تحریک انصاف کا لانگ مارچ: عمران خان کا آرمی چیف سے آئی ایس آئی کے دو افسران کی برطرفی کا مطالبہ

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے لاہور کے علاقے شاہدرہ میں تحریک انصاف لانگ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے اسلام آباد میں تعینات انٹرسروسز انٹیلیجنس (آئی ایس آئی) کے دو افسران کی برطرفی کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان افسران کو یہاں سے ہٹا کر ان سے تحقیقات بھی کی جائیں۔
عمران خان نے لانگ مارچ میں اپنے خطاب میں ان دو افسران کے نام بھی لیے ہیں۔ عمران خان نے سینیٹر اعظم سواتی کی پریس کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان دو افسران میں سے ایک بریگیڈیئر فہیم جبکہ دوسرے میجر جنر فیصل نصیر ہیں۔
عمران خان نے اپنے خطاب میں کینیا میں مارے جانے والے پاکستانی صحافی ارشد شریف کو ملنے والی دھمکیوں کا بھی ذکر کیا۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف کا لانگ مارچ جمعے کو لاہور کی لبرٹی چوک سے شروع ہوا تھا اور پہلے دن عمران خان نے دو بار اس مارچ کے شرکا سے خطاب کیا۔
آج اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ اعظم سواتی نے جو آج بات کی ہے، اس سے ظاہر ہوتاہے کہ ان پر کتنا ظلم ہوا ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’میری پوری قوم سن لو کہ ایک دادا اور نانا کو اپنے پوتے اورپوتیوں کے سامنے ایف آئی اے نے ان کے گھر میں گھس کر انھیں مارا۔
عمران خان نے کہا کہ ’آج میں ان کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہم کوئی بھیڑ بکریاں نہیں ہیں۔ ہمیں جانوروں کی طرح نہ رکھیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم کوئی بھیڑ بکریاں نہیں ہیں کہ جدھر چاہیں ہمیں ہانک دیں۔ ان کے مطابق ’پہلے نواز شریف بدعنوان تھا اور اب وہ بڑا صاف شفاف ہو گیا۔ پہلے زرداری دنیا کے اندر مسٹر 10 پرسنٹ مشہور تھے اور اب وہ حکمران بننے کے اہل ہو گئے‘۔
چیف جسسٹس سے از خود نوٹس لینے کا مطالبہ
سابق وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوسرے دن اپنے خطاب میں جہاں فوج کے سربراہ کو مخاطب کر کے دو افسران کی برطرفی کا مطالبہ کیا وہیں انھوں نے پاکستان کے چیف جسٹس سے سینیٹر اعظم سواتی پر دوران حراست ہونے والے مبینہ تشدد پر ازخود نوٹس لینے کا بھی کہا ہے۔
انھوں نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ ’چیف جسٹس آف پاکستان سے کہتا ہوں آپ کا کام بنیادی حقوق کی حفاظت کرنا ہے، قوم آپ کی طرف دیکھ رہی ہے، دوران حراست تشدد کے خلاف ساری دنیا میں ایکشن لیا جاتا ہے، اگر آپ نہیں تو کون ہمارے بنیادی حقوق کی حفاظت کرے گا۔







