی سازش کی جا رہی ہے۔
گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ’اداروں اور عوام کو ایک پیج پر رہنا چاہیے۔‘
انھوں نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ ارشد شریف، اعظم سواتی اور شہباز گل کیس پر نوٹس لیا جائے۔
فواد چوہدری نے بتایا کہ بدھ کے دن تحریک انصاف کا لانگ مارچ گگھڑ منڈی تک جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ’تحریک انصاف چاہتی ہے کہ اسٹیبلشمنٹ الیکشن کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔‘
ایک اور سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ایف آئی اے عمران خان کو طلب نہیں کر سکتی۔ ’ان کا نوٹس غیر آئینی ہے۔‘
ہو سکتا ہے اسلام آباد پہنچنے کی تاریخ پھر بدل دیں، فواد چوہدری
تحریک انصاف رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ’لانگ مارچ اپنی مرضی سے اسلام آباد پہنچے گا اور ہم روز نئی تاریخ دیں گے۔‘
گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’آج 11 کی تاریخ دی ہے، ہو سکتا ہے یہ تاریخ بدل جائے۔‘
لانگ مارچ کی سست رفتار: لوگ کم ہیں یا یہ آرمی چیف کی تعیناتی کے وقت اسلام آباد آنے کی حکمتِ عملی ہے؟
سیاسی مبصرین سمجھتے ہیں کہ اس مرتبہ پی ٹی آئی کی جانب سے باقاعدہ حکمت عملی کے تحت مارچ کی رفتار سست رکھی جا رہی ہے تاکہ ملک میں نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے وقت اسلام آباد پہنچا جائے تاہم عمران خان اور پی ٹی آئی کی دیگر قیادت نے اس تاثر کی تردید کی ہے۔
