جلسے میں سرکاری وسائل کا استعمال: الیکشن کمیشن کا عمران خان، وزیر اعلی خیبر پختونخوا کو نوٹس, شہزاد ملک، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
الیکشن کمیشن نے چارسدہ جلسے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری وسائل اور ہیلی کاپٹر کے استعمال پر وضاحت دی جائے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ این اے 24 چارسدہ میں ضمنی الیکشن کے سلسلے میں پی ٹی آئی کے انتخابی جلسے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ’بار بار تنبیہ کے باوجود وزیر اعلی خیبر پختونخواہ اور دیگر کابینہ ارکان نے نہ صرف جلسہ میں شرکت کی بلکہ سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جس میں سرکاری ہیلی کاپٹر کا استعمال بھی شامل ہے۔‘
نوٹس کے مطابق ’مذکورہ ضمنی الیکشن میں انتخابی امیدوار عمران احمد خان نیازی کو بھی اپنے انتخابی جلسے میں عوامی عہدہ پر فائز شخصیات کو مدعو کرنے، نتائج پر اثر انداز ہونے اور سرکاری وسائل کو اپنے انتخابی جلسے میں استعمال کرنے پر نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔‘
ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور چارسدہ جلسے میں شرکت پر الیکن کمیشن کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر چارسدہ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان، وزیرِ قانون فضل شکور خان اور مشیر برائے معدنیات محمد عارف کو بھی نوٹس جاری کیے۔
نوٹس میں ان افراد کو 20 ستمبر کو 11 بجے ضلعی الیکشن کمشنر کے دفتر میں ضلعی مانیٹرنگ آفیسر کے سامنے پیش ہونے کو کہا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے نوٹس کے مطابق ’اس سے پہلے بھی عمران احمد خان نیازی اور وزیرِ اعلیٰ محمود خان نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تھی جس پر ضلعی مانیٹرنگ آفیسر پشاور نے 50، 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا تھا۔‘
الیکن کمیشن کے بیان میں کہا گیا کہ ’عمران احمد خان نیازی اور وزیر ِاعلیٰ محمود خان بار بار ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ ان حالات میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف الیکشن کا انعقاد مشکل نظر آتا ہے اور سارے امیدواروں کو ایک جیسا ماحول میسر ہوتا نظر نہیں آرہا ہے لہٰذا کیوں نہ الیکشن کمیشن کو رپورٹ بھیجی جائے کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا پر ہیلی کاپٹر کے استعمال پر دورانِ ضمنی الیکشن پابندی عائد کی جائے اور ہیلی کاپٹر کے غیر قانونی استعمال پر ریکوری کی جائے اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی جائے کہ وہ ہیلی کاپٹر فراہم نہ کریں۔‘
نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ ’اگر اسی طرح ضمنی الیکشن کے انعقاد میں رکاوٹیں ڈالی گئیں تو کیوں نہ الیکشن کمیشن کو متعلقہ امیدواروں کو نا اہل قرار دینے کیلئے سفارش کی جائے۔‘