عمران خان اسٹیبلشمنٹ سے ٹائیگر فورس کی طرح کی حمایت چاہتے تھے: بلاول بھٹو

،تصویر کا ذریعہ@PPP MEDIA CELL
وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نہیں چاہتے تھے کہ ہمارے قومی ادارے غیر متنازع رہیں، وہ چاہتے تھے کہ ہماری اسٹیبلشمنٹ بھی ٹائیگر فورس کا رول اپنا کر ان کو سپورٹ کرے۔
بلاول بھٹو نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے وزیر اعظم ہیں جو کہتے ہیں غحر جمہوری اقدام کر کے انھیں بچایا جائے۔
وزارت خارجہ کا حلف اٹھانے کے بعد پہلی مرتبہ کراچی آمد کے موقع پراستقبال کے لیے آنے والے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پارٹی کارکنوں کو مبارک ہو کہ ہماری جیت ہوچکی ہے، جمہوریت کی جیت ہوچکی ہے، چاروں صوبوں کی جیت ہوچکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک میں انتے بحران پیدا کردیے کہ ہم اس کا نام بحران خان رکھنا چاہتے ہیں، اس نے جس چیز میں ہاتھ ڈالا اس کو تباہ کردیا، عمران خان نے تبدیلی کے نام پر تباہی کی۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عمران خان اب عدلیہ اور اداروں پر حملے کر رہے ہیں، عمران خان مجھے نہیں بچایا تحریک چلا رہے ہیں، یہ تحریک چلارہے ہیں کہ ادارے آئینی اور قانونی دائرے میں رہنے کے بجائے، جمہوری نظام میں مداخلت کریں، یہ ملک کے پہلے وزیراعظم ہیں جو تحریک چلا رہے کہ غیر جمہوری قدم اٹھایا جائے اور مجھے بچایا جائے۔



