آئی ایم ایف پروگرام آن ٹریک ہے، معطلی یا تاخیر کی خبروں میں صداقت نہیں: وزیرخزانہ

پاکستان کے وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کا پروگرام ملتوی ہونے کے خبروں کی تردید کرتے ہوئے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام آن ٹریک ہے، پروگرام ملتوی یا تاخیر کا شکار ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

لائیو کوریج

  1. نیوٹرلز کو بتایا تھا کہ ملک سیاسی عدم استحکام کی بڑی قیمت ادا کرے گا: عمران خان

    عمران خان

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انھوں نے نیوٹرلز کو بتایا تھا کہ اگر آپ نیوٹرل رہنا چاہتے ہیں تو بہت اچھی بات ہے مگر ملک سیاسی عدم استحکام کی بڑی قیمت ادا کرے گا کیونکہ اُن کی (حریف سیاسی جماعتوں) سے ملک نہیں سنبھالا جائے گا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کی یہ بات آج سچ ثابت ہو رہی ہے کیونکہ گذشتہ دو ماہ میں پاکستان جس تیزی سے نیچے گیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔

    سابق وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بجائے لوگوں کے حالات ٹھیک کرنے کے انھوں نے حکومت میں آ کر صرف اپنے اوپر 1100 ارب روپے کے کرپشن کیسز ختم کروائے اور اب وہ ان تمام اداروں کو تباہ کرنے کے درپے ہیں جو ان کی کرپشن پکڑ سکتے ہیں جیسا کہ ایف آئی اے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ’ان تمام پارٹیوں کے اکھٹے ہونے کا مقصد صرف اپنے آپ کو این آر او دینا تھا۔‘

    ’آج لوگوں میں غصہ ہے کہ آپ نے انھیں پہلے مہنگائی اور معیشت کا نام لے کر اکھٹا کیا مگر اب کچھ اور کر رہے ہیں۔ عوام پوچھ رہے ہیں کہ دو ماہ میں ایسا کیا ہوا ہے کہ سب کچھ ہی نیچے چلا گیا۔ سٹاک مارکیٹ بیٹھ گئی، مہنگائی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی اور روزگار کے ذرائع ختم ہو گئے۔‘

    عمران خان کا کہنا تھا کہ آج کراچی میں عوام سڑکوں پر نکلی ہوئی ہے اور انھیں پولیس تشدد کا سامنا ہے۔

    ’ایک سیاسی اور جمہوری حکومت لوگوں کو مسائل پر احتجاج کرنے پر ڈنڈے نہیں مارتی بلکہ انھیں آگاہ کرتی ہے کہ حکومت کن مسائل کا شکار ہے اور اس کا حل کیا ہے۔ کراچی میں لوڈ شیڈنگ جاری ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ بجلی گھروں میں بجلی نہیں بن پا رہی کیونکہ دو ہی ماہ میں آج ان کے پاس نہ کوئلے کے پیسے ہیں نا ایل این جی کے۔‘

    عمران خان نے کہا کہ ’ہم بھی آئی ایم ایف کے ساتھ ساڑھے تین سال پروگرام میں رہے۔ ہمیں بھی کہا جاتا تھا کہ پیٹرول کی قیمت اتنی کرو یا ڈیزل کی اتنی بڑھاؤ۔ مگر ہم نے پریشر برداشت کیا۔ ہم نے پیٹ کاٹ کر بجلی اور پیٹرول کی قیمت نہیں بڑھنے دی کیونکہ ہمیں پتا تھا کہ لوگوں کے حالات کیا ہیں۔‘

    ’موجودہ حکومت نے دو ماہ میں جتنی قیمتیں بڑھائیں اتنی ہمارے ساڑھے تین سال میں نہیں بڑھیں۔

    بجائے لوگوں کے دکھ درد سننے کے اور ذہن استعمال کرنے کے لوگوں کے دکھ کیسے کم کریں یہ ان پر آنسو گیس پھینک رہے ہیں۔‘

    انھوں نے کہا کہ ڈنڈے سے کبھی جمہوریت نہیں چلتی۔ انھوں نے دو جولائی کو اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں پرامن احتجاجی ریلی کا اعلان کرتے ہوئے تمام شہریوں کو اپنے اپنے شہروں میں احتجاج کرنے کی اپیل کی ہے۔

  2. الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کو کہوٹہ کا دورہ کرنے سے روک دیا

    شہباز شریف

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیر اعظم شہباز شریف کو کہوٹہ کا دورہ کرنے سے روک دیا ہے۔

    الیکشن کمیشن کے حکام نے اس ضمن میں وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری سے رابطہ کیا تھا۔

    بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمشن کی جانب سے یہ اقدام اس حلقے میں اگلے ماہ ہونے والے ضمنی انتخاب کے حوالے سے انتخابی قواعد وضوابط کی خلاف ورزی نہ ہونے کے لیے کیا ہے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے29 جون کو کہوٹہ میں ڈیم کا افتتاح کرنا تھا۔

    جس جگہ پر وزیراعظم نے ڈیم کا افتتاح کرنا تھا یہ علاقہ پنجاب کے صوبائی حلقہ سات میں واقع ہے جہاں پر اگلے ماہ کی بیس تاریخ کو ضمنی انتخاب ہونا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن سابق وزیر اعظم عمران خان کو بلدیاتی انتخابات میں الیکشن مہم میں حصہ لینے کے لیے متعدد بار نہ صرف روکا بلکہ ان کو نوٹسز بھی جاری کیے لیکن سابق وزیر اعظم الیکشن کمیشن کے احکامات کو نظر انداز کرتے رہے۔